{
  "metadata": {
    "month": "August",
    "year": "2013",
    "source_url": "http://cpsalrisala.blogspot.com/2013/08/AugustAlrisala.html",
    "scrape_timestamp": "2026-03-26T14:27:11.535141"
  },
  "content": [
    {
      "chapter_id": "C01",
      "chapter_title": "لعلہم یرشدون",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C01P01",
          "text": "قرآن کی سورہ البقرہ میں ماہ صیام (رمضان) کے احکام بیان کیے گئے ہیں-اِس سلسلے میں ایک آیت ىہ ہے: وَاِذَا سَاَلَکَ عِبَادِیْ عَنِّىْ فَاِنِّىْ قَرِیْبٌ ۭ اُجِیْبُ دَعْوَةَ الدَّاعِ اِذَا دَعَانِ ۙفَلْیَسْتَجِیْبُوْا لِیْ وَلْیُؤْمِنُوْابِیْ لَعَلَّہُمْ یَرْشُدُوْنَ(2:186) یعنی جب میرے بندے تم سے میری بابت پوچھیں، تو میں نزدیک ہوں، پکارنے والے کی پکار کا جواب دیتا ہوں جب کہ وہ مجھے پکارتا ہے، تو چاہیے کہ وہ میرا حکم مانیں اور مجھ پر یقین رکھیں،تاکہ وہ ہدایت پائیں-"
        },
        {
          "para_id": "C01P02",
          "text": "’رشد‘  ’یرشد‘ کا مطلب ہے ہدایت پانا- القاموس المحیط میں اس کی تشریح ’اہتدى‘ کے لفظ سے کی گئی ہے، اور لسان العرب میں اِ س کا مفہوم بتانے کے لیے ’أصاب وجہَ الأمر‘ کے الفاظ استعمال کیے گئے ہیں- انگریزی زبان میں کہا جائے گا:  to find the truth  دوسرے الفاظ میں، اِس کا مطلب ہے— سچائی کی دریافت-"
        },
        {
          "para_id": "C01P03",
          "text": "اصل یہ ہے کہ انسان کی شخصیت کے دو پہلو ہیں—  جسم اور روح- جسم سے مراد آدمی کا مادی وجود ہے اور روح سے مراد اس کا ذہنی وجود ہے- روزے کے مہینے میں ایک شخص دن کے اوقات میں اپنے آپ کو کھانے اور پانی سے روکتا ہے- یہ عمل انسانی شخصیت کے مادی حصے کو دبانے (suppression) کے ہم معنی ہوتا ہے- دوسری طرف، یہ عمل انسانی شخصیت کے روحانی پہلو کو اٹھانے (uplift)کے ہم معنی ہے- اِس طرح آدمی اپنے آپ کو اِس کا اہل بناتا ہے کہ اس کی ذہنی اور روحانی صلاحیتیں بیدار ہوں، وہ برتر حقیقتوں کو دریافت کرنے کے قابل بن سکے- اِس طرح روزہ آدمی کو اِس قابل بناتا ہے کہ وہ مقصدِ اعلی سے کم تر کسی سطح پر جینے کے لیے تیار نہ ہو-"
        },
        {
          "para_id": "C01P04",
          "text": "یہی وہ چیز ہے جس کو قرآن کی مذکورہ آیت میں ’’رُشد‘‘ کہا گیا ہے-صحیح ہدایت (right guidance) ہر انسان کی پہلی ضرورت ہے- ہر عورت اور مرد کو چاہئے کہ وہ صحیح ہدایت پانے کو اپنا سب سے بڑا کنسرن (supreme concern)بنائے-"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C02",
      "chapter_title": "خالص اللہ کے لیےعمل",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C02P01",
          "text": "حضرت ابوہریرہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے روزے کے بارے میں فرمایا: کل عمل بن آدم یضاعف الحسنة بعشر أمثالہا إلى سبع مأة ضعف- قال اللہ تعالى: إلا الصوم، فإنہ لی وأنا أجزی بہ، یدع شہوتہ وطعامہ من أجلی (صحیح مسلم، رقم الحدیث:    1151  )  یعنی انسان کے ہر عمل کا اجر دس گنا سے سات سو گنا تک بڑھایا جاتا ہے- اللہ تعالی نے فرمایا :مگر روزہ کہ وہ میرے لیے ہے اور میں ہی اس کا بدلہ دوں گا- روزے دار میرے لیے اپنی شہوت کو اور اپنے کھانے کو چھوڑتا ہے-"
        },
        {
          "para_id": "C02P02",
          "text": "اِس حدیثِ رسول میں جس عظیم ثواب کا ذکر ہے، اس کا تعلق صرف روزے سے نہیں ہے ،بلکہ توسیعی طورپر  اُس کا تعلق ہر اُس عمل سے ہے جو  للّٰہ یا  لأجل اللّٰہ  کیا گیا ہو، یعنی وہ عمل جو خالص اللہ کے لیے کیا جائے- یہ وہ عمل ہے جو اللہ سے بے پناہ تعلق کے تحت ظہور میں آتا ہے-"
        },
        {
          "para_id": "C02P03",
          "text": "ایک انسان جس کو اللہ کی اعلی معرفت حاصل ہوئی ہو، جس کے اندر اللہ سے حبّ شدید (2:165) پیدا ہوگیا ہو، جو اللہ سے خوفِ شدید کی نفسیات میں جیتا ہو، جس کے تعلق باللہ نے اُس کا یہ حال کردیا ہو کہ اللہ اس کا سول کنسرن (sole concern)بن گیا ہو، اللہ کی یاد جس کا سب سے بڑا سرمایہ بنا ہوا ہو، ایسا انسان اگر بظاہرایک چھوٹا سا کام بھی خالصتاً اللہ کے لیے کرے تو داخلی اسپرٹ کے اعتبار سے، وہ اتنا بڑا ہوتا ہے کہ سارے زمین وآسمان بھی اس کا تحمل نہ کرسکیں-"
        },
        {
          "para_id": "C02P04",
          "text": "ایسا ایک عمل اپنی داخلی اسپرٹ کے اعتبار سے، کسی انسان کا عظیم ترین عمل ہوتا ہے- اس کی کیفیاتی قدر وقیمت (qualitative value) اتنی زیادہ ہوتی ہے کہ کسی بھی پیمانے سے اس کو ناپا یا تولا نہیں جاسکتا- وہ اپنی حقیقت کے اعتبار سے، انسان کی پوری شخصیت کا اظہار ہوتا ہے- یہ ربانی عمل کی وہ قسم ہے جب کہ بندہ اپنے آپ کو آخری حد تک اللہ کے آگے ڈال دیتا ہے- اُس وقت اللہ بھی اپنے لامحدود انعام کو اپنے بندے کے لیے مقدر کردیتاہے-"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C03",
      "chapter_title": "سورہ العصر",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C03P01",
          "text": "سورہ العصر قرآن کی ایک چھوٹی سورہ ہے- اس کی صرف تین آیتیں ہیں- اس کا متن اور ترجمہ یہ ہے:  وَالْعَصْرِ۝ اِنَّ الْاِنْسَانَ لَفِیْ خُسْرٍ ۝ اِلَّا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَعَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ وَتَوَاصَوْا بِالْحَقِّ ڏ وَتَوَاصَوْا بِالصَّبْرِ(103:1-3) یعنی زمانہ گواہ ہے کہ بے شک انسان گھاٹے میں ہے- سوا اُن لوگوں کے جو ایمان لائے اور عملِ صالح کیا، اور ایک دوسرے کو حق کی نصیحت کی اور ایک دوسرے کو صبر کی نصیحت کی-"
        },
        {
          "para_id": "C03P02",
          "text": "قرآن کی یہ سورہ پورے قرآن کا خلاصہ ہے- امام شافعی نے کہا کہ: لو لم ینزل اللہ سوى ہذہ السورة، لکفت الناس- (صفوة التفاسیر للصابونی: 3/60 ) یعنی اگر اللہ صرف اِس سورہ کو اتارتا تو یہی ایک سورہ لوگوں کی رہنمائی کے لیے کافی ہوجاتی-"
        },
        {
          "para_id": "C03P03",
          "text": "یہ بات بلاشبہہ درست ہے- لیکن سورہ العصر کا یہ فائدہ صرف اس کے ترجمے سے معلوم نہیں کیا جاسکتا- یہ فائدہ صرف اُس وقت معلوم ہوتا ہے جب کہ اُس پر تدبر کیا جائے- قرآن کے تمام گہرے معانی صرف اُس انسان پر کھلتے ہیں جو تدبر کے شرائط کے ساتھ اس پر تدبر کرے-"
        },
        {
          "para_id": "C03P04",
          "text": "’عصر‘ کا لفظی مطلب زمانہ ہے-لیکن یہ لفظ یہاں تاریخ کے معنی میں ہے، یعنی انسانی تاریخ اپنے نتیجے کے اعتبار سے اِس بات کی گواہی دیتی ہے کہ انسان گھاٹے میں ہے- ’خُسر‘ یہاں محرومی کے معنی میں ہے- اِس محرومی سے مستثنی صرف وہ لوگ ہیں جو ایمان اور عمل صالح کا ثبوت دیں، اور وہ تواصی بالحق اور تواصی بالصبر کی صفت اپنے اندر رکھتے ہوں-"
        },
        {
          "para_id": "C03P05",
          "text": "اِس آیت میں جس چیزکو ایمان اور عمل صالح اور حق وصبر کے الفاظ میں بیان کیاگیاہے، اُس کا مفہوم دوسرے لفظوں میں یہ ہے کہ وہ لوگ جو اللہ کے تخلیقی منصوبہ (creation plan ) کو جانیں، وہ اِس حقیقت کو اِس طرح دریافت کریں کہ وہ اُن کے شعور کا حصہ بن جائے- اللہ کے اِسی منصوبۂ تخلیق کے مطابق، وہ اپنی شخصیت کی تعمیر کریں، وہ خود اپنی زندگی میں اس کو اختیار کریں اور اِسی کے ساتھ وہ دوسروں کو بھی اِس کی تلقین کریں-"
        },
        {
          "para_id": "C03P06",
          "text": "مزید غور کیجئے تو معلوم ہوتاہے کہ سورہ العصر کا پیغام یہ ہےکہ اللہ نے انسان کو امکانی طورپر ایک کامیاب انسان کی حیثیت سے پیدا کیا- لیکن تاریخ کا مشاہدہ بتاتا ہے کہ انسان نے اپنے حق میں اِس امکان سے فائدہ نہیں اٹھایا- اس کے برعکس، اس نے یہ کیا کہ وہ گھاٹے اور محرومی کا کیس بن گیا-"
        },
        {
          "para_id": "C03P07",
          "text": "یہ واقعہ اللہ کی تقدیر کی بنا پر نہیں ہوا، بلکہ اِس لیے ہوا کہ انسان نے اللہ کے تخلیقی منصوبے کو نہیں سمجھا- اُس نے بطور خود اپنی زندگی کا نقشہ بنایا- اِس خود ساختہ رویے کا نتیجہ یہ ہوا کہ انسان محرومی کا شکار ہو کر رہ گیا-"
        },
        {
          "para_id": "C03P08",
          "text": "انسان سے یہ مطلوب تھاکہ وہ اپنی زندگی کا مقصد اللہ کے تخلیقی منصوبے کی روشنی میں متعین کرے- اللہ جو اس کا خالق اورمالک ہے، اُسی کو وہ اپنا سب سے بڑا کنسرن (sole concern) بنائے- وہ محبت اور خوف کے جذبات کو اللہ کے لیے خالص کردے- وہ صرف اللہ کا عبادت گزار بنے- اخلاقی معاملے میں وہ اللہ کے مقرر کیے ہوئے اصول کی پابندی کرے- وہ اپنی انفرادی زندگی اور اجتماعی زندگی کو اللہ کے بتائے ہوئے نقشے کے مطابق تشکیل دے- وہ دنیا کو دار الامتحان سمجھے- وہ آخرت کی کامیابی کو اپنا نشانہ بنائے- وہ آخری حد تک جنت کا حریص ہو، وہ جہنم سے آخری حد تک ڈرنےوالا بن جائے-"
        },
        {
          "para_id": "C03P09",
          "text": "تاریخ بتاتی ہے کہ بیش تر لوگ اللہ کا مطلوب انسان بننے میں ناکام رہے- اُن کو یہ کرنا تھاکہ وہ دنیا سے رخصت ہوں تو وہ اللہ کے مطلوب انسان بن چکے ہوں، تاکہ موت کے بعد جب وہ اللہ کے سامنے کھڑے ہو تو اللہ انھیں رد نہ کرے، بلکہ وہ انھیں قبول کرلے- مگر بیش تر انسانوں کا کیس اِس معاملے میں، خسران کا کیس بن گیا-"
        },
        {
          "para_id": "C03P10",
          "text": "قرآن کی یہ سورہ جوساتویں صدی عیسوی کے آغاز میں اتری، وہ گویا ایک انتباہ (warning) ہے- وہ انسان کو متنبہ کررہی ہے کہ وہ اِس غلطی سے بچے- وہ اُن خوش قسمت انسانوں میں سے بنے جن کے لیے آخرت میں جنت کے دروازے کھولے جائیں گے-"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C04",
      "chapter_title": "حبطِ اعمال",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C04P01",
          "text": "قرآن کی سورہ الحجرات میں آدابِ کلام کے ذیل میں کچھ ہدایات دی گئی ہیں- اِس سلسلے میں اس کی تین آیتوں کا ترجمہ یہ ہے: ’’اے ایمان والو، تم اللہ اور اس کے رسول سے آگے نہ بڑھو، اور اللہ سے ڈرو- بے شک اللہ سننے والا، جاننے والا ہے- اے ایمان والو، تم اپنی آوازیں پیغمبر کی آواز سے اوپر مت کرو اور اُس کو اِس طرح آواز دے کر نہ پکارو جس طرح تم آپس میں ایک دوسرے کو پکارتے ہو- کہیں ایسا نہ ہو کہ تمھارے اعمال حبط ہوجائیں اور تم کو اس کا شعور بھی نہ ہو- جو لوگ اللہ کے رسول کے آگے اپنی آوازیں پست رکھتے ہیں، وہی وہ لوگ ہیں جن کے دلوں کو اللہ نے تقوی کے لیے جانچ لیا ہے- ان کے لیے مغفرت اور اجرِ عظیم ہے‘‘- (49:1-3)"
        },
        {
          "para_id": "C04P02",
          "text": "قرآن کی اِن آیتوں میں پیغمبر کی مجلس کے حوالے سے ایک اہم اصول بیان کیا گیا ہے- اِس اصول کا تعلق پیغمبر کے زمانے میں پیغمبر کی مجلس سے بھی تھا اور بعد کے زمانے میں دوسری مجالس سے بھی ہے- پیغمبر کے زمانے میں کسی مجلس میں جو بات ہوتی تھی، وہ کیا تھی، وہ بلاشبہہ دین اور دعوت کی بات ہوتی تھی- گویا کہ قرآن کی مذکورہ ہدایت دینی مجلس کی نسبت سے ہے، نہ کہ محض ذاتِ رسول کی نسبت سے- ایسے موقع پر یہ ہوتاہے کہ کچھ لوگ تو سنجیدہ انداز میں اور متقیانہ انداز میں بولتےہیں- یہی مطلوب انداز ہے- اِس کے برعکس، کچھ لوگ ایسا کرتے ہیں کہ وہ غیر سنجیدہ انداز میں محض اپنے ذاتی ذہن کے تحت زور زور سے بولنے لگتے ہیں- یہ انداز ایک غیر مطلوب انداز ہے اور اِسی غیر متقیانہ روش سے قرآن کی اِس آیت میں منع کیاگیا ہے-"
        },
        {
          "para_id": "C04P03",
          "text": "دینی موضوع پر کلام کے وقت صحیح طریقہ یہ ہے کہ آدمی شدت کے ساتھ قرآن وسنت کی پابندی کرتے ہوئے بولے- وہ ایسا نہ کرے کہ محض اپنے ذاتی خیال کو لے کر زور زور سے بولنے لگے- قرآن کی اِس آیت میں متقیانہ کلام کی ہدایت ہے اور غیر متقیانہ کلام کی ممانعت- متقیانہ کلام کو دوسرے الفاظ میں، سنجیدہ کلام (serious talk) اور غیر متقیانہ کلام کو غیر سنجیدہ کلام (non-serious talk) کہاجاسکتاہے- متقیانہ کلام وہ ہے جو اُس احساسِ ذمے داری کے ساتھ نکلے جو حضرت ابو بکر صدیق نے اپنے ایک قول میں اِس طرح بیان کیا تھا: أی سماء تظلّنی وأی أرض تقلنی إذا قلتُ فی کتاب اللہ ما لا أعلم (القرطبی: 19/221 )  یعنی کون سا آسمان مجھے سایہ دے گا اور کون سی زمین مجھ کو پناہ دے گی، اگر میں اللہ کی کتاب کے بارے میں ایسی بات بولوں جس کا مجھے علم نہیں (جس کی تائید میں میرے پاس کتاب اللہ کا کوئی حوالہ نہیں)-"
        },
        {
          "para_id": "C04P04",
          "text": "موجودہ زمانہ پرنٹنگ پریس کا زمانہ ہے- موجودہ زمانے میں اظہارِ خیال کا ذریعہ صرف بالمشافہ گفتگو نہیں ہے، بلکہ چھپی ہوئی تحریروں کی شکل میں اظہار خیال عام ہوگیا ہے- ایسی حالت میں، وسیع تر انطباق (extended application) کے اعتبار سے، تحریری اظہارِ خیال بھی اس میں شامل ہوگا- اِس معاملے میں متقیانہ تحریر وہ ہے جو اللہ کے سامنے جواب دہی (accountability) کے احساس کے تحت تیار کی گئی ہو- اِس کے برعکس، جو لوگ ایسا کریں کہ جو کچھ اُن کے ذہن میں ہے، اس کو لکھ کر چھاپنا شروع کردیں اوراس کی تحقیق نہ کریں کہ وہ کتاب وسنت کے مطابق ہے یا نہیں، ایسے لوگوں کے لیے شدید طورپر یہ خطرہ ہےکہ ان کی کوششیں حبطِ اعمال کا شکار ہوجائیں-"
        },
        {
          "para_id": "C04P05",
          "text": "قرآن کی مذکورہ آیت میں بتایا گیا ہےکہ غیر متقیانہ کلام یا غیر ذمے دارانہ کلام کرنے والوں کے لیے حبطِ اعمال کا اندیشہ ہے- اِس حبطِ اعمال کی سنگینی یہ ہے کہ وہ غیر شعوری طورپر پیش آتاہے، یعنی آدمی بطور خود یہ سمجھتاہے کہ وہ حق وصداقت کی بات بول رہاہے، لیکن نتیجہ (result) کے اعتبار سے، اس کی تقریر وتحریر سرتاسر عبث قرار پائے گی اور آدمی کو اِس کا شعوربھی نہ ہوگا-مزید غور کرنے سے معلو م ہوتا ہے کہ اپنی حقیقت کے اعتبار سے، یہ معاملہ کنڈیشننگ (conditioning) کا معاملہ ہے- غلط افکار کے درمیان عرصے تک جینے کا یہ نتیجہ ہوتا ہے کہ آدمی کے ذہن کی تشکیل ایک خاص انداز سے ہوجاتی ہے- وہ سمجھتا ہے کہ میں جو کچھ سوچتا ہوں، وہ حق ہے، حالاں کہ وہ حق نہیں ہوتا، بلکہ صرف اس کے غلط مائنڈ سیٹ (mindset) کا نتیجہ ہوتاہے- ایسی حالت میں آدمی کا پہلا فرض یہ ہے کہ وہ اپنے ذہن کی ڈی کنڈیشننگ کرکےاپنے آپ کو صحیح الفکر انسان (right-thinker)بنائے-"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C05",
      "chapter_title": "انسان کی محرومی",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C05P01",
          "text": "قرآن کی سورہ الاعراف میںانسان کی حالت پر ایک تبصرہ اِن الفاظ میں کیا گیا ہے: وَاتْلُ عَلَیْہِمْ نَبَاَ الَّذِیْٓ اٰتَیْنٰہُ اٰیٰتِنَا فَانْسَلَخَ مِنْہَا فَاَتْبَعَہُ الشَّیْطٰنُ فَکَانَ مِنَ الْغٰوِیْنَ   ؁ وَلَوْ شِئْنَا لَرَفَعْنٰہُ بِہَا وَلٰکِنَّہٗٓ اَخْلَدَ اِلَى الْاَرْضِ وَاتَّبَعَ ہَوٰىہُ  ۚ فَمَثَلُہٗ کَمَثَلِ الْکَلْبِ ۚ اِنْ تَحْمِلْ عَلَیْہِ یَلْہَثْ اَوْ تَتْرُکْہُ یَلْہَثْ ۭ ذٰلِکَ مَثَلُ الْقَوْمِ الَّذِیْنَ کَذَّبُوْا بِاٰیٰتِنَا ۚ فَاقْصُصِ الْقَصَصَ لَعَلَّہُمْ یَتَفَکَّرُوْنَ  (7:175-176)  یعنی اُن کو اُس شخص کا حال سناؤ جس کو ہم نے اپنی نشانیاں دی تھیں تو وہ اُن سے نکل بھاگا- پس شیطان اس کے پیچھے لگ گیا اور وہ گمراہوں میں سے ہوگیا- اور اگر ہم چاہتے تو اس کو اُن نشانیوں کے ذریعے سے بلندی عطا کرتے، مگر وہ تو زمین کا ہورہا اور اپنی خواہشوں کی پیروی کرنے لگا- پس اس کی مثال کتّے کی سی ہے کہ اگر تو اُس پر بوجھ لادے تب بھی  وہ ہانپے اور اگر چھوڑ دے تب بھی ہانپے- یہ مثال اُن لوگوں کی ہے جنھوںنے ہماری نشانیوں کو جھٹلایا- پس تم یہ احوال اُن کو سناؤ، تاکہ وہ غور کریں-"
        },
        {
          "para_id": "C05P02",
          "text": "شانِ نزول کی روایت کے مطابق، قرآن کی اِس آیت میں ایک شخص کا قصہ بیان ہوا ہے- یہ حضرت موسی کے زمانے کا ایک بڑا اسرائیلی عالم تھا جس کا نام بلعم بن باعوراء بتایا گیا ہے- مگر قرآن کے اسلوب کے مطابق، یہاں انفرادی حوالہ (particular reference) میں ایک عمومی بات کہی گئی ہے- اِس کا مطلب یہ ہے کہ انسان کے علم میں ایسی نشانیاں (signs) آتی ہیں جو اس کو بتاتی ہیںکہ وہ اپنی زندگی کو اعلی مقصد کے لیے استعمال کرے- لیکن شیطانی وسوسے کے زیر اثر وہ اپنی خواہشات سے مغلوب ہوجاتاہے اور اُن چیزوں کو اپنا نشانہ بنا لیتاہے جس کے لیے وہ پیدا نہیں کیاگیا تھا-"
        },
        {
          "para_id": "C05P03",
          "text": "قرآن کی اِس آیت میں وہی بات کہی گئی ہے جو انسان کے حوالے سے دوسرے مقام پر اِن الفاظ میں آئی ہے: کَلَّا بَلْ تُحِبُّوْنَ الْعَاجِلَةَ  ۙ وَتَذَرُوْنَ الْاٰخِرَةَ (75:20-21)- اصل یہ ہے کہ انسان کی ذات میں تخلیقی طورپر ایسی نشانیاں ہیں جو بتاتی ہیں کہ اُس کو ایک اعلی مقصد کے لیے پیدا کیاگیا ہے- وہ اعلی مقصد یہ ہے کہ آدمی اپنے اندر ربانی شخصیت کی تعمیر کرے اور آخرت میں ابدی جنت کی صورت میں اس کا انعام پائے-"
        },
        {
          "para_id": "C05P04",
          "text": "مگر ’’آج‘‘ کے مواقع کو نظر انداز کرکے ’’کل‘‘ کے لیے اپنے آپ کو وقف کردینا انسان کو مشکل معلوم ہوتا ہے، اِس لیے وہ ایسا کرتاہے کہ وہ آنے والے کل (tomorrow) کو نظر انداز کردیتا ہے اور اُس فوری فائدہ کے حصول کو اپنا نشانہ بنا لیتاہے جس کو آج کل ’رائٹ ہیئر، رائٹ ناؤ‘ (right here, right now) کہا جاتا ہے، اِس طرح انسان اپنے آپ کو اُس اعلی کامیابی سے محروم کرلیتا ہے جو اُس کے خالق نے اس کے لیے مقدر کیا ہے-"
        },
        {
          "para_id": "C05P05",
          "text": "ایسے انسان کی مثال اُس کتے سے دی گئ ہے جس کا حال یہ ہوتا ہے کہ اگر اس پر بوجھ لادا جائے تب بھی وہ ہانپے اور اگر چھوڑ دیا جائے تب بھی ہانپے- یہ تمثیل بہت بامعنی ہے- اِس کا مطلب یہ ہے کہ انسان اپنی تخلیق کے اعتبار سے چوں کہ جنت کے لیے پیدا کیا گیاہے، اِس لیے جنت کے سوا کوئی اور نشانہ اختیار کرنے کی صورت میں اس کی فطرت ہمیشہ غیر مطمئن رہتی ہے- پہلے مرحلے میں اُس کو یہ نشانہ بہت مشکل نظر آتا تھا کہ وہ نہ دکھائی دینے والی آخرت کی خاطر دکھائی دینے والی دنیا کو قربان کردے- لیکن جب وہ دکھائی دینے والی دنیا کے حصول کے لیے اپنی پوری طاقت لگا دیتا ہے اور بظاہر اپنا نشانہ پورا کرلیتا ہے، تب بھی وہ غیر مطمئن رہتا ہے، کیوں کہ جس دنیوی چیز کو اُس نے پایا ہے، وہ اس کی اُس داخلی طلب کے مطابق نہیں جو فطری طورپر اس کے اندر موجود ہے-"
        },
        {
          "para_id": "C05P06",
          "text": "’’یہ مثال اُن لوگوں کی ہے جنھوں نے ہماری نشانیوں کی تکذیب کی‘‘- یہاں تکذیب سے مراد نظر انداز کرنا یا سبق نہ لینا ہے- انسان کا معاملہ یہ ہے کہ اُس کو ایک خدا طلب مخلوق (God-seeking being) کے طور پر پیدا کیاگیا ہے- جب وہ خدا کے سوا کسی اور چیز کو اپنا مقصود بناتاہے تو بہت جلد اس کو عدم مطابقت کا احساس ہونے لگتاہے- اس کی فطرت یاددلاتی ہے کہ یہ وہ چیز نہیں جو تمھارا اصل مقصود تھی، مگر آدمی شیطان کے زیر اثر فطرت کے اِن اشاروں کو نظر انداز کردیتا ہے، وہ بدستور ایساکرتاہے کہ وہ غیر مقصود کو اپنا مقصود بنائے رہتا ہے- وہ اِسی حال میں جیتا ہے، یہاں تک کہ مر کر اِس دنیا سے چلا جاتاہے-"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C06",
      "chapter_title": "فہمِ قرآن— ایک مطالعہ",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C06P01",
          "text": "قرآن، خدا کی محفوظ کتاب ہے- قرآن ساتویں صدی عیسوی کے ربع اول میں محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل کیا گیا- قرآن میںاس کے نزول کا مقصد اِن الفاظ میں بتایا گیاہے: تَبٰرَکَ الَّذِیْ نَزَّلَ الْفُرْقَانَ عَلٰی عَبْدِہٖ لِیَکُوْنَ لِلْعٰلَمِیْنَ نَذِیْرَا(25:1) یعنی بہت بابرکت ہے وہ ذات جس نےاپنے بندے پر قرآن اتارا، تاکہ وہ جہان والوںکے لیے آگاہ کرنے والا ہو-"
        },
        {
          "para_id": "C06P02",
          "text": "قرآن ساتویں صدی عیسوی کے قدیم عرب میں اترا- اُس وقت وہ صرف امکانی طورپر نذیر ِ عالم تھا- کیوں کہ بطو ر واقعہ نذیر عالم بننے کے لیے عالمی کمیونکیشن (global communication) کے ذرائع درکار ہیں، جو اُس وقت موجود ہی نہ تھے- حقیقت یہ ہے کہ قرآن میں یہ بات مستقبل کے اعتبار سے کہی گئی تھی، نہ کہ حال کے اعتبار سے-جیسا کہ معلوم ہے، قرآن کے نزول کے بعد انسانی تاریخ میں ایک انقلابی پراسس (revolutionary process) شروع ہوا- یہ عمل مختلف مراحل سے گزرتے ہوئے تقریباً ایک ہزار سال کے بعد اپنے نقطہ انتہا (culmination)  تک پہنچا- یہ عالمی کمیونکیشن کا دور تھا- اب وقت آگیا تھاکہ قرآن کو نذیر ِ عالم کی حیثیت سے ساری دنیا میں پہنچا دیا جائے- حقیقت یہ ہے کہ جدید مواصلاتی دور، قرآن کو عالمی بنانے کا دور تھا:"
        },
        {
          "para_id": "C06P03",
          "text": "The age of communication was the age of universalization of the Quran."
        },
        {
          "para_id": "C06P04",
          "text": "مگر ابھی یہ امکان واقعہ نہ بن سکا- اِس سلسلے میں یہاںیہاں ایک جائزہ پیش کیا جاتاہے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P05",
          "text": "ایک تاریخی جائزہ"
        },
        {
          "para_id": "C06P06",
          "text": "قرآن جس زمانے میں اترا، اُس زمانے میں پرنٹنگ پریس موجود نہ تھا- لوگ قر آن کو یاد کرلیتے اور حافظہ کی مدد سے وہ اس کو پڑھتے یا دوسروں کو پڑھ کر سناتے-رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات( 632عیسوی( تک یہ حال تھا کہ ہرجگہ صرف قرآن کا چرچا ہوتا تھا- آپ کی وفات کے بعد حدیث کا چرچا بڑھ گیا- عباسی دور میں فقہ کا چرچا شروع ہوا- اس کے بعد اِسی دور میں مسلم تاریخیں لکھی گئیں اور تاریخ کا چرچا ہونے لگا- اِس پورے زمانے میں باتیں یا تو حافظہ میں ہوتی تھیں یا ہاتھ سے لکھے ہوئے اوراق میں- چناں چہ فطرتی طورپر قرآن کا دائرہ اشاعت عملاً محدود رہا-"
        },
        {
          "para_id": "C06P07",
          "text": "پندرھویں صدی عیسوی میں پرنٹنگ پریس وجود میں آیا- اِسی کے ساتھ کاغذ بھی وسیع پیمانے پر بننے لگا- سولھویں صدی عیسوی میں یہ حال ہوا کہ یورپ میں کتابوں کی چھپائی عام ہوگئی- کتابوں کے مطبوعہ نسخے عمومی طورپر دستیاب ہونے لگے-مگر مسلم دنیا ابھی تک پرنٹنگ پریس سے ناآشناتھی- اورنگ زیب عالم گیر سترھویں صدی کا مسلم بادشاہ ہے- مگر اپنے زمانے میں وہ صرف یہ جانتا تھا کہ لمبی مدت کے دوران قرآن کو اپنے ہاتھ سے لکھ کر اس کا ایک نسخہ تیار کیا جائے- وہ پرنٹنگ ٹکنالوجی کی بابت کچھ نہیں جانتا تھا-"
        },
        {
          "para_id": "C06P08",
          "text": "مسلم دنیا میں پرنٹنگ پریس اٹھارھویں صدی کے آخر میں پہنچا- نپولین 1798میں مصر میں داخل ہوا- وہ اپنے ساتھ فرانس سے پرنٹنگ پریس لایا تھا- انیسویں صدی کے آغازمیں کرسچن مشنری کے لوگ انڈیا میں پرنٹنگ پریس لے آئے- اِس طرح دھیرے ھیرے پرنٹنگ پریس پوری مسلم دنیا میں پھیل گیا- بیسویں صدی میں یہ حال ہوا کہ قرآن کے چھپے ہوئے نسخے ہر جگہ پائے جانے لگے- گھر، مسجد، مدرسہ، لائبریری، کوئی جگہ قرآن کے مطبوعہ نسخوں سے خالی نہ رہی-"
        },
        {
          "para_id": "C06P09",
          "text": "مگر اب بھی جو حال ہوا، وہ صرف یہ کہ قرآن مسلمانوں کے لیے کتابِ تلاوت بنا رہا، وہ عمومی طور پر ساری انسانیت کے لیے عملاً نذیر ِ عالم نہ بن سکا-ایسا کیوں ہوا، کیوں ایسا ہوا کہ عالمی اِبلاغ کے مواقع پیداہونے کے باوجود قرآن کی عالمی اشاعت نہ ہوسکی-اس کا سبب یہ ہے کہ یہ کام مسلمانوں کو انجام دینا تھا، جو کہ قرآن کے حامل ہیں، مگر اس زمانے کے مسلمان دعوت کے شعور سے مکمل طورپر خالی تھے- بیسویں صدی کے مسلمان ساری دنیا میں منفی سوچ کا شکار ہوگئے، وہ مدعو قوموں کو اپنا حریف سمجھنے لگے- اِس قسم کی منفی سوچ کے ساتھ دعوت وتبلیغ جیسا مثبت کام نہیں کیا جاسکتا-"
        },
        {
          "para_id": "C06P10",
          "text": "اصل یہ ہے کہ جس زمانے میں جدید کمیونکیشن کا دور آیا، اُسی زمانے میں ایک اور چیز مسلم دنیا میں داخل ہوگئی، یعنی وہ چیز جس کو مغربی نو آبادیات (western colonialism) کہاجاتا ہے- جدید کمیونکیشن اور نوآبادیات دونوں ایک ساتھ مسلم دنیا میں داخل ہوئے:"
        },
        {
          "para_id": "C06P11",
          "text": "The age of communication coincided with the age of colonialism."
        },
        {
          "para_id": "C06P12",
          "text": "مغرب کی نوآبادیاتی قومیں جدید طاقتوں سے مسلح تھیں- چناںچہ فطری طور پر یہ ہوا کہ وہ عمومی طورپر اُس زمانے کے مسلم ممالک پر غالب آگئیں- انھوںنے مسلم اداروں اور مسلم حکومتوں کو زیر کرلیا- اِس کے رد عمل کے طور پر یہ ہوا کہ تمام دنیا کے مسلمان مغربی قوموں کے خلاف نفرت میں مبتلا ہوگئے- اُس زمانے کے تقریباً تمام مسلم رہنماؤں کا ذہن یہ بن گیا کہ سب سے پہلا کام یہ ہے کہ مغربی طاقتوں سے لڑکر اُن کو مسلم دنیا سے نکالو- اِس سیاسی جہاد میں تقریباً تمام لوگ شریک ہوگئے، صرف اِس فرق کے ساتھ کہ کچھ لوگ اُس میں فکری اعتبار سے شریک تھے اور کچھ لوگ مسلح ٹکراؤ میں مشغول تھے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P13",
          "text": "یہ پورا دورمسلمانوں کے لیے منفی رد عمل کا دور تھا- نفرت اور تشدد کے ماحول میں وہ یہ بھول گئے کہ مغربی قومیں اُن کے لیے دشمن نہیں، بلکہ مدعو ہیں- تاریخ میں پہلی بار یہ امکان پیداہوا ہے کہ قرآن اور ترجمہ قرآن کے مطبوعہ نسخوں کو نہ صرف مغربی قوموں، بلکہ تمام دنیا کی قوموں تک پہنچا دیا جائے، تاکہ قرآن اپنے مقصد نزول کے اعتبار سے نذیر ِ عالم بن جائے، یعنی وہ پیشین گوئی پوری ہوجس کو حدیث میں عالمی ادخالِ کلمہ کہاگیاہے- مسلمانوں کے اندر دوسری قوموں کے لیےمنفی رد عمل کایہ مزاج انیسویں صدی کے نصف ثانی میں شروع ہوا اور اکیسویں صدی کے نصف اول تک منفی رد عمل کی یہ نفسیات بدستور جاری ہے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P14",
          "text": "موجودہ زمانے کے مسلمانوں نے دوسری قوموں کو اپنا دشمن قرار دے کر جو لڑائی جاری کی، وہ ہر قسم کی بے پناہ قربانیوں کے باوجود مکمل طورپر بے نتیجہ رہی- کوششوں کا یہ منفی انجام کافی تھا کہ مسلمان اِس معاملے میں اپنے موقف پر نظر ثانی کریں- مگر عجیب بات ہے کہ کھلےہوئے ناکام تجربے کے باوجود آج بھی مسلمانوں کے اندر اِس معاملے میں نظر ثانی کا عمل جاری نہ ہوسکا-"
        },
        {
          "para_id": "C06P15",
          "text": "قرآن سے ہدایت لینے میں ناکامی"
        },
        {
          "para_id": "C06P16",
          "text": "موجودہ زمانے میں جب قرآن کے مطبوعہ نسخے عام ہوئے تو بہت بڑے پیمانے پر مسلمانوں میں قرآن کو پڑھنے کا رواج پیداہوگیا- مسجدوں او راداروں میں درسِ قرآن کا سلسلہ شروع ہوگیا- کتابوں اور جرائد کے ذریعے قرآنی تعلیمات کی اشاعت کی جانے لگی- قرآن کی تفہیم کے لیے جماعتیں بنیں اور ادارے قائم ہوئے- اِس کا نتیجہ یہ ہونا چاہئے تھا کہ مسلمانوں میں عمومی طورپر قرآنی ذہن بنے اور قرآنی طرز فکر پیدا ہو، مگر عجیب بات ہے کہ دروسِ قرآن کی کثرت اور قرآنی کتابوں کی عمومی اشاعت کے باوجود یہ مقصد حاصل نہیں ہوا-"
        },
        {
          "para_id": "C06P17",
          "text": "اِس کا اصل سبب یہ ہے کہ قرآن کو صرف پڑھنا کافی نہیں ہے، بلکہ ضروری ہے کہ اُس کو صحیح ذہن کے تحت پڑھا جائے- اِسی لیے قرآن میں کہا گیا ہے: یُضِلُّ بِہٖ کَثِیْرًا    ۙ وَّیَہْدِىْ بِہٖ کَثِیْرًا  (2:26) یعنی جو لوگ صحیح ذہن کے ساتھ قرآن کو پڑھیں گے، اُن کو قرآن سے ہدایت ملے گی، اور جو لوگ بگڑےہوئے ذہن کے ساتھ قرآن کو پڑھیں، وہ قرآن کو پڑھنے کے باوجود قرآن سے ہدایت پانے سے محروم رہیں گے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P18",
          "text": "قرآن فہمی کا اصول"
        },
        {
          "para_id": "C06P19",
          "text": "علماءِ تفسیر نے عام طورپر قرآن فہمی کے لیے15 علوم میں مہارت کو ضروری قرار دیا ہے— علمِ لغت، علمِ نحو، علمِ صرف، علمِ اشتقاق، علمِ معانی، علمِ بیان، علمِ بدیع، علمِ قرأت، علمِ عقائد، علمِ اصولِ فقہ، علمِ اسبابِ نزول، علمِ ناسخ ومنسوخ، علمِ فقہ، علمِ حدیث، علم وہبی- مگر تجربہ بتاتا ہے کہ صرف یہ علوم قرآن فہمی کے لیےکافی نہیں- بیسویں صدی عیسوی میں کثیر تعداد میں ایسے علما اٹھے جن کا مقصد قرآنی علم کو عام کرنا تھا- یہ علما مذکورہ تمام علوم کے ماہر تھے، مگر عین اِسی دور کے مسلمان ایک بہت بڑے قرآنی علم سے بے خبر رہ گئے- یہ واقعہ ثابت کرتاہے کہ قرآن فہمی کے لیے صرف مذکورہ علوم سے واقف ہونا کافی نہیں-"
        },
        {
          "para_id": "C06P20",
          "text": "مطلوب قرآنی علم وہ ہے جس کو کتاب اللہ میں ’’فرقان‘‘ (8:29)کہاگیاہے- فرقان فرق کا مبالغہ ہے-اِس کا مطلب ہے: دو چیزوں کے درمیان فرق کرنے والا- قرآن کی ایک صفت یہ ہے کہ وہ قاریِ قرآن کے اندر فرقان کی صفت پیدا کرتاہے- وہ قاری کو اِس قابل بناتا ہے کہ وہ کسی چیز کے دو پہلوؤں کے درمیان فرق کرسکے- مثلاً وہ ایسا کرسکے کہ وہ کسی چیز کے پلس پوائنٹ کو اس کے مائنس پوائنٹ سے الگ کرکے دیکھ سکے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P21",
          "text": "موجودہ زمانے میں نوآبادیاتی طاقتیں مغربی تہذیب کو لے کر مسلم دنیا میں داخل ہوئیں- اِس مغربی تہذیب کے دو پہلو تھے- ایک یہ کہ وہ مغربی قوموں کو مسلم دنیا میں غالب کررہی تھیں- اور اس کا دوسرا پہلو یہ تھا کہیہ لوگ پہلی بار دنیا میں جدید مواقع لائے تھے، جن میں کمیونکیشن سر فہرست ہے- اب علماءِ قرآن کو چاہیے تھا کہ وہ اِن دونوں پہلوؤں کو الگ کرکے دیکھیں- وہ  خُذ ما صفاودَع ما کدر کے اصول پر مغربی تہذیب کے غیر مطلوب پہلو کو نظر انداز کردیتے اور دعوتی مواقع کو بھر پور طورپر استعمال کرتے، مگر وہ ایسا نہ کرسکے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P22",
          "text": "یہ واقعہ بتاتا ہے کہ دورِ جدید کے علما اور رہنما اِس معاملے میں فرقان کی صفت سے محروم تھے، یعنی مغربی تہذیب کے مذکورہ دو پہلوؤں کے درمیان فرق کرنا - اُن کے مطالعہ قرآن نے اُن کے اندر یہ صلاحیت پیدا نہیں کی تھی کہ وہ مغربی تہذیب کے اندر چھپے ہوئے مثبت دعوتی پہلو کو اس کے دوسرے پہلو سے الگ کرکے دیکھیں اور دعوتی مواقع کے پہلو کو استعمال کرکے دورِ جدید میں اسلام کی عالمی دعوتی اشاعت کا کام انجام دے سکیں-"
        },
        {
          "para_id": "C06P23",
          "text": "ربانی شاکلہ"
        },
        {
          "para_id": "C06P24",
          "text": "حقیقت یہ ہے کہ قرآن فہمی کے لیے مذکورہ 15 علوم کے علاوہ ایک اور ضروری چیزدرکار ہے، اور یہی چیز دور جدید کے علما اور رہنماؤں کو حاصل نہ تھی، اوروہ ہے ربانی شاکلہ- اِس علم کا ذکر قرآن کی اِس آیت میں ملتا ہے:قُلْ کُلٌّ یَّعْمَلُ عَلٰی شَاکِلَتِہٖ ۭ فَرَبُّکُمْ اَعْلَمُ بِمَنْ ہُوَ اَہْدٰى سَبِیْلًا   (17:84)یعنی کہو کہ ہر ایک اپنے شاکلہ پر عمل کررہا ہے- اب صرف تمھارا رب بہتر جانتا ہے کہ کون زیادہ ٹھیک راستے پر قا ئم ہے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P25",
          "text": "اِس آیت میں شاکلہ کا مطلب ذہنی سانچہ (mindset) ہے- قریبی حالات کے اعتبار سے، ہر آدمی کا ایک ذہنی سانچہ بن جاتا ہے- وہ اِسی ذہنی سانچہ کی نظر سے چیزوں کو دیکھنے لگتاہے- مگر یہاں ایک برتر ذہنی سانچہ ہے- یہ ذہنی سانچہ آدمی کو اِس قابل بناتا ہے کہ وہ حالات سے اوپر اٹھ سکے- وہ چیزوں کو اللہ کی روشنی سے دیکھنے لگے، جیساکہ حدیث میں آیا ہے: اتقوا فراسةَ المومن فإنہ ینظر بنور اللہ (الترمذی، رقم الحدیث: 3392)- یعنی مومن کی فراست سے بچو، کیوں کہ مومن، اللہ کے نور سے دیکھتاہے- اللہ کے نور سے دیکھنے کا مطلب ہے— چیزوں کو ربانی نقطۂ نظر سے دیکھنا-"
        },
        {
          "para_id": "C06P26",
          "text": "قرآن کو صحیح طورپرسمجھنے کے لیے سب سے زیادہ اہمیت اِسی ربانی شاکلہ کی ہے- کہاجاتا ہے کہ کسی کتاب کو درست طورپر سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ قاری، مصنف کے ذہن سے کتاب کو پڑھ سکے- کسی بھی کتاب کو جب آدمی پڑھتا ہے تو وہ اس کو خود اپنے شاکلہ کے مطابق، پڑھتا ہے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P27",
          "text": "ہوورڈفاسٹ(Howard Fast) ایک کمیونسٹ تھا- خروسچف کے مشہور انکشاف (1956) کے بعد اس نے کمیونسٹ پارٹی کو چھوڑ دیا- وہ اصلاً ایک مارلسٹ(moralist) تھا- اس نے کمیونسٹ لیڈروں کی تحریریں پڑھیں تو اس کو محسوس ہوا کہ کمیونزم سماجی اخلاقیات کی ایک تحریک ہے، جب کہ حقیقت ایسی نہ تھی- بعد کو اس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میں خود اپنے ذہنی سانچےمیں کمیونسٹ بنا:"
        },
        {
          "para_id": "C06P28",
          "text": "I accepted communism according to my own mindset."
        },
        {
          "para_id": "C06P29",
          "text": "یہی معاملہ ہر انسان کا ہے- اگر آدمی کا ذہن بنا ہوا نہ ہو تو وہ قرآن کو خود اپنے ذہنی سانچے میں پڑھے گا- وہ قرآن کو پڑھ کر بھی قرآن کو نہیں پائے گا- یہی وہ بات ہے جو ایک صحابی نےاِن الفاظ میں کہی ہے : تعلمنا الإیمان ثم تعلمنا القرآن (یعنی ہم نے ایمان کو سیکھا، پھر ہم نے قرآن کو سیکھا)- صحابی کے اِس قو ل میں ایمان سیکھنے سے مراد یہ ہےکہ ہم نے پہلے اپنے ذہنی شاکلہ کی تشکیل ربانی اصول پر کی، پھر ہم اِس قابل ہوئے کہ ہم قرآن کو پڑھ کر اس کو درست طور پرسمجھ سکیں- ربانی شاکلہ کودوسرے الفاظ میں، مثبت شاکلہ (positive mindset)کہا جاسکتا ہے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P30",
          "text": "غیر قرآنی ذہن"
        },
        {
          "para_id": "C06P31",
          "text": "ربانی شاکلہ کیا ہے- ربانی شاکلہ دراصل غیر متعصبانہ طرزِفکر (unbiased thinking) کا دوسرا نام ہے- ایک آدمی جب ہر قسم کے تعصبات سے باہر آکر کھلے ذہن کے تحت سوچے تو اس کی سوچ فطری سوچ بن جاتی ہے- وہ، حدیث کے الفاظ میں، اللہ کے نور سے دیکھنے لگتا ہے- اِسی کا نام ربانی شاکلہ یا ربانی مائنڈ سیٹ (mindset) ہے- ربانی مائنڈ سیٹ کیا ہے، وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک دعا سے معلوم ہوتاہے- یہ دعا اِن الفاظ میں آئی ہے: اللہم أرنا الحق حقاً وارزقنا اتباعہ، وأرنا الباطل باطلاً وارزقنا اجتنابہ، وأرنا الأشیاء کما ہی -"
        },
        {
          "para_id": "C06P32",
          "text": "اِس دعا کا خلاصہ ایک لفظ میں یہ ہے کہ —  خدایا، تومجھے توفیق دے کہ میں چیزوں کو ایز اِٹ اِز (as it is) دیکھنے لگوں، یعنی کسی آمیزش کے بغیر خالص فطری انداز میں- اِس سے مراد چیزوں کو اُس نظر سے دیکھنا ہے جس نظر سے خدا اُن کو دیکھتا ہے- اِسی طرزِ فکر کا نام ربانی طرزِ فکر ہے، اور یہ ربانی طرزِ فکر کسی آدمی کے اندر کامل ذہنی تطہیر کے ذریعے پیدا ہوتا ہے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P33",
          "text": "انسانی شاکلہ اور ربانی شاکلہ کے فرق کی ایک مثال صلح حدیبیہ ہے، جس کی بابت قرآن میں یہ الفاظ آئے ہیں: علم ما لم تعلموا (48:27) یعنی اللہ نے وہ جانا جو انسان نے نہیں جانا- حدیبیہ کا معاہدہ یک طرفہ شرطوں پر طے کیا گیا تھا- اِس بنا پر انسانی ذہن نے اس کو ذلت آمیز معاہدہ سمجھا- لیکن اللہ اس کو مستقبل میںدعوتی مواقع کھلنے کے اعتبا رسے دیکھ رہا تھا، یعنی انسان اِس معاہدہ کو حال کی نسبت سے دیکھ رہا تھا، جب کہ خدااس کو مستقبل کی نظر سے دیکھ رہا تھا، اِس بناپر ایسا ہوا کہ جس چیز کو انسان شکست کا درجہ دے رہا تھا، اُس کو خدا نے فتحِ مبین کا درجہ دے دیا-"
        },
        {
          "para_id": "C06P34",
          "text": "قرآن کی سورہ الاسراء میں ایک آیت اِن الفاظ میںآئی ہے: وَاِذَا قَرَاْتَ الْقُرْاٰنَ جَعَلْنَا بَیْنَکَ وَبَیْنَ الَّذِیْنَ لَا یُؤْمِنُوْنَ بِالْاٰخِرَةِ حِجَابًا مَّسْتُوْرًا(17:45) یعنی جب تم قرآن پڑھتے ہو تو ہم تمھارے اور اُن لوگوں کے درمیان ایک چھپا ہوا پردہ حائل کردیتے ہیں، جو آخرت کو نہیں مانتے:"
        },
        {
          "para_id": "C06P35",
          "text": "When you recite the Quran, we place an invisible barrier between you and those who do not believe in the Hereafter."
        },
        {
          "para_id": "C06P36",
          "text": "قرآن کی اِس آیت میں حجابِ مستور سے مراد غیر ربانی مائنڈ سیٹ ہے- قرآن کو سمجھنے کے لیے سب سے پہلے اپنے غیر ربانی مائنڈ سیٹ کو توڑنا پڑتا ہے- دوسرے لفظوں میں، یہ کہ اپنے آپ کو کامل طورپر آبجکٹیو مائنڈ(objective mind) بنانا پڑتاہے- اِس سے معلوم ہوا کہ قرآن کو سمجھنے کے لیے سب سے پہلی شرط سلبی ہے، نہ کہ ایجابی-"
        },
        {
          "para_id": "C06P37",
          "text": "ایجابی ذہن کا مطلب ہے، قرآن کو قرآن کے ذہن سے پڑھنا- سلبی ذہن کا مطلب ہے، اپنے غیر قرآنی ذہن کی تطہیر کرنا- قرآن کے صحیح مطالعے کے لیے جو ترتیب ہے، وہ یہ ہے کہ آدمی پہلے اپنے غیر قرآنی ذہن کے خول سے باہر آئے، اِس کے بعد ہی یہ ممکن ہوگا کہ وہ ایجابی ذہن کے تحت  قرآن کو پڑھے اور اس کو سمجھ سکے- گویا کہ کلمہ توحید (لا إلہ إلا اللہ) کی طرح یہاں بھی یہ اصول ہے کہ پہلے نفی کا مرحلہ ہے اور اس کے بعد اثبات کا مرحلہ، یعنی پہلے اپنے ذہن کے حجاب کو ہٹانا پڑتاہے، اس کے بعد ہی کسی کے لیے یہ ممکن ہوتاہے کہ وہ قرآن کو پڑھے اور اس کے صحیح مفہوم تک پہنچ سکے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P38",
          "text": "جس زمانے میں کمیونزم کا زور تھا، ایک تعلیم یافتہ مسلمان نے قرآن کو پڑھا- وہ اشتراکی فکر سے متاثر تھے- وہ قرآن کو پڑھتے ہوئے اِس آیت تک پہنچے: إن الأرض للہ ( 7:128) - اِس آیت کو پڑھ کر انھوں نے اپنے مائنڈ سیٹ کے مطابق، یہ سمجھ لیا کہ قرآن بھی اشتراکیت کی تعلیم دیتاہے- انھوںنے کہاکہ اِس آیت میں کہاگیا ہے کہ زمین اللہ کی ہے- اِس کا مطلب یہ ہے کہ زمین اسٹیٹ کی ہے- اسٹیٹ کو یہ حق ہے کہ وہ لوگوں کی زمین پر قبضہ کرکے اشتراکی اصول پر زراعت کا نظام بنائے- اِسی طرح ایک اور تعلیم یافتہ مسلمان جو جمہوری فکر سے متاثر تھے، انھوں نے جب قرآن میں یہ آیت پڑھی: وَأَمْرُہُمْ شُوْرَی بَیْنَہُمْ ((42:38تو انھوں نے خوش ہو کر کہا کہ دیکھو، قرآن میں بھی جمہوریت (ڈیماکریسی) کی تعلیم موجود ہے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P39",
          "text": "ایک اور تعلیم یافتہ مسلمان نے قرآن کی یہ آیت پڑھی: فَاَوْقِدْ لِیْ یٰہَامٰنُ عَلَی الطِّیْنِ فَاجْعَلْ لِّیْ صَرْحًا (28:38)- اِن الفاظ کو پڑھ کر مذکورہ مسلمان نے کہا کہ اِس سے معلوم ہوتا ہے کہ قرآن سیریمک انڈسٹری (ceramic industries) کی تعلیم دے رہا ہے- اِس کا تقاضا ہے کہ مسلمان سیریمک انڈسٹریز اور دوسری صنعتیں قائم کریں- وہ صنعت اور تجارت کے میدان میں آگے بڑھیں-"
        },
        {
          "para_id": "C06P40",
          "text": "اِس قسم کی بہت سی مثالیں ہیں جو بتاتی ہیں کہ اگر قاری کا ذہن تیار ذہن نہ ہو تو وہ خود اپنے مائنڈ سیٹ کے مطابق، قرآن کو پڑھے گا- وہ قرآن کی آیتوں میں ایسی بات پالے گا جو خود قرآن میں موجود نہیں، بلکہ وہ خود اس کے اپنے ذہن میں پائی جاتی ہے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P41",
          "text": "چند وضاحتی مثالیں"
        },
        {
          "para_id": "C06P42",
          "text": "1-  مصر کے مشہور انقلابی رہنما سید قطب کا نظریہ تھا کہ پیغمبروں کی دعوت کا نشانہ یہ تھا کہ وہ دنیا میں حکومتِ الہیہ قائم کریں- اِس ذہنی تاثر(obsession) کے تحت، انھوں نے قرآن کو پڑھا تو عجیب وغریب طورپر ان کو نظر آیا کہ قرآن اُن کے سیاسی ذہن کی تصدیق کررہا ہے- مثلاً قرآن کی سورہ الاعراف میں بتایا گیاہے کہ حضرت موسی نے جب اُس وقت کے مصری حکمراں فرعون کے سامنے اپنی دعوت پیش کی تو فرعون نے اپنی جوابی تقریر میں اپنے درباریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: یُرِیْدُ اَنْ یُّخْرِجَکُمْ مِّنْ اَرْضِکُمْ( 7:110) یعنی موسی چاہتے ہیں کہ وہ تم کو تمھارے ملک مصر سے نکال دیں-"
        },
        {
          "para_id": "C06P43",
          "text": "سید قطب نے جب اِن الفاظ کو پڑھا تو اپنے مائنڈ سیٹ کے مطابق، انھوں نے یہ سمجھا کہ حضرت موسی کی دعوت ملک میں سیاسی اقتدار قائم کرنے کی دعوت تھی- چناں چہ وہ اپنی تفسیر میں لکھتے ہیں: إنہا الخروج من الأرض، إنہا ذَہاب السلطان، إنہا إبطال شرعیة الحکم، أومحاولة قلب نظام الحکم، بالتعبیر العصری الحدیث (3/1348) یعنی یہ سرزمینِ مصر سے نکلنے کا معاملہ ہے، یہ اقتدار کا خاتمہ ہے، یہ ہماری حکمرانی کو ناجائز ٹھہرانا ہے، یا یہ، دورِ جدید کی تعبیر کے مطابق، نظامِ حکومت کو بدلنے کی کوشش ہے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P44",
          "text": "مذکورہ مصنفکے یہ الفاظ خود ان کے اپنے ذہن کی ترجمانی ہیں، وہ حضرت موسی کی ترجمانی نہیں- واضح بات ہے کہ حضرت موسی کا پیغام کلامِ موسی سے نکلے گا، نہ کہ کلامِ فرعون سے- مگر اپنے متاثر ذہن کی بنا پر مصنف اِس فرق کو نہ سمجھ سکے- انھوںنے قرآن کی آیت کی ایسی تشریح کردی جس کا تعلق خود قرآن سے نہ تھا، بلکہ خود اُن کے اپنے مائنڈ سیٹ سے تھا-"
        },
        {
          "para_id": "C06P45",
          "text": "2-  امام ابن تیمیہ کی ایک مشہور کتاب ہے- اس کا ٹائٹل یہ ہے: الصارم المسلول على شاتم الرسول- اِس کتاب میں انھوں نے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی ہے کہ اسلام میں شاتمِ رسول کی سزا قتل ہے- اُن کا دعوی ہے کہ یہ حکم قرآن کی متعدد آیتوں میں بیان کیا گیاہے- مثلاً اِس سلسلے میں انھوں نے قرآن کی یہ آیت پیش کی ہے: اِنَّ الَّذِیْنَ یُؤْذُوْنَ اللّٰہَ وَرَسُوْلَہٗ لَعَنَہُمُ اللّٰہُ فِی الدُّنْیَا وَالْاٰخِرَةِ (33:57) یعنی جو لوگ اللہ اور اس کے رسول کو اذیت دیتے ہیں، اللہ نے اُن پر دنیا اور آخرت میںلعنت کی-"
        },
        {
          "para_id": "C06P46",
          "text": "ابن تیمیہ آیت کی شرح میں لکھتے ہیں: وہذہ الآیة تو جب قتلَ مَن آذى اللہ ورسولہ(صفحہ 26) یعنی یہ آیت واجب قرار دیتی ہے کہ اُس شخص کو قتل کردیا جائے جو اللہ کو اور اس کے رسول کو ایذا پہنچائے-مذکورہ آیت کی اِس شرح کا تعلق خود قرآن کی آیت سے نہیں ہے- اِس آیت میں شتمِ رسول پر قتل کا مسئلہ سرے سے بیان ہی نہیں ہوا ہے، مگر مصنف کے خود اپنے مائنڈ سیٹ کی بنا پر ایساہوا کہ انھوں نے ’’اذیت‘‘ کو شتم کے معنی میں لے لیا، اور ’’لعنت‘‘ کو قتل کے معنی میں- یہ دونوں باتیں خود مصنف کے دماغ میں تھیں، وہ ہرگز قرآن کی مذکورہ آیت میں موجود نہ تھیں-"
        },
        {
          "para_id": "C06P47",
          "text": "ربانی مائنڈ سیٹ کا معاملہ کوئی سادہ معاملہ نہیں، وہ نہایت سنگین معاملہ ہے- اگر ربانی مائنڈ سیٹ نہ ہو تو آدمی قرآن کی رہنمائی سے محروم ہوجائے گا- وہ کسی مسئلے کو دیکھ کر اپنے مائنڈ سیٹ کی بنا پر اس کے بارے میں منفی رائے دے گا، حالاں کہ اُس مسئلے کے بارے میں قرآن میں مثبت نقطۂ نظر موجودہوگا - مگر وہ اپنی منفی سوچ کی بنا پر قرآن کی اِس رہنمائی کو اخذ کرنے سے محروم رہے گا-"
        },
        {
          "para_id": "C06P48",
          "text": "مثلاً ایک عربی مجلہ میں مسلم اقلیتوں کے بارے میں ایک مضمون چھپا ہے- مضمون نگار نے اپنے اِس مضمون میں مسلم اقلیتوں (Muslim minorities) کے بارے میں یہ الفاظ لکھے ہیں: الأقلیات المسلمة تواجہ خطر الذوبان (مسلم اقلیتوں کے لیے غیر مسلم اکثریت میں جذب ہونے کے خطرے کا سامنا)-مسلم اقلیتوں کے بارے میں یہ تصور تمام تر خود ساختہ مائنڈسیٹ کی بنا پر پیدا ہوا- اگر اِس مسئلے کو ربانی شاکلہ کی نسبت سے دیکھا جائے تو معلوم ہوگا کہ قرآن کسی اقلیت کے بارے میں برعکس طورپر پُرامید تصور دیتاہے- قرآن کی وہ آیت یہ ہے: کَمْ مِّنْ فِئَةٍ قَلِیْلَةٍ غَلَبَتْ فِئَةً کَثِیْرَةًۢ بِاِذْنِ اللّٰہِ (2:249) یعنی کتنے ہی اقلیتی گروہ ہیں جو اکثریتی گروہ پر غالب آجاتے ہیں، اللہ کے اِذن سے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P49",
          "text": "قرآن کی اِس آیت پر غور کیجئے تو معلوم ہوگا کہ جب دو گروہ کسی علاقے میں مشترک طورپر رہتے ہوں، ایک گروہ اقلیت میں ہو اور دوسرا گروہ اکثریت میں- ایسے ماحول میں یہ ہوتا ہے کہ اکثریتی گروہ، اقلیتی گروہ کے لیے ایک مسلسل چیلنج بن جاتا ہے- یہ چیلنج اقلیتی گروہ کے اندر فطری طورپر زیادہ سوچ اور زیادہ عمل کا مزاج بناتاہے- اِس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ اقلیتی گروہ جو پہلے صرف ایک اقلیتی گروہ تھا، اب وہ ایک تخلیقی اقلیت  (creative minority) بن جاتا ہے- اور یہ ایک فطری حقیقت ہے کہ جس فرد یا جس گروہ میں تخلیقی صلاحیت پیدا ہوجائے، وہ زیادہ بڑے کارنامے انجام دینے کے قابل ہوجاتاہے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P50",
          "text": "اجتہادی تفسیر"
        },
        {
          "para_id": "C06P51",
          "text": "اجتہادی تفسیر اور تفسیر بالرائے دونوں ایک تفسیر نہیں ہیں- تفسیر بالرائے ایک غیر مطلوب تفسیر ہے- اس کے مقابلے میں، اجتہادی تفسیر عین مطلوب تفسیر ہے- تفسیر بالرائے قرآن سے انحراف ہے، جب کہ اجتہادی تفسیر کامل معنوں میں قرآن کا اتباع ہے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P52",
          "text": "اجتہادی تفسیر کیا ہے- اجتہادی تفسیر کا مطلب قرآن کی کسی آیت کی معنویت کو ازسرِ نو دریافت کرنا ہے- اجتہادی تفسیر دراصل یہ ہے کہ بدلے ہوئے حالات میں قرآن کا انطباقِ نو (re-application) معلوم کیا جائے- اجتہادی تفسیر، قرآن کے تسلسل کا اظہار ہے- صرف اجتہادی تفسیر کے ذریعے یہ ممکن ہے کہ قرآن ہر دور کے ذہن کو ایڈریس کرتا رہے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P53",
          "text": "قرآن میں بتایا گیاہے کہ انبیا اپنے وقت کے ملاء    کو خطاب کرتے تھے-ملاء کا لفظ قرآن میں تقریباً 30 بار آیا ہے- ملاء کا مطلب ہے— سردارِ قوم (head of nation)- پیغمبر کا اسلوبِ دعوت یہ ہے کہ قبیلہ یا قوم کے سردار کو خصوصی طورپر خطاب کیا جائے- اِس حکمت کا سبب یہ ہے کہ ملاء کی حیثیت ذہن ساز (opinion-maker) کی ہوتی ہے-اِس لیے ملاء تک پیغام پہنچانا، بالواسطہ انداز میں، پورے گروہ تک پیغام پہنچانا ہوتا ہے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P54",
          "text": "ملاءِ قوم کے اِس تصور کو اجتہادی نقطہ نظر سے دیکھا جائے تواِس سے ایک عظیم حقیقت کا انکشاف ہوتاہے- موجودہ زمانے میں مغربی تہذیب کے علم برداروں کو یہی درجہ مل گیا تھا، وہ توسیعی معنوں میں گویا ملاءِ عالم بن گئے تھے- پھر انھوں نے جدید ذرائع اور جدید کمیونکیشن کو استعمال کرکے قائد ِ عالم (world leader) کادرجہ حاصل کرلیا تھا-"
        },
        {
          "para_id": "C06P55",
          "text": "دعوہ ورک کے لیے یہ واقعہ ایک عظیم امکان (great opportunity) کی حیثیت رکھتاتھا- تہذیب کے علم برداروں تک قرآنی پیغام پہنچانا، بالواسطہ طورپر سارے عالم تک قرآنی پیغام پہنچانے کے ہم معنی بن گیا- رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے زمانے کے رومی بادشاہ ہرقل کو ایک دعوتی خط بھیجا تھا- اس میں یہ الفاظ درج تھے: فإن تولیتَ فإن علیک إثم الأریسیین (اگر تم میری بات کو نہ مانو تو تمھارے اوپر تمھاری پوری قوم کی ذمے داری عائد ہوجائے گی)- اس کا مطلب یہ ہے کہ رومی بادشاہ تک پیغام پہنچانا، اس کی پوری قوم تک پیغام _پہنچانے کے ہم معنی تھا-"
        },
        {
          "para_id": "C06P56",
          "text": "اِسی طرح موجودہ زمانے میں مغربی تہذیب کے علم برداروں تک قرآن کا پیغام پہنچانا، بالواسطہ طور پر پورے عالم تک قرآن کا پیغام پہنچانے کے ہم معنی تھا- مگر عین اُس وقت یہ ہوا کہ بعض سیاسی وجوہ کی بنا پر مسلم رہنما، مغربی تہذیب سے نفرت میں مبتلا ہوگئے- عرب سے عجم تک، تقریباً تمام مسلمانوں کا یہ حال ہوا کہ وہ مغربی قوموں سے نفرت کرنے لگے- انھوںنے مغرب کو مدعو کے بجائے عدو (دشمن) کا درجہ دے دیا- اِس کا نتیجہ یہ ہوا کہ دورِ جدید کا ایک عظیم دعوتی امکان استعمال ہونے سے رہ گیا-موجودہ زمانے میں یہ حادثہ اِس لیے پیش آیا کہ مسلم علما قرآن کی تفسیر مجتہدانہ انداز میں نہ کرسکے- وہ قرآن کے دعوتی اسلوب کا جدید انطباق کرنے سے عاجزرہے- مجتہدانہ بصیرت، قرآن کے ابدی مفہوم کو سمجھنے کے لیے ایک لازمی شرط کی حیثیت رکھتی ہے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P57",
          "text": "خدا کا تخلیقی منصوبہ"
        },
        {
          "para_id": "C06P58",
          "text": "قرآن، خدا کی کتاب ہے- قرآن کو سمجھنے کے لیے ایک لازمی شرط یہ ہے کہ آدمی خداکے تخلیقی منصوبہ (creation plan of God) کو جانتا ہو- خدا کی کتاب اور خدا کا تخلیقی منصوبہ دونوں کے درمیان کوئی ٹکراؤ نہیں ہوسکتا- ضروری ہےکہ قرآن کا قاری قرآن کے اس پہلو کو شعوری طورپر جانے، ورنہ وہ قرآن کی ایسی تفسیر کرے گا جو خدا کے تخلیقی منصوبے سے مطابقت کرنے والی نہ ہوگی، اور اِس بنا پر وہ بداہةً ہی قابلِ رد ہوگی:"
        },
        {
          "para_id": "C06P59",
          "text": "Prima facie it stands rejected"
        },
        {
          "para_id": "C06P60",
          "text": "اِس کی ایک مثال وہ تفسیر ہے جس کے مطابق، رسول پر شتم کرنا ایک ایسا فعل ہے جس پر شاتم مستوجب ِقتل ہوجاتاہے- یہ نظریہ سرتاسر ایک غیر قرآنی نظریہ ہے- وہ خدا کے منصوبہ تخلیق سے مطابقت نہیں رکھتا- قرآن کے مطابق، اِس دنیا میں انسان کو کامل آزادی دی گئی ہے- اُس کو اختیار ہے، وہ چاہے تو اِس آزادی کا صحیح استعمال کرے اور چاہے تو وہ اِس آزادی کا غلط استعمال کرے(76:3)- آزادی کے غلط استعمال پر ضرور انسان کی پکڑ ہوگی، لیکن یہ پکڑ صرف آخرت میں ہوگی، دنیا میں ہرگز نہیں- ایسی حالت میں شاتم کے لیے قتل کی سزا مقرر کرنا، خدا کے منصوبۂ تخلیق میں ایک متناقض (inconsistent) حکم ہوگا، جب کہ قرآن خود اپنے بارےمیں یہ اعلان کرتاہے کہ اس میں کوئی تناقض نہیں (4:82)- قرآن کی صحیح تفسیر کے لیے یہ ایک لازمی شرط ہے- جو لوگ اِس معاملے میں باشعور نہ ہوں، وہ یقینی طورپر قرآن کی صحیح تفسیر کرنے میں ناکام رہیں گے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P61",
          "text": "قرآن اور حدیث کے مطالعے سے معلوم ہوتا ہے کہ اسلام میں سماجی جرائم (social crimes) پر سزا ہے- مثلاًچوری اور قذف، وغیرہ- مگر جہاںتک فکری جرائم (intellectual crimes) کا تعلق ہے، اُن پر اسلام میں کوئی جسمانی سزا (physical punishment) نہیں- فکری جرائم پر صرف دعوت وتبلیغ ہے، نہ کہ سزا- اِس معاملے میں قرآن کے یہ الفاظ انتہائی حد تک واضح ہیں: فَذَکِّرْ     ڜ اِنَّمَآ اَنْتَ مُذَکِّرٌ ؀ لَسْتَ عَلَیْہِمْ بِمُصَیْطِرٍ ؀ اِلَّا مَنْ تَوَلّٰى وَکَفَرَ ؀ فَیُعَذِّبُہُ اللّٰہُ الْعَذَابَ الْاَکْبَرَ  ؀ اِنَّ اِلَیْنَآ اِیَابَہُمْ ؀ ثُمَّ اِنَّ عَلَیْنَا حِسَابَہُمْ (88:21-26)-"
        },
        {
          "para_id": "C06P62",
          "text": "غیر قرآنی ذہن کی تطہیر"
        },
        {
          "para_id": "C06P63",
          "text": "اصل یہ ہے کہ ہر آدمی کسی ماحول میں پیدا ہوتا ہے- اپنے تجربے اور مطالعے کے مطابق، اس کا اپنا ایک ذہنی سانچہ (mindset)بن جاتا ہے- وہ اپنے اِسی بنے ہوئے ذہن (conditioned mind) کے تحت چیزوں کودیکھتا ہے اور رائے قائم کرتا ہے- اِسی مائنڈ سیٹ کو قرآن میں شاکلہ (17:84) کہاگیا ہے- قرآن کو سمجھنے کی لازمی شرط یہ ہے کہ آدمی اپنے اِس ذاتی شاکلہ کو توڑے اور ربانی شاکلہ کی روشنی میں وہ قرآن کا مطالعہ کرے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P64",
          "text": "مثال کے طورپر ہر آدمی کو اپنی زندگی میں کچھ منفی تجربات پیش آتے ہیں- اس کو لوگوں کی طرف سے ناخوش گوار تجربہ ہوتا ہے- اِن تجربات کی بناپر تقریباً ہر آدمی کا یہ حال ہوتاہے کہ وہ خارجی دنیا کے بارے میں منفی سوچ کا شکار ہوجاتا ہے- یہی وجہ ہے کہ ایسی تحریکیں لوگوں کے درمیان بہت جلد مقبول ہوجاتی ہیں جو کسی خارجی ظالم کے خلاف اٹھائی گئی ہوں-اِس ذہن کو لے کر جو آدمی قرآن کو پڑھے گا، وہ پوری طرح قرآن کو سمجھ نہیں سکتا- مثلاً وہ قرآن میں صبر کی تعلیم پڑھے گا- وہ پڑھے گا کہ اللہ کے یہاں صبر کرنے والے کو سب سے زیادہ ثواب (reward) ملے گا- وہ اپنے مخصوص ذہن کی بنا پر یہ سمجھے گا کہ قرآن ظالم کے مقابلے میں جھکنے کی تعلیم دیتاہے- چناں چہ اس کو قرآن کی تعلیمات زیادہ اپیل نہیں کریںگی-"
        },
        {
          "para_id": "C06P65",
          "text": "اِس مسئلے کا حل یہ ہے کہ آدمی پہلے یہ دریافت کرے کہ اِس دنیا کے بارے میں خدا کا تخلیقی منصوبہ (creation plan) کیا ہے- وہ منصوبہ یہ ہےکہ اِس دنیا کو خدا نے دار الامتحان (testing ground) کے طورپر بنایا ہے- اِس بنا پر یہاں ہر انسان کو عمل کی پوری آزادی دی گئی ہے- ہر آدمی آزاد ہے، خواہ وہ اپنی آزادی کا صحیح استعمال کرے یا غلط استعمال کرے- اِس کا مطلب یہ ہے کہ وہ چیز جس کو فلاسفہ پرابلم آف اِول (problem of evil) کہتے ہیں، وہ دراصل پرابلم آف فریڈم (problem of freedom) ہے- چوں کہ اِس دنیا میں انسان کی آزادی کو منسوخ کرنا ممکن نہیں، اِس لیے دنیا سے برائی کا کلی خاتمہ بھی ممکن نہیں-"
        },
        {
          "para_id": "C06P66",
          "text": "ایسی حالت میں اگر ایک شخص چیزوں کا آئڈیل معیار (ideal yardstick)اپنے ذہن میں رکھ کر قرآن کا مطالعہ کرے تو وہ قرآن کی تعلیمات کو سمجھ نہ سکے گا- قرآن کے مطابق، اِس دنیا میں جو چیز ممکن ہے، وہ فرد کی کامل اصلاح ہے، سماج کی کامل اصلاح اِس دنیا میں ممکن نہیں- آدمی کوچاہئے کہ وہ اپنی ذات کے اعتبار سے، آئڈیل معنوں میں انصاف پسند بنے، لیکن سماج کے معاملے میں وہ ورکنگ انصاف (working justice) پر راضی ہوجائے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P67",
          "text": "فلسفیانہ ذہن کے تحت قرآن کا مطالعہ"
        },
        {
          "para_id": "C06P68",
          "text": "اِس طرح اِس معاملے کی ایک اور مثال یہ ہے کہ فلسفیانہ ذہن کولے کر اگر کوئی شخص قرآن کا مطالعہ کرے تو وہ قرآن کو سمجھنے میں ناکام رہے گا- فلسفیانہ ذہن یہ ہے کہ چیزوں کا کلّی علم حاصل کیاجائے- فلسفیانہ ذہن محدود علم پر راضی نہیں ہوتا- اِس کے برعکس، قرآن کا یہ کہنا ہے کہ:  وَمَآ اُوْتِیْتُمْ مِّنَ الْعِلْمِ اِلَّا قَلِیْلًا  (17:85)-اِس کا مطلب یہ ہے کہ قرآن کے مضامین دو قسم کے ہیں — ایک وہ جو ہماری معلوم دنیا سے تعلق رکھتے ہیں- اور دوسرے مضامین وہ ہیں جو امورِ غیب سے متعلق ہیں- پہلے قسم کی باتوں کو محکم زبان میں بیان کیاگیا ہے، یعنی الفاظ میں جو بات ہے، وہی حقیقت میں بھی مطلوب ہے- محکم آیتوں پر غور کرکے اُن کی کلّی معنویت تک پہنچنا ممکن ہے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P69",
          "text": "دوسری قسم کی آیتیں وہ ہیں جن کو قرآن میں متشابہات (3:7) کہا گیا ہے- یہ آیتیں وہی  ہیں جو امورِ غیب سے تعلق رکھتی ہیں- اِن آیتوں میں مشابہت کا اسلوب اختیار کیاگیا ہے، یعنی کسی بات کو تمثیلی زبان (allegorical language)  میں بیان کرنا- اِن د وسری قسم کی آیتوں میں بیان کردہ باتوں کو صرف اِجمالی طورپر سمجھا جاسکتا ہے- آدمی کو چاہئے کہ اِس معاملے میں وہ اجمالی علم پر قناعت کرے، وہ اُس کی آخری کُنہ تک پہنچنے کی کوشش نہ کرے، ورنہ وہ کنفیو ژن کاشکار ہوجائے گا-"
        },
        {
          "para_id": "C06P70",
          "text": "قرآن کی مذکورہ آیت میں یہ الفاظ آئے ہیں: وَالرّٰسِخُوْنَ فِی الْعِلْمِ یَقُوْلُوْنَ اٰمَنَّا بِہٖ ۙ کُلٌّ مِّنْ عِنْدِ رَبِّنَا(3:7)- اِ س آیت کا مطلب یہ ہے کہ سچا علم رکھنے والے لوگ متشابہ آیتوں کی کُنہ تک پہنچے کی سعی لاحاصل نہیں کرـتے، بلکہ وہ اس کے اجمالی مفہوم کو مانتے ہوئے اس کی صداقت پر یقین کرلیتے ہیں-قرآن کے مطالعے میں اِس اصول کو ملحوظ رکھنا بے حد ضروری ہے- اِس کے بغیر قرآن کو درست طورپر سمجھنا ہرگزممکن نہیں-"
        },
        {
          "para_id": "C06P71",
          "text": "قرآن کی تفسیر اپنی رائےسے"
        },
        {
          "para_id": "C06P72",
          "text": "ایک روایت کے مطابق، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: من قال فی القرآن برأیہ، فأصاب، فقد أخطأ (الترمذی، رقم الحدیث: 3183) یعنی جس نے قرآن کے بارے میں اپنی رائے سے کہا، اور اس نے صحیح کہا، تب بھی اس نے غلطی کی-"
        },
        {
          "para_id": "C06P73",
          "text": "اِس حدیث کی بنیاد پر کچھ لوگ یہ کہتے ہیں کہ تفسیر بالرائے کا طریقہ مطلقاً غلط ہے، مگر اِس حدیث کا یہ مطلب نہیں ہے - اِس حدیث میں تفسیر بالرائے کا مقابل، تفسیر بالروایت نہیں، بلکہ اس کا مقابل تفسیر بالتدبر ہے- اِس حدیث میں دراصل ذمے دارانہ تفسیر اور غیرے ذمے دارانہ تفسیر میں فرق کو بتایا گیا ہے- حدیث کا مطلب یہ ہے کہ قرآن کے معاملے میں کسی شخص کو ایسا نہیں کرنا چاہئے کہ کسی آیت کے بارے میں جو کچھ اُس کے ذہن میں آئے، بلا تحقیق وہ اُس کو بیان کرنے لگے- قرآن کی تفسیر کا صحیح طریقہ یہ ہے کہ جس آیت کی وضاحت کرنا ہے، پہلے اس کی تحقیق کی جائے- تدبر کے تمام تقاضوں کو پورا کرنے کے بعد اُس پر لکھا یا بولا جائے گا-"
        },
        {
          "para_id": "C06P74",
          "text": "تفسیر بالرائے یہ ہے کہ آدمی کے ذہن میں پہلے سے ایک تصور (idea)موجود ہے- اِس کے بعد وہ قرآن کو پڑھتا ہے- اُس کو قرآن میں اپنی بات کے مشابہ ایک لفظ مل جاتا ہے اور پھر وہ کہتا ہے کہ دیکھو، میری بات خود قرآن میں موجود ہے- مثال کے طورپر ایک شخص کے اندر سیاسی طرزِ فکر ہے- وہ سیاسی اقتدار کو سب سے بڑی چیز سمجھتاہے- اِس ذہن کو لے کر وہ قرآن پڑھتاہے، پھر وہ اِس آیت تک پہنچتاہے:  إنِ الحکمُ إلا للہ ( 12:40)- وہ فوراً کہہ اٹھتاہے کہ سیاسی اقتدار کا تصور خود قرآن میں موجود ہے، قرآن کی اِس آیت میں بتایا گیاہے کہ حکم صرف اللہ کا ہے- اِس آیت کی سیاسی تفسیر کرکے وہ اس کو حکومتِ الہیہ کے معنی میں لے لیتاہے اور پھر یہ دعوی کرتاہے کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم لوگوں سے لڑکر دنیا میں خدا کی سیاسی حکومت قائم کریں- یہ بلاشبہہ تفسیر بالرائے ہے، کیوں کہ قرآن کی اِس آیت میں حکم سے مراد فوق الطبیعی (supernatural) حکم ہے، نہ کہ سیاسی حکم-"
        },
        {
          "para_id": "C06P75",
          "text": "قرآن کی مذکورہ آیت کی تفسیر کا ایک طریقہ یہ ہے کہ آپ کے ذہن میں پیشگی طورپر جو تصور ہو، اُس کو لے کر آپ قرآن کو پڑھیں، اور پھر ایک مشابہ لفظ (حکم) پاکر یہ کہنے لگیں کہ دیکھو، قرآن بھی اِسی تصورِ سیاست کی تعلیم دے رہا ہے- یہ طریقہ بلا شبہہ تفسیر بالرائے کا طریقہ ہے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P76",
          "text": "تفسیر کا دوسرا طریقہ یہ ہے کہ آپ قرآن کی اِس آیت پر کھلے ذہن کے ساتھ تدبر کریں- آپ آیت کے سیاق(context) کی روشنی میں اس کا مطالعہ کریں- جب آپ ایسا کریں گےتو آپ پر یہ واضح ہوجائے گا کہ اِس آیت میں اصنام پرستی کے عقیدے کی تردید کی گئی ہے- دوسرے لفظوں میں یہ کہ اِس آیت میں حکم (اقتدار) سے مراد وہ اقتدار ہے جو زمین اور آسمان میں براہِ راست طورپر خدا نے قائم کررکھا ہے، یہاں اُس سیاسی اقتدار کا کوئی ذکر نہیں جس کو انسان دوسرے انسانوں کے مقابلے میں سماج کی سطح پر قائم کرتاہے، یعنی خدا کا قائم کردہ فوق الطبیعی اقتدار، نہ کہ انسان کا قائم کردہ سیاسی اقتدار-"
        },
        {
          "para_id": "C06P77",
          "text": "قرآن کی تفسیر خواہ کسی بھی انداز میں کی جائے، ہمیشہ ایسا ہوگا کہ آدمی اپنی رائے کو استعمال کرے گا- رائے سے مراد عقلی غور وفکر ہے اور عقلی غور وفکر کے بغیر کوئی بھی تفسیر ممکن نہیں، حتی کہ تقلیدی تفسیر بھی نہیں- قرآن کی سورہ ص میں ارشادہوا ہے: کِتٰبٌ اَنْزَلْنٰہُ اِلَیْکَ مُبٰرَکٌ لِّیَدَّبَّرُوْٓا اٰیٰتِہٖ وَلِیَتَذَکَّرَ اُولُوا الْاَلْبَابِ  (38:29) یعنی یہ ایک مبارک کتاب ہے جو ہم نے تمھاری طرف اتاری ہے، تاکہ لوگ اس کی آیتوں پر تدبر کریں اور تاکہ عقل والے اس سے نصیحت حاصل کریں-"
        },
        {
          "para_id": "C06P78",
          "text": "تدبر کا مطلب غور وفکر (contemplation) ہے- قرآن میں تدبر یہ ہے کہ آپ کسی تعصب کے بغیر کھلے ذہن کے ساتھ قرآن کو پڑھیں، اس کے تمام پہلوؤں پر کسی تحفظِ ذہنی (reservation) کے بغیر غور کریں- آپ کا مقصد سچائی کی تلاش ہو، نہ کہ اپنی بات کو قرآن سے نکالنا- اِسی کے ساتھ آپ کو یہ اندیشہ لگاہوا ہو کہ اگر آپ نے قرآن کی کسی آیت کی غلط تفسیر کی تو وہ خداکے یہاں مقبول نہ ہوگی اور آپ اس کے لیے پکڑے جائیں گے- اِس طرح کی سنجیدہ فکر کے ساتھ جو تفسیر کی جائے، اسی کا نام تدبر ہے- اور تدبر کے ساتھ قرآن کی تفسیر کرنےکا طریقہ ہی تفسیر کا صحیح طریقہ ہے- دوسرے لفظوں میں، غیر ذمے دارانہ تفسیر کا نام تفسیر بالرائے ہے، اور ذمے دارانہ تفسیر کا نام تفسیر بالتدبر-"
        },
        {
          "para_id": "C06P79",
          "text": "قرآن میں 114 سورتیں ہیں- اس کی سورہ نمبر 103 کا نام العصر ہے- سورہ العصر کے بارے میں امام شافعی (وفات: 820ء)  کا مشہور قول ہےکہ: لو تدبر الناسُ ہذہ السورة، لوسعتہم (اگر لوگ سورہ العصر میں تدبر کریں تو یہی ایک سورہ ان کی ہدایت کے لیے کافی ہوجائے)- یہ بات بذاتِ خود بالکل درست ہے- تدبر قرآن، نہ صرف سورہ العصر کو سمجھنے کے لیے، بلکہ پورے قرآن کے فہم کی کلید ہے- لیکن قرآن میں تدبر کی دو سورتیں ہیں — ایک ہے، فنی تدبر، اور دوسرا ہے، عارفانہ تدبر- قرآن کے مطالعے کے لیے فنی تدبر صرف ابتدائی فہم قرآن کے لیے کار آمد ہے- جہاں تک گہرے فہم قرآن کا تعلق ہے، اس کاحصول صرف عارفانہ تدبر کے ذریعے ممکن ہوتاہے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P80",
          "text": "فنی تدبر کا مطلب یہ ہے کہ آدمی لغت اور نحو اور صرف اور شانِ نزول، وغیرہ جیسی باتوں سے واقفیت رکھتاہو- ایسا آدمی اِس پوزیشن میں ہوتا ہے کہ وہ قرآن کے سادہ مفہوم کو بظاہر صحت کے ساتھ سمجھ لے، مگر جیسا کہ حدیث میں آیا ہے: لکل آیة منہا ظَہْر وبَطْن)الطبرانی 10/105 (- اِس قسم کا فہم قرآن کسی آدمی کو صرف ظہرِ قرآن سے واقف کراتا ہے، لیکن جہاں تک بطنِ قرآن کا معاملہ ہے، اُس سے آگاہ ہونے کے لیے صرف فنی واقفیت کافی نہیں- بطنِ قرآن تک رسائی حاصل کرنے کے لیے دین کی گہری معرفت ضروری ہے- یہ معرفت صرف اُس شخص کو ملتی ہے جو انتہائی سنجیدگی کے ساتھ قرآن اور سنت کا مطالعہ کرے، جو لمبی مدت تک دعا اور ذکر الہی میں زندگی گزارے، وہ صبح وشام کے لمحات میں قرآن کا طالب بنا ہوا ہو، جس کا مسلسل غور وفکر اس کو معرفت (realization)کی اُس سطح تک پہنچا دے، جب کہ وہ فنی حد بندیوں سے اوپر اٹھ کر حقیقت کا ادراک کرنے کے قابل ہوجاتاہے- اُس وقت وہ اُس درجہ معرفت کو حاصل کرلیتاہے جس کو حدیث میں  \"مُحَدَّث\"(صحیح البخاری، رقم الحدیث: 3689) کہاگیا ہے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P81",
          "text": "قرآن کی عارفانہ تفسیر"
        },
        {
          "para_id": "C06P82",
          "text": "جیسا کہ عرض کیاگیا ، علماءِ تفسیر نے قرآن کی تفسیر کے لیے 15 علوم کو ضروری قرار دیا ہے- اِن علوم میں سے ایک علم وہ ہے جس کو علمِ وہبی کا نام دیاگیا ہے-علمِ وہبی سےمراد معرفت ہے- بقیہ علوم کی حیثیت فنّی ہے اور معرفت وہ خصوصی صلاحیت ہے جس کو دوسرے الفاظ میں حکمت اور بصیرت (divine wisdom) کہاجاسکتا ہے- اِس حکمت اور بصیرت کی ایک مثال قرآن کی یہ آیت ہے: ہَلْ تَرَبَّصُوْنَ بِنَآ اِلَّآ اِحْدَى الْحُسْنَیَیْن(9:52) یعنی تم ہمارے لیےدو میں سے ایک بہتر چیز (one of the two good things) کا انتظار کررہے ہو-"
        },
        {
          "para_id": "C06P83",
          "text": "قرآن کی اِس آیت میں ’’دو بہتر میں سے ایک بہتر‘‘ کا مطلب مفسرین نے عام طور پر فتح اور شہادت لیاہے، یعنی تمھارے مقابلے میں ہم کو یا تو فتح حاصل ہوگی جو بلاشبہہ ایک بہتر چیز ہے، اور اگر تم نے ہم کو قتل کردیا تو ہم شہادت کا درجہ پائیں گے، اور وہ بلا شبہہ ہمارے لیے ایک بہتر چیز ہے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P84",
          "text": "خالص علم وفن کے اعتبار سے دیکھئے تو یہ تفسیر بالکل درست تفسیر معلوم ہوتی ہے، لیکن معرفت کے اعتبار سے دیکھئے تو یہ تفسیر ایک ناقص تفسیر ہے- فنی تفسیر کے اعتبار سے، اِس آیت کا تعلق جنگی صورتِ حال سے ہے- لیکن معرفت شناس ذہن یہ کہے گا کہ قرآن کا تعلق صرف جنگ سے متعلق احکام سے نہیں ہے، بلکہ قرآن کا تعلق انسان کی پوری زندگی سے ہے، اِس لیے ضروری ہے کہ ’إحدى الحسنین‘ کی سعادت ایک مومن کے لیے زندگی کے دوسرے پہلوؤں کے اعتبار سے بھی قابلِ حصول ہو-اِس کی ایک مثال یہ ہے کہ ایک شخص سے وقتی طورپر آپ کی ملاقات ہوتی ہے- آپ کے لیے موقع تھا کہ آپ اس کے ساتھ حسنِ معاملت کریں اور ثواب کے مستحق قرار پائیں، لیکن کسی وجہ سے آپ اس کے ساتھ حسنِ معاملت نہ کرسکے- اِس صورت ِ حال میں آپ کے لیے  ’إحدى الحسنیین‘ کی سعادت حاصل کرنے کا موقع باقی ہے- وہ اس طرح کہ آپ یہ دعا کریں کہ — خدایا، میں فلاں انسان کے ساتھ حسنِ سلوک نہ کرسکا، تو میری اِس غلطی کو معاف فرمااور اُس انسان کے لیے  میری طرف سے دعاءِ خیر لکھ دےاور اس کے حق میں میرے کوتاہی کی تلافی فرما-"
        },
        {
          "para_id": "C06P85",
          "text": "ایک شخص اگر فنی علوم کو حاصل کرلے تو وہ اِس قابل ہوجاتاہے کہ وہ قرآن کی کسی آیت کے ظاہری پہلوؤں کو بخوبی طورپر جان لے- اُس آیت کا لفظی ترجمہ کیاہے، اس کا شانِ نزول کیا ہے، سیاق وسباق کی رعایت سے اس کا کیا مفہوم بنتا ہے اور کیا مفہوم نہیں بنتا، وغیرہ-"
        },
        {
          "para_id": "C06P86",
          "text": "ایک شخص جس کو فنی واقفیت حاصل ہو، وہ آیت کےظاہری مفہوم کو سمجھ سکتاہے، لیکن اُس آیت میں الفاظ کے ماورا جو حقیقتیں چھپی ہوئی ہیں، وہ اُن سے بے خبر رہے گا- مثلاً وہ اِس بات کو جان لے گا کہ الحمد للہ رب العالمین کا لفظی ترجمہ کیا ہے- لیکن قرآن کی اِس آیت میں ایک اور گہرا پہلو چھپا ہوا ہے، لیکن اِس گہرے پہلو تک پہنچنے کے لیے صرف فنی واقفیت کافی نہیں-"
        },
        {
          "para_id": "C06P87",
          "text": "یہ گہرا پہلو وہ ہے جس کا علم صرف صاحبِ معرفت انسان کو ہوتاہے،صاحب معرفت انسان وہ ہے جس نے اللہ کی عظمتوں کو دریافت کررکھا ہو، جس کے غور وفکر نے اس کو اللہ کی کائناتی ربوبیت کی پہچان کرادی ہو، جو زمین وآسمان میں اس کی رحمتوں کا تجربہ کررہاہو- ایسا شخص جب الحمد للہ کہے گا تو اس کا شعورِمعرفت اِن الفاظ کے اندرمعانی کا سمندر بھردے گا- الحمد للہ رب العالمین کی تفسیر کرتے ہوئے اس کو محسوس ہوگا کہ انسائکلوپیڈیا کی وسیع جلدیں بھی اس کی تفسیر کے لیے ناکافی ہیں-"
        },
        {
          "para_id": "C06P88",
          "text": "قرآن کی فنی تفسیر قرآن کی صرف ٹکنکل تفسیر ہے، اور قرآن کی عارفانہ تفسیر، قرآن کی تخلیقی تفسیر (creative commentary) ہے- فنی صلاحیت کے لیے کتابی مطالعہ کافی ہوسکتاہے، لیکن معرفت ایک خدائی عطیہ ہے- معرفت کسی انسان کو صرف خدا کی توفیق سے ملتی ہے، اور خدا کی توفیق اُس انسان کو حاصل ہوتی ہے جس نے خدا کو اپنا واحد کنسرن (sole concern) بنا لیا ہو-"
        },
        {
          "para_id": "C06P89",
          "text": "قرآن فہمی کی شرط"
        },
        {
          "para_id": "C06P90",
          "text": "قرآن کی سورہ الواقعہ میں، قرآن کے بارے میں یہ آیت آئی ہے: لا یمسّہ إلا المطہرون (56:79) یعنی قرآن کو صرف وہی لوگ چھوتے ہیں جو پاکیزہ ہیں:"
        },
        {
          "para_id": "C06P91",
          "text": "None can touch the Quran except the purified."
        },
        {
          "para_id": "C06P92",
          "text": "اِس آیت کی تفسیر میں پاکیزہ سے کون لوگ مراد ہیں- کچھ لوگ اِس سے مراد فرشتوں کو لیتے ہیں- کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ اِس سے مراد پاک اور با وضولوگ ہیں- مگر حقیقت یہ ہے کہ اِس قسم کے مسائل اِس آیت کی نسبت سے غیر متعلق (irrelevant) مسائل کی حیثیت رکھتے ہیں- اِس آیت میں جو بات کہی گئی ہے، وہ یہ ہے کہ قرآن کے معانی تک پہنچ صرف اُن لوگوں کے لیے ممکن ہوتی ہے جو پاکیزہ ذہن کے حامل ہوں-"
        },
        {
          "para_id": "C06P93",
          "text": "راغب الاصفہانی (وفات: 1108ء)  نے اپنی کتاب المفردات میں اِس آیت کی شرح کرتے ہوئے لکھا ہے: إنہ لا یبلغ حقائق معرفتہ إلا من طہّر نفسہ (صرف وہ شخص معارف قرآن کے حقائق تک پہنچے گا جو اپنے نفس کی تطہیر کرے)- حقیقت یہ ہے کہ اِس آیت میں پاکیزگی سے مراد اصلاً اخلاقی یا جسمانی پاکیزگی نہیں ہے، بلکہ اُس سے مراد ذہنی یا نفسیاتی پاکیزگی ہے-"
        },
        {
          "para_id": "C06P94",
          "text": "قرآن ایک ایسی ہستی کا کلام ہے جو کامل طورپر مثبت ذہن کا حامل ہے، وہ مکمل طورپر منفی سوچ سے پاک ہے- ایسی حالت میں، قرآن کو سمجھنے کے لیے یہ لازمی شرط ہے کہ قرآن کے قاری کا شاکلہ، قرآن کے مصنف کے شاکلہ کے ہم سطح ہوجائے- اِس کے بغیر کسی قاری کی پہنچ قرآن کے مضامین تک نہیں ہوسکتی- جو قاری اِس ذہنی ارتقا کا حامل ہو کہ اس کا ذہن مکمل طورپر مثبت ذہن (positive mind) بن چکا ہو، وہ منفی سوچ (negative thinking)  سے پوری طرح خالی ہو- ایسے ہی انسان کی پہنچ قرآن کے گہرے معانی تک ہوگی-ایسے ہی انسان پر اللہ کی توفیق سے قرآن کے گہرے معانی کے دروازے کھلیں گے-(2012)"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C07",
      "chapter_title": "اندھا اور بہرا رد عمل",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C07P01",
          "text": "قرآن میں اللہ کے بندوں کی صفات بتاتےہوئے ان کی ایک صفت اِن الفاظ میں بیان کی گئی ہے:  وَالَّذِیْنَ اِذَا ذُکِّرُوْا بِاٰیٰتِ رَبِّہِمْ لَمْ یَخِـرُّوْا عَلَیْہَا صُمًّا وَّعُمْیَانًا (25:73) یعنی وہ ایسے ہیں کہ جب اُن کے رب کی آیتوں کے ذریعے اُن کو نصیحت کی جاتی ہے تو وہ اُن پر اندھے اور بہرے ہو کر نہیں گرتے-"
        },
        {
          "para_id": "C07P02",
          "text": "’’اللہ کی آیتوں کے ذریعے تذکیر‘‘ کا مطلب کیا ہے- اِس کا مطلب یہ ہےکہ ایک انسان، جو قرآن کے الفاظ میں، اپنی خواہش کو اپنا رہنما بنائے ہوئے ہو، اس کی غلطی کی نشان دہی کرنا اور یہ بتانا کہ تم کو خدا کی دنیا میں خدا کی پسند کے طریقے پر چلنا ہے، نہ کہ اپنی پسند کے طریقے پر- اِس قسم کی نصیحت آدمی کو اپنے خلاف تنقید نظر آتی ہے- وہ اِس قسم کی نصیحت کو سننے کے بعد فوراً رد عمل کی نفسیات میں مبتلا ہوجاتاہے- وہ ایسی نصیحت کے جواب میں غیر سنجیدہ انداز اختیار کرلیتا ہے- وہ اپنی غلطی کا اعتراف کرنے کے بجائے خود ناصح کو غلط ثابت کرنا شروع کردیتاہے-"
        },
        {
          "para_id": "C07P03",
          "text": "وہ اُن پر اندھے اور بہرے ہو کر نہیں گرتے  —   اِس کا مطلب یہ ہے کہ ان کا رد عمل اندھے بہرے انسان کے رد عمل کی مانند نہیں ہوتا- اندھے اور بہرے انسان کی مانند رد عمل یہ ہے کہ آدمی نصیحت کو سن کر اُس کے جواب میں ایسا رسپانس دے جیسے کہ اس نے اصل بات کو نہ سنا اور نہ ا س کو سمجھا، وہ ناصح کی اصل بات سے بے خبر رہ کر غیر متعلق باتیں بولنے لگا، وہ دلیل کے جواب میں الزام تراشی کرنے لگا، وہ ایک علمی بات کا جواب غیر علمی انداز میں دینے لگا، وہ نصیحت کے اصل نکتے پر دھیان دئے بغیر ایسی باتیں کہنے لگا جس کا ناصح کی نصیحت سے کوئی تعلق نہیں-"
        },
        {
          "para_id": "C07P04",
          "text": "اللہ سے تعلق آدمی کے اندر سنجیدگی پیدا کرتا ہے- اِس کے برعکس، جو انسان اللہ سے دور ہو، وہ ایک غیر سنجیدہ انسان بن جاتا ہے- وہ ایک ایسا انسان بن جاتا ہے جیسے کہ وہ آنکھ رکھتے ہوئے بھی کچھ نہیں دیکھتا، وہ کان رکھتے ہوئے بھی کچھ نہیں سنتا-"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C08",
      "chapter_title": "مجھ کو قرآن نہیں ملا",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C08P01",
          "text": "سری نگر (کشمیر)  میں ہمارے کئی ساتھی ہیں- وہ سیاحوں کو مطالعے کے لیے قرآن کا انگریزی ترجمہ دیتے ہیں- 7 اپریل 2013 کو وہ وہا ں کے تولپ گارڈن (Tulip Garden) گئے- وہاں انھوں نے دیکھا کہ سیاحوں کا ایک گروپ گیٹ سے اندر داخل ہورہا ہے- انھوںنے اِن لوگوں کو قرآن کا انگریزی ترجمہ دیا- یہ ترجمہ محدود تعداد میں تھا، اِس لیے وہ گروپ کے بعض افراد کو نہیں ملا- اِس کے بعد انھوںنے دیکھا کہ گارڈن کے گیٹ پر ایک نوجوان کھڑا ہوا رورہا ہے- وہ رورہا تھا اور یہ کہہ رہا تھا— مجھ کو قرآن نہیں ملا-"
        },
        {
          "para_id": "C08P02",
          "text": "یہ واقعہ مجھ کو معلوم ہوا تو میں نے سوچا کہ یہ کوئی سادہ واقعہ نہیں- یہ واقعہ حاملینِ قرآن کے لیے ایک عظیم انتباہ (warning) کی حیثیت رکھتا ہے- یہ واقعہ حاملینِ قرآن کو ان کی ذمے داری یاد دلارہا ہے- وہ وقت آنے والا ہے جب کہ حشر کے میدان میں تمام پیدا ہونے والے انسان اکھٹا ہوں گے- اُس وقت اگر ایسا ہو کہ جن لوگوں تک قرآن نہیں پہنچا، وہ کھڑے ہو کر اللہ سے فریاد کریں کہ جن لوگوں پر یہ ذمے داری ڈالی گئی تھی کہ وہ خدا کی کتاب (قرآن) کو تمام انسانوں تک پہنچائیں، انھوں نے اپنی یہ ذمے داری پوری نہیں کی- انھوںنے لوگوں کی قابلِ فہم زبان میں خدا کی کتاب کو اُن تک نہیں پہنچایا- ایسی حالت میں سب سے پہلے اِن حاملین قرآن کی پکڑ ہونی چاہئے، نہ کہ ہماری-"
        },
        {
          "para_id": "C08P03",
          "text": "اگر حشر کے میدان میں یہ واقعہ پیش آئے کہ جن لوگوں تک قرآن نہیں پہنچا، وہ وہاں کھڑے ہو کر اللہ سے فریاد کریں تو حاملینِ قرآن کے پاس اِس کا کیا جواب ہوگا- قرآن میں بتایا گیا ہے کہ قیامت میں دونوں گروہوں سے یہ سوال کیا جائے گا کہ پہنچانے والوں نے پہنچایا، یا نہیں، اور یہ کہ جن کو پہنچایا جانا تھا، اُن کو ملا، یا نہیں (7:6)- قرآن کا مذکورہ بیان داعی اور مدعو دونوں کے لیے بے حد اہم ہے- دونوں کو یہ سوچنا ہے کہ حشر کے میدان میں وہ اِس معاملے میں اللہ کے سامنے بری الذمہ قرار پائیں گے یا نہیں-"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C09",
      "chapter_title": "دعوت، اجتماعیت",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C09P01",
          "text": "داعی یا  مصلح کا ایک کام یہ ہے کہ وہ لوگوں کو سچائی کی بات بتائے- وہ لوگوں کو امر ِحق سے باخبر کرے- اِس کام کا تقاضا یہ ہے کہ داعی اور مصلح سچائی کا گہرا علم رکھتا ہو- وہ ایسی زبان میں کلام کرے جو لوگوں کے دماغ کو اپیل کرنے والی ہو- اس کا دعوتی کلام اپنی زبان اور اپنے اسلوب، دونوں کے اعتبار سے، مخاطب کے لیے پوری طرح قابلِ فہم ہو- اس کے کلام میں وضوح (clairty) ہو- اس کا کلام کنفیوژن سے مکمل طورپر پاک ہو- دعوت اور اصلاح کی کوشش کے نتیجے میں جب کچھ لوگ اس سے متاثر ہوں اور وہ کم یا زیادہ تعداد میں اس کے گرد اکھٹا ہوجائیں تو اس کے بعد داعی کی ایک اور ذمے داری شروع ہوجاتی ہے، یہ کہ وہ اِن متاثر افراد کو قریب کرے اور ان کی اجتماعیت کو برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرے- دعوت اور اصلاح کی اِس دوسری ضرورت کو قرآن کی ایک آیت میں بتایا گیا ہے- اِس آیت کا ترجمہ یہ ہے: ’’(اے رسول)  یہ اللہ کی بڑی رحمت ہے کہ تم اُن کے لیے نرم ہو- اگر تم تند خو اور سخت دل ہوتے تو یہ لوگ تمھارے پاس سے بھاگ جاتـے‘‘ -(3:195)"
        },
        {
          "para_id": "C09P02",
          "text": "متاثر افراد کے درمیان اجتماعیت کو برقرار رکھنے کے لیے بنیادی صفت یہ ہے کہ داعی لوگوں کے ساتھ نرمی کا برتاؤ کرے، وہ اُن کے ساتھ سخت معاملہ نہ کرے- اِس کو ایک لفظ میں، لوگوں کے مزاج کی رعایت کہا جاسکتا ہے- جب بھی کچھ لوگ اکھٹا ہوں تو اُن کی طرف سے بار بار ایسی باتیں پیش آتی ہیں جو ناگواری کا پہلو لیے ہوتی ہیں- جہاں اجتماعیت ہو، وہاں لازمی طورپر مسائل بھی ہوتے ہیں، کیوں کہ ہر آدمی کا مزاج الگ الگ ہوتاہے- ایسی حالت میں، اجتماعیت کو برقرار رکھنے کی تدبیر صرف یہ ہے کہ لوگوں کے ساتھ نرمی کا سلوک کیا جائے- ان کی ناگوارباتوںکو نظر انداز کیا جائے- ایسے پروگرام رکھے جائیں جو لوگوں کے درمیان آپس کے تعلقات بڑھانے والے ہوں- مثلاً سادہ طورپر اجتماعی کھانا، وغیرہ-"
        },
        {
          "para_id": "C09P03",
          "text": "دعوت اور اصلاح کے کام میں یہ دوسرا پہلو عملی اعتبار سے بہت زیادہ اہم ہے- نظریاتی صداقت کے ساتھ اجتماعی حکمت اگر موجود نہ ہو تو کوئی بڑا کام نہیں کیا جاسکتا-"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C10",
      "chapter_title": "فکری مستویٰ کے مطابق خطاب",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C10P01",
          "text": "ایک روایت کے مطابق، پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: بُعثنا معاشر الأنبیاء نخاطب الناس، على قدر عقولہم (المقاصد الحسنة للسخاوی، رقم الحدیث: 120) یعنی تمام پیغمبروں کو یہ حکم دیاگیا ہے کہ وہ لوگوں کو اُن کے عقلی معیار کے مطابق، خطاب کریں-"
        },
        {
          "para_id": "C10P02",
          "text": "اِس حدیث میں ’قدرِ عقل‘ سے مراد فکری مستوی (intellectual level) ہے، یعنی لوگوں سے ایسی زبان میں خطاب کرنا جو اُن کے لیے قابلِ فہم ہو اور ان کے ذہن کو ایڈریس کرے- جس دعوتی خطاب میں مدعو کی یہ رعایت شامل نہ ہو، وہ مطلوب دعوتی خطاب نہیں- اِس حدیثِ رسول کا ایک تقاضا یہ ہےکہ داعی اور مدعو کے درمیان اگر ذہنی بُعد (intellectual gap) پیدا ہو جائے تو داعی کو چاہئے کہ وہ اپنے آپ کو اِس طرح تیار کرے کہ مدعو کے ذہن کے اعتبار سے، اس کا کلام ایک موثر کلام بن جائے-"
        },
        {
          "para_id": "C10P03",
          "text": "موجودہ زمانے کی نسبت سے ایک بہت بڑا مسئلہ یہ ہے کہ مسلم علما اپنی تعلیم کے اعتبار سے، صرف روایتی ذہن کو خطاب کرنا جانتے ہیں- اِس بنا پر جدید تعلیم یافتہ طبقہ، علما کی پہنچ سے باہر ہوگیا ہے- علما کا روایتی طرزِ خطاب جدید ذہن کو اپیل نہیں کرتا- ایسی حالت میں علماکا یہ فرض ہے کہ وہ اپنے آپ کو اِس طرح تیار کریں کہ وہ جدید ذہن کو خطاب کرنے کے قابل ہوسکیں-"
        },
        {
          "para_id": "C10P04",
          "text": "جدید فکری مستوی کوئی پراسرار چیز نہیں، وہ دراصل عقلی مستوی (rational level) کا دوسرا نام ہے- آج کا انسان صرف اُس کلام سے متاثر ہوسکتا ہے جو جدید عقلی معیار پر پورا اترتا ہو، جو دورِ جدید کے مسلّمات سے مطابقت رکھنے والا ہو، جو دینی حقائق کو عقل کے معروف اصولوں پر ثابت شدہ بناتا ہو- قدیم اسلوب کو اگر روایتی اسلوب کہاجائے تو جدید اسلوب کو سائنسی اسلوب کہا جائے گا-"
        },
        {
          "para_id": "C10P05",
          "text": "جو بات مذکورہ حدیثِ رسول میں کہی گئی ہے، اس کی اصل خود قرآن میں موجود ہے- قرآن کی سورہ ابراہیم میں یہ آیت آئی ہے: وَمَآ اَرْسَلْنَا مِنْ رَّسُوْلٍ اِلَّا بِلِسَانِ قَوْمِہٖ لِیُبَیِّنَ لَہُم(14:4) یعنی ہم نے جو پیغمبر بھی بھیجا، اس کی قوم کی زبان میں بھیجا، تاکہ وہ اُن سے اچھی طرح بیان کردے:"
        },
        {
          "para_id": "C10P06",
          "text": "And We have not sent any Messenger except with the language of his people in order that he might make the message clear to them."
        },
        {
          "para_id": "C10P07",
          "text": "قرآن کی یہ آیت پیغمبر کے حوالے سے ہر دور کے تمام داعیوں کے لیے ہے- بعد کے زمانے میں اپنے ہم عصر مخاطبین کی نسبت سے داعیوں کی بھی وہی ذمے داری ہے جو قدیم زمانے میں اپنے ہم عصر مخاطبین کی نسبت سے پیغمبروں کی ذمے داری تھی- قرآن کی اِس آیت کے مطابق، دعوت الی اللہ کے سلسلے میں داعی کی ذمے داری صرف یہ نہیں ہے کہ وہ مدعو کی زبان میں بول کر اس کو دعوت کا پیغام دے دے- اِسی کے ساتھ لازمی طورپر وہ چیز بھی ضروری ہے جس کو قرآن کی مذکورہ آیت میں ’’تبیین‘‘ کہاگیاہے- تبیین کا مطلب ہے واضح کرنا، بات کو پوری طرح قابلِ فہم بنادینا-"
        },
        {
          "para_id": "C10P08",
          "text": "اِس سے معلوم ہوا کہ داعی کے لیے صرف مدعو کی زبان کا جاننا کافی نہیں، اِسی کے ساتھ ضروری ہےکہ وہ مدعوکے مزاج کو سمجھے، وہ مدعو کی ذہنی ساخت کے مطابق، اُس سے خطاب کرے، تاکہ اس کا ذہن ایڈریس ہوسکے- اِس اعتبار سے دیکھئے تو موجودہ زمانے میں داعی کی ذمے داری بہت بڑھ گئی ہے- قدیم زمانہ اگر روایتی اسلوب کا زمانہ تھا تو موجودہ زمانہ سائنٹفک اسلوب کا زمانہ ہے- آج کا مدعو کسی بات کو صرف اُس وقت سمجھ پاتا ہے جب کہ اُس بات کو عقلی اسلوب میں مدعو کے سامنے پیش کیا جائے-اِس شرط کا تقاضا ہےکہ داعی نہ صرف آج کی زبان سیکھے، بلکہ وہ آج کے ذہن کو پوری طرح سمجھے اور جدید ذہن کو سمجھنے کا یہ کام صرف اُس وقت ممکن ہے جب کہ انتہائی بے تعصبانہ انداز میں جدیدافکار کا مطالعہ کیا جائے- یہ کام صرف اُس وقت ممکن ہے جب کہ داعی کے دل میں مدعو کے لیے کامل خیر خواہی موجود ہو- اگر کامل خیرخواہی موجود نہ ہو تو نہ زبان کا جاننا کافی ہوسکتا ہے اور نہ جدید علوم کا مطالعہ-"
        },
        {
          "para_id": "C10P09",
          "text": "اِس معاملے کی ایک مثال یہ ہے کہ موجودہ زمانے کے تمام علما مستشرقین (orientalists) کے بارے میں منفی رائے رکھتے ہیں- وہ مستشرقین کو اسلام کا دشمن اور اسلام کے خلاف سازش کرنے والا قرار دیتے ہیں، حتی کی ایک عرب عالم نے مستشرقین کو دورِ جدید کے تین اژدہوں میں سے ایک اژدہا قرار دیاہے- (ملاحظہ ہو: أجنحة المکر الثلاثة،  تالیف: عبد الرحمن حبنکہ المیدانی)"
        },
        {
          "para_id": "C10P10",
          "text": "مستشرقین کے بارے میں یہ رائے یقینی طورپر درست نہیں- اصل یہ ہے کہ مسلم علما، مغربی مستشرقین کو غیر متعصبانہ ذہن کے ساتھ نہ پڑھ سکے، اِس لیے وہ اُن کے کیس کو بھی سمجھنے سے قاصر رہے- مستشرقین کے کیس کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ اُس فرق کو سمجھا جائے جو مسلم علما اور مستشرقین کے درمیان پایا جاتاہے- مسلم علما دین اسلام کو وحی (revelation)کے ظاہرہ کے تحت دیکھتے ہیں- اِس کے برعکس، مستشرقین اپنے طریقِ مطالعہ کے تحت دینِ اسلام کو صرف ایک سماجی ظاہرہ (social phenomenon)یا تاریخی ظاہرہ (historical phenomenon) کے طورپر دیکھتے ہیں- طریقِ مطالعہ کے اِس فرق کی بنا پر فطری طورپر ایسا ہوتاہے کہ دونوں کی رائے میں کچھ فرق واقع ہوجاتا ہے- یہ فرق یقینی طورپر کسی سازشی ذہن یا بدنیتی کی بنا پر نہیں ہوتا، بلکہ وہ صرف طریقِ مطالعہ (method of study)میں فرق کی بنا پر ہوتاہے-"
        },
        {
          "para_id": "C10P11",
          "text": "استشراق کی حقیقت"
        },
        {
          "para_id": "C10P12",
          "text": "استشراق (orientalism) کیا ہے، استشراق اپنی اصل حقیقت کے اعتبار سے، صرف ایک چیز کا نام ہے، وہ یہ ہے کہ نشاةِ ثانیہ (Renaissance) کے بعد مختلف اسباب سے یورپ میں ایک ذہن ابھرا جس کو روحِ تجسس (spirit of inquiry) کہاجاتاہے- اِس روحِ تجسس نے مزید ترقی پاکر موضوعی طریقِ مطالعہ (objective method of study) کا عنوان اختیار کیا- نشاةِ ثانیہ کے بعد یورپ میں پیدا ہونے والے تمام علوم، خواہ وہ مذہبی ہوں یا سیکولر، وہ اصلاً اِسی طریق ِ مطالعہ کی پیداوار ہیں-اِس طریقِ مطالعہ کا استعمال بنیادی طورپر دو بڑے میدانوں میں ہوا— ایک، علمِ فطرت(natural sciences) اور دوسرا، علمِ انسانیات (humanities) - اِس طریقِ مطالعہ سے بہت زیادہ فائدے حاصل ہوئے- ہر شعبے میں نئی نئی حقیقتیں سامنے آئیں، تحقیق کے نئے نئے دروازے کھلے، سوالات کے نئے نئے جوابات ملے، زندگی کے لیے نئی نئی رہنمائیاں حاصل ہوئیں- تاہم علم کے دونوں شعبوں میں ایک بنیادی فرق تھا- علمِ فطرت کا میدان فطرت کے اٹل قوانین تھے- اس میں یہ ممکن تھا کہ علمِ ریاضی (mathematics) کے قطعی فارمولے کو استعمال کرتےہوئے قطعی نتیجے تک پہنچا جائے اور اگر بالفرض کوئی انسان اپنے اندازے میں غلطی کرجائے تو دوسرا انسان مزید تجزیہ کے ذریعے اس کی تصحیح کرسکے- اِسی لیے اِن علوم کو قطعی علوم (exact sciences)کہاجاتاہے-"
        },
        {
          "para_id": "C10P13",
          "text": "لیکن علم انسانیات، بہ شمول مذہب، میں اِس کے استعمال کا معاملہ بالکل مختلف تھا- اِس شعبے میں حتمی نوعیت کا کوئی ریاضیاتی طریقہ قابلِ حصول نہ تھا، اِس لیے یہاں لازمی طورپر یہ ہونا تھا کہ انسانیات کے شعبے میں مطالعہ کرنے والوں کی رائے میں اختلاف پیدا ہو، وہ کسی معاملے میں غلط استنباط (wrong inference) کا شکار ہوجائیں- اِس بنا پر یہ ممکن ہی نہ تھا کہ انسانیات کے دائرے میں مطالعہ کرنے والا انسان کوئی ایسا اصول وضع کرسکے جس میں سرے سے کوئی غلطی نہ پائی جاتی ہو- انسانیات کے مطالعے میں جو غلطیاں پائی جاتی ہیں، وہ اختلافِ رائے کی بنا پر ہیں، نہ کہ سازش یا بدنیتی کی بنا پر- یہی استشراق کا معاملہ ہے- استشراق کا کیس ایک طریقِ مطالعہ کا کیس ہے، نہ کہ سازش یا بدنیتی کاکیس-"
        },
        {
          "para_id": "C10P14",
          "text": "اِس معاملے میں صحیح طریقہ یہ ہے کہ مستشرقین کے اِس ذہن کو مدعو کے ذہن کے طورپر لیا جائے، نہ کہ کسی دشمن کے سازشی ذہن کے طورپر- ہر مدعو کی اپنی سوچ ہوتی ہے- اِس طرح مستشرقین کا کیس بھی مدعو کا کیس ہے اور ان کی بھی اپنی ایک سوچ ہے- اگر ہم مستشرقین کے کیس کو مدعو کے کیس کے طورپر لیں تو ہمارے دل میں اُن کے بارے میں وہی خیرخواہی پیدا ہوجائے گی جو ہر مدعو کے لیے ایک داعی کے دل میں ہوتی ہے- اِس طرح یہ ممکن ہوجائے گا کہ ہم مستشرقین کے ذہن کو غیرجانب دارانہ انداز میں سمجھیں اور اُن سے داعیانہ ذہن کے تحت ڈسکشن کریں اور اُن کو اسلام کا فطری پیغام پہنچائیں-مستشرقین بھی انسان ہیں- اُن کے اندر بھی وہی فطرت موجود ہے جو دوسرے انسانوں کے اندر پائی جاتی ہے- اگر اُن کی فطرت ایڈریس ہوجائے تو اُن کے ساتھ وہی واقعہ پیش آسکتا ہے جس کو قرآن میں اِن الفاظ میں بیان کیاگیا ہے: فَاِذَا الَّذِیْ بَیْنَکَ وَبَیْنَہٗ عَدَاوَةٌ کَاَنَّہٗ وَلِیٌّ حَمِیْمٌ ( 41:34)"
        },
        {
          "para_id": "C10P15",
          "text": "تاریخ بتاتی ہے کہ مستشرقین کے معاملےمیں اِس طرح کے واقعات بار بار پیش آئے ہیں- بہت سے ایسے مستشرق ہیں جنھوں نے اسلام کا مطالعہ کیا- وہ اسلام کی صداقت سے متاثر ہوئے اور انھوں نے اسلام کے بارے میں بہت سی اعلی کتابیں لکھیں- مثلاً ٹامس کارلائل (وفات:  1881)، ٹی ڈبلو آرنلڈ (وفات: 1930 )، فلپ کے ہٹی (وفات:  1978)، وغیرہ- کچھ اور لوگ ہیں جنھوں نے اسلام کے تفصیلی مطالعے کے بعد باقاعدہ اسلام قبول کرلیا- مثلاً ہنگری کے عبدالکریم جُرمانوس (وفات:  1979)، وغیرہ-"
        },
        {
          "para_id": "C10P16",
          "text": "مستشرق عام طورپر اُس کو کہا جاتا ہے جو کسی مغربی ملک میں پیدا ہوا ہو اور پھر وہ مشرقی مذاہب کا مطالعہ کرے- لیکن توسیعی طورپر اِس فہرست میں ایسے افراد بھی شامل کیے جاسکتے ہیں جو کسی دوسرے مذہب میں پیداہوئے ہوں اور پھر وہ مختلف مذاہب کا مطالعہ کریں اور مطالعہ کے بعد اسلام قبول کرلیں- اِس دوسری قسم میں بھی بہت سے افراد پائے جاتے ہیں- مثلاً ڈاکٹر نشی کانت چٹوپادھیائے، وغیرہ-ڈاکٹر نشی کانت چٹوپادھیائے کا مختصر تعارف در ج ذیل ہے:"
        },
        {
          "para_id": "C10P17",
          "text": "Chattopadhyay, Nishikanta (1852-1910) research scholar and the first Bengali to obtain a PhD degree (1882) from a European university, was born in July 1852  in the village of Pashchimpara in Vikrampur, Dhaka. Nishikanta passed the FA from Presidency College. He then went to Germany to study German, Sanskrit, linguistics, history and philosophy at Leipgiz University. But he was expelled from there for being an atheist. He proceeded to Switzerland and completed his doctoral studies at the University of Zurich. He returned to India in 1883 and subsequently taught at different colleges in Hyderabad, Mysore and Muzaffarpur. Towards the end of his life, he embraced Islam."
        },
        {
          "para_id": "C10P18",
          "text": "(http://www.banglapedia.org)"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C11",
      "chapter_title": "دریافت کی عظمت",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C11P01",
          "text": "رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مکی دور کا واقعہ ہے- آپ کے چچا ابو طالب نے ایک بار آپ کو بلایا اور کہا کہ قوم کے ساتھ مصالحت کا انداز اختیار کرو(فاکفف عن قومک ما یکرہون من قولک)-اِس کے جواب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یا عمّ، لو وُضعت الشمس فی یمینی والقمر فی یساری، ما ترکت ہذا الأمر (حیاة الصحابة: 1/58 ) یعنی اے میرے چچا، اگر یہ لوگ ایسا کریں کہ وہ میرے دائیں ہاتھ میں سورج رکھ دیں اور میرے بائیں ہاتھ میں چاند رکھ دیں، تب بھی میں اِس کام کو نہیں چھوڑ وں گا-"
        },
        {
          "para_id": "C11P02",
          "text": "اِس واقعے سے ایک نہایت اہم اصول معلوم ہوتاہے، وہ یہ کہ — جتنی بڑی دریافت، اتنی بڑی عزیمت- اگر آدمی ایک ایسی حقیقت پر کھڑا ہوا ہو جو اس کے لیے سورج اور چاند سے بھی زیادہ بڑی ہے تو ہر دوسری چیز اس کی نظر میں چھوٹی ہوجائے گی- ایسا آدمی کسی بھی عذر کو لے کر اپنے موقف کے معاملے میں مصالحت کا انداز اختیار نہیں کرسکتا-"
        },
        {
          "para_id": "C11P03",
          "text": "پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کا مشن توحید کا مشن تھا- آپ کو توحید کا نظریہ وحیِ خداوندی کے تحت بطور اعلی معرفت حاصل ہوا- اسی اعلی معرفت کے تحت آپ اپنے مشن کو لے کر کھڑے ہوئے- آپ کی جو دریافت تھی، وہ آپ کے لیے ساری کائنات سے زیادہ بڑی تھی- ایسا انسان اس کا تحمل نہیں کرسکتا کہ وہ کسی مصلحت کی بنا پر اس کو چھوڑ دے یا وہ اس میں کوئی کمی کرے-"
        },
        {
          "para_id": "C11P04",
          "text": "پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کا مذکورہ قول بھی ایک سنتِ رسول ہے- وہ ایک واقعے کی صورت میں ایک عظیم حقیقت کو بتاتا ہے، وہ یہ کہ ایک بڑی دریافت تمام دوسری چیزوں کو چھوٹا کردیتی ہے- ایسا آدمی کسی قسم کے رکون (11:113) کا تحمل نہیں کرسکتا- اگر آپ کسی شخص کے اندر یہ بات پائیں کہ وہ قوم کے اندر برائی دیکھتا ہے، لیکن وہ اپنے مادی تحفظات کی بنا پر اس کی کھلی مذمت نہیں کرتا تو سمجھ لیجئے کہ اس کو جو چیز ملی ہے، وہ اتنی بڑی نہیں کہ ہر قومی یا دنیوی مصلحت اس کے لیے چھوٹی ہوجائے-"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C12",
      "chapter_title": "کامیاب زندگی کا راز",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C12P01",
          "text": "مشہور سائنس داں البرٹ آئن اسٹائن (وفات: 1955 )  نےکہا تھا کہ —انسانی زندگی بائیسکل چلانے کی مانند ہے- اپنا توازن برقرار رکھو اور تم محفوظ طورپر اپنی منزل پر پہنچ جاؤگے:"
        },
        {
          "para_id": "C12P02",
          "text": "Life is like driving a bicycle. Maintain your balance and you will safely reach your destination."
        },
        {
          "para_id": "C12P03",
          "text": "یہ قول بہت با معنى ہے- اصل یہ ہے کہ موجودہ دنیا میں انسان کو دوطرفہ تقاضوں کے درمیان عمل کرنا ہوتاہے- ایک طرف، اس کا اپنا ارادہ اور دوسری طرف، خارجی حالات-"
        },
        {
          "para_id": "C12P04",
          "text": "موجودہ دنیا میں کسی کا میابی کے حصول کے لیے دونوں تقاضوں کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے- اگر ارادہ ہو، لیکن خارجی حالات کی موافقت موجود نہ ہو تو کامیابی ممکن نہیں-"
        },
        {
          "para_id": "C12P05",
          "text": "اِسی طرح اگر خارجی حالات کی موافقت ہو، لیکن ارادہ موجود نہ ہو، تب بھی کامیابی ناممکن ہوجائے گی-آدمی کو چاہئے کہ جب بھی وہ اپنے کسی منصوبے کی تکمیل کرنا چاہے تو ہمیشہ وہ حالات پر پوری نظر رکھے- وہ ایسا نہ کرے کہ وہ اپنی خواہش کے پیچھے چلنے لگے- وہ ایسا نہ کرے کہ وہ کسی ایک پہلو کو نظر انداز کرکے دوسرے پہلو کی طرف بہت زیادہ جھک جائے-وہ ایسا بھی نہ کرے کہ وہ اپنا زیادہ اندازہ (overestimation) کرے اور حالات کا کم تر اندازہ (underestimation) کرنے لگے- اِس قسم کی کوئی بھی غلطی اس کے منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے کافی ہے-آدمی اپنے مزاج کے اعتبار سے ایک انتہا پسند مخلوق ہے- آدمی اکثر ایسا کرتا ہے کہ وہ ایک پہلو کی طرف اِس طرح جھک جاتا ہے کہ وہ دوسرے پہلو کی رعایت کرنے سے قاصر ہوجاتاہے- اِس قسم کے عدم توازن کے ساتھ کسی شخص کا اِس دنیا میں کامیاب ہونا ممکن نہیں-"
        },
        {
          "para_id": "C12P06",
          "text": "توازن بلاشبہہ ایک اہم اصول ہے، لیکن توازن سے مراد عملی معاملات میںتوازن کا طریقہ اختیار کرنا ہے، نہ کہ فکری اور نظریاتی معاملات میں توازن کا طریقہ اختیار کرنا- نظری معاملات میں آدمی کا نشانہ آئڈیل ہونا چاہئے، لیکن عملی معاملات میں اس کو پریکٹکل بن جانا چاہیے-"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C13",
      "chapter_title": "مواقع ختم نہیں ہوتے",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C13P01",
          "text": "فرنچ فلاسفر والٹیر (Voltaire)  1694 میں پیدا ہوا- آخر عمر میں اس کو سمومیتِ بول (urania) کی بیماری ہوگئی- وہ شدید تکلیف کی حالت میں 1778 میں مرگیا- اُس کا ایک قول یہ ہے —  زندگی ایک تباہ شدہ جہاز کی مانند ہے، مگر ہمیں لائف بوٹ کے استعمال کو بھولنا نہیں چاہئے:"
        },
        {
          "para_id": "C13P02",
          "text": "Life is a shipwreck, but we must not forget to sing in the lifeboats."
        },
        {
          "para_id": "C13P03",
          "text": "حقیقت یہ ہے کہ زندگی میں کبھی مواقع ختم نہیں ہوتے- ایک موقع (first chance)جب ختم ہوتاہے تو اس کے فوراً بعد دوسرا موقع آجاتا ہے- ناکامی یہ ہے کہ آدمی ایک موقع کھونے کے بعد دوسرے موقع (second chance) کو دریافت نہ کرسکے-"
        },
        {
          "para_id": "C13P04",
          "text": "زندگی غیر متوقع حالات سے بھری ہوئی ہے- زندگی میں بار بار ایسے تجربات پیش آتے ہیں جن کی بابت آدمی نے پہلے کبھی سوچا بھی نہیں تھا- اس بنا پر آدمی کا ہر منصوبہ ناقص ثابت ہوتاہے- اِس لیے ضروری ہے کہ آدمی بار بار اپنے منصوبے پر نظر ثانی کرے-"
        },
        {
          "para_id": "C13P05",
          "text": "اِس صورتِ حال کی تلافی کے لیے خالق نے دنیا کو امکانات اور مواقع سے بھر دیا ہے- آدمی کو چاہیے کہ جب وہ کسی ناکامی سے دوچار ہو تو وہ اپنی ناکامی کو تجربے کے خانے میں ڈال دے اور نیا راستہ تلاش کرکے اپنے سفر کو جاری رکھے- ناکامی صرف ناکامی نہیں، ناکامی آپ کی شخصیت کے ارتقاکا ذریعہ ہے- ناکامی آپ کوزیادہ دانش مند بناتی ہے- ناکامی آپ کی سنجیدگی میں اضافہ کرتی ہے- ناکامی آپ کو زیادہ پختہ انسان بنانے والی ہے- ناکامی زیادہ بڑی کامیابی کا دروازہ کھولنے والی ہے-"
        },
        {
          "para_id": "C13P06",
          "text": "انسان کی سب سے بڑی طاقت اس کی عقل ہے - عقل کو استعمال کرکے آدمی ہر مسئلے کا حل دریافت کرسکتا ہے، یہاں تک کہ ایسے مسئلے کا حل بھی جو بظاہر خاتمہ کے ہم معنی ہو، جس کے بعد کوئی امکان نظر نہ آتا ہو- ہمت کو ہمیشہ باقی رکھیے اور پھر عقل ہر صورتِ حال میں آپ کی رہنما بن جائے گی-"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C14",
      "chapter_title": "غلطی کا اعتراف",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C14P01",
          "text": "موجودہ زمانے کا ایک معروف کلچر وہ ہے جس کو سروے کلچر (survey culture) کہاجاتاہے- موجودہ زمانے میں لوگوں کی رائے جاننے کے لیے ہر چیز کا سروےکیا جاتاہے- نئی دہلی کے انگریزی اخبار ٹائمس آف انڈیا (24 اپریل 2013) میں ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے- اس میں بتایا گیاہے کہ انگلینڈ میں کیے گئے ایک سروے کے مطابق، ساری (sorry) کا لفظ بولنا لوگوں کے لیے ایک بے حد مشکل کام ہوتا ہے:"
        },
        {
          "para_id": "C14P02",
          "text": "‘Sorry’ is the hardest word to say."
        },
        {
          "para_id": "C14P03",
          "text": "اسلام میں کچھ چیزیں واضح طورپر حرام قرار دی گئی ہیں- یہ گویا وہ چیزیں ہیں جو کہ محرَّم حرام (declared haram) کی حیثیت رکھتی ہیں- مگر ان کے سوا کچھ چیزیں اور ہیں جو اگرچہ شرعی زبان میں حرام نہیں قرار دی گئی ہیں، لیکن وہ سخت طور پر غیر مطلوب ہیں- اِنھیں غیر محرّم چیزوں میں سے ایک یہ ہے کہ آدمی کھلے طورپر اپنی غلطی کا اعتراف نہ کرے- اسلامی تعلیمات کے مطابق، غلطی کا اعتراف نہ کرنا آدمی کے اندر کمزور شخصیت پیدا کرتا ہے، اور کمزور شخصیت اور حرام شخصیت کے درمیان صرف قانون کے  اعتبار سے فرق ہے، حقیقت کے اعتبار سے، دونوں کے درمیان کوئی فرق نہیں-"
        },
        {
          "para_id": "C14P04",
          "text": "اِسی طرح سطحیت، بے اصولی، بدذوقی اور غیر سنجیدگی جیسی چیزیں بھی سب کی سب غیر محرّم حرام کی حیثیت رکھتی ہیں- اِس طرح کی عادتوں کے ذریعے آدمی کے اندر غیر جنتی شخصیت بنتی ہے- موجودہ دنیا میں کسی عورت اور مرد کا اصل کام یہ ہے کہ وہ اپنے اندر مزکّیٰ شخصیت بنائے- اِسی مزکّیٰ شخصیت کو آخرت کی زندگی میں جنت میں جگہ ملے گی- یہ مزکی شخصیت صرف حرام چیزوں کے پرہیز سے نہیں بنتی، بلکہ وہ اُس وقت بنتی ہے جب کہ اِس معاملے میں انسان اتنا زیادہ حساس ہوجائے کہ وہ غیر محرم حرام سے بھی شدت کے ساتھ پرہیز کرنے لگے(لایبلغ العبد أن یکون من المتقین، حتى یدع مالا بأس بہ حَذَراً مما بہ بأس)-"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C15",
      "chapter_title": "سوال وجواب",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C15P01",
          "text": "میں ایک جدید تعلیم یافتہ مسلمان ہوں۔ میں پانچ وقت نماز پڑھتا ہوںاورروزہ بھی رکھتا ہوں، لیکن یہ تراویح جو ہر سال پڑھی جاتی ہے، اس کا کوئی فائدہ میری سمجھ میں نہیں آتا۔براہِ کرم، اِس کی وضاحت فرمائیں- (ایک قاری، الرسالہ، نئی دہلی)"
        },
        {
          "para_id": "C15P02",
          "text": "تراویح کوئی رسم نہیں ہے۔تراویح دراصل، قرآن کا اجتماعی مطالعہ (collective study) ہے۔ تراویح کا مطلب یہ ہے کہ نماز کی حالت میں کھڑے ہو کر قرآن کو سنا جائے اور اس کا اجتماعی مطالعہ کیا جائے۔تراویح کی بہترین صورت یہ ہے کہ کسی دن قرآن کا جو حصہ پڑھا جانے والا ہو، تمام نمازی پیشگی طورپر قرآن کے اُس حصے کا ترجمہ پڑھیں اور اس کے مضمون کو اپنے ذہن میں بٹھائیں۔ اِس کے بعد وہ مسجد میں جاکر تراویح پڑھیں۔ اِس طرح جب وہ تراویح پڑھیں گے تو وہ قرآن کو متوجہ ہو کر سنیں گے بھی اور اُس پر غور بھی کریں گے۔ یہ اُن کے لیے قرآن کا ایک اجتماعی مطالعہ ہوگا جس سے انھیں غیرمعمولی فائدے حاصل ہوں گے۔حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ جب زیادہ لوگ جمع ہو کر اللہ کا ذکر کریں اور اللہ کا چرچا کریں تو اُس وقت وہاں فرشتے بہت زیادہ تعداد میں آجاتے ہیں۔ فرشتوں کی آمد سے اُس مقام پر ایک روحانی ماحول پیدا ہوجاتا ہے۔ تراویح، اِسی قسم کا ایک اجتماعی ذکر اور اجتماعی مطالعہ قرآن ہے۔ اُس کو اگر صحیح طورپر انجام دیا جائے تو اُس سے غیر معمولی فوائد حاصل ہوںگے۔"
        },
        {
          "para_id": "C15P03",
          "text": "قرآن میںاللہ کا ارشاد ہوا ہے:  وَیَسْــــَٔـلُوْنَکَ عَنِ الرُّوْحِ  ۭ قُلِ الرُّوْحُ مِنْ اَمْرِ رَبِّیْ وَمَآ اُوْتِیْتُمْ مِّنَ الْعِلْمِ اِلَّا قَلِیْلًا (17:85) - آپ ’’تذکیر القرآن‘‘میں مذکورہ آیت کی تشریح کرتےہوئے لکھتےہیں کہ: ’’یہاںروح سے مراد وحی الہی ہے- عرب کے جن لوگوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ سوال کیا، وہ وحی والہام کے منکر نہ تھے- اس سوال کا رخ ان کے نزدیک، رسول اللہ کی بے خبری کی طرف تھا، نہ کہ حقیقةً اپنی بے خبری کی طرف‘‘ (صفحہ: 792) -آپ نے روح سے مراد ’’وحی الہی‘‘ لیا ہے، لیکن صحیح ترین روایات اور مفسرین کی تشریحات کی رو سے یہ تشریح درست نہیں- مثال کے طورپر ابن کثیر اپنی تفسیر میں لکھتے ہیں کہ ’’حضرت ابن عباس سے منقول ہے کہ یہودیوں نے پیغمبرسے روح کی بابت سوال کیا کہ اسے جسم کے ساتھ عذاب کیوں ہوتا ہے، وہ تو اللہ کی طرف سے ہے- چوں کہ اس بارے میں کوئی وحی آپ پر نہیں اتری تھی، اِس لیے آپ نے ان سے کچھ نہ فرمایا- اسی وقت آپ کے پاس جبریل علیہ السلام آئے اور مذکورہ آیت اتری (جلد سوم، صفحہ 220)  مولانا عبد الماجد دریابادی نے اپنی تفسیر(تفسیر ماجدی) میں سورہ بنی اسرائیل کی اس آیت کی شرح کرتے ہوئے لکھا ہے کہ: ’’روح سے مراد روح انسانی ہے جو انسان کا سبب حیات ہے:فی ہذہ الآیةأقوال- أظہرہا أن المراد من الروح الذی ہو سبب الحیاة (کبیر، جلد سوم، صفحہ: 72)- امید ہے کہ اس اشکال پر غور فرمائیں گے اور اپنے جواب سے مطلع کریں گے- (شاہد جمیل، کلکتہ)"
        },
        {
          "para_id": "C15P04",
          "text": "اِس آیت میں ’’روح‘‘ سے مراد کیا ہے، اِس میں اختلاف ہے (تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو، تفسیر القرطبی ) قرآن میں ایک سے زیادہ مقامات پر روح کا لفظ وحی کے معنی میں آیا ہے- اِسی کو ہم نے اختیار کیا ہے- مثال کے طور پر ملاحظہ ہو سورہ المومن (40) کی آیت نمبر 15-"
        },
        {
          "para_id": "C15P05",
          "text": "عرض ہے کہ آپ کی فکر انگیز تحریروں کا مطالعہ 1986 سے مسلسل کررہا ہوں اور دعوتی کام میں بھی مصروفِ عمل ہوں- آپ سے اس خط کے ذریعے کچھ ذہنی اشکالات کا فوری ازالہ چاہتا ہوں- اُمید ہے کہ آپ جواب مرحمت فرماکر میرے ان اشکالات کو دور کریں گے-"
        },
        {
          "para_id": "C15P06",
          "text": "1-  آپ دعوتی نقطہ نظر سے اکثر reasoning پر بہت زور دیتے ہیں، لیکن قرآن میں بہت سارے واقعات beyond reasoning  ہیں- مثلاً اصحابِ کہف کا واقعہ، حضرت سلیمان کے واقعات، حضرت عیسی کے واقعات، وغیرہ- میرا سوال یہ ہے کہ اگر ہم اسلام کے تمام حقائق کو reason-based تصور کریں یا بنانے کی کوشش کریں تو کیا پورے اسلامی ڈھانچے پر شک پیدا نہیں ہوگا- اِسی طرح آپ نے لکھا ہے کہ حُب شدیدکا تعلق صرف اللہ سے ہوتا ہے کسی اور سے نہیں- (الرسالہ، مئی 2013) اِس سے یہ نتیجہ اخذ ہورہا ہے کہ پیغمبر کے ساتھ بھی اگر حب شدید ہو تو یہ مشرکین کا طریقہ ہے اور بالفاظِ دیگر یہ خدا کا حصہ پیغمبر کو دینے جیسا ہے- عرض ہے کہ جب اللہ تعالی نے رسول کی اطاعت کو اپنی اطاعت ٹھہرایا (4:80) اور سورہ الفتح میں فرمایا کہ ’’جو لوگ تم سے بیعت کرتے ہیں، وہ درحقیقت اللہ سے بیعت کرتے ہیں‘‘ (48:10) -تو رسول کے ساتھ محبت درحقیقت اللہ ہی سے محبت کیوں نہیں ہے—  مزید اللہ کے رسول کے ساتھ حُبّ شدید کی ممانعت ہوتی یا یہ مشرکوں کا طریقہ ہوتا تو حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خود اِس کی بات کیوں کرتے- ’’میری امت میں مجھ سے شدید محبت رکھنے والے وہ لوگ ہیں جو میرے بعد پیدا ہوں گے-اُن میں سے ہر ایک کی خواہش ہوگی کہ کاش، وہ مجھے دیکھتا اور اپنے اہل وعیال اور اپنے مال کو فدا کرتا‘‘-"
        },
        {
          "para_id": "C15P07",
          "text": "بخاری اور مسلم میں یہ حدیث درج ہے جس میں اللہ اور رسول کی محبت کو ایک ساتھ بریکیٹ کیا ہوا ہے:’’تین چیزیں ایسی ہیں کہ جس شخص میں وہ ہوں، اُسے ایمان کی حلاوت نصیب ہوگی— یہ کہ اللہ اور اس کے رسول اُسے تمام ما سوا سے زیادہ محبوب ہوں‘‘ (أن یکون اللہ ورسولہ أحب إلیہ مماسواہما) آپ نے الرسالہ، مئی 2011 میں وطن کے ساتھ محبت کو ایک قول سے استدلال کرکے اس کو ایمان واسلام کا تقاضا ثابت کیا ہے- اِس لحاظ سے رسول کی محبت یا دوسرے لفظوں میں رسول سے شدید قلبی تعلق کیسے مشرکانہ طریقہ بن جاتا ہے جب کہ صحابہ کے واقعات شاہد ہیں کہ ان کو پیغمبر کے ساتھ جو شدید قلبی تعلق تھا، وہ کبھی اللہ کی محبت اور اللہ کی عظمت میں آڑے نہیں آیا-"
        },
        {
          "para_id": "C15P08",
          "text": "3-  آپ نے الرسالہ میں ایک بار لکھا تھا کہ آپ کے عقائد وہی ہیں جو اہلِ سنت والجماعت کے ہیں، لیکن ’’نزول عیسی‘‘ اور ’’شفاعت‘‘ کے عقیدے کے متعلق آپ کی رائے مختلف ہے-کیا آپ کے ان دونوں عقیدوں پر یہ رائے حتمی ہے یا جس طرح  دابة الأرض کے بارے میں آپ کی رائے تبدیل ہوگئی ہے، اِن دو عقیدوں کے بارے میں بھی آپ کی رائے تبدیل ہوسکتی ہے- آپ سے گزارش ہے کہ براہِ کرم، ان اشکالات کا جواب دے کرمیری رہنمائی فرمائیں- (الطاف حسین، کشمیر)"
        },
        {
          "para_id": "C15P09",
          "text": "1-  موجودہ زمانے کو ایج آف ریزن (age of reason) کہاجاتا ہے- موجودہ زمانے کے مائنڈ کو ایڈریس کرنے کے لیے ضروری ہے کہ جو بات کہی جائے، وہ عقل پر مبنی (reason-based) ہو- تاہم عقلی استدلال کی دوسطحیں ہیں— ایک ہے مشاہداتی استدلال اور دوسرا ہے- استنباطی استدلال- اگر استنباطی استدلال کو شامل کرلیا جائے تو کوئی بھی چیز عقلی استدلال سے باہر نہیں رہتی- آپ نے جن تین چیزوں کا حوالہ دیاہے، وہ بھی استنباطی استدلال کے دائرے میں پوری طرح شامل ہیں-استنباطی استدلال کا مطلب یہ ہےکہ ایسی چیز کے ذریعے استدلال کرنا جو اگر چہ براہِ راست دلیل نہ ہو، لیکن استنباط (inference) یا احتمال (probability)کے ذریعے وہ زیر بحث امر کو مدلل کررہی ہو- تفصیل کے لیے حسب ذیل کتابیں ملاحظہ فرمائیں:"
        },
        {
          "para_id": "C15P10",
          "text": "The Mysterious Universe by Sir James Jeans- 1930"
        },
        {
          "para_id": "C15P11",
          "text": "The Encyclopaedia of Ignorance by Ronald Duncan & Miranda Weston-Smith- 1977"
        },
        {
          "para_id": "C15P12",
          "text": "2-  حبّ شدید مطلق طورپر صرف ایک ذات سے مطلوب ہے اور وہ اللہ رب العالمین کی ذات ہے- دوسروں سے محبت ہونا بھی فطری ہے، لیکن وہ محبت بالذات نہیں ہوتی، بلکہ وہ صرف بالواسطہ محبت ہوتی ہے- (تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو: ماہ نامہ الرسالہ، جون 2008، صفحہ: 2-3)"
        },
        {
          "para_id": "C15P13",
          "text": "3-  اہلِ سنت والجماعت سے وابستگی کا مطلب یہ نہیںہے کہ کسی مسئلے پر اختلاف نہ ہو- اہلِ سنت والجماعت سے وابستہ ہونے کے باوجود رائے کا اختلاف فطری ہے- مثلاً چاروں فقہا یقینی طورپر اہلِ سنت والجماعت میں شامل ہیں، لیکن اُن کے درمیان بہت سے مسائل میں اختلافِ رائے پایاجاتا ہے-"
        }
      ]
    }
  ]
}