{
  "metadata": {
    "month": "October",
    "year": "2007",
    "source_url": "http://cpsalrisala.blogspot.com/2007/10/OctoberAlrisala.html",
    "scrape_timestamp": "2026-03-26T14:29:06.666841"
  },
  "content": [
    {
      "chapter_id": "C01",
      "chapter_title": "پیغمبر ِ انقلاب",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C01P01",
          "text": "قرآن میں پچیس پیغمبروں کا ذِکر ہے۔ حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ پیغمبروں کی تعداد تقریباً ایک لاکھ چوبیس ہزار تھی۔ نبوت کا یہ سلسلہ حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر حضرت مسیح علیہ السلام تک ہر زمانے میں جاری رہا۔ اس کے بعد اللہ تعالیٰ نے ساتویں صدی عیسوی کے رُبعِ اوّل میں محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو پیدا کیا۔ قرآن کے مطابق، آپ خدا کے رسول بھی تھے اور نبیوں کے خاتم بھی۔"
        },
        {
          "para_id": "C01P02",
          "text": "پیغمبروں کی تاریخ کا مطالعہ بتاتا ہے کہ تمام پیغمبر مشترک طورپر توحید کا پیغام لے کر آئے ، لیکن پچھلے پیغمبروں کے زمانے میں یہ پیغام زیادہ تر فکری مرحلے میں رہا، وہ عملی انقلاب کے درجے تک نہیں پہنچا۔ پیغمبر آخر الزماں صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ یہ خصوصی معاملہ ہوا کہ آپ کو اپنے اصحاب کی صورت میں ایک مضبوط ٹیم مل گئی۔ اِس طرح یہ ممکن ہوگیا کہ توحید کی دعوت کو فکری مرحلے سے آگے بڑھا کر عملی انقلاب کے درجے تک پہنچا دیا جائے۔ پیغمبر اسلام اور آپ کے اصحاب کے زمانے میں یہ انقلاب عملی طورپر پیش آیا اور پھر وہ تاریخِ بشری کا ایک معلوم اور مسلّم حصہ بن گیا۔"
        },
        {
          "para_id": "C01P03",
          "text": "پیغمبرآخر الزماں صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت اتنی زیادہ واضح ہے کہ وہ صرف آپ کے پیروؤں کے ایک ’’روایتی عقیدہ‘‘ کی حیثیت نہیں رکھتی، بلکہ وہ ایک مسلمّہ تاریخی واقعہ ہے۔ پیغمبر آخرالزماں سے پہلے جو انبیا آئے، اُن کی زندگی مدوّن تاریخ کا جُز نہ بن سکی، مگر پیغمبر اسلام کا معاملہ بالکل مختلف ہے۔ آپ کی حیثیت ایک مسلّم تاریخی پیغمبر کی ہے، آپ کی نبوت پورے معنوں میں ایک ثابت شدہ نبوت ہے۔انسانی زندگی کے جس پہلو کو بھی دیکھا جائے، اُس میں پیغمبر اسلام کی لائی ہوئی ابدی تعلیم کے اثرات نمایاں طورپر دکھائی دیں گے۔ وہ تمام بہترین روایات اور وہ تمام اعلیٰ قدریں جن کو آج اہمیت دی جاتی ہے، وہ سب پیغمبر اسلام کے لائے ہوئے عظیم انقلاب کے براہِ راست نتائج ہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C01P04",
          "text": "پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم بلاشبہہ تاریخ کے سب سے بڑے انسان کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو انسانِ کامل بنا کر انسانی نسل پر اپنا سب سے بڑا احسان فرمایا ہے۔ خدا نے پیغمبرآخرالزماں کی شکل میں تاریخ میں ایک ایسا بلند ترین مینارکھڑا کردیا ہے کہ آدمی جس طرف بھی نظر اُٹھائے، وہ آپ کو دیکھ لے۔ جب وہ اپنے رہ نُما کی تلاش میں نکلے تو اُس کی نظر سب سے پہلے آپ پر پڑے۔ جب وہ حق کا راستہ جاننا چاہے تو آپ کا روشن اور بلند و بالا وجود اُس کو سب سے پہلے اپنی طرف متوجہ کرلے۔ آپ ساری انسانیت کے لیے ہادیٔ اعظم اور رہبرِ کامل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اِسی لیے خدا نے آپ کو نبیوں کے خاتم (الأحزاب: 40 ) کی حیثیت سے مبعوث فرمایا۔ دوسرے انبیا صرف اللہ کے رسول تھے، اور آپ اللہ کے رسول ہونے کے ساتھ خاتم النبیین بھی۔"
        },
        {
          "para_id": "C01P05",
          "text": "میری کتاب ’پیغمبر انقلاب‘ پہلی بار 1982 میں چھپی۔ اس وقت میں نے اِس کتاب میں پیغمبراسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق جو الفاظ لکھے تھے، وہ نہ صرف مسلمانوں کے لیے بلکہ غیر مسلموں کے لیے بھی نشانِ راہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C01P06",
          "text": "قرآن کے مطابق، اللہ تعالیٰ نے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کو محمودیت کے مقام پر کھڑا کیا ہے(الإسراء: 79 )۔ چناں چہ نہ صرف اہلِ اسلام بلکہ عام مصنفین اور مورخین نے آپ کی عظمت کو کھلے طورپر تسلیم کیا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C01P07",
          "text": "بارھویں اور تیرھویں صدی عیسوی میں مسلم قوموں اور مسیحی قوموں کے درمیان لڑائیاں پیش آئیں، جن کو صلیبی جنگ (crusades)  کہاجاتا ہے۔ اِن جنگوں میں مسیحی قوموں کو شکست ہوئی۔ اُس کے بعد مسیحی مصنفین نے اسلام کے خلاف ایک قلمی جنگ چھیڑ دی۔ کثرت سے ایسی کتابیں لکھی گئیں جن میں اسلام اور پیغمبر اسلام کی تصویر کو بگاڑ کر پیش کیا گیا تھا۔ یہ سلسلہ لمبی مدت تک جاری رہا۔"
        },
        {
          "para_id": "C01P08",
          "text": "اِس سلسلے کو توڑنے والا پہلا قابلِ ذکر شخص اسکاٹ لینڈ کا ایک مصنف ٹامس کارلائل (وفات: 1881 ) ہے۔ اُس نے جرأت مندانہ طورپر اِس رجحان کو بدلا۔ اُس کی مشہور کتاب ہیروورشپ(On Heroes, Hero Worship)  پہلی بار1841  میں چھپی۔ اِس انگریزی کتاب میں اُس نے پیغمبر اسلام کی مثبت تصویر پیش کی۔ اُس نے پیغمبر اسلام کو دوسرے تمام پیغمبروں کے مقابلے میں ’’ہیرو‘‘ کا درجہ دیا۔"
        },
        {
          "para_id": "C01P09",
          "text": "اِس کے بعد کثرت سے مختلف زبانوں میں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں کتابیں شائع ہوئیں۔ اِن کتابوں میں تاریخ میں آپ کے انقلابی رول کا کھلے طورپر اعتراف کیا گیا۔ مثلاً انڈیا کے ایک اسکالرایم این رائے (وفات: 1954 ) کی کتاب (Historical Role of Islam)  1939  میں پہلی بار دہلی سے چھپی۔ اِس میں انھوں نے لکھا کہ پیغمبر اسلام، تمام پیغمبروں میں سب سے بڑے پیغمبر تھے۔ انھوںنے سب سے بڑا تاریخی معجزہ دکھایا:"
        },
        {
          "para_id": "C01P10",
          "text": "Every prophet establishes his pretentions by the performance of miracles. On that token, Muhammad must be recognised as by far the greatest of all prophets, before or after him. The expansion of Islam is the most miraculous of all miracles. (p. 4)"
        },
        {
          "para_id": "C01P11",
          "text": "پیغمبر آخر الزماں صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے قرآن میں یہ پیشین گوئی آئی ہے کہ آپ کو مقامِ محمود کا درجہ عطا کیا جائے گا(الإسراء:79 )۔ مقامِ محمودیت کا ایک پہلو وہ ہے جو آخرت میں ظاہر ہوگا۔ دوسرا پہلو وہ ہے جس کا تعلق، موجودہ دنیا سے ہے۔ موجودہ دنیا کی نسبت سے مقامِ محمود یہ ہے کہ آپ کو تاریخی اعتبار سے ایک مسلّم نبوت (established prophethood)   کا درجہ حاصل ہوگا۔"
        },
        {
          "para_id": "C01P12",
          "text": "آپ سے پہلے جو انبیا آئے، وہ مدوّن تاریخ میں ریکارڈ نہ ہوسکے۔آپ کے سوا ہر ایک کی حیثیت، اعتقادی نبوت کی ہے نہ کہ تاریخی نبوت کی۔ اِس کا سبب یہ تھا کہ آپ کو خدا نے آخری پیغمبر بنایا ـتھا۔ آپ کے بعد کوئی دوسرا پیغمبر آنے والا نہ تھا۔ اِس لیے ضروری تھا کہ آپ کی لائی ہوئی کتاب اور آپ کی پیغمبرانہ زندگی کامل طورپر محفوظ ہوجائے، وہ تسلیم شدہ تاریخی ریکارڈ کی حیثیت حاصل کرلے۔ کیوں کہ قانونِ الٰہی کے مطابق، جب پیغمبر مستند تاریخی ریکارڈ کادرجہ حاصل کرلے تو اس کے بعداُس کی لائی ہوئی کتاب اور اُس کی تعلیمات کا یہی ریکارڈ پیغمبر کا قائم مقام بن جاتا ہے، اِس کے بعد کسی نیے پیغمبر کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C02",
      "chapter_title": "دین اورمنہاج",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C02P01",
          "text": "قرآن کی سورہ نمبر 42 میں بتایاگیا ہے کہ خدا کا جو ’الدّین‘ہے، اُس کو خدا نے تمام پیغمبروں کو یکساں طورپردیا ہے (الشوریٰ:13 )۔ الدّین سے مراد، خدا کے دین کی ابدی تعلیمات ہیں۔ یہ تعلیمات ہمیشہ یکساں رہتی ہیں، اِس میںحالات یا زمانے کے تغیر سے کوئی فرق نہیں ہوتا۔ دین کی یہ ابدی تعلیمات تمام پیغمبروں کو یکساں طورپر دی گئی ہیں۔ اِن ابدی تعلیمات کے اعتبار سے ایک اور دوسرے کے درمیان کوئی فرق نہیں (لانفرّق بین أحدٍ من رّسُلہ، البقرۃ: 285 )"
        },
        {
          "para_id": "C02P02",
          "text": "دوسری طرف، قرآن کی سورہ نمبر پانچ میں بتایاگیا ہے کہ ہر پیغمبر کو خدا نے الگ الگ منہاج دیے : لکلٍّ جعلنا منکم شِرعۃً ومنہاجاً (المائدۃ:48 )۔ اِس سے معلوم ہوا کہ دینِ خداوندی کے دو حصے ہیں۔ ایک، الدین اور دوسرا، منہاج۔ الدین ابدی طور پر ایک ہی رہتا ہے، لیکن منہاج یا طریقِ کار (method) کا تعلق وقت کے حالات سے ہوتا ہے، اِس لیے حالات کی تبدیلی کے تحت اُس میں فرق ہوتا رہتا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C02P03",
          "text": "پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم سلسلۂ نبوت کی آخری کڑی تھے (الأحزاب: 40 ) 570  عیسوی میں آپ مکہ میں پیداہوئے۔ 610 عیسوی میں آپ پرپہلی وحی اُتری۔ 632 عیسوی میں مدینہ میںآپ کی وفات ہوئی۔ آپ خدا کے آخری نبی تھے۔ آپ پر اُترنے والی کتاب(قرآن) کو خدا نے ہمیشہ کے لیے محفوظ کردیا۔ آپ کو جو الدین دیاگیا، وہ کامل بھی ہے اور ابدی بھی ہے۔ ہر زمانے کے انسانوں کے لیے خدا کے دین کو جاننے کا یہی واحد مستند ماخذ ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C02P04",
          "text": "پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کا دوسرا حصہ وہ ہے، جس کا تعلق منہاج یا طریقِ کار سے ہے۔ اِس معاملے میں آپ نے رہ نما اصول مقرر فرمادیے ہیں، لیکن جہاں تک عملی طریقے کا تعلق ہے، وہ علمائِ امت کا کام ہے۔ ہر زمانے کے علماء حالات کے اعتبار سے اُس منہاج یا طریقِ کار کو اختیار کریں گے جو اُن کو حالات کے اعتبار سے موثر اور مفید نظر آئے۔"
        },
        {
          "para_id": "C02P05",
          "text": "دین اور منہاج کا فرق"
        },
        {
          "para_id": "C02P06",
          "text": "دوسرے پیغمبروں کی طرح، پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی دو چیزیں دی گئیں— الدین اور منہاج۔ الدین سے مراد آپ کی تعلیمات کا وہ حصہ ہے جس کا تعلق، عقیدہ اور عبادت اور اخلاق جیسی اساسی چیزوں سے ہے۔ آپ کی تعلیمات کا یہ حصہ ابدی ہے۔ وہ اِس طرح کامل ہوچکا ہے کہ اُس میں اب کسی کمی یا اضافے کی گنجائش نہیں۔ یہی وہ بات ہے جو قرآن کی سورہ نمبر پانچ میںاِن الفاظ میں کہی گئی ہے: الیوم أکملتُ لکم دینَکم وأتممتُ علیکم نعمتی، ورضیت لکم الإسلام دیناً (المائدۃ:  3)"
        },
        {
          "para_id": "C02P07",
          "text": "دین کا دوسرا حصہ وہ ہے جس کو قرآن میں ’مِنہاج‘ کہا گیا ہے۔ اِس بارے میں قرآن کی سورہ نمبر پانچ کی اِس آیت سے رہ نمائی ملتی ہے: لکلّ جعلنا منکم شرعۃً ومنہاجا (المائدۃ: 48 ) منہاج کا مطلب، طریقِ کار (method)  ہے۔ طریقِ کار کا معاملہ ’’الدین‘‘ سے مختلف ہے۔ الدین، ابدی طورپر ایک ہی رہتا ہے، لیکن طریقِ کار کا تعلق حالات سے ہے۔ طریقِ کار، وقت کی صورتِ حال کی مناسبت سے بنتا ہے، نہ کہ کسی ابدی معیار کے تحت۔ پیغمبر اسلام کی زندگی میں اور اسلام کے بعد کی تاریخ میںاس کی بہت سی مثالیں موجود ہیں۔ الدین کے معاملے میں پیغمبر اسلام کا اُسوہ،ابدی طور پر اور غیر متغیر طورپر ایک ہے اور ایک رہے گا، لیکن جہاں تک منہاج کا معاملہ ہے، اُس کا تعلق حالات سے ہے۔ ہر زمانے میں جو طریقہ حالات کے مطابق ہوگا، اُس کو اختیار کیا جائے گا۔"
        },
        {
          "para_id": "C02P08",
          "text": "پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے جب غزوۂ بدر (2  ہجری) کے لیے اپنے اصحاب کے ساتھ مدینہ سے کوچ فرمایا تو آپ نے اپنی صواب دید کے مطابق ،ایک مقام پر پڑاؤ ڈالا۔ آپ کے ساتھیوں میں سے ایک ساتھی حبّاب بن مُنذر بن جموح نے آپ سے پوچھا کہ کیا یہ جگہ جہاں آپ نے پڑاؤ ڈالا ہے، یہ خدا کی وحی کی بنیاد پر ہے، آپ نے فرمایا کہ نہیں۔ انھوںنے کہا کہ پھر تو یہ کوئی پڑاؤ ڈالنے کی جگہ نہیں (فإنّ ہٰذا لیس بمنزل)۔ اِس کے بعد آپ نے اُن کے مشورے کے مطابق، پڑاؤ کی جگہ کو بدل دیا۔"
        },
        {
          "para_id": "C02P09",
          "text": "اِسی طرح کی ایک مثال وہ ہے جو غزوۂ اَحزاب (5  ہجری) کے موقع پر پیش آئی۔ اُس وقت آپ کے مخالفین ایک بڑی فوج لے کر مدینہ کی طرف روانہ ہوئے۔ اُس وقت اہلِ ایمان مقابلے کی پوزیشن میں نہ تھے، اِس لیے آپ نے چاہا کہ کسی تدبیر کے تحت جنگ کو ٹال دیا جائے۔ آپ نے لوگوں سے مشورہ کیا۔ اُس وقت سلمان فارسی کھڑے ہوئے۔ انھوںنے کہا کہ ایران کے بادشاہ جب جنگ سے اعراض کرنا چاہتے ہیں تو وہ اپنے اور مخالف فوج کے درمیان خندق (trench) کھود دیتے ہیں۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے اِس رائے کو پسند کیا اور ایرانی طریقے کے مطابق، مدینہ کے باہر ایک خندق کھوددی۔ اِس لیے اِس غزوے کو ’غزوۂ خندق‘ کہاجاتا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C02P10",
          "text": "اِسی طرح کا ایک معاملہ وہ ہے جو کھجور کے درختوں کی زرخیزی (pollination)  سے تعلق رکھتا ہے۔ سیرت کی کتابوں میں اِس کو ’تأبیرِ نخل‘ کا نام دیاگیا ہے۔ صحیح مسلم کی روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب ہجرت کرکے مدینہ آئے تو وہاں کے لوگ کھجور کے درختوں کی زرخیزی کے لیے تأبیر نخل کا طریقہ اختیار کیے ہوئے تھے۔ آپ نے اُس کو دیکھا تو آپ نے اُس سے اپنے عدم اتّفاق کا اظہار کیا۔ چناںچہ لوگوں نے اُس کے بعد تأبیر یا تلقیح کے عمل کو چھوڑ دیا۔ مگر اِس کانتیجہ یہ ہوا کہ اُس سال کھجور کی فصل کم ہوئی۔ آپ نے کمی کا سبب پوچھا تو لوگوں نے کہا کہ آپ کے کہنے کے مطابق، ہم نے تأبیر اور تلقیح کا عمل نہیںکیا، اِس لیے ایسا ہوا۔ آپ نے فرمایا کہ تم لوگ جو کرتے تھے، وہ کرو۔ کیوں کہ دنیا کے معاملے میں تم زیادہ جانتے ہو (أنتم أعلم بأمر دنیاکم) ۔"
        },
        {
          "para_id": "C02P11",
          "text": "اِس قسم کے واقعات بتاتے ہیں کہ جہاں تک الدین کا تعلق ہے، اِس معاملے میں پیغمبر اسلام کا اسوہ ایک کامل اور ابدی اسوہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ لیکن جہاں تک منہاج یا طریقِ کار کا تعلق ہے، اِس میں حقیقی حالات کی نسبت سے یہ متعین ہوگا کہ کس وقت کون سا طریقہ اختیار کیا جائے۔"
        },
        {
          "para_id": "C02P12",
          "text": "پیغمبراسلام کا اُسوہ"
        },
        {
          "para_id": "C02P13",
          "text": "اسلامی عقیدے کے مطابق، پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم انسانی زندگی کے لیے ایک عملی نمونے کی حیثیت رکھتے ہیں۔ یہ عملی نمونہ، زندگی کے ہر پہلو سے تعلق رکھتا ہے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ پیغمبراسلام کی عملی زندگی ہر اعتبار سے، انسان کے لیے ابدی رہ نما کی حیثیت رکھتی ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی رحمت ہے کہ اُس نے پیغمبر آخر الزّماں کی زندگی کو آخری طورپر محفوظ کردیا۔ ورنہ جہاں تک پچھلے پیغمبروں کا معاملہ ہے، ان کی تاریخ پورے طور پر محفوظ حالت میں موجود نہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C02P14",
          "text": "لیکن پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے نمونہ ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ آپ کے یہاں انسانی زندگی کے ہر معاملے کے لیے ایک مقرر مثال (set pattern) یا ایک پیشگی نمونہ (prototype)  موجود ہے اور ہمیں، حقیقی صورتِ حال کا لحاظ کیے بغیر، صرف یہ کرنا ہے کہ اِن پیشگی نمونوں کو لے کر ہمیشہ اُن کو اپنے ہر معاملے میں منطبق کرتے رہیں۔ اگر ایسا مانا جائے تو اسلام ایک جامد مذہب بن جائے گا، جس میں مزید ترقی کی کوئی گنجائش نہ ہو۔ یہ بات پیغمبر اسلام کے زمانے کے لیے بھی درست ہے اور آپ کے بعد کے زمانے کے لیے بھی۔ اِس سلسلے میں چند مثالیں اوپر آچکی ہیں۔ یہاں مزید کچھ مثالیں درج کی جاتی ہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C02P15",
          "text": "چند مزید مثالیں"
        },
        {
          "para_id": "C02P16",
          "text": "پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم جب مکہ میں تھے تو اُس وقت کعبہ میں تین سو ساٹھ بُت رکھے ہوئے تھے، مگر آپ نے کبھی اُن بتوں کو توڑنے کی کوشش نہیں کی۔ کیوں کہ اُس وقت کی صورتِ حال یہ تھی کہ مکہ میں مسلم اور غیر مسلم دونوں موجود تھے۔ لیکن ہجرت کے آٹھویں سال جب مکہ فتح ہوا تو مکہ کے تمام لوگ اسلام میں داخل ہوگیے۔ اُس وقت صورتِ حال مکمل طور پر بدل گئی۔ چناں چہ آپ نے تمام بتوں کو کعبہ سے نکال دیا۔ یہ دو مختلف طریقے آپ نے صورتِ حال کے فرق کی بنا پر اختیار فرمائے۔"
        },
        {
          "para_id": "C02P17",
          "text": "ایک اور مثال یہ ہے کہ مدینہ میںآپ نے ایک خطاب میں فرمایا کہ: نحن أمّۃٌ أمّیَّۃٌ، لا نکتب ولا نَحسِب (صحیح البخاری، مسلم، مسند احمد) یعنی ہم اُمّی لوگ ہیں۔ ہم نہ لکھتے ہیں اور نہ ہم حساب کرتے ہیں۔ یہ ابتدائی زمانے کی بات تھی۔ بعد کو ایرانی ایمپائر اور رومی ایمپائر اسلام کے علاقے میں داخل ہوئے تو صورتِ حال بدل گئی۔ اب بڑھی ہوئی ضرورتوں کی بنا پر سرکاری معاملات کا حساب رکھنا ضروری ہوگیا۔چناں چہ خلیفۂ ثانی عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے اسلامی سلطنت کے دفتروں کو ایرانی ایمپائر اور رومی ایمپائر کے نمونے پر قائم کیا۔ انھوںنے ایرانیوں اور رومیوں کے ماہر افرادکو اسلامی دفاتر میں رکھا، جو ایرانی اور رومی نقشے پر سرکاری معاملات کا حساب درج کرتے تھے۔"
        },
        {
          "para_id": "C02P18",
          "text": "طریقِ کار کے معاملے میں یہی عمل آپ کے بعد بھی جاری رہا۔ بنو اُمیّہ کے زمانے میں بحری بیڑا تیار کیا گیا، حالاں کہ اِس سے پہلے اسلام میں ایسا نہیں کیاگیا تھا۔ بنو عبّاس کے زمانے میں بغداد میں رسدگاہ (observatory)  بنائی گئی، جو اسکندریہ کے رومی دَور میں بنائی جانے والی رسد گاہ کی نقل تھی۔ خوارزم شاہ کے زمانے میں سمر قند میں کاغذ کا کارخانہ بنایاگیا، جس کا نمونہ چین سے لیاگیا تھا۔ اَندلس کی مسلم حکومت کے زمانے میں آب پاشی کے نیے طریقے اختیار کیے گیے ، جس کا نمونہ غیر مسلم قوموں سے لیاگیا تھا، وغیرہ۔"
        },
        {
          "para_id": "C02P19",
          "text": "یہی معاملہ موجودہ زمانے کی تمام مسلم سرگرمیوں کا ہے۔ آج ہر معاملے میں قدیم طریقے کو چھوڑ کر جدید مغربی طریقہ اختیار کیا جارہا ہے۔ مثلاً فلسطین اور دوسرے مقامات پر مسلمان جو مسلّح جہاد کررہے ہیں اُس میں قدیم نمونے کے مطابق، تلوار اور گھوڑے کو جہاد کا ذریعہ نہیں بنایا گیا ہے، بلکہ گَن اور بم کو جہاد کا ذیعہ بنایا گیا ہے، وغیرہ۔"
        },
        {
          "para_id": "C02P20",
          "text": "خلاصہ یہ کہ اسلام کا ایک حصہ وہ ہے جس کو قرآن میں ’’الدین‘‘ کہاگیا ہے۔ یہ اسلام کا وہ حصہ ہے جس کا تعلق، عقیدہ اور عبادت اور اخلاقی نظام جیسی اساسی چیزوں سے ہے۔ یہی اسلام کا اصل حصہ ہے، اور یہ حصہ ابدی طورپر ایک ہے اور ایک ہی رہے گا۔ یہ حصہ اُسی طرح انسان کی رہ نمائی کے لیے ابدی سر چشمہ ہے، جس طرح آفتاب ابدی طور پر روشنی کا سرچشمہ بناہوا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C02P21",
          "text": "مگر منہاج یا طریقِ کار کا معاملہ اِس سے مختلف ہے۔ طریقِ کارکا تعلق وقت کے حالات سے ہوتا ہے۔ طریقِ کار کے معاملے میں ہمیشہ یہ دیکھا جاتا ہے کہ حالات کے مطابق، کون سا طریقہ زیادہ مؤثر ہے اور پھر اُس کو اختیار کرلیا جاتا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C02P22",
          "text": "مثلاً پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کو جب مکہ میں 610 عیسوی میں نبوت ملی توآپ نے اُس وقت اعلان کا یہ طریقہ اختیار کیا کہ آپ مکہ کے قریب صَفا پہاڑی پر کھڑے ہوئے اور وہاں سے لوگوں کو بلند آواز سے پکارا۔ جب لوگ وہاں اکھٹا ہوئے تو آپ نے اُن کو توحیدکا پیغام دیا۔ مگر آج کا ایک داعی اِس کے بجائے یہ کرتا ہے کہ وہ ٹیلی ویژن کے اسٹوڈیو میں بولتا ہے اور وہاں سے اُس کی آواز تمام انسانوں تک پہنچ جاتی ہے۔ اِس مثال میں پیغامِ دعوت کا تعلق، دین سے ہے اور صَفا، یا ٹیلی ویژن کا تعلق، طریقِ کار سے۔"
        },
        {
          "para_id": "C02P23",
          "text": "اُسوۂ حسنہ"
        },
        {
          "para_id": "C02P24",
          "text": "اسلام کے انھیں دونوں حصوں میں فرق کو واضح کرنے کے لیے قرآن میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اُسوۂ حسنہ (الأحزاب:21) بتایاگیا ہے۔ اگر اس موقع پر قرآن میں ’اُسوۂ کاملہ‘ کا لفظ استعمال کیاجاتا تو لوگ غلط فہمی میں پڑ سکتے تھے، اور یہ سمجھ سکتے تھے کہ جس طرح اللہ تعالیٰ نے الدّین میں آپ کے ذریعے انسان کو کامل رہ نمائی عطا فرمائی ہے، اُسی طرح منہاج کے معاملے میں بھی ابدی طورپر ہمیں آپ کے طریقے کی پیروی کرنا ہے۔ ایسا سمجھنا،بلا شبہہ ایک غلط فہمی ہوتی اور نتیجۃً طریقِ کار کے اعتبار سے اسلام جُمود کا شکار ہوجاتا۔"
        },
        {
          "para_id": "C02P25",
          "text": "مثلاً طریقِ کار کو ابدی سمجھنے کے بعد یہ ہوتا کہ ہم کار اور ہوائی جہاز کے زمانے میں بھی اونٹ پر بیٹھنا ضروری سمجھتے۔ جدید فنِ تعمیر کے ظہور میںآنے کے بعد بھی ہم مسجد ِ نبوی کو کھجور کے تنوں اور پتّوں کے ذریعے بناتے رہتے ۔پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کے ظہور کے بعد بھی ہم قرآن کو درخت کی چھالوں اور جانور کی جھِلّیوں پر بدستور لکھتے رہتے۔ جدید طرز کے دور مار ہتھیاروں کے ظہور میں آنے کے بعد بھی ہم قدیم نمونے کے مطابق، دستی تلوار کے ذریعے جہاد کرتے رہتے۔ جدید سائنسی دلائل کے ظہور میں آنے کے بعد بھی ہم قدیم روایتی معقولات کو اپنے علمِ کلام کا واحد سرمایہ سمجھتے۔ جدید کمیونی کیشن اور ٹیلی فون کے زمانے میں بھی ہم پرندوں اور جانوروں سے پیغام رسانی کا کام لیتے رہتے۔جدید الیکٹری سٹی کے ظہور کے بعد بھی ہم چراغوں اور دِیوں کے ذریعے اپنے گھروں کو روشن کرتے رہتے۔ زرعی ٹریکٹروں کے ظہور میں آنے کے بھی ہم ہَل اور بیل کے ذریعے زراعت کا کام جاری رکھتے، وغیرہ۔"
        },
        {
          "para_id": "C02P26",
          "text": "اللہ تعالیٰ کی یہ ایک عظیم حکمت تھی کہ اُس نے قرآن میں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی رہ نمائی کو بتانے کے لیے اُسوۂ حسنہ کا لفظ استعمال کیا۔ اگر اِس آیت میں اسوۂ کاملہ کا لفظ ہوتا تو لوگ یقینی طورپر غلط فہمی میں پڑ جاتے۔ لوگ الدین اور منہاج میں فرق کرنے سے قاصر رہتے۔ وہ غلط فہمی کی بنا پر یہ سمجھ لیتے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم، جس طرح الدین کے بارے میں ابدی اور کامل نمونہ ہیں، اِسی طرح منہاج اور طریقِ کار کے معاملے میں بھی آپ کا طریقہ ابدی ہے۔ اِس غلط فہمی کا یہ نتیجہ ہوتاکہ اسلام جمود کا شکار ہوجاتا۔ دوسری قومیں جدید ترقیاتی طریقوں کو استعمال کرتے ہوئے آگے بڑھ جاتیں اور مسلمانوں کا قافلہ اُن سے بہت زیادہ پیچھے ہوجاتا۔"
        },
        {
          "para_id": "C02P27",
          "text": "اِس غلط فہمی اور اس کے غیر مطلوب نتائج کی ایک مثال تُرکی میں ملتی ہے۔ تاریخ بتاتی ہے کہ عثمانی خلافت کا فوجی نظام، قدیم طرز کے مطابق چلا آرہا تھا، یعنی اُن کی فوجی تیاری تلواروں اور گھوڑوں پر مشتمل ہوتی تھی۔ پھر نشاۃِ ثانیہ کے بعد مغربی یورپ کی مسیحی قوموں نے سامانِ جنگ کے لیے نئی ٹکنک اور نیے ہتھیار دریافت کیے۔ اِس کے نتیجے میں یہ ہوا کہ تُرکوں اور اِن مسیحی قوموں کے درمیان فوجی توازن بگڑ گیا۔ جدید ہتھیاروں سے مسلح مغربی فوجوں کے مقابلے میں ترکوں کی فوج شکست کھانے لگی۔ ترکی کے مسلمانوں کے لیے یہ ایک چشم کشا واقعہ تھا۔ چناں چہ بحث ومباحثے کے بعد یہ طے ہوا کہ ترکی کی فوج کو جدید ہتھیاروں کے ذریعے مسلح کیا جائے۔ چناں چہ وہاں ایسا ہی کیا گیا۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C03",
      "chapter_title": "نَسخ کیا ہے",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C03P01",
          "text": "قرآن کی تعلیمات میں سے ایک تعلیم وہ ہے جس کو نسخ کہاجاتا ہے۔ نسخ کا مطلب اُردو مفہوم کے لحاظ سے منسوخی نہیں ہے۔ عربی زبان میں نسخ کا مطلب ہے ہٹانا، یعنی ایک چیز کو ہٹا کر اس کی جگہ دوسری چیز لانا (replacement)  ۔ مشہور عربی لغت، لسانُ العرب میں نسخ کا مفہوم اِن الفاظ میں بتایا گیا ہے:النَّسخ، تبدیل الشیٔ من الشیٔ (جلد 3، صفحہ 61 )، یعنی ایک چیز کو بدل کر اُس کی جگہ دوسری چیز لانا۔"
        },
        {
          "para_id": "C03P02",
          "text": "نسخ کا یہ مفہوم خود قرآن کی دوسری آیت سے واضح ہورہا ہے۔ قرآن کی سورہ نمبر 16میں ارشاد ہوا ہے: وإذا بدّلنا آیۃً مکانَ آیۃ (النّحل: 101 )، یعنی جب ہم بدلتے ہیں ایک آیت کی جگہ دوسری آیت۔ اِس آیت میںایک چیز کو بدل کر اُس کی جگہ دوسری چیز لانے سے مراد عین وہی چیز ہے جس کو پہلی آیت میں نسخ کہاگیا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C03P03",
          "text": "مفسرین نے بھی دونوں آیتوں میں نسخ کا تقریباً یہی مفہوم لیا ہے۔ قرطبی کے الفاظ یہ ہیں: النّسخ والتّبدیل: رفعُ الشّیٔ مع وضع غیرہِ مکانہ (القرطبی، جلد 10 ، صفحہ 176 ) یعنی نسخ اور تبدیلی کا مطلب کسی چیز کو اُس کی جگہ سے ہٹانا، اور وہاں دوسری چیز کو لے آنا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C03P04",
          "text": "نسخ کے معاملے کو عام طور پر یہود سے، یا یہود کی شریعت سے جوڑا جاتا ہے۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ یہ ایک قانونِ فطرت ہے۔ اِس قانون کا تعلق بہت سے معاملات سے ہے۔ جب بھی کسی صورتِ حال میں تبدیلی ہو تو وہاں نسخ کی ضرورت پیش آتی ہے۔ نسخ جب بھی ہوتا ہے، ظاہری صورت میں ہوتا ہے، معنوی حقیقت کے اعتبار سے کسی حکم میں نسخ واقع نہیں ہوتا۔"
        },
        {
          "para_id": "C03P05",
          "text": "چار ہزار سال پہلے حضرت ابراہیم نے مکہ میں کعبہ کی تعمیر کی۔ یہ کعبہ حج کا مرکز تھا۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت ابراہیم کو اِن الفاظ میںاس کا حکم دیا : اور لوگوں میں حج کا اعلان کردو۔ وہ تمھارے پاس آئیں گے پَیروں پر چل کر اور دُبلے اونٹوں پر سوار ہوکر جو کہ دور دراز راستوںسے آئیں گے (الحج: 27 )"
        },
        {
          "para_id": "C03P06",
          "text": "موجودہ زمانے میں ہمیشہ سے زیادہ لوگ حج کے لیے مکہ جاتے ہیں، مگر اب یہ لوگ موٹر اور ہوائی جہاز سے اُس کا سفر کرتے ہیں۔ بظاہر دیکھیے تو یہ بھی نسخ کی ایک صورت ہے۔ اِس نسخ میں حقیقت نہیں بدلی ہے، بلکہ اس کی ظاہری صورت بدلی ہے۔ اِس معاملے کی اصل حقیقت سواری ہے۔پہلے زمانے میں سواری کی عملی صورت اونٹ ہوتے تھے۔ اِس لیے لوگ اونٹ پر سفر کرتے تھے۔ اب سواری کی عملی صورت ہوائی جہاز ہے۔ اس لیے اب لوگ ہوائی جہاز کے ذریعے یہ سفر طے کرتے ہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C03P07",
          "text": "اسی طرح دفاعی جنگ کی تیاری کے لیے قرآن میں یہ حکم دیاگیا تھا کہ: اور اُن کے لیے جس قدر تم سے ہوسکے، تیار رکھو قوّت اور پَلے ہوئے گھوڑے کہ اِس سے تمھاری ہیبت رہے اللہ کے دشمنوں پر اور تمھارے دشمنوں پر (الأنفال: 60 )"
        },
        {
          "para_id": "C03P08",
          "text": "جیسا کہ معلوم ہے، موجودہ زمانے کی مسلم حکومتیں دفاعی تیّاری کے لیے جدید ہتھیار کا سہارا لیتی ہیں، یہ بھی گویا کہ نسخ کی ایک صورت ہے۔ غور کیجیے تو اِس حکم کی اصل حقیقت دفاعی تیاری ہے۔ اِس دفاعی تیاری کی ظاہری شکل پہلے زمانے میں گھوڑا ہوتا تھا، اب اُس کی ظاہری شکل مشینی ہتھیار بن گیے ہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C03P09",
          "text": "یہی معاملہ قتال (جنگ) کا بھی ہے۔ قرآن کی چند آیتوں میں دفاع کے لیے قتال کی اجازت دی گئی ہے۔ فقہا نے کہا ہے کہ اسلام میں قتال حَسن لِذاتہ نہیں ہے، بلکہ وہ حسن لِغیرہ ہے۔ اِس کا مطلب یہ ہے کہ قتال، نماز کی طرح مطلق طورپر مطلوب نہیں ہے بلکہ اُس کی مطلوبیت اضافی ہے، یعنی ضرورت کے وقت قتال، اور جب ضرورت نہیں تو قتال بھی نہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C03P10",
          "text": "قرآن سے معلوم ہوتا ہے کہ رسو ل اور اصحابِ رسول کو قتال کا جو حکم دیاگیا تھا، اُس کا مقصد ’فتنۃ‘کو ختم کرنا تھا۔ قرآن کی سورہ نمبر آٹھ میں ارشاد ہوا ہے: اوراُن سے لڑو، یہاں تک کہ فتنہ نہ رہے۔ اور دین سب اللہ کا ہوجائے (الأنفال: 38 ) اِس آیت میں فتنہ سے مرادمذہبی جبر (religious persecution) ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C03P11",
          "text": "قدیم بادشاہت کے نظام میں ہر جگہ یہ مذہبی جبر قائم تھا۔ بادشاہ لوگ اسٹیٹ کے مذہب کے علاوہ کسی اور مذہب کے اختیار کرنے کو اپنے خلاف بغاوت سمجھتے تھے، اِس لیے ایسے مذہب کو وہ ہمیشہ کچل دیتے تھے۔"
        },
        {
          "para_id": "C03P12",
          "text": "پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت ساتویں صدی عیسوی کے رُبع اوّل میںہوئی۔ اُس وقت قدیم بادشاہت کے تحت، ہر جگہ مذہبی جبر کا نظام قائم تھا۔ پیغمبر اسلام نے مذہبِ توحید کا اعلان کیا تو وہ اُس وقت کے تمام اَربابِ اقتدار کے اختیار کردہ مذہب کے خلاف تھا، اِس لیے وہ اس کو کچلنے کے لیے سرگرم ہوگیے۔"
        },
        {
          "para_id": "C03P13",
          "text": "سب سے پہلے عرب مشرک سرداروں نے اُس کو ختم کرنا چاہا، لیکن خدا کی خصوصی نصرت سے چند مقابلوں کے بعد ان کے اوپر فتح حاصل ہوگئی۔ اِس طرح خود پیغمبر اسلام کے زمانے میں اُس وقت کے دو بڑے ایمپائر، ساسانی ایمپائر اور بازنطینی ایمپائر، آپ کے مشن کے دشمن بن گیے۔ پیغمبر اسلام کی وفات کے بعد خلافتِ راشدہ کے زمانے میں اِن شہنشاہیتوں کی جارحیت کے نتیجے میں اُن سے لڑائی پیش آئی۔ اِس لڑائی میں دوبارہ دونوں شہنشاہیتوں کو شکست ہوئی اور اہلِ توحید کو فتح حاصل ہوئی۔"
        },
        {
          "para_id": "C03P14",
          "text": "یہی وہ واقعہ ہے جس کو قرآن میں فتنہ کے خلاف لڑ کر اُس کو ختم کرنا بتایا گیاہے۔ جب یہ نظامِ اقتدار ختم ہوا تو اس کے نتیجے میں مذہبی جبر کا نظام بھی ختم ہوگیا اور اس کے بجائے مذہبی آزادی کا نظام آگیا۔ تاہم اِس قسم کی تبدیلی اچانک پیش نہیں آتی، بلکہ وہ لمبے تاریخی عمل کے بعد اپنی منزل تک پہنچتی ہے۔ رسو ل اوراصحابِ رسول کے ذریعے جو واقعہ ہوا، وہ یہ تھا کہ مذہبی جبر کا نظام ٹوٹ گیا اور مذہبی آزادی کا پراسس شروع ہوگیا۔ اِس پراسس کا نقطۂ انتہا (culmination) یورپ میںہوا، جب کہ ہر انسان کے لیے مذہبی آزادی کو ناقابلِ تنسیخ حق کے طورپر تسلیم کرلیا گیا۔"
        },
        {
          "para_id": "C03P15",
          "text": "اب ہم اِسی دور میں جی رہے ہیں۔ آج کی دنیا میں آزادی کوخیر ِاعلیٰ (summum bonum) سمجھا جاتاہے۔ اقوامِ متحدہ کے ڈکلیریشن آف ہیومن رائٹس میں اس کو درج کیا گیا اور دنیا کی تمام قوموں نے اُس پر اپنے دستخط ثبت کیے۔ اور ہر ملک کے دستور میں مذہبی آزادی کو مطلق انسانی حق کا درجہ دیاگیا۔ آج کی دنیا میں کسی انسان کو صرف تشدد کا حق نہیں ہے، اِس کے سوا ہر چیز کی آزادی اُس کو حاصل ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C03P16",
          "text": "قتال کی حیثیت گویا کہ وائلنٹ ایکٹوزم (violent activism)  کی ہے۔ اِس کے مقابلے میں دوسرا طریقِ کار وہ ہے جس کو پیس فُل ایکٹوزم(peaceful activism)  کہاجاتا ہے۔ یہ کہنا صحیح ہوگا کہ آج کی دنیا میں وائلنٹ ایکٹوزم منسوخ ہوگیا ہے اور اُس کی جگہ پیس فل ایکٹوزم نے لے لی ہے۔ اب پیس فل ایکٹوزم کے تحت ہر قسم کی سرگرمیوں کا حق انسان کو مل چکا ہے، صرف ایک استثنا کے ساتھ کہ وہ تشدد نہ کرے۔ اب ہمارے لیے بلا استثنا ہر قسم کی جدوجہد کے لیے راستے کھل چکے ہیں۔ اِن میں بھی سب سے بڑی چیز تعلیم اور دعوہ ورک ہے۔ ہم کو چاہیے کہ تعلیم اور دعوہ ورک کے میدان میں نیے مواقع کو استعمال کرتے ہوئے اپنی مکمل جدوجہد جاری کردیں۔ حقیقت یہ ہے کہ آج آزادی کے نتیجے میں یہ ممکن ہوگیا ہے کہ ہم جدید مواقع کو استعمال کرتے ہوئے اپنا دعوہ ایمپائر اور ایجوکیشنل ایمپائر قائم کرسکیں۔ اور یہ سب کچھ خالص غیر سیاسی دائرے میںجدوجہد کرتے ہوئے ممکن ہے۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C04",
      "chapter_title": "اسلام کی سیاسی تعبیر کا فتنہ",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C04P01",
          "text": "پرنٹنگ پریس کا زمانہ آنے کے بعد مسلم دنیا میں کچھ انقلابی مفکرین اٹھے۔ یہ لوگ اسلام کی سیاسی حاکمیت قائم کرنے کے نام پر جہاد اور قتال کی پُرزور تبلیغ کرنے لگے۔ اب مسلم دنیا، اِس قسم کے انقلابی مفکرین کی تیسری نسل کو دیکھ رہی ہے۔ پہلی نسل کے مفکرین میں سید جمال الدین افغانی اور ڈاکٹرمحمد اقبال کا نام لیا جاسکتا ہے۔ دوسری نسل کے مفکرین میں سید قطب اور سید ابوالاعلیٰ مودودی کے نام شامل ہیں۔ تیسری نسل کے مفکرین میں اسامہ بن لادن اور ڈاکٹر اسرار احمد کے نام معروف ہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P02",
          "text": "یہ انقلابی ذہن در اصل ایک طرف خلافتِ عثمانیہ کے زوال اور دوسری طرف مسلم دنیا کے بڑے حصے پر نو آبادیاتی نظام کے غلبے کا ردّعمل تھا۔ ابتدائی دور میں یہ لوگ صرف مسلمانوں کے سیاسی اقتدار کی واپسی پر زور دیتے تھے، پھر دھیرے دھیرے یہ ذہن ایک مکمل نظریے اور فلسفے کی روپ میں ابھرا۔اب یہ کہا جانے لگا کہ— اسلام ایک مکمل نظام ہے (الإسلام دین شامل وکامل)، اِس لیے ضروری ہے کہ اسلام کو ایک کامل ریاست کے طورپر قائم کیا جائے، اِس کے بغیر اسلام ناقص رہے گا، اور ناقص اسلام ہمارے لیے دنیا میں بھی خسارے کا سبب ہے اور آخرت میں بھی خسارے کا سبب۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P03",
          "text": "واقعات بتاتے ہیں کہ اسلام کی سیاسی تعبیر کا ذہن تدریجی طورپر بنا۔ پہلی نسل کے مسلم رہ نماؤں کا نشانہ زیادہ تر زمین کی واپسی تھی۔ ان کا خیال تھا کہ مسلم علاقوں پر مغربی قوموں نے غلبہ حاصل کرلیا ہے، اب ہمیں اِس غلبے کو ختم کرکے مسلم علاقے کو دوبارہ آزاد کرانا ہے۔ سید جمال الدین افغانی نے اِسی بات کو’ الشّرقُ للشّرقیین‘کے الفاظ میں بیان کیا تھا، یعنی مشرق کے مسلم ممالک سے مغربی غلبے کو ختم کرکے دوبارہ اُس کو مشرق کے مسلمانوں کے قبضے میں دینا۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P04",
          "text": "بعد کو شعوری یا غیر شعوری طورپر مسلم رہ نماؤں کے اندر یہ ذہن بنا کہ مسلمانوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو وہ اپنا حامی بنا سکیں، چناں چہ عالمی اسلامی اتحاد (Pan-Islamism) کے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے انھوں نے یہ کیا کہ سیاسی مسئلے کو اعتقادی مسئلے کی حیثیت سے پیش کرنا شروع کردیا، یعنی انھوں نے مسلمانوں کو یہ تاثّر دینا چاہا کہ اُن کی مہم صرف ایک قومی مہم نہیں ہے، بلکہ وہ خالص مذہبی مہم ہے۔ اِس طرح انھوںنے ایک سیاسی مسئلے کو اعتقادی مسئلہ بنا دیا۔ انھوںنے اپنی تقریر اور تحریر کے ذریعے مسلمانوں کو یہ تاثر دینا شروع کیا کہ اسلام ایک مکمل نظام ہے، جس میں سیاست بھی لازماً شامل ہے۔اگر مسلمان، اسلام کو ایک مکمل نظام کے طورپر غالب اور نافذ نہ کریں تو ان کا اسلام ہی ادھورا رہ جائے گا۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P05",
          "text": "اس مقصدکے لیے بہت سی کتابیں لکھی گئیں۔ اِن کتابوں میں اسلام کی تعبیر ایک مکمل نظامِ حیات کے طورپر کی گئی۔ اسلام کی سیاسی تعبیر کے طورپر جو لٹریچر تیار کیا گیا، اُن میں سے قر آن کی دو مکمل تفسیریں بھی تھیں۔ سید قطب کی چھ جلدوں میں عربی تفسیر ’’فی ظِلال القرآن‘‘ اِسی فکر کے تحت لکھی گئی۔ اِسی طرح سید ابوالاعلیٰ مودودی کی چھ جلدوں میں لکھی جانے والی تفسیر ’’تفہیم القرآن‘‘ بھی خاص اِسی نظریے کے تحت تیار کی گئی۔جو آدمی اِن دونوں تفسیروں کو پڑھتا ہے، اُس کا ذہن یہ بن جاتا ہے کہ اسلام ایک مکمل سیاسی نظام ہے اور اس کو زمین پر غالب اور نافذ کرنا، یہی امتِ مسلمہ کا اصل مشن ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P06",
          "text": "اِن مسلم رہ نماؤں نے اپنے نقطۂ نظر کی بنا جن آیتوں اور حدیثوں پر رکھی، وہ سب کی سب بلاشبہہ بے بنیاد تھیں۔ ان کی یہ تشریحات یا تو تفسیر بالرائے ہیں، یا وہ تحریف کی نوع سے تعلق رکھتی ہے۔ ہوسکتا ہے کہ اِن حضرات نے یہ کام غیر شعوری طورپر کیا ہو، لیکن جہاں تک اُن کے استدلال کی علمی حیثیت کا تعلق ہے، وہ بلاشبہہ مکمل طورپر غلط اور غیر اسلامی ہیں۔ یہاں ہم ان کے بعض دلائل کا تجزیہ کریں گے۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P07",
          "text": "1 -  قرآن کی سورہ نمبر بارہ میںآیا ہے کہ حضرت یوسف نے جیل میںاپنے رفیق پر تبلیغ کرتے ہوئے کہا: إن الحکم إلاّ للّٰہ، أمر أن لاّ تعبدوا إلاّ إیّاہ (یوسف:  40) اِس آیت کو لے کر کہا جاتا ہے کہ یہاں ’حکم‘ سے مراد سیاسی اقتدار ہے، حضرت یوسف یہ کہہ رہے ہیں کہ سیاسی اقتدار صرف خدا کا حق ہے، اِس لیے خدا ہی کی حکومت زمین پر قائم ہوناچاہیے۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P08",
          "text": "یہ تفسیر بلاشبہہ ایک باطل تفسیر ہے۔ اِس آیت کا پورا سیاق بتا رہا ہے کہ یہاں حُکم سے مراد فوق الفطری اقتدار ہے، یعنی وہی بات جس کو قرآن میں دوسرے مقام پر ربّ العالمین کہاگیا ہے۔ آیت کا مطلب یہ ہے کہ زمین اور آسمان کا خالق و مالک صرف خدا ہے، نہ کہ تمھارے مفروضہ معبود۔ اِس لیے تم کوچاہیے کہ تم اَصنام کی پوجا چھوڑ دو اور صرف ایک خدا کی عبادت کرو۔ خود حضرت یوسف کی عملی روش سے یہی بات ثابت ہوتی ہے، کیوں کہ حضرت یوسف نے مصر کے معاصر بادشاہ کے تحت ایک سرکاری عہدہ قبول کرلیا، حالاں کہ یہ بادشاہ مشرک تھا اور وہ اپنے قومی مذہب کے مطابق، اصنام پرستی میں مبتلا تھا۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P09",
          "text": "2 -  اِس معاملے میں ایک استدلال ایک صحابی کے قول کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ یہ صحابی رَبعی بنِ عامر تھے۔ وہ حضرت عمر کی خلافت کے زمانے میں مسلم فوج کے ساتھ ایران گیے، وہاں ان کی گفتگو ایرانی سپہ سالار رستم سے ہوئی۔ اُس نے پوچھا کہ تم لوگ کیوں ہمارے ملک میںآئے۔ ربعی بن عامر نے جواب دیا کہ ہم یہاں اِس لیے آئے ہیں تاکہ خدا کے بندوں کو بندوں کی عبادت سے نکال کر خدا کی عبادت میں لائیں (لنُخرج مَن شاء مِنْ عبادۃ العبادِ إلی عبادۃ اللہ، تاریخِ طبری)  صحابی کے اِس قول کو لے کر یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ اسلام کا مشن ’تحریر الانسان‘ ہے، یعنی انسان کو انسانی جبر اور انسانی استحصال سے آزاد کرانا۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P10",
          "text": "یہ تشریح سرتاسر غیر علمی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے رسول اور اصحابِ رسول کو جو مشن سپرد کیا تھا، وہ ان کے زمانے ہی میں انجام پاگیا۔ اُس زمانے میں ساری دنیا میںبادشاہت کا نظام تھا اور بادشاہ لوگ اپنے سیاسی مفاد کے لیے مذہبی جبر (religious persecution)   قائم کیے ہوئے تھے۔ یہ نظامِ جبر، خدا کے تخلیقی پلان کے خلاف تھا، اِس لیے خدا نے حکم دیا کہ اِس جبر کا خاتمہ کردو۔ چناں چہ پہلے عرب میںاِس کو ختم کیا گیا، اس کے بعد ایرانی شہنشاہیت اور رومی شہنشاہیت کا خاتمہ کرکے ایک ایسے دَور کا آغاز کیاگیا جس کے نتیجے میں ساری دنیا میں مذہبی جبر کے بجائے، مذہبی آزادی کا دَور دَورہ ہو۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P11",
          "text": "اِسی حقیقت کو صحابیِ رسول حضرت عبد اللہ بن عمر نے اِن الفاظ میںبیان کیا تھا: فعلنا علیٰ عہد رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم (فتح الباری، جلد 8، صفحہ 32)، یعنی وہ تو ہم نے عہدِرسالت ہی میں آخری طورپر انجام دے دیا۔ اب اہلِ اسلام کے لیے کرنے کا کام یہ ہے کہ وہ مذہبی آزادی کے مواقع کو استعمال کرکے دعوت الی اللہ کا کام کریں، نہ کہ جھوٹی لڑائی چھیڑ کر دوبارہ دنیا میں جبر کا ماحول قائم کردیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P12",
          "text": "3 -  ایک حدیثِ رسول، ابنِ ماجہ، الترمذی اور مسند احمد میں آئی ہے۔ اس کو مشکاۃ المصابیح میں حدیث نمبر 29 کے تحت دیکھا جاسکتا ہے۔ اِس روایت کے مطابق، ایک صحابی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا کہ مجھے ایسا عمل بتائیے جو مجھ کو جنت میں داخل کردے اور مجھ کو جہنم سے دور کردے۔اِس کے جواب میں آپ نے اُن کو عبادتِ خدا، روزہ، نماز، حج، زکوٰۃ، ذِکر اللہ، صدقہ (انفاق)اور حفظِ لسان کی تلقین کی۔ آپ نے جو جواب دیا، اُس میں ایک جملہ یہ تھا: وذِروَۃُ سَنامِہ الجہاد (اور اُس کی چوٹی جہاد ہے)۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P13",
          "text": "’وذروۃُ سَنامہ الجہاد‘ کے جملے کو لے کر یہ کہا جاتا ہے کہ اسلام میں خیرِاعلیٰ (summum bonum)گردن کٹانا ہے، یعنی جہاد اور قتال کرکے ساری دنیا میں اسلام کی حکومت قائم کرنا، اور خدا کی زمین پر خدا کے احکام نافذ کرنا۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P14",
          "text": "حدیث کی یہ تشریح سخت غیر علمی اور غیر منطقی ہے۔ اِس میں جہاد کا لفظ ہے، نہ کہ قتال کا لفظ۔ سیاق کے مطابق، یہاں جہاد سے مراد جہادِ نفس ہے، جیسا کہ دوسری حدیث میںآیا ہے: المجاہد من جاہد نفسَہ فی طاعۃ اللہ (مسند احمد، جلد 6 ، صفحہ 21) بالفرض اگر اِس حدیث میں جہاد کو قتال کے معنیٰ میں لیا جائے، تب بھی وہ صرف بوقتِ جارحیت قتال کے معنی میں ہوگا، پھر بھی اِس سے یہ خود ساختہ مفہوم نہیں نکلتا کہ اسلام ایک مکمل نظام ہے اور اس کو لڑکر ساری دنیا میں نافذ کرنا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P15",
          "text": "اسلام کی سیاسی تعبیر کے موضوع پر جو کچھ اُردو، یا عربی، یا انگریزی میں لکھا گیا ہے، اُس کا بڑا حصہ میں نے پڑھا ہے۔ذاتی مطالعے کی بنیاد پر میں کہہ سکتا ہوں کہ یہ تعبیر کسی نص کی بنیاد پر قائم نہیں ہے،وہ صرف قیاس اور استنباط کی بنیاد پر قائم ہے۔ اوریہ ایک مسلّم بات ہے کہ اساسی امور میں منصوص استدلال درکار ہوتا ہے، قیاسی اور استنباطی استدلال اِس طرح کے معاملے میں کبھی بنائِ استدلال نہیں بن سکتا۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P16",
          "text": "اِن حضرات کا ایک طریقہ یہ ہے کہ وہ غلط استنباط کے ذریعے ایک سادہ آیت، یا حدیث میں سیاسی مفہوم شامل کردیتے ہیں۔ مثلاً دین کو اسٹیٹ کے ہم معنیٰ بتانا، نماز یا جماعت کے بارے میں یہ کہنا کہ یہ عسکری ٹریننگ ہے، روزے کو فوجی مشقت کی تربیت بتانا، وغیرہ۔ اِس قسم کا استدلال سخت غیرعلمی استدلال ہے۔ اگر اِس قسم کے استدلال کو جائز استدلال قرار دیا جائے تو دنیا کی کوئی ایسی چیز نہیں ہے جو قرآن اور حدیث سے ثابت نہ کی جاسکے، حتی کہ اِس قسم کے استنباطی استدلال کے ذریعے اسلام کو ایک منسوخ دین بھی ثابت کیا جاسکتاہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P17",
          "text": "اِس سلسلے میں غیر علمی استدلال کی ایک اور قسم وہ ہے جس میں حرفِ عطف (واو) کی مدد سے بے بنیاد طورپر ایک غیر متعلق چیز کو اسلام کی کسی تعلیم میں شامل کردیا جاتا ہے۔ مثلاً کچھ لوگوں نے اِسی طریقے کے مطابق یہ کہا کہ شرکِ اعتقادی اور شرکِ عملی کے ساتھ شرک کی ایک اور قسم ہے اور وہ شرکِ سیاسی ہے۔ لا معبودَ إلاّ اللہ کے ساتھ اُس کا ایک اور جز ہے اور وہ  لا حاکمَ إلا اللہ ہے۔ اِسی طرح کہا گیا کہ عبادت کے لفظ میں پرستش کے سوا ایک اور مفہوم شامل ہے اور وہ اطاعت ہے، وغیرہ۔ مگر اِس قسم کے تمام اضافے بلاشبہہ بے حقیقت اور بے بنیاد ہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P18",
          "text": "تعلیماتِ اسلام کے دو پہلو"
        },
        {
          "para_id": "C04P19",
          "text": "مطالعہ بتاتا ہے کہ اسلامی تعلیمات کے دوبڑے پہلو ہیں۔ قدیم اصطلاح میں اِن دونوں پہلوؤں کو ’حَسَن لذاتہ‘ اور ’حَسَن لِغیرہ‘ کے الفاظ میں بیان کیاگیا ہے، یعنی کچھ چیزیں وہ ہیں جو اپنے آپ میں مطلوب ہوتی ہیں، اور کچھ چیزیں وہ ہیںجو کسی اور چیز کی نسبت سے مطلوب ہوتی ہیں۔ اِس تقسیم کے مطابق، ذکر اللہ ’حسن لذاتہ‘ ہے اور قتال ’حسن لغیرہ‘۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P20",
          "text": "اِس فرق کو دوسرے الفاظ میں اِس طرح بیان کیا جاسکتا ہے کہ اسلام میںکچھ چیزیں وہ ہیں جو میٹر آف پرنسپل (matter of principle)  کی حیثیت رکھتی ہیں، اور کچھ چیزیں وہ ہیں جن کی حیثیت میٹر آف کنوی نینس (matter of convenience)  کی ہے۔ اِس تقسیم کے مطابق، سیاسی اقتدار کا معاملہ دوسری نوعیت کے حکم سے تعلق رکھتا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P21",
          "text": "چناں چہ جہاں تک پہلی نوعیت کے احکام کا تعلق ہے، اُن کے بارے میں قرآن میں براہِ راست زبان میںاحکام دیے گیے ہیں۔مثلاً توحید کے بارے میں فرمایا کہ: قل ہو اللّٰہ أحد (الإخلاص:  1)، عبادت کے بارے میں فرمایا کہ: لا إلٰہ إلاّ أنا فاعبدنِی (طٰہٰ: 14 ) ، عدل اور انصاف کے بارے میں فرمایا: إنّ اللّٰہ یأمرکم بالعدل والإحسان (النّحل:  95) ،مگر جہاں تک سیاسی اقتدار کا تعلق ہے، اس کے بارے میں کہیں بھی اِس طرح براہِ راست حکم نہیں دیاگیا، یعنی کہیں بھی اِس طرح کے الفاظ نہیں آئے کہ تم لوگ اسلامی حکومت قائم کرو، یا زمین میں اسلامی قوانین کو نافذ کرو، یہی امت کی حیثیت سے تمھارا نصب العین ہے۔ اِس معاملے میں سیاست پسند افراد کی طرف سے جو دلائل دیے گیے ہیں، وہ سب کے سب قیاسی اور استنباطی ہیں، مگر اِس قسم کے اساسی معاملے میں مبنی بَر نص استدلال درکار ہے، نہ کہ مبنی برقیاس استدلال۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P22",
          "text": "حاکم کا تقرر"
        },
        {
          "para_id": "C04P23",
          "text": "تمام دنیا کے سیاسی نظاموں میں واضح طورپر یہ موجود رہتا ہے کہ حاکم کا تقرر کس طرح کیا جائے، مگر قرآن میں اِس معاملے میں کوئی واضح حکم موجود نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ابتدائی زمانے کے مثالی دَور میں جن خلفائے اسلام کا تقرر ہوا، اُن میں سے ہر ایک کا تقرر الگ الگ ڈھنگ سے ہوا، گویا کہ ان کا تقرر حالات کے مطابق ہوا، نہ کہ کسی مستقل اصول کے مطابق۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P24",
          "text": "اسلام کے دورِ اوّل کو ہر معاملے میں ایک معیاری دَور مانا جاتا ہے۔ اُس زمانے میں چھ خلفاء ایسے تھے جن کو اسلام میں مثالی حکم راں کا درجہ حاصل ہے— ابوبکر صدیق، عمر فاروق، عثمان بن عفّان، علی بنِ ابی طالب، معاویہ بن ابی سفیان، عمر بن عبد العزیز۔ اِن میں سے ابتدائی پانچ خلفاء اصحابِ رسول میں شامل تھے۔ چھٹے خلیفہ عمر بن عبد العزیز کا شمار اجلّۂ تابعین میں سے ہوتا ہے۔ علماء نے بالاتفاق ان کو ’خلیفۂ راشد‘ کا درجہ دیا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P25",
          "text": "تاریخ بتاتی ہے کہ اِن تمام خلفاء کا تقرر الگ الگ طریقے سے کیاگیا نہ کہ کسی ایک مقرر طریقے کے مطابق، کیوں کہ اس معاملے میںکوئی ایک متعین طریقہ موجود ہی نہ تھا۔ یہ واقعہ واضح طورپر بتاتا ہے کہ سیاسی اقتدار کا معاملہ اسلام میں نماز او رروزے کی طرح اصولی معاملہ نہیں ہے، اگر وہ اصولی معاملہ ہوتا تو توحید اور عبادت کی طرح اُس کے لیے بھی متعین احکام موجود ہوتے۔ یہ واقعہ اس بات کو ثابت کرنے کے لیے کافی ہے کہ اسلام میں سیاسی اقتدار کا معاملہ میٹرآف کنوی نینس (matter of convenience) کی قسم سے تعلق رکھتا ہے، وہ عقیدے اور اصول کا معاملہ نہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P26",
          "text": "خیرِ اعلیٰ: معرفتِ خداوندی"
        },
        {
          "para_id": "C04P27",
          "text": "اسلام میں خیرِ اعلیٰ (summum bonum) کا درجہ صرف ایک چیز کو حاصل ہے، اور وہ معرفت ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ معرفتِ خداوندی کے سوا، کسی اور چیز کو خیرِ اعلیٰ کا درجہ دینا، خدا کی بھی تصغیر ہے اور خدا کے دین کی بھی تصغیر ۔ جو لوگ سیاسی نظام کو خیر اعلیٰ سمجھتے ہیں، ان کے بارے میں کم سے کم جو بات کہی جاسکتی ہے، وہ یہ ہے کہ انھوں نے معرفتِ خداوندی کی عظمت کو دریافت نہیں کیا۔ اگر وہ معرفتِ خداوندی کی عظمتوں سے واقف ہوتے تو انھیں یہ بات سخت مضحکہ خیز معلوم ہوتی کہ معرفتِ خداوندی کے بجائے، ایک سیاسی نظام کو خیر اعلیٰ کا درجہ دیا جائے۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P28",
          "text": "قرآن کی سورہ نمبر تین میں ارشاد ہواہے: کونوا ربّانییّین (آل عمران: 79 ) یعنی تم لوگ ربّانی بنو۔ اِسی طرح قرآن میں ایسی آیتیں ہیں جن میں تلقین کی گئی ہے کہ تم لوگ ذاکرین بنو، تم لوگ خاشعین بنو، تم لوگ مخبتین بنو، تم لوگ عارفین بنو، تم لوگ خائفین بنو، تم لوگ متقین بنو، تم لوگ قانتین بنو، وغیرہ۔ یہ تصور سارے قرآن میں پھیلا ہوا ہے۔ ایک امریکی اسکالر نے اسلام کے گہرے مطالعے کے بعد ایک کتاب شائع کی ہے۔ اِس میں وہ بجا طورپر لکھتا ہے کہ:"
        },
        {
          "para_id": "C04P29",
          "text": "The greatest concern of Islam is Allah."
        },
        {
          "para_id": "C04P30",
          "text": "اِس کے برعکس، قرآن میں کہیں بھی یہ نہیں کہا گیا ہے کہ اے اہلِ ایمان، تم لوگ سیاسی بنو، تم لوگ زمین کے حاکم بنو، اِس قسم کی بات قرآن میں کہیں بھی موجود نہیں۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ قرآن کتابِ معرفت ہے، نہ کہ کتابِ سیاست۔ یہی بات قرآن کے موضوع کے مطابق ہے۔ قرآن کا موضوع خدائے برتر کا تعارف ہے۔ اور زمین و آسمان کے خالق و مالک کا تعارف جس کتاب میں بیان کیا جائے، اس کا سب سے زیادہ اہم موضوع بلا شبہہ معرفت ہوگا، نہ کہ سیاست۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P31",
          "text": "سیاسی تعبیر کا نقصان"
        },
        {
          "para_id": "C04P32",
          "text": "اسلام کی سیاسی تعبیر کوئی سادہ بات نہیں، یہ خود اسلام کی نفی کے ہم معنیٰ ہے۔ اِس قسم کی تعبیر فطری طور پر لوگوں کا ذہن سیاسی بنا دیتی ہے۔ سیاسی موضوعات ہی اُن کے لیے سب سے زیادہ اہم موضوعات بن جاتے ہیں۔ اِس کا سبب یہ ہے کہ معرفت ایک ایسا موضوع ہے جس کا نشانہ خود آدمی کا اپنا وجود ہوتا ہے۔ ایسے آدمی کی توجہ ہمیشہ اپنی اصلاح پر لگی رہتی ہے، اپنی شخصیت کی تعمیر اور اپنے آپ کو خدا سے وابستہ کرنا، یہی اس کا سپریم کنسرن بن جاتا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P33",
          "text": "اِس کے مقابلے میں سیاست کا موضوع بالکل برعکس ذہن بناتا ہے۔ معرفت کی صورت میں سوچ کا نشانہ اگر داخلی تھا، تو سیاست کی صورت میں سوچ کا نشانہ خارجی بن جاتا ہے۔ مزید یہ کہ اِس خارجی نشانے کی حیثیت آدمی کے لیے حریف کی ہوتی ہے۔ آدمی یہ سمجھنے لگتا ہے کہ اُس کی اصل کامیابی یہ ہے کہ وہ اپنے سیاسی مدّ ِمقابل کو شکست دے اور اُس کے اوپر غلبہ حاصل کرے۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P34",
          "text": "معرفت کا نشانہ آدمی کے باطن کو خدا کی روشنی سے بھر دیتا ہے، اس کے اندر ہر قسم کی مثبت صفات پیداہونے لگتی ہیں۔ اِس کے برعکس، سیاست کا نشانہ آدمی کے باطن کو ظلمات سے بھر دیتا ہے۔ اُس کا وجود ہر قسم کی منفی نفسیات کا جنگل بن جاتا ہے۔ یہاں پہنچ کر آدمی کا یہ حال ہوتا ہے کہ وہ بظاہر ’مکمل اسلام‘ کی بولی بولتا ہے، لیکن عملاً اس کا وجود ’جزئی اسلام‘ سے بھی خالی ہوکر رہ جاتا ہے۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C05",
      "chapter_title": "جامع تصور یا تخریبی تصور",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C05P01",
          "text": "کچھ لوگ اسلام کا جامع تصور پیش کررہے ہیں ۔ اُن کا کہنا ہے کہ— اسلام ایک مکمل نظام ہے۔ اسلام میں صرف عقیدہ اور عبادت اور اخلاق شامل نہیں ہیں، بلکہ پولٹکل سسٹم بھی اس کا لازمی جز ہے۔ پولٹکل سسٹم کو قائم کیے بغیر اسلام ادھورا رہتا ہے، وہ مکمل نہیں ہوتا۔ یہ بظاہر اسلام کا جامع تصور ہے، لیکن حقیقت کے اعتبار سے وہ صرف ایک تخریبی تصور ہے۔ موجودہ زمانے کی مسلم ملیٹنسی (Muslim militancy)  اِسی نام نہاد جامع تصور کی براہِ راست پیداوار ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C05P02",
          "text": "آپ اسلام کے عقیدے کو مانیں، اسلامی طریقے پر عبادت کریں، اسلام کے اخلاقی اصولوں کی پابندی کریں تو یہ آپ کا ایک ذاتی عمل ہوتا ہے۔ ایسا کرتے ہوئے کسی اور کے ساتھ آپ کا ٹکراؤ پیش نہیں آتا، لیکن جب آپ اپنا نشانہ یہ بنائیں کہ مجھے زمین پر اسلامی حکومت قائم کرنا ہے تو یہ نشانہ فوراً آپ کو دوسرے سے ٹکرا دیتا ہے۔ اس لیے کہ پولٹکل اقتدار کوئی خالی سیٹ نہیں ہے جس پر جاکر آپ بیٹھ جائیں۔ پولٹکل اقتدار ہمیشہ کسی کے قبضے میں ہوتا ہے،اِس لیے پولٹکل گدّی کو حاصل کرنے کے لیے فوراً دوسروں سے ٹکراؤ پیش آتا ہے۔ اِس طرح آپ کا نشانہ آپ کے اندر یہ ذہن پیدا کرتا ہے کہ آپ اقدام کرکے قابض لوگوں سے اقتدار کی کنجیاں چھین لیں۔ اقتدار کی کنجیوں کو چھیننے کا یہ نظریہ قدرتی طورپر دو گروہوں کے درمیان تشدد اور ٹکراؤ کی صورت پیدا کردیتا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C05P03",
          "text": "پھر یہ بات اتنی سادہ نہیں۔ جب آپ یہ دیکھتے ہیں کہ اقتدار کی کنجیوں کو چھیننے کی کوشش میںآپ ایسا نہیں کرسکے کہ اربابِ اقتدار کو ان کی گدیوں سے ہٹا دیں، کیوں کہ اربابِ اقتدار کے پاس پولیس اور فوج کی طاقت ہوتی ہے، آپ اِس پوزیشن میں نہیں ہوتے کہ اُن سے براہِ راست ٹکراؤ کرکے سیاسی ادارے پر قبضہ کرلیں، چناں چہ آپ اپنے اِس اقدام میں ناکام رہتے ہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C05P04",
          "text": "اقتدار کی کنجیوں کو چھیننے کا یہ ناکام تجربہ آپ کے اندر ایک اور برائی پیدا کرتا ہے۔ اب آپ معصوم عوام پر گولیاں چلاتے ہیں، ہوائی جہاز کی ہائی جیکنگ کرتے ہیں، اسکول اور بازار میں بم مارتے ہیں۔ اِس منفی کارروائی کی آخری حد یہ ہوتی ہے کہ آپ خود کُش بم باری (suicide bombing) شروع کردیتے ہیں۔ اقتدار کی کنجیوں کو چھیننے کا جو اقدام دوسروں کے خلاف تشدد سے شروع ہوا تھا، وہ خود اپنے آپ کو ہلاک کرنے تک پہنچ جاتا ہے۔ موجودہ زمانے میں مختلف مقامات پر جو مسلم ملیٹنسی جاری ہے، وہ براہِ راست طورپر اِسلام کے اِسی نام نہاد جامع تصور کا نتیجہ ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C05P05",
          "text": "حقیقت یہ ہے کہ اسلام اصلاً اپنے آپ کو خدا کے احکام کا پابند بنانے کا نام ہے۔ جہاں تک اجتماعی نظام میں اسلام کے سیاسی اور قانونی احکام کے نفاذ کا سوال ہے، وہ تمام تر حالات پر منحصر ہے۔ سماج اگر اِن احکام کو قبول کرنے کے لیے تیار ہوتو پُر امن کوششوں کے ذریعے اِن احکام کی بجا آوری کی جائے گی، ورنہ نہیں۔ اسلام کا اصول، تکلیف بقدرِ وسعت (البقرۃ: 286 ) کا اصول ہے۔ اجتماعی احکام کے نفاذ کے لیے اجتماعی ارادہ(social will)  درکار ہے۔ گَن اور بم کی طاقت سے یہ کام کبھی انجام نہیں پاسکتا۔ گن اور بم کا طریقہ صرف تباہ کن تشدد پیدا کرتا ہے، اِس منفی انجام کے سوااس کا کوئی اور انجام نہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C05P06",
          "text": "جامع تصور کی غلطی کو واضح کرنے کے لیے یہاں میںایک مثال دوں گا۔ چیزیں دو قسم کی ہوتی ہیں۔ ایک، مکان اور دوسرے، درخت۔ اگر آپ مکان کا ایک جامع تصور دیں اور یہ کہیں کہ جامع مکان وہ ہے جس میں برآمدہ ہو،بیڈ روم ہو، ملاقات کا کمرہ ہو، کچن ہو، باتھ روم ہو، وغیرہ، تو مکان کے بارے میں آپ کا یہ بیان درست ہوگا، کیوں کہ مکان مختلف الگ الگ اجزا کا مجموعہ ہوتا ہے۔ جس مکان میں اس کا ہر جز موجود ہو، اس کو ایک جامع مکان کہاجائے گا۔"
        },
        {
          "para_id": "C05P07",
          "text": "لیکن اگر آپ یہ کہیں کہ درخت کا جامع تصور یہ ہے کہ اس کے اندر جڑیں ہوں، تنا ہو، شاخیں ہوں، پتیاں ہوں، پھل اور پھول ہوں، تو یہ ایک غلط بات ہوگی، کیوں کہ درخت مختلف الگ الگ اجزا کو ملا کر نہیں بنتا، بلکہ وہ ایک بیج کے نشو ونُما (growth) سے وجود میں آتا ہے۔ اِس لیے درخت کے بارے میں جامع تصورنہیں پیش کیا جائے گا، بلکہ سارا زور اس پر دیا جائے گا کہ اس کا بیج ایک صحت مند بیج ہو، کیوں کہ صحت مند بیج کے ظہور ہی کا دوسرا نام درخت ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C05P08",
          "text": "اسلام کی مثال درخت کی مانند ہے۔ چناںچہ قرآن میںایمان اور اسلام کی مثال شجرۂ طیّبہ (إبراہیم: 24) سے دی گئی ہے۔ جس طرح درخت ایک بیج سے ترقی کرکے درخت بنتا ہے، اِسی طرح اسلام ایک کلمہ سے ترقی کرکے پورا وجود بنتا ہے۔ اسلام کے بارے میں صحیح تشریح یہ ہے کہ اُس کو حقیقی تصور کی اصطلاح میں بیان کیا جائے، نہ کہ جامع تصور کی اصطلاح میں۔"
        },
        {
          "para_id": "C05P09",
          "text": "درخت کی اصلاح کے لیے اگر کوئی شخص ایسا کرے کہ اُس کی پتیوں کو کاٹے، اُس کی شاخوں پر محنت کرے، اُس کے تنے پر زور آزمائی کرے تو اِس قسم کی تمام چیزیں درخت میں کوئی اصلاح یا ترقی نہیں لائیں گی، بلکہ وہ درخت کی تباہی کا ذریعہ بنیں گی۔ اِس قسم کی کوششوں کے نتیجے میں درخت مزید شاداب نہیں ہوگا، بلکہ وہ سوکھ کر رہ جائے گا۔"
        },
        {
          "para_id": "C05P10",
          "text": "یہی معاملہ دین کا ہے۔ دین کی اصل، تعلق باللہ ہے۔ اِسی کے ساتھ دین کے بہت سے ظواہر ہیں۔ اگر کوئی شخص ظواہر کو اہمیت دے کر اُس میں محنت کرے، یا پُر تشدد جدوجہد کرے تو اِس سے دین میں کوئی بہتری نہیں آئے گی، بلکہ دین کا معاملہ کچھ اور بگڑ جائے گا، حتیٰ کہ اگر اچھی نیت اور اخلاص کے ساتھ ایسا کیا جائے تب بھی دین یا اہلِ دین میں کوئی حقیقی اصلاح آنے والی نہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C05P11",
          "text": "دین یا اہلِ دین میں ترقی کا کام یہاں سے شروع ہوتا ہے کہ لوگوں کے اندر حقیقی معنوں میں تعلق باللہ پیدا کیا جائے۔ لوگوں کے اندر ربّانی شعور کو جگایا جائے۔ لوگوں کو خدا کی پکڑ سے ڈرنے والا بنایا جائے۔ یہی وہ چیز ہے جو دین یا اہلِ دین کے اندر حقیقی معنوں میں کوئی مثبت نتیجہ پیدا کرے گی۔ اِس بنیادی کام کے بغیر ہر گز مطلوب نتیجہ نکلنے والا نہیں۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C06",
      "chapter_title": "نظریاتی تشدّد",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C06P01",
          "text": "تشدد ایک جذباتی عمل ہے۔ یہ بُرائی ہمیشہ انسانی زندگی میں پائی جاتی رہی ہے، مگر کمیونسٹ مفکر کارل مارکس (وفات: 1883 ) پہلا شخص تھا جس نے تشدد کو ایک باقاعدہ نظریہ بنایا۔ کارل مارکس نے اپنے اِس نظریاتی تشدد کو تاریخی ناگُزیریت(historical determinism)  قرار دیا اور اُس کو جَدلیاتی مادّیت(dilectical materialism)  کا نام دیا۔"
        },
        {
          "para_id": "C06P02",
          "text": "موجودہ زمانے میں کچھ مسلم مفکرین پیدا ہوئے، جنھوں نے اِس نظریاتی تشدد کو اسلامائز کیا اور اُس کو جہاد کے نام سے اسلام میں داخل کردیا۔اِس معاملے میں وہ اِس انتہا تک گیے کہ انھوں نے کہا کہ باطل سے اقتدار کی کنجیوں کو چھیننے کے لیے ہتھیار کا استعمال ضروری ہے، اور یہ کہ گردن کٹانا، اسلام میں خیرِ اعلیٰ(summum bonum)  کی حیثیت رکھتا ہے۔یہ متشددانہ فلسفہ اتنا لغو ہے کہ وہ اسلام جیسے مذہب کے لیے اِزالۂ حیثیتِ عُرفی کا درجہ رکھتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ جہاد پُر امن جدوجہد کا نام ہے۔ جہاد کے نام پر تشدد کرنا بلا شبہہ فساد ہے، نہ کہ جہاد۔"
        },
        {
          "para_id": "C06P03",
          "text": "تشدد ایک منفی کارروائی ہے اور منفی کارروائی کے ذریعے کوئی مثبت نتیجہ کبھی نہیں نکلتا۔ چناں چہ موجودہ زمانے میں مسلم ملکوں میں یہ منظر دکھائی دیتا ہے کہ اِس نظریے کے حاملین نے پہلے خود ساختہ طورپر ’’باطل‘‘ کو ہٹانے کے نام پر متشددانہ جہاد کیا اور جب قانونِ فطرت کے مطابق، اُن کا مفروضہ باطل نظام نہیں ہٹا تو اِس کے بعد وہ آپس میں ایک دوسرے کے خلاف تشدد کرنے لگے۔ گویا کہ اُن کا وہ حال ہوا جس کی پیشین گوئی حدیث میں اِن الفاظ میں کی گئی تھی: لا ترجعوا بَعدی کُفّاراً، یضرب بعضکم رقابَ بعض۔(صحیح البخاری، کتاب المغازی)"
        },
        {
          "para_id": "C06P04",
          "text": "مسلمانوں کے متشددانہ جہاد کا یہ آخری انجام کہ وہ آپس میں ایک دوسرے کو مارنے لگیں، یہ اپنے آپ میں اِس بات کا ثبوت ہے کہ اُن کا جہاد جہاد نہ تھا، بلکہ وہ جہاد کے نام پر فساد تھا۔ ورنہ اُس کا یہ الٹا نتیجہ کبھی نہ نکلتا۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C07",
      "chapter_title": "جہاد کیا ہے",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C07P01",
          "text": "ایک روایت کے مطابق، پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم ایک غزوہ سے واپس ہو کر مدینہ پہنچے تو آپ نے فرمایا:  رجعنا من الجہاد الأصغر إلی الجہاد الأکبر (ہم چھوٹے جہاد سے بڑے جہاد کی طرف واپس آئے ہیں) اس کا مطلب دوسرے لفظوں میں یہ ہے کہ ہم وقتی جہاد سے مستقل جہادکی طرف واپس آئے ہیں:"
        },
        {
          "para_id": "C07P02",
          "text": "We have come back from temporary jihad to permanent jihad."
        },
        {
          "para_id": "C07P03",
          "text": "غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ وقتی جہاد سے مراد دفاعی جہاد (defensive jihad) ہے، جو کبھی کبھی پیش آتا ہے، اور مستقل جہاد سے مراد اسپریچول جہاد(spiritual jihad) ہے، جو ہر آدمی کی زندگی میں مستقل طورپر جاری رہتا ہے۔ اِس بات کو ایک اور حدیث میں اِس طرح بیان کیا گیا ہے:  جاہدوا أہوائَکم کما تجاہدون أعدائکم۔ یعنی اپنی خواہشات سے جہاد کرو، جس طرح تم اپنے دشمن سے جہاد کرتے ہو۔"
        },
        {
          "para_id": "C07P04",
          "text": "دشمن کے خلاف جہاد انتہائی وقتی چیز ہے، جو اُس وقت پیش آتا ہے جب کہ کسی نے باقاعدہ طورپر ریاست کے اوپر حملہ کردیا ہو۔ یہ دفاعی جہاد ہے، اور اِس میں صرف کچھ تربیت یافتہ افراد حصہ لیتے ہیں، نہ کہ ساری مسلم کمیونٹی۔ اِس کے برعکس، اپنے نفس کے خلاف جہاد ایک انفرادی نوعیت کی چیز ہے اور وہ ہر مومن کی زندگی میں جاری رہتا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C07P05",
          "text": "اصل یہ ہے کہ موجودہ دنیا امتحان کی دنیا ہے۔ اِس لیے اس دنیا میں ہر عمل کو کرنے کے لیے اپنے نفس کے ساتھ مقابلہ پیش آتا ہے۔ اپنے نفس سے کامیاب مقابلے کے بغیر کوئی آدمی جہادِ نفس کے کام کو انجام نہیں دے سکتا۔ مثال کے طور پر یہ ایک ثواب کا کام ہے کہ آپ جب کسی شخص سے ملیں تو کہیں’السلام علیکم‘ (تمھارے اوپر سلامتی ہو) ۔ یہ کلمہ اتنا بڑاعمل ہے کہ اِس کے کہنے پر حدیث میں جنت کی بشارت دی گئی ہے۔ مگر موجودہ دنیا میں جب آدمی لوگوں کے ساتھ رہتا ہے تو بار بار اُس کو دوسروں کی طرف سے تلخ تجربات پیش آتے ہیں۔ اِس بنا پر ہر آدمی کے دل میں دوسروں کے خلاف شکایت کے جذبات موجود رہتے ہیں۔ ایسی حالت میں حقیقی معنوں میں ’السلام علیکم‘ صرف وہ شخص کہہ سکتا ہے جو اس سے پہلے اپنے دل کو ہر قسم کے منفی جذبات سے پاک کرے اور اس کے بجائے اپنے دل کو لوگوں کے لیے خیر خواہی کے جذبات سے بھردے۔غور کیجئے تو یہ کام اتنا مشکل ہے کہ اِس کے لیے وہی زبردست کوشش کرنی پڑے گی جس کو جہاد کے لفظ سے تعبیر کیا گیا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C07P06",
          "text": "اِسی طرح حدیث میں آیا ہے کہ: الحمد للّٰہ تملأ المیزان (الحمد للہ کا کلمہ میزان کو بھر دیتا ہے) غور کیجئے تو یہ بھی کوئی سادہ بات نہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ سچا الحمد للہ کہنے کے لیے بہت بڑا ذہنی عمل درکار ہے۔ الحمد للہ کہنا، خدا کی نعمتوں پر شکر کا اظہار کرنا ہے۔ خدا کی یہ نعمتیں آدمی کو مسلسل طورپر لاتعداد صورتوں میں ملتی رہتی ہیں۔ یہ نعمتیں ہر آدمی کو اپنے آپ ملتی ہیں۔ چناں چہ آدمی ان کا عادی ہوجاتا ہے اور عادی ہونے کی بنا پر شعوری طورپر ان کو بطور نعمت محسوس نہیں کرتا۔ایسی حالت میں الحمد للہ کہنے کے لیے ایک فکری جہاد کرنا پڑتا ہے۔ اُس کو یہ کرنا پڑتا ہے کہ وہ اپنی تفکیری قوتوں کو عمل میں لاکر غیر شعور کو اپنے شعور میں لائے، اپنے جذبات کی نئی رُخ بندی کرے، وہ اپنی فکری قوتوں کو بیدار کرنے کے لیے مجاہدبن جائے۔ اِس کے بعد ہی اس کی زبان سے وہ کلمۂ حمد نکلتا ہے جو میزان کو بھر دینے والا کلمہ ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C07P07",
          "text": "آدمی کے اندر طرح طرح کی خواہشیں ہیں— حرص، علو پسندی، دوسرے کو حقیر سمجھنا، بے صبری، غصہ اور انتقام، وغیرہ۔ آدمی ہر وقت اِن منفی جذبات کے تابع رہتا ہے۔ اِسی کے ساتھ وہ کچھ چیزوں کو اپنا محبوب بنا لیتا ہے۔ مثلاً دولت، شہرت اور اولاد، وغیرہ۔ آدمی کی یہ بے پناہ خواہش ہوتی ہے کہ یہ تمام چیزیں اس کو بھر پور طور پر حاصل ہوجائیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C07P08",
          "text": "نفرت اور محبت کے یہ مختلف جذبات، آدمی کے اوپر ہر وقت چھائے رہتے ہیں، وہ جو کچھ سوچتا ہے، اِنھیں جذبات سے مغلوب ہوکر سوچتا ہے۔ وہ شعوری یا غیر شعوری طورپر انھیں جذبات کے تحت اپنی زندگی کا نقشہ بناتا ہے۔ ایسی حالت میں یہ بلا شبہہ ایک جہادی عمل ہے کہ آدمی خدا کو مسلسل طورپر اپنا مرکزِ توجہ بنائے، وہ صراطِ مستقیم سے اپنے آپ کو ہٹنے نہ دے— یہی وہ پُر مشقت عمل ہے جس کو حدیث میں جہادِ نفس کہاگیا ہے۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C08",
      "chapter_title": "عقیدہ اور سیاست",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C08P01",
          "text": "دینِ اسلام کے دوبڑے حصے ہیں۔ ایک حصہ وہ ہے جس کا تعلق ابدی عقیدے سے ہے، اور دوسرا حصہ وہ ہے جو حالات کے تابع ہوتا ہے، اس لیے اس میں تغیر ہوسکتا ہے۔ پہلا حصہ حقیقی (real) ہے، اور دوسرا حصہ اضافی (relative)۔ پہلے حصے کو میٹرآف بلیف (matter of belief)  کہیں گے، اور دوسرے حصے کو میٹر آف کنوی نینس (matter of convenience)  کہیں گے۔"
        },
        {
          "para_id": "C08P02",
          "text": "عقیدے سے مراد، توحید اور رسالت اور آخرت کا عقیدہ ہے، عبادت بھی اِسی میں شامل ہے۔ میٹر آف کنوی نینس میں جو چیزیں شامل ہیں، اُن میں سے ایک سیاست اور حکومت ہے۔ عقیدہ اور عبادت میںابدیت (eternity) ہے، ان کی مطلوبیت دائمی ہے۔ لیکن سیاست اور حکومت کا معاملہ اُس سے الگ ہے۔ جیسے حالات ہوں گے اُسی کے مطابق، سیاست اور حکومت کے معاملات بھی ہوں گے۔"
        },
        {
          "para_id": "C08P03",
          "text": "اسلام میں سیاست کو عقیدے کا مسئلہ نہیں بنایا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام میں قائم شدہ حکومت کے خلاف خروج (revolt)  کرنا حرام ہے۔ اسلام کی تعلیم یہ ہے کہ جب ایک حکومت قائم ہو جائے تو اُس کے خلاف ہر گز باغیانہ کارروائی نہ کی جائے، بلکہ اس کے ساتھ معتدل تعلقات قائم رکھتے ہوئے غیر سیاسی دائروں میں کام کیا جائے، مثلاً دعوت، تعلیم اور اصلاحی کام ، وغیرہ۔"
        },
        {
          "para_id": "C08P04",
          "text": "یہی وجہ ہے کہ اسلام میں خلیفہ کے تقرر کا کو ئی متعین اصول موجود نہیں۔ اِس معاملے میں قرآن میں کوئی ہدایت نہیں دی گئی۔ اسلام کی ابتدائی تاریخ کو معیاری زمانہ مانا جاتا ہے ۔ اِس زمانے میں چھ برحق خلیفہ، یا حکم راں ہوئے— ابوبکر صدیق ، عمر فاروق، عثمان بن عفّان، علی ابن ابی طالب، معاویہ بن ابی سفیان رضی اللہ عنہم اور عمر بن عبد العزیزؒ۔"
        },
        {
          "para_id": "C08P05",
          "text": "جیسا کہ تاریخ سے معلوم ہوتا ہے، اِن میں سے ہر خلیفہ یا حکم راں کا تقرر الگ الگ ڈھنگ سے کیا گیا۔ یہ واضح طورپر اِس بات کا ثبوت ہے کہ اسلام میں سیاسی ادارے کے متعلق کوئی متعین نقشہ موجود نہیں۔ حالاں کہ ہر سیاسی دستور میں اس کا واضح ڈھانچہ موجود ہوتا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C08P06",
          "text": "اِس صورت حال کا سبب یہ ہے کہ اسلام کا سب سے بڑا کنسرن خدا ہے۔ اسلام کے نزدیک سب سے بڑی بات یہ ہے کہ انسان خدا کی معرفت حاصل کرے۔ وہ خدا کا سچا عبادت گزار بنے۔ وہ اعلیٰ اخلاق کے ساتھ لوگوں کے درمیان رہے۔ اِسی کے ساتھ وہ لوگوں کو خدا کے دین کی طرف بلائے۔ وہ خالص غیر سیاسی انداز میں اسلام کا داعی بن جائے۔ وہ اصلاح اور تعلیم کے دائرے میں لوگوں کی خدمت کرے۔"
        },
        {
          "para_id": "C08P07",
          "text": "سیاسی اقتدار کا قیام اسلام کا نشانہ نہیں۔ قرآن کے مطابق، سیاسی اقتدار کی حیثیت پرچۂ امتحان کی ہے، اُس کا معاملہ مال جیسا ہے۔ مال انسان کے لیے امتحان کا پرچہ ہے، اس لیے مال کبھی ایک انسان کے پاس ہوتا ہے اور کبھی دوسرے انسان کے پاس۔ کیوں کہ خدا کو ہر انسان کا ٹیسٹ لیناہے۔ اگر مال و دولت کو ابدی طورپر کسی ایک فرد یا گروہ کا حصہ بنادیا جائے تو مال کی نسبت سے دوسرے لوگوں کی آزمائش نہ ہوسکے گی، حالاں کہ ایسا ہونا خدا کے تخلیقی پلان کے خلاف ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C08P08",
          "text": "یہی معاملہ سیاسی اقتدار کا ہے۔ سیاسی اقتدار بھی امتحان کا ایک پرچہ ہے۔ سیاسی اقتدار کسی کو اِس لیے دیا جاتا ہے کہ اُس کو آزما کر دیکھا جائے کہ وہ اقتدار پاکر کیسا رہا۔ یہی وجہ ہے کہ سیاسی اقتدار کسی ایک فرد یا گروہ کے ہاتھ میں نہیں رہتا، بلکہ وہ مختلف لوگوں کے درمیان گردش کرتا رہتا ہے۔ اِس اصول کو قرآن میں اِن الفاظ میں بتایا گیا ہے: تلک الأیّام نداولھا بین الناس (آل عمران: 140 )"
        },
        {
          "para_id": "C08P09",
          "text": "اسلام میں سیاسی اقتدار کا مطلق طورپر مطلوب نہ ہونا کوئی کمی کی بات نہیں، یہ انسانی فلاح کے لیے بے حداہم اصول ہے۔ انسانوں کے درمیان تمام بڑے بڑے جھگڑے سیاسی اقتدار کو لے کر ہوتے ہیں۔ اِس لیے سیاسی اقتدار کے معاملے میں اسلام نے اسٹیٹس کوازم (statusquoism)  کا اصول اختیار کیا ہے۔ اِس اصول کا فائدہ یہ ہے کہ سماج میں امن قائم رہتا ہے۔ لوگ جنگ اور تشدد سے بچ کر اصلاح اور تعمیر کے کام میں زیادہ سے زیادہ مشغول رہتے ہیں۔ اِس بات کودوسرے لفظوں میں اِس طرح بھی کہا جاسکتا ہے کہ اسلام میں بالواسطہ سیاست ہے، نہ براہِ راست سیاست۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C09",
      "chapter_title": "سیکولرازم کیا ہے",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C09P01",
          "text": "سیکولرازم کے بارے میں منصفانہ رائے قائم کرنے کے لیے دو چیزوں میں فرق کرنا ضروری ہے۔ وہ یہ کہ ایک ہے سیکولر فلاسفی، اور دوسری چیز ہے سیکولرپالیسی۔ دونوں کے درمیان واضح فرق ہے۔ جو لوگ اِس فرق کو نہ سمجھیں، وہ سیکولرازم کے بارے میں صحیح رائے قائم نہیں کرسکتے۔"
        },
        {
          "para_id": "C09P02",
          "text": "سیکولرفلاسفی ابتداء ً اُن لوگوں کے ذہن کی پیداوار تھی جو ملحدانہ سوچ کا شکار تھے۔ مگر بعد کو فلسفے سے الگ ہوکر سیکولرازم، جمہوری نظام کی عملی پالیسی بن گیا۔عملی پالیسی کی حیثیت سے اُس کا مطلب یہ تھا کہ— مذہبی اُمور کو لوگوں کی انفرادی آزادی کا معاملہ قرار دے دینا، اور مشترک مادّی مفادات کو اسٹیٹ کے دائرے کی چیز سمجھنا۔"
        },
        {
          "para_id": "C09P03",
          "text": "قدیم زمانہ مذہبی جبر کا زمانہ تھا۔ موجودہ زمانے میں مذہبی آزادی کو لوگوں کا ایک ناقابلِ تنسیخ حق قرار دے دیا گیا ہے۔ سیکولر پالیسی دراصل لوگوں کی اِسی مذہبی آزادی کا ایک حصہ ہے۔ پہلے زمانے میں یہ طریقہ تھا کہ ایک مذہبی گروہ دوسرے مذہبی گروہ کو آزادی دینے کے لیے تیار نہ ہوتا تھا۔ وہ ان کو مذہبی تعذیب (religious persecution)  کا شکار بناتا تھا۔ جدید جمہوریت میںاِس کے برعکس، سیکولر پالیسی کو اختیار کیا گیا، یعنی مشترک مادی امور کو ریاست کے دائرے میں رکھنا اور مذہب اور کلچر کے معاملے میں لوگوں کو کامل آزادی عطا کرنا۔"
        },
        {
          "para_id": "C09P04",
          "text": "ہر معاشرے کے لیے ضرورت ہوتی ہے کہ وہاں امن کا ماحول ہو۔ امن کے بغیر کسی بھی قسم کی کوئی ترقی نہیں ہوسکتی۔ سیکولر ازم ایک عملی پالیسی کی حیثیت سے قیامِ امن کی یہی تدبیر ہے۔ اِسی تدبیر نے موجودہ زمانے میں ترقی یافتہ ملکوں کو قدیم طرز کی مذہبی لڑائیوں سے بچایا ہے۔ چناں چہ انڈیا سے لے کر امریکا اور برطانیہ تک سیکولر اسٹیٹ کے اصول کو اختیار کیاگیا۔ اِس کا مطلب مذہبی مخالفت نہیں، بلکہ مذہبی عدم مداخلت ہے۔ چناںچہ اِن ملکوں میں ہر مذہبی گروہ کو مکمل آزادی حاصل ہے۔ اِن ملکوں میں جو چیز ممنوع ہے، وہ صرف تشدد ہے نہ کہ اپنے مذہب پر عمل۔"
        },
        {
          "para_id": "C09P05",
          "text": "سیکولر ازم کے معاملے میں جو لوگ منفی ذہن رکھتے ہیں، اُس کا سبب یہ ہے کہ وہ دو چیزوں میں فرق نہیں کرتے۔ وہ سیکولر فلاسفی اور سیکولر پالیسی، دونوں کو ایک کرکے دیکھتے ہیں۔ حالاں کہ اِس معاملے میں درست رائے قائم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ دونوں کو ایک دوسرے سے الگ کرکے دیکھا جائے۔"
        },
        {
          "para_id": "C09P06",
          "text": "سیکولرازم کے بارے میں منفی ذہن رکھنے والے لوگ ایک اور غلط فہمی کا شکار ہیں۔ وہ سیکولر پالیسی کو صرف مشترک مادی امور تک محدود نہیں رکھتے، بلکہ وہ اس کو مذہبی مخالفت کے ہم معنیٰ سمجھ لیتے ہیں۔ حالاں کہ موجود زمانے میں سیکولر حکومت کا مطلب مخالفِ مذہب حکومت نہیں ہے، بلکہ اس کا مطلب صرف یہ ہے کہ حکومت مذہبی امور میں عدم مداخلت (non-interference) کی پالیسی کی پابند ہے۔ اِس معاملے میں ساری غلط فہمی اس لیے پیدا ہوئی ہے کہ ان لوگوں نے عدم مداخلت کو مخالفت کے ہم معنیٰ سمجھ لیا۔"
        },
        {
          "para_id": "C09P07",
          "text": "اِس معاملے کا ایک پہلو اور ہے، وہ یہ کہ مذہبی آزادی کے اصول میں بیک وقت دو قسم کی آزادی شامل ہے— مذہبی عمل اور مذہبی تبلیغ۔ موجودہ زمانے کے تمام سیکولر ملکوں میں یہ دونوں قسم کی آزادی لوگوں کو مکمل طورپر ملی ہوئی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ایک مذہبی گروہ انفرادی طورپر اپنے مذہب پر عمل کرتے ہوئے دوسرے مذہبی گروہوں کے درمیان اپنے مذہب کی پُرامن تبلیغ پوری طرح جاری رکھ سکتا ہے۔ یہ آزادی اِس حد تک حقیقی ہے کہ اِن ملکوں میں بہت سے لوگ اپنا مذہب بدل لیتے ہیں اور ان پر حکومت کی طرف سے کوئی پابندی عائد نہیں کی جاتی ہے۔ مثلاً حال میں انڈیا میں پست طبقے کے ایک لاکھ ہندوؤں نے بدھ ازم کو قبول کرلیا۔ اِسی طرح امریکا میں ہر سال تقریباً ایک لاکھ امریکی، اسلامی مذہب کو اختیار کرتے ہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C09P08",
          "text": "اس اعتبار سے دیکھیے تو سیکولر پالیسی کا مطلب یہ ہے کہ کوئی مذہبی گروہ بَر وقت انفرادی دائرے میں اپنے مذہب پر عمل کرتے ہوئے یہ کوشش کرسکتا ہے کہ وہ دوسروں کے فکر اور عقیدے کو بدل سکے۔ یہ تبدیلی اگر بڑے پیمانے پر ہوجائے تو یہ بھی ممکن ہے کہ آئندہ ملک کی اکثریت اپنے فکر اور عقیدے کو بدل لے۔ اِس طرح ایسا ہو کہ جو مذہبی فکر، حال میں انفرادی دین کی حیثیت رکھتا ہے، وہ مستقبل میں اجتماعی دین کا درجہ حاصل کرلے۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C10",
      "chapter_title": "فتویٰ کا غلط استعمال",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C10P01",
          "text": "ریاست جموں اورکشمیرمیں اکثر،فوج اور تشدد پسندوں کے درمیان ٹکراؤ ہوتا ہے۔ ایسے موقع پر تشدد پسند لوگ عموماً ایسا کرتے ہیں کہ وہ مذہبی عمارتوں میں داخل ہو کر وہاں پناہ لے لیتے ہیں اور وہاں سے اپنی کارروائیاں کرتے ہیں۔ اِس کے نتیجے میں دونوں طرف سے گولیاں چلتی ہیں اور فطری طورپر مذہبی عمارت کو نقصان پہنچتا ہے۔ یہ صورتِ حال وادی کے مدرسے اور مسجد اور درگاہ، وغیرہ میں عرصے سے جاری ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C10P02",
          "text": "ہندستانی فوج نے اِس صورتِ حال کے پیش نظر عرصے سے کشمیر میں ’سد بھاؤنا آپریشن‘ کے نام سے ایک مہم چلا رکھی ہے۔ اُن کے پاس گورنمنٹ آف انڈیا کا فنڈ ہوتا ہے۔ وہ لوگ اس کی مدد سے مسجد اور مدرسہ ا ور خانقاہ کی عمارتوں میں ٹوٹ پھوٹ کی مرمت کرتے ہیں اور اُس کو پھر سے درست کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ کام کشمیر میں کئی سالوں سے جاری ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C10P03",
          "text": "جون 2007  میں سری نگر کے علاقہ راجوری کدَل میں علما کی ایک کانفرنس ہوئی۔ اِس میں کشمیری مسلمانوں کے مذہبی رہ نما 350  کی تعداد میںشریک ہوئے۔ یہاں انھوں نے فتویٰ یا بیان کی صورت میں متفقہ طورپر ایک ریزولوشن پاس کیا۔ اِس میں کہاگیا تھا کہ مسجد کی مرمّت غیر مسلموں کے ہاتھ سے کرنا، اسلام میں حرام ہے۔ اِس لیے سَد بھاؤنا آپریشن کا یہ کام دین میں مداخلت کی حیثیت رکھتا ہے، گورنمنٹ آف انڈیا کو چاہیے کہ وہ اِس کام کو فوراً بند کرے۔"
        },
        {
          "para_id": "C10P04",
          "text": "یہ فتویٰ یا بیان سرتاسر بے بنیاد ہے، یہ اسلام کو اپنے سیاسی مقصد کے لیے استعمال کرنا ہے، اُس کا اسلامی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں۔ اسلام کی تاریخ میں، اور خود ہندستان میںایسا برابر ہوتا رہا ہے کہ غیر مسلم لوگوں کے تعاون سے مسجدیں بنائی گئی ہیں یا اُن کی مرمّت کاکام ہوا ہے، مگر علما نے کبھی اِس کام کو غلط نہیں بتایا۔"
        },
        {
          "para_id": "C10P05",
          "text": "اِس معاملے میں سب سے بڑی مثال خود کعبہ کی ہے، جو گویا کہ تمام مسجدوں کا نمائندہ ہے۔ جیسا کہ معلوم ہے، کعبہ یا بیت ُ اللہ کو مکہ میں چار ہزار سال پہلے حضرت ابراہیم علیہ السلام نے بنایا تھا۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت ساتویں صدی عیسوی کے رُبعِ اوّل میں ہوئی۔ اُس وقت وہاں کعبہ کی جو سنگی عمارت تھی، وہ ابراہیمی تعمیر کے مطابق نہ تھی۔"
        },
        {
          "para_id": "C10P06",
          "text": "تاریخ سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت سے پہلے کعبہ کی ابراہیمی عمارت بارش کی وجہ سے ڈھ گئی تھی۔ اُس وقت مکہ کے لوگوں نے کعبہ کی دوبارہ تعمیر کی۔ مکہ کے یہ لوگ مشرک اور بت پرست تھے۔ گویا کہ رسول اللہ کی بعثت کے وقت مکہ میں خانۂ کعبہ کی جو عمارت تھی، وہ مشرکین کے ہاتھوں بنائی گئی تھی، مگر رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کبھی اُس پر اعتراض نہیں کیا، یہاں تک کہ ہجرت کے آٹھویں سال جب مکہ فتح ہوگیا اور رسول اللہ کو وہاں کا اختیار حاصل ہوگیا، تب بھی آپ نے ایسا نہیں کیا کہ آپ مشرکین کے بنائے ہوئے کعبہ کو ڈھائیں اور دوبارہ اس کو اہلِ ایمان کے ذریعے تعمیر کرائیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C10P07",
          "text": "تاریخ مزید بتاتی ہے کہ فتحِ مکہ کے وقت کعبہ کے اوپر جو غلاف تھا، وہ مشرکین کا بنایا ہوا تھا۔ اُس کو بنانے میں بت پرستوں کا مال استعمال ہوا تھا، مگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مکہ پر فتح حاصل کرنے کے باوجود اُس قدیم غلاف کو نہیں بدلا۔ بعد کو ایسا ہوا کہ ایک عورت کی غلطی سے یہ غلاف جل گیا۔ اِس کے بعد آپ نے نیا غلاف تیار کرکے اُس کے اوپر ڈالا۔ گویا کہ غلاف کی تبدیلی صرف اُس وقت کی گئی، جب کہ یہ تبدیلی ایک ناگُزیر ضرورت بن گئی تھی۔"
        },
        {
          "para_id": "C10P08",
          "text": "تاریخ میں اِس طرح کے بہت سے واقعات ہیں جو واضح طورپر یہ بتاتے ہیں کہ مسجد یا مدرسے میں غیر مسلم کا تعاون لینا عین جائز ہے، اس میں کسی بھی قسم کا کوئی حرج نہیں۔ ایسے فعل کو دین میں مداخلت کہنا، سرتاسر غلط ہے، بلکہ وہ فتنہ انگیز ہے۔ کیوں کہ اِس سے مسلم اور غیر مسلم کے درمیان تعلقات غیر ضروری طور پر بگڑ سکتے ہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C10P09",
          "text": "کسی مسجد یا مدرسے کی بلڈنگ بذاتِ خود مسجد یا مدرسہ نہیں ہے، وہ صرف مسجد یا مدرسے کا ظاہری ڈھانچہ ہے۔ مسجد اصلاً عبادت کا مقام ہے، اِسی طرح مدرسہ اصلاً تعلیم کا مقام ہے۔ ظاہری ڈھانچے کے بارے میں اِس قسم کے فتوے یا بیانات، اسلام کی روح کو سخت نقصان پہنچانے والے ہیں۔ اِس سے غیر ضروری طورپر ساری اہمیت ڈھانچے کی بن جاتی ہے۔ حالاں کہ صحیح یہ ہے کہ عبادت اور تعلیم کو اہمیت دی جائے۔ سارا زور اور تاکید بہتر عبادت اور بہتر تعلیم پر ہو۔ ڈھانچے کے بارے میں اِس قسم کی باتیں کرنا، لوگوں کے ذہن کو بگاڑنا ہے۔ اور ذہن کو بگاڑنا، اسلام میں ایک جرم کی حیثیت رکھتا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C10P10",
          "text": "اِس قسم کا منفی ذہن مسلمانوں کے اندر کیوں پیدا ہوا، اُس کا سبب صرف ایک ہے۔ اور وہ یہ کہ مسلمانوں نے موجودہ زمانے میں دعوت کا مزاج کھو دیا۔ دوسری اقوام ان کے لیے مدعو نہ رہیں، بلکہ وہ اُن کی حریف اور رقیب بن گئیں۔ اِسی منفی مزاج کا نتیجہ ہے جو کہ مذکورہ قسم کی نامحمود چیزوں کی صورت میں برآمد ہورہا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C10P11",
          "text": "صحیح مسلم مزاج وہ ہے جس کو دعوتی مزاج کہا جاتا ہے۔ اِس کے مقابلے میں مسلمانوں کا جو موجودہ مزاج ہے، وہ قومی مزاج ہے نہ کہ دعوتی مزاج۔ دعوت، دوسرے انسانوں تک خدا کا ابدی پیغامِ رحمت پہنچانے کانام ہے۔ اِس قسم کا مشن اپنے آپ داعی کو دوسرے انسانوں کا ہمدرد اور خیر خواہ بنا دیتا ہے۔ یہ مشن آدمی کے اندر دوسرے انسانوں کے لیے محبت کے جذبات پیدا کرتا ہے۔ یہ مشن آدمی کودوسرے انسانوں کے حق میں نرم او رشفیق بنادیتا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C10P12",
          "text": "قومی مزاج کا معاملہ اِس کے برعکس ہے۔ قومی مزاج آدمی کے اندر دوسروں کے خلاف رقیبانہ مزاج پیدا کردیتا ہے۔ قومی مزاج ہمیشہ مادّی مفادات کی بنیاد پر بنتا ہے۔ اِس قسم کے مزاج میں دوسروں کے لیے شکایات ہوتی ہیں، نہ کہ ہمدردی اور خیر خواہی۔ آج کل مسلمانوں کے اندر عام طورپر یہی قومی مزاج بن گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ دوسروں کے بارے میں منفی نفسیات میں مبتلا ہوگیے ہیں۔ یہ منفی مزاج اُن کے تمام مسائل کا اصل سبب ہے۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C11",
      "chapter_title": "بدلتی ہوئی دنیا میں مسلمانوں کا لائحۂ عمل",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C11P01",
          "text": "5  اگست 2007  کی شام کو راقم الحروف نے ایک کشمیری اجتماع کو خطاب کیا۔ یہ ٹیلی فون پر ہونے والا ایک خطاب تھا۔ میںنے دہلی سے اپنے ٹیلی فون پر تقریر کی اور سری نگر میں اکھٹا ہونے والے کشمیری مسلمانوں نے اسپیکر ٹیلی فون پر اُس کو سنا۔ یہ خطاب کسی قدر اضافے کے ساتھ یہاں نقل کیا جاتاہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C11P02",
          "text": "مجھ سے اکثر سوال کیا جاتا ہے کہ موجودہ زمانے کے مسلمانوں کے لیے لائحۂ عمل کیا ہے۔ میں کہوں گا کہ اُن کے لائحۂ عمل کا پہلا نکتہ ری اسیس مینٹ(re-assessment) ہے، یعنی ماضی میں اپنی کوششوں کا تنقیدی جائزہ۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ مسلمانوں نے اپنے ماضی میں جان ومال کی غیرمعمولی قربانیاں دی ہیں۔ یہ قربانیاں اب تک جاری ہیں۔ ایسی حالت میں پہلا سوال یہ ہے کہ ان کوششوں کے نتیجے میں مسلمانوں نے کیا پایا اور کیا کھویا۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ کہنے کے لیے کسی دلیل کی ضرورت نہیں کہ موجودہ زمانے کے مسلمانوں نے مسلّح جدوجہد کے باوجود اپنے مقصد کو کسی بھی درجے میں نہیں پایا، بلکہ انھوںنے صرف اپنی تباہی میں مزید اضافہ کیا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C11P03",
          "text": "ایسی حالت میں موجودہ مسلمانوں کے لیے کرنے کا پہلا کام یہ ہے کہ وہ جہاد کے نام پر کی جانے والی موجودہ مسلّح جدوجہد کو فوراً بند کردیں، تاکہ کم ازکم ایسا ہو کہ وہ اپنے آپ کو مزید تباہی سے بچالیں۔ جہاد (بمعنیٰ قتال) کا مقصد اپنے آپ کو ہلاک کرنا نہیں ہے، بلکہ کسی مطلوب فائدے کو حاصل کرنا ہے۔ جب مطلوب فائدہ حاصل نہ ہو رہا ہو تو ٹکراؤ کی سیاست حرام کے درجے میں قابلِ ترک ہوجاتی ہے۔ یہی اب مسلمانوں کو کرنا چاہیے۔"
        },
        {
          "para_id": "C11P04",
          "text": "میں جون1989  میں سری نگر گیا تھا۔ وہاں میں نے اپنی ایک تقریر میں کہا کہ اگر آپ شہر سے باہر جائیں تو آپ دیکھیں گے کہ پہاڑ سے گھری ہوئی وادیوں میں ہر طرف پانی کے چشمے بہہ رہے ہیں۔ یہ چشمے آپ کو خدا کا ایک پیغام دے رہے ہیں۔ اِن چشموں کا حال یہ ہے کہ وہ مسلسل بہہ رہے ہیں۔ اُن کے راستے میں بار بار پتھر آتے ہیں۔ یہ پتھر بظاہر چشمے کے لیے ایک رکاوٹ ہیں، لیکن چشمہ پتھروں سے نہیں ٹکراتا، بلکہ وہ ٹکراؤ کو اوائڈ کرتے ہوئے پتھر کے دائیں یا بائیں سے نکل جاتا ہے اور اِس طرح وہ اپنے سفر کو آگے کی طرف مسلسل جاری رکھتا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C11P05",
          "text": "میں نے کہا تھا کہ کشمیریوں کو اپنے قریب بہتے ہوئے چشموں سے سبق لینا چاہیے۔ انھوں نے انڈیا سے یا انڈیا کی آرمی سے غیر ضروری ٹکراؤ کار استہ اختیا رکیا ہے۔ یہ ٹکراؤ اُنھیں تباہی کے سوا کچھ اور دینے والا نہیں۔ میرا یہ انتباہ اب آخری طورپر درست ثابت ہو چکا ہے۔ اب کشمیری مسلمانوں کے لیے آخری طورپر وہ وقت آگیا ہے جب کہ وہ ٹکراؤ یا مسلّح جدوجہد کا طریقہ مکمل طورپر چھوڑ دیں۔ وہ پُرامن میدان میں اپنی تعمیر کے کام میں لگ جائیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C11P06",
          "text": "آج کل نہ صرف کشمیر کے مسلمان، بلکہ ہر جگہ کے مسلمان ٹکراؤ کی سیاست کو اختیار کیے ہوئے ہیں۔ کچھ لوگ عملاً ٹکراؤ کی سیاست چلارہے ہیں۔ جو لوگ ٹکراؤ کی سیاست میں عملاً شامل نہیں ہیں، وہ بھی اِسی انداز میں سوچتے ہیں۔ اُن کے پاس بھی سوچنے کاکوئی اور فریم ورک موجود نہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C11P07",
          "text": "اِس معاملے پر غور کرنے سے یہ سمجھ میںآتا ہے کہ موجودہ زمانے کے مسلمان بد قسمتی سے اُس چیز سے محروم ہیں جس کو بصیرتِ زمانہ کہا جاتا ہے۔ موجودہ زمانہ ایک نیا زمانہ تھا۔ اب ہر چیزبدل چکی تھی۔ ایسی حالت میں ضروری تھا کہ سب سے پہلے زمانے کو سمجھا جائے اور پھر زمانے کی رعایت سے اپنے عمل کی نئی منصوبہ بندی کی جائے، لیکن ایسا نہ ہوسکا۔ ہمارے تمام رہ نما ردّ ِعمل کی نفسیات کا شکار ہوگیے۔ انھوں نے ردّ عمل کے تحت، مفروضہ دشمنوں کے خلاف جنگ چھیڑ دی۔ اِس قسم کی جنگ زمانے سے بے خبری کا نتیجہ تھی، اِس لیے وہ مکمل طورپر ناکام ہو کر رہ گئی۔"
        },
        {
          "para_id": "C11P08",
          "text": "قدیم زمانے کو زرعی دَور کہا جاتا ہے۔ قدیم زمانے میں ہر جگہ بادشاہت کا رواج تھا۔ اِس نظام کے تحت سب سے زیادہ اہمیت پالٹکس کی ہوگئی تھی۔ اِس طرزِ فکر کے تحت لوگوں کے پاس سوچنے کا فریم ورک صرف ایک تھا، اور وہ تھا پولٹکل ایکٹوزم۔ موجودہ زمانے کے مسلم رہ نماؤں کا ذہن اِسی فکری تسلسل کے تحت بنا، چناںچہ جب موجودہ زمانے میں مسلمانوں کے لیے مسائل پیدا ہوئے تو انھوںنے اپنے متاثّر ذہن (conditioned mind)   کے تحت، فوراً پولٹکل ایکٹوزم کا طریقہ اختیار کرلیا۔"
        },
        {
          "para_id": "C11P09",
          "text": "یہی وہ مقام ہے جہاں بصیرتِ زمانہ کی ضرورت تھی۔ ہمارے رہ نماؤں کو جاننا چاہیے تھا کہ اب پولٹکل ایکٹوزم کا دور ختم ہوگیا۔ اب مکمل معنوں میں پیس فُل ایکٹوزم کا زمانہ آچکا ہے۔ اب ایسے مواقع پیدا ہوچکے ہیں کہ پُرامن طریقِ کار کے ذریعے وہ سب کچھ مزید اضافے کے ساتھ حاصل کیا جاسکتا ہے جس کی امید پہلے صرف سیاسی جدوجہد سے کی جاسکتی تھی۔"
        },
        {
          "para_id": "C11P10",
          "text": "موجودہ زمانے میں جو تبدیلیاں پیدا ہوئی ہیں، اُس کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ اُس نے مواقع (opportunities) کو ہر ایک کے لیے یکساں طورپر کھول دیا ہے۔ قدیم زمانے میں مواقعِ کار صرف اونچے طبقے کے کچھ لوگوں کو حاصل ہوتے تھے، اب مواقعِ کار عام انسانوں کی دست رس تک پہنچ گیے ہیں۔ پچھلا زمانہ ہر اعتبار سے محدودیت کا زمانہ تھا، اب جدید اسباب نے تمام حد بندیاں توڑ دی ہیں۔ اب ہر آدمی ہر کام کرنے کی پوزیشن میں ہوگیا ہے۔ پہلے زمانے میں علم کے نام سے آدمی بہت کم چیزوں کو جانتا تھا، اب علمی انفجار(knowledge explosion)  کا زمانہ ہے۔ پہلے زمانے میں سیاسی طاقت سب سے بڑی طاقت سمجھی جاتی تھی، اب تعمیری اداروں اور غیر سیاسی تنظیموں نے سب سے بڑی طاقت کا درجہ حاصل کرلیا ہے، وغیرہ۔"
        },
        {
          "para_id": "C11P11",
          "text": "موجودہ زمانے میں سیکولرازم نے حکومتوں کو پابند کردیا ہے کہ وہ لوگوں کے معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی اختیار کریں۔ اب دنیا میں جمہوریت کا زمانہ ہے، جو عوام کی سیاسی حصے داری (power sharing) پر مبنی ہے۔ پہلے اقتصادیات کا تعلق صرف زراعت سے تھا، اب جدید صنعت نے اقتصادیات کو ہر ایک کی دست رس تک پہنچا دیا ہے۔ پہلے مذہبی جبر کا زمانہ تھا، اب دنیا میں مکمل طورپر مذہبی آزادی کا زمانہ ہے۔ پہلے کوئی بڑا کام صرف بادشاہ کرسکتا تھا، اب اِداروں (institutions)   اور غیر سیاسی تنظیموں کے ذریعے ہر کام کرنا ممکن ہوگیا ہے۔ پہلے زمانے میں صرف پولٹکل ایمپائر بن سکتا تھا، اب یہ ممکن ہوگیا ہے کہ غیر سیاسی سطح پر عالمی دعوہ ایمپائر بنایا جاسکے۔ پہلے یہ سمجھا جاتا تھا کہ صرف تلوار میں طاقت ہے، اب پُرامن ذرائع کا دائرہ اتنا بڑھ گیا ہے کہ آج تقریباً ہر چیز پُرامن ذرائع سے حاصل کی جاسکتی ہے، وغیرہ۔"
        },
        {
          "para_id": "C11P12",
          "text": "اِن حالات میں متشددانہ طریقِ کار یا لڑائی کا طریقہ اختیار کرنا، ایک قسم کا خلافِ زمانہ عمل (anachronism) بن چکا ہے۔جدید اصولوں کے مطابق، آدمی اگر تشدد نہ کرے تو وہ ہر کام کے لیے آزاد ہے۔ ایسی حالت میں اب تشدد کا طریقہ اختیار کرنا، ایک قسم کی دیوانگی ہے۔ کیوں کہ تشدد کا طریقہ اختیار کرتے ہی آدمی غیر ضروری طور پر اپنے آپ کو محروم بنا لیتا ہے۔ وہ اِس قابل نہیں رہتا کہ وہ جدید مواقع کار سے فائدہ اٹھائے اور اپنے مستقبل کی عظیم تعمیر کرے۔"
        },
        {
          "para_id": "C11P13",
          "text": "یہاں یہ سوال ہے کہ موجودہ زمانے کے مسلمانوں نے یہ تباہ کُن طریقہ کیوں اختیار کیا کہ انھوںنے سیاسی غلبے کو اپنا نشانہ بنا لیا۔ یہی وجہ ہے کہ بہت جلد انھوںنے جہاد کے نام سے متشددانہ طریقِ کار کو اختیار کرلیا اور آخر کار استشہاد (طلبِ شہادت) کے نام پر وہ خود کُش بم باری کی تباہ کُن حد تک پہنچ گیے۔"
        },
        {
          "para_id": "C11P14",
          "text": "اِس بھیانک غلطی کا سبب موجودہ زمانے میں پیش کی جانے والی اسلام کی سیاسی تعبیر تھی۔ اسلام کی سیاسی تعبیر بلا شبہہ ایک بے بنیاد تعبیر تھی، لیکن موجودہ سیاسی حالات نے اِس تعبیر کو موافق فضا دے دی۔ اِس بنا پر بہت سے لوگ، خاص طور پر نوجوان طبقہ، اِس مغالطہ آمیز سیاسی تعبیر کے زیرِ اثر آگیا اور اسلام کی عالمی حکومت قائم کرنے کے نام پر ایک پُر شور سیاسی تخریب کا عمل جاری کردیا۔"
        },
        {
          "para_id": "C11P15",
          "text": "موجودہ زمانے میں جو انقلاب آیا، وہ عین خدا کی منشا کے مطابق تھا۔ وہ اِس لیے تھا کہ اہلِ اسلام، سیاسی نزاع اور متشددانہ ٹکراؤ سے بچ کر اسلامی دعوت کا ایک عالمی ایمپائر بنا سکیں۔ موجودہ زمانے میں ایسا کرنا عین ممکن بن چکا تھا، لیکن ٹکراؤ کی متشددانہ سیاست نے سارے امکانات کو تباہ کردیا۔"
        },
        {
          "para_id": "C11P16",
          "text": "سیاسی اقتدار کی اصطلاحوں میں سوچنے کے بہت نقصانات ہوئے۔ اُن میں سے ایک نقصان یہ تھا کہ موجودہ زمانے کے کئی امکانات کو مسلم رہ نما بالکل سمجھ نہ سکے۔ مثلاً موجودہ زمانے میں ایک جدید ظاہرہ وہ پیدا ہوا ، جس کو گلوبل ولیج اور گلوبلائزیشن کہاجاتا ہے۔ یہ ہمارے لیے ایک عظیم نعمت تھی۔ خصوصاً اسلامی دعوت کے لیے اُس نے عالمی مواقع کھول دیے، مگر بگڑے ہوئے ذہن کی بنا پر مسلم رہ نما اِس حقیقت کو سمجھ نہ سکے اور غیر ضروری طور پر وہ اُس کے مخالف بن گیے۔"
        },
        {
          "para_id": "C11P17",
          "text": "اِسی منفی ذہن کی بنا پر موجودہ زمانے کے مسلم رہ نماؤں نے جگہ جگہ علاحدگی پسندی اور سپریشن کی تحریک چلا دی۔آج کا زمانہ یونی ورسلائزیشن کا زمانہ تھا، مگر انھوںنے مسلمانوں کو محدودیت کے خول میں بند کرنے کی ناقابلِ فہم غلطی کا ارتکاب کیا۔ یہ اتنی بڑی غلطی تھی کہ اس کے بعد ان رہ نماؤں کا کوئی بھی کارنامہ اِس غلطی کی تلافی نہ کرسکا۔"
        },
        {
          "para_id": "C11P18",
          "text": "خلاصہ یہ کہ موجودہ زمانے میں مسلمانوں کے لیے کسی موثر ملّی عمل کا نقطۂ آغاز یہ ہے کہ وہ یہ اعتراف کریں کہ انھوں نے ماضی میں غلط نشانہ بنایا۔ اِس غلطی کا کھُلا اعتراف کرنے کے بعد دوسرا کام یہ ہے کہ مسلمان موجودہ سیاسی ٹکراؤ اور جہاد کے نام پر مسلّح عمل کو مکمل طوپر ترک کردیں۔ اُس کے بعد مسلمانوں کے لیے عمل کا جو نشانہ بنے گا، وہ دو نکاتی فارمولے پر مشتمل ہوگا— اپنی نئی نسلوں کو اعلیٰ تعلیم میں آگے بڑھانا، اور دعوہ ورک کو اپنا نشانہ قرار دینا۔ اِس کے سوا کوئی اور لائحۂ عمل، مسلمانوں کو اعلیٰ کامیابی تک پہنچانے والا نہیں۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C12",
      "chapter_title": "نشانیوں سے سبق نہ لینا",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C12P01",
          "text": "قرآن کی سورہ نمبر بارہ کی ایک آیت کا ترجمہ یہ ہے:’’اور آسمانوں اور زمین میں کتنی ہی نشانیاں جن پر اُن کا گزر ہوتا رہتا ہے اور وہ اُن پر دھیان نہیں کرتے‘‘۔ (یوسف: 105  )"
        },
        {
          "para_id": "C12P02",
          "text": "اِس آیت میں بتایا گیا ہے کہ خدا کی طرف سے مسلسل انسانی تاریخ میں ایسی نشانیاں ظاہر کی جارہی ہیں جو انسان کو اپنی محدودیت یاد دلائیں اور اُس کو اِس حقیقت کی طرف متوجہ کریں کہ وہ خدا کی رہ نمائی کے بغیر اپنے لیے کامیاب زندگی کی تعمیر نہیں کرسکتا، لیکن انسان غفلت کا شکار ہو کر اِن نشانیوں سے سبق نہیں لیتا اور اپنی محرومی کا خاتمہ نہیں کرپاتا۔"
        },
        {
          "para_id": "C12P03",
          "text": "پچھلے پانچ ہزار سال سے دنیا کے تمام بڑے بڑے دماغ اِس میں مشغول تھے کہ وہ فلسفیانہ غوروفکر کے ذریعے سچائی کو دریافت کرلیں، لیکن لمبی کوشش کے بعد صرف یہ معلوم ہوا کہ فلسفے کا طریقہ کسی یقینی منزل تک پہنچانے کے لیے سراسر ناکافی ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C12P04",
          "text": "جدید سائنس کے ظہور کے بعد انسان نے یہ سمجھا کہ سائنسی میتھڈ کے ذریعے وہ سچائی کو دریافت کرسکتا ہے، لیکن آخر کار صرف یہ معلوم ہوا کہ سائنسی میتھڈ آدمی کو صرف چیزوں کے علم (knowledge of things) تک پہنچا سکتا ہے، وہ آدمی کو سچائی کے علم (knowledge of truths)  تک پہنچانے والا نہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C12P05",
          "text": "ہزاروں سال سے انسان یہ سمجھتا تھا کہ روحانی طریقوں کے استعمال سے وہ سچائی تک پہنچ سکتا ہے۔ یہ فرض کرلیا گیا تھا کہ انسان کا دل تمام حقیقتوں کا خزانہ ہے۔ دل میں اپنے دھیان کو مرتکز کرکے سچائی کی دریافت کی جاسکتی ہے، لیکن آخر کار یہ ثابت ہوا کہ دل صرف گردشِ خون کا ذریعہ ہے، وہ حقائق و معارف کا خزانہ نہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C12P06",
          "text": "اِسی طرح جدید تہذیب کی ترقیوں کو دیکھ کر یہ امید قائم کرلی گئی تھی کہ تہذیب کا سفر آخر کار انسان کو اس کی مطلوب دنیا تک پہنچادے گا، لیکن حال میں گلوبل وارمنگ (Global Warming) کا مسئلہ ظاہر ہوا اور یہ معلوم ہوا کہ موجودہ دنیا اب اپنے خاتمے کے قریب پہنچ گئی ہے، یہاں مطلوبہ تہذیب کا قیام سرے سے ممکن ہی نہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C12P07",
          "text": "اِس قسم کی نشانیاں، فطرت میں اور تاریخ میں، مسلسل ظاہر ہورہی ہیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ خالق نے موجودہ دنیا کے لیے جو مدت مقرر کی تھی، وہ مدت اب تمام ہوچکی ہے۔ اور وہ وقت آگیا ہے کہ موجودہ دنیا کو ختم کر دیا جائے، تاکہ اس کے بجائے اگلی دنیا (world hereafter) شروع ہوسکے۔ قرآن کے یہ الفاظ شاید اِسی حقیقت کی طرف اشارہ کررہے ہیں— ’’جس دن ہم آسمان کو لپیٹ دیں گے جس طرح طومار میں کاغذ لپیٹ دیے جاتے ہیں۔ جس طرح ہم نے تخلیق کی ابتدا کی تھی، اُسی طرح ہم پھر اُس کا اعادہ کریں گے۔ یہ ہمارے ذمّے وعدہ ہے اور ہم اُس کو کرکے رہیں گے‘‘ (الأنبیاء:  104)"
        },
        {
          "para_id": "C12P08",
          "text": "اب آخری طورپر وہ وقت آگیا ہے جب کہ انسان بیدار ہو۔ وہ فطرت میں اور تاریخ میں ظاہر ہونے والی نشانیوں سے سبق لے اور اپنی زندگی کی اِس طرح منصوبہ بندی کرے جو اگلے مرحلۂ حیات (post-death period)  میں اُس کے کام آسکے۔ جو آدمی اِس موقع کو کھو دے، اُس کو جاننا چاہیے کہ اُس کے لیے دوبارہ کوئی موقع آنے والا نہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C12P09",
          "text": "انسان کو اپنے مستقبل کی تعمیر کے لیے صرف ایک ہی چانس دیا گیا ہے، یہ آدمی کے اوپر ہے کہ وہ اس کو استعمال کرتا ہے، یا اس کو ہمیشہ کے لیے کھودیتا ہے۔ جو لوگ اِس چانس کو استعمال کرسکیں، ان کے لیے ابدی جنت ہے اور جو لوگ اِس چانس کو استعمال کرنے میں ناکام رہیں، ان کا انجام بائبل کے الفاظ میں یہ ہے — ایسے لوگ آگ کی بھٹی میں ڈال دیے جائیں گے اور وہاں ان کے لیے ابدتک رونا اور دانت پیسنا ہوگا:"
        },
        {
          "para_id": "C12P10",
          "text": "And will cast them into the furnace of fire. There will be wailing and gnashing of teeth. (Matthew 13: 42)"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C13",
      "chapter_title": "مسلم مسلک کیا ہے",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C13P01",
          "text": "مسلم مسلک کیا ہے۔ اِس سوال کے جواب میں اکثر یہ کہا جاتا ہے کہ مسلمان اپنی دشمن قوموں کی سازش کا شکار ہیں، یہ اغیار کی سازش ہے جس نے مسلمانوں کو موجودہ زمانے میں مسائل سے دوچار کررکھا ہے۔ یہ جواب، قرآن کی صراحت کے مطابق، یقینی طورپر بے بنیاد ہے۔ قرآن کی سورہ نمبر3 میں ارشادہوا ہے کہ: وإن تصبروا وتتقوا لا یضرکم کیدُہم شیئًا (آل عمران: 120 ) یعنی تم اگر صبر کرو اور تقویٰ اختیار کرو تو دشمن کی سازش تم کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکے گی۔ صاحب مدارک التنزیل نے اِس آیت کی تشریح میںلکھا ہے : ہٰذا تعلیمٌ من اللہ وإرشادٌ إلیٰ أن یُستعان علیٰ کید العدوّ بالصبر والتقویٰ۔ (یہ اللہ تعالیٰ کی تعلیم ہے اور اس کی ہدایت ہے کہ دشمن کی سازش کے مقابلے میں صبر اور تقویٰ سے مدد حاصل کی جائے)"
        },
        {
          "para_id": "C13P02",
          "text": "اِس پر آپ غور کیجیے تو معلوم ہوتا ہے کہ اہلِ ایمان کے لیے جو مسئلہ ہے، وہ سازش کی موجودگی نہیں ہے، بلکہ اصل مسئلہ صبر اور تقویٰ کی غیر موجودگی ہے۔ مذکورہ سوال کا یہ جواب قرآن کی براہِ راست نصّ سے ثابت ہے، اِس لیے اُس کے برحق ہونے پر کوئی شک نہیں کیا جاسکتا۔"
        },
        {
          "para_id": "C13P03",
          "text": "اِس آیت میں مسئلۂ سازش کے حل کے طورپر دو لفظ کا ذِکر آیا ہے— صبر اور تقویٰ۔ صبر کا مطلب دراصل سیلف کنٹرول (self-control)  ہے، یعنی پیش آمدہ صورتِ حال میں ردّعمل سے بچ کر اپنے اقدام کی مثبت منصوبہ بندی کرنا۔ کوئی صورتِ حال پیش آئے تو جذباتی تأثر کے تحت، جوابی کارروائی نہ کرنا بلکہ معاملے کے تمام  مالہٗ وما علیہ  (موافق اور غیر موافق پہلو) کا اندازہ کرکے سوچا سمجھا اقدام کرنا۔"
        },
        {
          "para_id": "C13P04",
          "text": "قرآن کی مذکورہ آیت میں دوسرا لفظ جو استعمال ہوا ہے، وہ تقویٰ ہے۔ یہاں تقویٰ کا مطلب خود قرآن کی ایک اور آیت سے واضح ہورہا ہے۔ دوسری جگہ قرآن میں ارشاد ہوا ہے: ولایجرمنکم شناٰن قومٍ علیٰ أن لا تعدلوا، إعدلوا ھو أقرب للتقویٰ (المائدۃ: 8) اِس آیت سے معلوم ہوتا ہے کہ تقویٰ کا مطلب ہے— دشمنی کی حالت پیدا ہونے کے باوجود عدل پر قائم رہنا، اشتعال کی حالت میں بھی انصاف کی روش پر برقرار رہنا۔"
        },
        {
          "para_id": "C13P05",
          "text": "قرآن کی اس آیت کی روشنی میں موجودہ زمانے کے مسلمانوں کے کیس پر غور کیجیے۔ یہ بات یقین کے ساتھ کہی جاسکتی ہے کہ موجودہ زمانے کے مسلمان کسی بھی ملک میںاِس قرآنی معیار پر پورے نہیں اترتے۔ ہر جگہ مسلمانوں کا حال یہ ہے کہ وہ مخالفِ مزاج باتوں پر مشتعل ہو کر عاجلانہ اقدام کربیٹھتے ہیں۔ وہ صرف انتقام کا فارمولا جانتے ہیں، عدل اور انصاف کا فارمولا اُنھیں معلوم ہی نہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C13P06",
          "text": "ایسی حالت میں مسلمانوں کے مسئلے کا حل صرف ایک ہے، اور وہ ہے اپنی پالیسیوں کے غلط ہونے کا اعتراف کرنا۔ دوسروں کو بُرا بتانے کے بجائے، خود اپنی کمزوریوں کو دریافت کرنا۔ اپنے سارے معاملے کا ری اسیس منٹ (reassessment) کرنا، اور پھر صبر اور تقویٰ کے اصول کی روشنی میںاپنے عمل کا نیا منصوبہ بنانا۔"
        },
        {
          "para_id": "C13P07",
          "text": "میرے نزدیک، موجودہ زمانے کے مسلمانوں کو تین نُکاتی فارمولے پر عمل کرنا چاہیے۔ اِس کے سوا اُن کے لیے کوئی بھی دوسرا لائحۂ عمل مفید نہیں ہوسکتا۔ وہ تین نکاتی فارمولا یہ ہے:"
        },
        {
          "para_id": "C13P08",
          "text": "1 -  دوسروں کے خلاف منفی تقریر اور تحریر کو مکمل طورپر ترک کردینا۔"
        },
        {
          "para_id": "C13P09",
          "text": "2 -  پوری نسل کو تعلیم یافتہ بنانے کی کوشش کرنا۔"
        },
        {
          "para_id": "C13P10",
          "text": "3 -  غیر مسلموں میں عالمی پیمانے پر اسلام کا مثبت تعارف۔"
        },
        {
          "para_id": "C13P11",
          "text": "کوئی بھی بڑا کام صرف مثبت ذہن کے لوگ انجام دیتے ہیں۔ نکتۂ اول کی اہمیت یہ ہے کہ وہ مسلمانوں کے اندر یہی مثبت ذہن پیدا کرتا ہے۔ موجودہ حالت میں مسلمانوں کی پہلی ضرورت یہ ہے کہ وہ تمام انسانیت کے لیے، دوست اور دشمن کی تفریق کے بغیر، خیر خواہ بن جائیں۔ ان کا نظریہ صرف اکرامِ مسلم نہ ہو، بلکہ ان کا نظریہ وسیع تر معنوں میں اکرامِ انسان ہو۔ ان کا برتاؤ ہر ایک کے لیے انسان فرینڈلی برتاؤ (insan-friendly behaviour)  بن جائے، نہ کہ صرف مسلم فرینڈلی برتاؤ۔"
        },
        {
          "para_id": "C13P12",
          "text": "حدیث میں مومن کی تعریف یہ کی گئی ہے کہ: أن یکون بصیراً بزمانہ، یعنی بصیرتِ زمانہ سے بہرہ وَر ہونا۔ تعلیم کا فائدہ یہی ہے۔ میرے نزدیک، تعلیم کا معیار یہ ہے کہ لوگ اپنی مادری زبان کے ساتھ عربی اور انگریزی زبانیں بھی بقدر ضرورت جانیں۔ تعلیم کا مقصد شعوری بیداری ہے، اور حقیقی معنوں میں شعوری بیداری کے لیے تین زبانوں کا جاننا ضروری ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C13P13",
          "text": "دعوت الی اللہ کا مقصد صرف دعوت کا اعلان کرنا نہیںہے، بلکہ اس کا اصل مقصد یہ ہے کہ غیرمسلموں کو یہ محسوس ہو کہ مسلمان، دنیا میں صرف لینے والے گروہ (taker group)  نہیں ہیں، بلکہ وہ دینے والے گروہ (giver group)    کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اِس دنیا میں بڑی کامیابی صرف اُس کو ملتی ہے جو دسرے کے لیے نافع بن جائے۔ شکایت اور احتجاج کا ذہن لے کر کوئی گروہ کبھی کوئی بڑی ترقی حاصل نہیں کرسکتا۔"
        }
      ]
    }
  ]
}