{
  "metadata": {
    "month": "April",
    "year": "2018",
    "source_url": "http://cpsalrisala.blogspot.com/2018/03/AprilAlrisala.html",
    "scrape_timestamp": "2026-03-26T14:25:01.273637"
  },
  "content": [
    {
      "chapter_id": "C01",
      "chapter_title": "مقالید السماوات والارض",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C01P01",
          "text": "قرآن میں اللہ رب العالمین کی قدرت کو مختلف الفاظ میں بیان کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک آیت کے الفاظ یہ ہیں:لَہُ مَقَالِیدُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ یَبْسُطُ الرِّزْقَ لِمَنْ یَشَاءُ وَیَقْدِرُ إِنَّہُ بِکُلِّ شَیْءٍ عَلِیمٌ (42:12)۔ یعنی اسی کے اختیار میں آسمانوں اور زمین کی کنجیاں ہیں۔ وہ جس کے لیے چاہتا ہے زیادہ روزی دیتا ہے اور جس کو چاہتا ہے کم کردیتا ہے۔ بیشک وہ ہر چیز کا علم رکھنے والا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C01P02",
          "text": "اس بات کو دوسرے الفاظ میں اس طرح کہا جاسکتا ہے کہ پوری کائنات کا سوئچ بورڈ اللہ رب العالمین کے پاس ہے۔ وہ جس سوئچ کو چاہے آن کرے، اور جس سوئچ کو چاہے آف کردے۔ آدمی کو چاہیے کہ وہ صرف اللہ رب العالمین پر بھروسہ کرے۔ وہ مانگے تو اللہ رب العالمین سے مانگے۔ وہ امید رکھے تو صرف اللہ رب العالمین سے امید رکھے۔ اس معاملے میں اس کا یقین اتنا بڑھا ہوا ہو کہ وہ اللہ رب العالمین سے کبھی اور کسی حال میں مایوسی کا شکار نہ ہو۔ یہ یقین کسی انسان کے اندر اس وقت پیدا ہوتا ہے جب کہ وہ اللہ رب العالمین کو شعور کی سطح پر دریافت کرلے۔"
        },
        {
          "para_id": "C01P03",
          "text": "ایک اور مقام پر اس حقیقت کو ان الفاظ میں بیان کیا گیا ہے:وَلِلَّہِ خَزَائِنُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَلَکِنَّ الْمُنَافِقِینَ لَا یَفْقَہُونَ (63:7)۔ یعنی اور آسمانوں اور زمین کے خزانے اللہ ہی کے ہیں لیکن منافقین نہیں سمجھتے۔"
        },
        {
          "para_id": "C01P04",
          "text": "اس آیت میں منافقین سے مراد کوئی فرقہ نہیں ہے، بلکہ اس سے مراد وہ لوگ ہیں، جو زبان سے اللہ کا اقرار تو کریں ، مگر اللہ پر ان کا اقرار دریافت (discovery) کے درجے تک نہ پہنچا ہو۔ اس بنا پر ان کا اقرار یقین کی کیفیت سے خالی ہو۔ وہ لپ سروس (lip service) کے درجے میں اللہ کو مانتے ہوں، لیکن اللہ کا عقیدہ ان کی شخصیت سازی میں موثر عامل کی حیثیت سے شامل نہ ہوا ہو۔ وہ اللہ کو مانیں ، مگر اللہ ان کے لیے یقین کا سرمایہ نہ بنا ہو۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C02",
      "chapter_title": "احسن العمل کا انتخاب",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C02P01",
          "text": "قرآن میں تخلیق کا مقصد یہ بتایا گیا ہے کہ احسن العمل (best in conduct) افرا د کا انتخاب (selection) کیا جائے (الملک، 2:67)۔ اللہ رب العالمین کا یہ منصوبہ ہے کہ پوری تاریخ بشری سے ایسے افراد کا انتخاب کیا جائے جو اپنے کیریکٹر کے اعتبار سے بہترین لوگ ہوں۔ اس تخلیقی نقشہ کے مطابق، دنیا میںمختلف قسم کے حالات پیش آتے ہیں۔ ان حالات کے درمیان ان افراد کا انتخاب کیا جاتا ہے، جو احسن العمل ہوں۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ پوری تاریخ کے بہترین انسانوںکو چن کر ان کا ایک اعلیٰ معاشرہ بنایا جائے۔ اسی اعلیٰ معاشرہ کا نام جنت (Paradise) ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C02P02",
          "text": "منتخب افراد پر مبنی اس معاشرہ کا ذکر قرآن میں ان الفاظ میں آیا ہے:وَمَنْ یُطِعِ اللَّہَ وَالرَّسُولَ فَأُولَئِکَ مَعَ الَّذِینَ أَنْعَمَ اللَّہُ عَلَیْہِمْ مِنَ النَّبِیِّینَ وَالصِّدِّیقِینَ وَالشُّہَدَاءِ وَالصَّالِحِینَ وَحَسُنَ أُولَئِکَ رَفِیقًا (4:69)۔ یعنی اور جو اللہ اور رسول کی اطاعت کرے گا، وہ ان لوگوں کے ساتھ ہوگا جن پر اللہ نے انعام کیا، یعنی پیغمبر اور صدیق اور شہید اور صالح۔ کیسی اچھی ہے ان کی رفاقت۔"
        },
        {
          "para_id": "C02P03",
          "text": "قرآن کے الفاظ میں جنت حسن رفاقت کا ایک اعلیٰ معاشرہ ہے۔ اس معاشرے کے افراد کی صفت کیا ہوگی۔ اس کا ذکر قرآن میں موجود ہے۔ اس کی امتیازی صفت یہ ہوگی کہ جنت دارالسلام (the home of peace) ہوگا(الانعام، 6:127)۔وہاں کے ہر فرد کے دل میں دوسروں کے لیے امن اور خیر خواہی کا  جذبہ ہو گا (الحشر، 59:10) ۔ وہاں کسی فرد کے ذریعہ دوسرے فرد کو زحمت (nuisance) کا تجربہ نہ ہوگا(الواقعۃ، 56:25-26)۔ وہاں ہر شخص مثبت سوچ (positive thinking) کا حامل ہوگا (یونس، 10:10)، وغیرہ۔"
        },
        {
          "para_id": "C02P04",
          "text": "ان کی یہ اعلیٰ صفت آخرت کی تربیت کا نتیجہ نہ ہوگی۔ بلکہ خود دنیا کی زندگی میں وہ اسی اصول پر سیلف میڈ مین بن چکے ہوں گے۔یہ وہ لوگ ہوں گے جو دنیا میںاسی اصول کی پیروی کرکےخود انضباطی زندگی (self-disciplined life) کا ثبوت دے چکے ہوں گے۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C03",
      "chapter_title": "ابدی جنت",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C03P01",
          "text": "قرآن میں بتایا گیا ہے کہ جنت کا انعام غیر ممنون انعام (endless reward) ہوگا۔ اس سلسلے میں قرآن میں چار جگہ اجر غیر ممنون کے الفاظ آئے ہیں۔ایک جگہ یہ حقیقت مندرجہ ذیل الفاظ میں بیان ہوئی ہے:وَأَمَّا الَّذِینَ سُعِدُوا فَفِی الْجَنَّةِ خَالِدِینَ فِیہَا مَا دَامَتِ السَّمَاوَاتُ وَالْأَرْضُ إِلَّا مَا شَاءَ رَبُّکَ عَطَاءً غَیْرَ مَجْذُوذٍ (11:108)۔ یعنی اور جو لوگ خوش بخت ہیں۔ وہ جنت میں ہوں گے، وہ اس میں رہیں گے جب تک آسمان اور زمین قائم ہیں، مگر جو تیرا رب چاہے، ایک عطیہ جو کبھی ختم ہونے والا نہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C03P02",
          "text": "جنت کا غیر منقطع ہونا واضح ہے۔ کیوں کہ جنت رب العالمین کا عطیہ ہے، اور خدائے لامحدود کا عطیہ کبھی محدود نہیں ہوسکتا۔ یہ رب العالمین کی شان کے خلاف ہے کہ وہ کسی کو محدود عطیہ دے۔ محدود عطیے کا تصور اللہ رب العالمین کے کمتر اندازہ (underestimation) کے ہم معنی ہے، اور ایسا کبھی ہونے والا نہیں۔ اب سوال انسان کا ہے ۔ کیا یہ لامحدودیت جو اللہ کی نسبت سے ہے، وہ انسان کی نسبت سے بھی باقی رہے گی۔ اس کا جوابـ\" ہاں\" ہے، جو خدا کی طرف سے انھیں بطور عطیہ ملے گا۔ قرآن میں بتایا گیا ہے کہ اہل جنت کو جنت میں داخلہ مل جائے گا تو وہ کہیں گے: الْحَمْدُ لِلَّہِ الَّذِی أَذْہَبَ عَنَّا الْحَزَنَ (35:34)۔ یعنی شکر ہے اللہ کا جس نے ہم سے رنج کو ختم کردیا۔"
        },
        {
          "para_id": "C03P03",
          "text": "اہل جنت کی طرف سے اظہارحمد ، یہ وقتی کلمہ نہیں ہے۔ یہ ابدی احساس حمد کی بات ہے۔ اہل جنت کی طرف سے احساس حمد ، بلاشبہ ایک تخلیقی احساس (creative feeling) کی بات ہے۔ یہ کریٹیو احساس انھوں نے دنیا کی زندگی میں حاصل کیا ہوگا۔ یہ کریٹیو احساسِ حمد جو جنت کے پانے سے پہلے بذریعہ معرفت اہل جنت کے اندر پرورش پائے گا، وہ اتنا طاقت ور ہوگا کہ وہ جنت کا ابدی عطیہ پانے کے بعد بھی برابر ایک اضافہ پذیرتجربہ کی حیثیت سے جاری رہے گا۔ جنت جس طرح ابدی ہوگی، اسی طرح جنت کے پانے پر احساسِ حمد بھی یقینی طور پر ابدی ہوگا۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C04",
      "chapter_title": "اللہ کا ذکر",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C04P01",
          "text": "ایک حدیث رسول ان الفاظ میں آئی ہے:ألا أنبئکم بخیر أعمالکم، وأزکاہا عند ملیککم، وأرفعہا فی درجاتکم وخیر لکم من إنفاق الذہب والورق، وخیر لکم من أن تلقوا عدوکم فتضربوا أعناقہم ویضربوا أعناقکم؟ قالوا:بلى. قال:ذکر اللہ تعالى(سنن الترمذی، حدیث نمبر 3377)۔ یعنی کیا میں تمھیں سب سے بہتر اعمال کے بارے میں نہ بتاؤں۔ وہ تمہارے بادشاہ کے نزدیک بہت پاکیزہ ہے، وہ تمہارے درجات کے لیے سب سے بلند ہے،اوروہ تمہارے لیے بہتر ہے سونا اور چاندی خرچ کرنے سے اور وہ اس سے بہتر ہے کہ تم اپنے دشمنوں سے ملو : تم ان کی گردنیں مارو اور وہ تمہاری گردنیں ماریں ؟ صحابہ نے کہا کہ کیوں نہیں؟ آپ نے کہا: اللہ کا ذکر۔"
        },
        {
          "para_id": "C04P02",
          "text": "یہاں ذکر ُاللہ سے مراد اللہ کا لفظی ورد نہیں ہے۔ بلکہ اس سے مراد اللہ کی شعوری یاد (intellectual remembrance) ہے۔ یہ یاد شعوری یانان اسٹاپ (non-stop) انداز میں ہر وقت مطلوب ہے۔ یہ شعوری یاد کسی قسم کے روٹین کا نام نہیں ہے، بلکہ وہ اعلیٰ حقیقت کی دریافت کے نتیجے میں ذہن انسانی میں خود بخود پیدا ہوتی ہے۔ یہ ایک زندہ اور تخلیقی سوچ ہے۔ جس کا ذکر قرآن میں آیا ہے۔ ان آیتوں کا ترجمہ یہ ہے: آسمانوں اور زمین کی پیدائش میں اور رات دن کے باری باری آنے میں عقل والوں کے لئے بہت نشانیاں ہیں۔ جو کھڑے اور بیٹھے اور اپنی کروٹوں پر اللہ کو یاد کرتے ہیں اور آسمانوں اور زمین کی پیدائش میں غور کرتے رہتے ہیں۔ وہ کہہ اٹھتے ہیں اے ہمارے رب، تو نے یہ سب بےمقصد نہیں بنایا۔ تو پاک ہے، پس ہم کو آگ کے عذاب سے بچا (3:190-91)۔ یہ اعلیٰ ذکر کسی انسان کے اندر اس وقت پیدا ہوتا ہے، جب کہ وہ گہرے غور و فکر کے ذریعہ اللہ رب العالمین کو دریافت کرے۔ یہ دریافت اتنی کامل ہوکہ وہ سوچ پر غالب آجائے، اس کی شخصیت اسی دریافت میں ڈھل جائے۔ وہ اس کے صبح و شام کا ناگزیر اثاثہ بن جائے۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C05",
      "chapter_title": "قرآن فہمی کا معیار",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C05P01",
          "text": "لوگوں نے قرآن فہمی کا خود ساختہ طور پر ایک غلط معیار بنا رکھا ہے۔ وہ قرآن فہمی اس کو سمجھتے ہیں کہ اس میں الفاظ کی تحقیق ہو۔فنی تجزیہ کیا گیا ہو۔ اس کے اندر شخصیتوں کے حوالے درج ہوں۔ قرآن کی آیتوں کی تفسیر شان نزول کے حوالے سے کی گئی ہو، اس میں قرآن کی آیتوں کا ربط (order)بیان کیا گیا ہو،وغیرہ۔"
        },
        {
          "para_id": "C05P02",
          "text": "مگر یہ سب قرآن فہمی کے خود ساختہ معیار ہیں۔ اس طرح کے بظاہر تحقیقی مضمون میں قاری کو سب کچھ ملتا ہے لیکن وہی چیز نہیں ملتی جو قرآن و سنت کا مقصد اصلی ہے۔ جس کو قرآن میں ذکریٰ اور تذکر جیسے الفاظ میں بیان کیا گیا ہے۔ اسی طرح کی فنی تشریح و تفسیر کے بارے میں انور شاہ کشمیری نے، ایک حدیث کی شرح کے ذیل میں کہاہے: لم یتحصَّل عندنا منہ شیءٌ غیر حلِّ الألفاظ(فیض الباری علی صحیح البخاری، 1/230)۔یعنی ہمیں اس سے حل الفاظ کے علاوہ کچھ نہیں ملا۔"
        },
        {
          "para_id": "C05P03",
          "text": "قرآن و حدیث کو پڑھنے کا اصل فائدہ یہ ہے کہ آدمی کے اندر خدا کا خوف پیدا ہو۔ اس کو اس میں اللہ سے محبت کی غذا ملے۔ اس کو اللہ و رسول کے کلام میں حکمت (wisdom) کی دریافت ہونے لگے۔ اس کے لیے قرآن و سنت کا مطالعہ اللہ سے ملاقات کے ہم معنی بن جائے۔ وہ قرآن و سنت کو پڑھے تو اس کو محسوس ہو کہ وہ عالم آخرت میں اللہ رب العالمین کے سامنے کھڑا ہوا ہے۔ اللہ اور رسول کا کلام پڑھنے سے اس کے اندر محاسبہ (introspection) کا جذبہ پیدا ہو۔ اس کے لیے قرآن و سنت کا مطالعہ جنت اور جہنم کے تعارف کے ہم معنی بن جائے۔"
        },
        {
          "para_id": "C05P04",
          "text": "قرآن و حدیث کے مطالعے کا مقصد یہ نہیں ہے کہ کچھ فنی نکات کا حل آپ کو مل جائے۔ بلکہ قرآن و حدیث کے مطالعے کا مقصد یہ ہے کہ آپ کے اندر فکری بھونچال پیدا ہو۔ آپ کے اندر اسپریچول اسٹارمنگ آئے۔ آپ کا ذہن نان کریٹو سے کریٹیو (creative)بن جائے۔ قرآن و حدیث کا صحیح مطالعہ وہ ہے جو آپ کو سجدہ قربت (العلق،19:96) کا تجربہ کرادے۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C06",
      "chapter_title": "پر امید آیات و احادیث",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C06P01",
          "text": "امام سیوطی (وفات 911:ھ) نے لکھا ہے کہ قرآن میں امیدافزا آیتوں کی تعداد دس سے کچھ زیادہ ہے (الاتقان فی علوم القرآن، 4/149) ۔ان میں سے ایک آیت یہ ہے: قُلْ یَا عِبَادِیَ الَّذِینَ أَسْرَفُوا عَلَى أَنْفُسِہِمْ لَا تَقْنَطُوا مِنْ رَحْمَةِ اللَّہِ إِنَّ اللَّہَ یَغْفِرُ الذُّنُوبَ جَمِیعًا إِنَّہُ ہُوَ الْغَفُورُ الرَّحِیمُ (39:53)۔ یعنی کہو کہ اے میرے بندو، جنھوں نے اپنی جانوں پر زیادتی کی ہے، اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہو۔ بیشک اللہ تمام گنا ہوں کو معاف کردیتا ہے، وہ بڑا بخشنے والا، مہربان ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C06P02",
          "text": "اسی طرح احادیث میں بھی اس قسم کے پرامید اقوال آئے ہیں۔ ایک حدیث رسول ان الفاظ میں آئی ہے: لما خلق اللہ الخلق، کتب کتابا، فہو عندہ فوق العرش:إن رحمتی سبقت غضبی (مسند احمد، حدیث نمبر 7528)، و فی روایۃ : إن رحمتی غلبت غضبی (مسند احمد، حدیث نمبر8127)۔ یعنی جب اللہ نے مخلوق کو پیدا کیا تو اس نے ایک کتاب لکھی۔ یہ کتاب اس کے پاس عرش کے اوپر ہے: بیشک میری رحمت میرے غضب سے آگے ہے۔ ایک اور روایت میں ہے: بیشک میری رحمت میرے غضب پر غالب ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C06P03",
          "text": "قرآن کی مذکورہ آیت ایک بے حد پرامید آیت ہے۔ اسی طرح حدیث بھی ایک بہت پرامید حدیث ہے۔ دونوں میں جو مشترک بات ہے، وہ یہ ہے کہ اس امید کی بنیاد رحمت ہے۔ اللہ رب العالمین کی صفات میں ایک صفت اس کا رحیم و کریم ہونا ہے۔ وہ اپنے بندوں کے ساتھ ہمیشہ رحمت کا معاملہ فرماتا ہے۔ اللہ رب العالمین کی یہ صفت بندے کے لیے بلاشبہ سب سے زیادہ پر امید صفت ہے۔ اللہ رب العالمین کا رحیم وکریم ہونا، اس کے بندوںکو یہ موقع دیتا ہے کہ وہ ایسے الفاظ میں اپنے رب کو پکاریں، جو اللہ کی رحمت کو انووک (invoke)کرنے والے ہوں۔ اگر بندہ ایسی دعا کرے تو وہ گویا اسم اعظم کے ساتھ اپنے رب کو پکارتا ہے، اور جو آدمی اسم اعظم کے ساتھ اپنے رب کو پکارے تو اللہ رب العالمین اس کی پکار کو ضرور قبول فرماتا ہے۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C07",
      "chapter_title": "اللہ سے امید",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C07P01",
          "text": "انسان کی تخلیق کے بارے میں ایک حدیث رسول ان الفاظ میں آئی ہے: خلق اللہ آدم على صورتہ (صحیح البخاری، حدیث نمبر 6227) ۔ یعنی اللہ نے آدم کو اپنی صورت پر پیدا کیا۔ اس حدیث میں آدم سے مراد انسان ہے، اور صورت (image)کا مطلب یہ ہے کہ انسان کے اندر اس مثبت (positive) صفات کا ایک شمہ (very little part)رکھ دیا گیا ہے، جو اللہ رب العالمین کے اندر کامل معنوں میں موجود ہے، مثلاً رحم و شفقت ۔"
        },
        {
          "para_id": "C07P02",
          "text": "یہ حدیث رسول ایک امید (hope) کی حدیث ہے۔ یہ حدیث آپ کو موقع دیتی ہے کہ آپ اللہ سے امید قائم کریں ۔ وہ یہ کہ اللہ نے جب انسان کے اندر رحمت کا یہ جذبہ رکھا ہے کہ غصہ آنے پر وہ کسی کو معاف کردے توخود اللہ کے اندر یہ صفت یقیناً بے حساب گنا زیادہ درجے میں ہوگی۔ اس لیے انسان کو کبھی اللہ کے عطیے کےبارے میں مایوسی میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے۔"
        },
        {
          "para_id": "C07P03",
          "text": "یہ سوچتے ہوئے مجھے ایک واقعہ یاد آیا، جس کو میں نے خود ذاتی طور پر دیکھا ہے۔ یہ برٹش انڈیا کا واقعہ ہے۔ اس وقت میں نوجوانی کی عمر میں تھا، اور اعظم گڑھ کے ایک گاؤں میں رہتا تھا۔ ایک دن میں نے دیکھا کہ ایک زمیندار (landlord) نے گاؤں کے ایک دلت کو اپنے گھر پر بلایا ۔ دلت نے زمیندار کا ایک کام نہیں کیا تھا، اس لیے وہ اس پر غصہ تھا۔ اس نے دلت کو اپنے سامنے بٹھایا، اور اس کو اس کی غلطی یاد دلائی، اور ڈنڈا ہاتھ میں لے کر کہا کہ آج میں تم کو ماروں گا۔ دلت اپنی پیٹھ کھو ل کر بیٹھ گیا، اور کہا :بابو ،لَے مارا (لیجیے، صاحب، ماریے)۔ یہ سن کر زمیندار کے ہاتھ سے ڈنڈا چھوٹ کر گر پڑا۔ اس نے دلت سے کہا کہ جاؤ، میں نے معاف کیا۔ یہ کہہ کر زمیندار اپنے گھر کے اندر چلا گیا۔ اس واقعہ کے بعد میں نے سوچا کہ زمیندار کے اندر یہ صفت خالق کی دی ہوئی تھی۔ اس لیے خالق کے اندر یہ صفت یقیناً اور بھی زیادہ ہوگی۔ خالق یقیناً مجھے معاف کردےگا، اگر میں اس کے سامنے اپنے آپ کو جھکا دوں۔ (21 جنوری 2018)"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C08",
      "chapter_title": "آخرت کا مضمون",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C08P01",
          "text": "ایک آدمی قرآن اور حدیث کا مطالعہ کرے، وہ صحابہ کے حالات کو پڑھے۔ اگر وہ سنجیدہ ہے تو عین ممکن ہے کہ اس کی سوچ آخرت رخی سوچ بن جائے۔ وہ آخرت کے مضمون پر لکھنا اور بولنا شروع کردے۔ لیکن عین ممکن ہے کہ اب بھی اس کا لکھنا آخرت نویسی کے ہم معنی ہو۔ فنی اعتبار سے صحیح ہونے کے باوجود اس کے لکھنے اور بولنے میں آخرت کا گہرا ادراک شامل نہ ہو۔"
        },
        {
          "para_id": "C08P02",
          "text": "لیکن آدمی اگر لمبی عمر پائے۔ اس پر بیماری اور حادثات کے حالات گزریں، یہاں تک کہ وہ بوڑھا ہوجائے۔ اس پر بڑھاپے کے حالات گزریں۔ وہ عجز اور کمزوری کے حالات سے دوچار ہو۔ اگر ایسا ہو تو اس کا آخرت کا علم آخرت کا گہرا احساس بن جائے گا۔ پہلے اگر وہ آخرت کے اوپر لکھتا تھا تو اب وہ آخرت میں جینے والا بن جائے گا۔"
        },
        {
          "para_id": "C08P03",
          "text": "جو آدمی اپنی عمر کے لحاظ سے آخرت میں جینے کے دور میں پہنچ جائے ، اس کے لیے آخرت ایک ایسا موضوع بن جائے گا، جس کا وہ ذاتی طور پر تجربہ کر رہا ہے۔ پہلے اگر وہ آخرت کو پڑھتا تھا، تو اب وہ آخرت کو دیکھنے والا بن جائے گا۔ پہلے اگر وہ آخرت پر معلومات دیا کرتا تھا تو اب وہ ایسا انسان بن جائے گا، جو گویا کہ آخرت کا ذاتی تجربہ کررہا ہے۔ پہلے اگر وہ آخرت نویسی کرتا تھا ، تو اب وہ آخرت کے موضوع پر تجربہ نویسی کے مرحلہ میں پہنچ جائے گا۔"
        },
        {
          "para_id": "C08P04",
          "text": "ایسا آدمی بہت قیمتی ہوتا ہے۔ دوسروں کو چاہیے کہ وہ اس کی قدر کو پہچانیں۔ وہ اس کی صحبت سے فائدہ اٹھائیں۔ وہ اس کے تجربے سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں۔ کسی کی تحریر و تقریر سےآپ کو معلومات مل سکتی ہیں، لیکن تجربہ کار سے جو چیز ملتی ہے، وہ اس سے زیادہ ہوتی ہے۔یعنی آخرت والا بن جانا۔تاہم تجربہ کا دور اسی آدمی کے لیے مفید ہوسکتا ہے جو بڑھاپے سے پہلے آخرت کو جاننے والا ہو۔وہ قرآن و حدیث کے ذریعہ آخرت کا علم حاصل کرنے کے بعد آخرت میں جینے کی کوشش کرنے والا بن چکا ہو۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C09",
      "chapter_title": "ہر ایک کے لیے خیر",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C09P01",
          "text": "پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک حدیث ان الفاظ میں آئی ہے: عن أبی ہریرة، قال: قال رسول اللہ صلى اللہ علیہ وسلم:المؤمن القوی، خیر وأحب إلى اللہ من المؤمن الضعیف، وفی کل خیر (صحیح مسلم، حدیث نمبر 2664)۔ ابو ہریرہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، طاقت ور مومن اللہ کے نزدیک بہتر اور زیادہ محبوب ہے کمزور مومن سے، اور بھلائی ہر ایک کے لیے ہے۔ ایک شخص اگر پیدائشی طور پر طاقت ور ہو تو اس کے لیے یہ ممکن ہوتا ہے کہ وہ اپنے تمام معاملات کو خود اپنی طاقت سے درست کرلے۔ لیکن جو انسان پیدائشی طور پر کمزور ہو، وہ بظاہر اس قابل نہیں ہوتا کہ اپنے معاملات کو خود اپنی طاقت سے درست کرسکے۔ لیکن خیر دونوں کے لیے ہے۔ ایک کےلیے اپنی ذاتی طاقت کی بنیاد پر ، اور دوسرے کے لیے اللہ کی مدد کی بنیاد پر۔"
        },
        {
          "para_id": "C09P02",
          "text": "جو آدمی ضعیف ہو، وہ اگر منفی نفسیات میں مبتلا نہ ہو تو اس کے اندر اللہ کی یاد جاگ اٹھتی ہے۔ وہ اللہ سے مدد کا طالب بن جاتا ہے۔ اس بنا پر یہ ہوتا ہے کہ اللہ اس کی مدد پر آجاتا ہے۔ جب کمزور انسان یہ کہتا ہے کہ خدایا، تونے مجھ کو کمزور پیدا کیا، اب تجھ ہی کو یہ کرنا ہے کہ تو میری کمزوری کی تلافی کرے۔ اس قسم کی دعا اللہ کی رحمت کو انووک (invoke) کرنے والی ہوتی ہے۔ اللہ ایسے انسان کی طرف مزید اضافے کے ساتھ متوجہ ہوجاتا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C09P03",
          "text": "جو انسان اپنے آپ کو طاقت ور پائے، اس کے اندر اپنے آپ پر بھروسہ کی نفسیات پیداہوجاتی ہے۔ اس کے برعکس، جو آدمی اپنے آپ کوکمزور پائے۔ اس کے اندر اللہ سے طلب کی نفسیات جاگ اٹھتی ہے۔ وہ دعا کرنے لگتا ہے کہ خدایا، تونے مجھے ضعیف پیدا کیا ہے۔ اب تو ہی میرے ضعف کی تلافی فرما۔ اس طرح کی دعا ضرور قبول ہوتی ہے، اور بندۂ ضعیف اللہ کی مدد سے وہ کام کرلیتا ہے جو اکثر حالات میں بندہ قوی کے لیے ممکن نہیں ہوتا۔ مگر اس کی ایک شرط ہے۔ وہ یہ کہ بندۂ ضعیف کے اندر تواضع (modesty) کی صفت پائی جاتی ہو۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C10",
      "chapter_title": "انسان اور کائنات",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C10P01",
          "text": "انسان موجودہ دنیا میں پیدائش کی بنیاد پر داخل ہوتا ہے۔ ہر پیدا ہونے والا، ماں کے پیٹ سے نکل کر موجودہ دنیا میں داخل ہوجاتا ہے۔ یہ کسی انسان کے لیے اس دنیا میں پہلا داخلہ ہے۔ یہ داخلہ ہر انسان کو محض پیدائش کی بنیاد پر مل جاتا ہے۔ مگر یہ داخلہ عارضی داخلہ ہے۔ موت کے بعد انسان دوبارہ خدا کی دنیا میں داخل ہوتا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C10P02",
          "text": "دنیا میں پہلا داخلہ عارضی داخلہ تھا، لیکن دوسرا داخلہ مستقل داخلہ ہے۔ پہلا داخلہ کسی کو پیدائش کی بنیاد پر اپنے آپ مل جاتا ہے۔ لیکن دوسرے داخلے کی نوعیت بالکل مختلف ہے۔ دوسرا داخلہ کسی انسان کو صرف استحقاق (merit) کی بنیاد پر ملے گا۔ پہلے دور حیات کی حیثیت یہ ہےکہ وہ استحقاق ثابت کرنے کا دور ہے۔ پہلے دورِ حیات میں انسان کو یہ کرنا ہے کہ وہ اپنے عمل سے یہ ثابت کرے کہ وہ خدا کی دنیا میں مستقل قیام کا واقعی حقدار ہے۔ اس دوسرے داخلے کے بارے میں قرآن کی چند آیتیں یہ ہیں:"
        },
        {
          "para_id": "C10P03",
          "text": "یَوْمَئِذٍ تُعْرَضُونَ لَا تَخْفَى مِنْکُمْ خَافِیَةٌ ۔ فَأَمَّا مَنْ أُوتِیَ کِتَابَہُ بِیَمِینِہِ فَیَقُولُ ہَاؤُمُ اقْرَءُوا کِتَابِیَہْ ۔ إِنِّی ظَنَنْتُ أَنِّی مُلَاقٍ حِسَابِیَہْ۔ فَہُوَ فِی عِیشَةٍ رَاضِیَةٍ۔ فِی جَنَّةٍ عَالِیَةٍ۔ قُطُوفُہَا دَانِیَةٌ ۔ کُلُوا وَاشْرَبُوا ہَنِیئًا بِمَا أَسْلَفْتُمْ فِی الْأَیَّامِ الْخَالِیَة (69:18-24) ۔ یعنی اس دن تم پیش کیے جاؤ گے۔ تمہاری کوئی بات پوشیدہ نہ ہوگی۔ پس جس شخص کو اس کا اعمال نامہ اس کے دائیں ہاتھ میں دیا جائے گا تو وہ کہے گا کہ لو میرا اعمال نامہ پڑھو۔ میں نے گمان رکھا تھا کہ مجھ کو میرا حساب پیش آنے والا ہے۔ پس وہ ایک پسندیدہ زندگی میں ہوگا۔ اونچے باغ میں۔ اس کے پھل جھکے پڑ رہے ہوں گے۔ کھاؤ اور پیو، خوشی کے ساتھ ، ان اعمال کے بدلے میں جو تم نے گزرے ہوئے دنوں میں کیے   — خدا کی دنیا میں پہلے داخلہ کے ساتھ مصیبت شامل تھی (البلد،90:4)۔اس کے برعکس، یہدوسرا داخلہ تمام تر ھنیئًا (pleasure) کا داخلہ ہوگا۔پہلا داخلہ امتحان کے لیے تھا، اور دوسرا داخلہ انعام کے لیے ہوگا۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C11",
      "chapter_title": "غیر حقیقت پسندانہ منصوبہ",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C11P01",
          "text": "قرآن میں ایک فطری حقیقت کو ان الفاظ میں بیان کیا گیا ہے: تمھاری امانی سے کچھ نہیں ہوگا (النساء123:)۔ امانی کا مطلب ہے بے بنیاد آرزوئیں (false desires) ۔ یہ بات قرآن میں مذہبی معنی میں آئی ہے۔ مگر یہی بات سیکولر معنی میں بھی درست ہے۔ یعنی دنیاوی معاملات میں غیر حقیقت پسندانہ منصوبہ بندی (unrealistic planning) کا طریقہ اختیار کرنا۔موجودہ دنیا حقائق کی دنیا ہے۔ یہاں امانی کی بنیاد پر جو منصوبہ بنایا جائے، وہ نتیجہ کے اعتبار سےہمیشہ ناکام رہے گا۔"
        },
        {
          "para_id": "C11P02",
          "text": "ایسے موقع پر لوگ عام طور پر اپنی ناکامی کا الزام دوسروں کے اوپر ڈالتے ہیں۔ مگر ایسا رد عمل ناکامی پر نادانی کا اضافہ ہے۔ اس دنیا میں ہر ناکامی خود اپنی غیر حقیقت پسندانہ منصوبہ بندی کی بنا پر ہوتی ہے۔ اس لیے جب بھی آدمی کو اس قسم کا تجربہ ہو تو اس کو چاہیے کہ وہ دوسری غلطی نہ کرے۔ وہ دوسروں کی شکایت کرنے کے بجائے خود اپنی غلطی کو دریافت کرے، اور مبنی بر حقیقت منصوبہ بندی کے ذریعہ دوبارہ اپنے کو کامیاب بنانے کی کوشش کرے۔"
        },
        {
          "para_id": "C11P03",
          "text": "غیر حقیقت پسندانہ منصوبہ ہمیشہ دو سبب سے ہوتا ہے، یا غلط نشانہ (goal) کی وجہ سے ، یا غلط تدبیر کی وجہ سے۔ غلط نشانہ کا مطلب یہ ہے کہ آدمی ایسی چیز کو نشانہ بنائے جو باعتبار حالات اس کے لیے قابل حصول (achievable) ہی نہ ہو، مثلاً عالمی حکومت ۔ تاریخ بتاتی ہے کہ جس نے بھی اپنے لیے عالمی گورنمنٹ کا نشانہ اختیارکیا، وہ ہمیشہ ناکام رہا۔ دوسری چیز، غلط تدبیر ہے۔ مثلاً اس دنیا میں ہمیشہ کوئی کامیابی پر امن طریقہ کار کے ذریعہ حاصل ہوتی ہے، متشددانہ طریقہ کبھی کامیاب نہیں ہوتا۔ ایسی حالت میں جو شخص بھی متشددانہ طریقہ اختیار کرے گا، خواہ بطور خود وہ اس کو کتنا ہی درست سمجھتا ہو، وہ لازمی طور پر ناکامی سے دوچار ہوگا۔ آدمی کو چاہیے کہ وہ کبھی امانی کی بنیاد پر کوئی منصوبہ نہ بنائے، نہ انفرادی سطح پر اور نہ قومی سطح پر۔ جو شخص بھی ایسا کرے گا، وہ لازماً ناکام ہوگا، خواہ اس نے بطور خود اس کے لیے کتنے ہی زیادہ خوبصورت الفاظ وضع کیے ہوں۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C12",
      "chapter_title": "اہل مغرب کا کنٹری بیوشن",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C12P01",
          "text": "ایک سروے میں یہ پوچھا گیا کہ دور جدید کی سب سے اہم ایجاد کیا ہے ۔ ایک مغربی انسان  نے اس کے جواب میں کہا کہ سائفن (siphon) ۔ سائفن اس ٹکنیک کا نام ہے جو واش روم میں کوئی نیا مسئلہ پیدا کیے بغیر اس کی گندگی کو پوری طرح صاف کردیتا ہے:"
        },
        {
          "para_id": "C12P02",
          "text": "Siphon: a tube used to convey liquid upwards from a reservoir and then down to a lower level of its own accord. Once the liquid has been forced into the tube, typically by suction or immersion, flow continues unaided."
        },
        {
          "para_id": "C12P03",
          "text": "سائفن صفائی کی ایک سادہ ٹکنیک ہے۔ لیکن پوری تاریخ میں کوئی حیوان اس کو دریافت نہ کرسکا۔ دور جدید میں جب عقل کا آزادانہ استعمال شروع ہوا تو انسان نے دور بین اور خوردبین سے لے کر سائفن تک بے شمار چیزیں دریافت کیں۔ ماڈرن تہذیب کو وجود میں لانے کا کام تقریباً تمام تر اہل مغرب نے انجام دیا ہے۔ اس معاملے پر غور کرتے ہوئے راقم الحروف نے یہ سمجھا ہے کہ اس معاملے میں اللہ تعالی نے تقسیم کار کا اصول اختیار فرمایا ہے۔ یعنی دین حق کی اشاعت کا کام اہل اسلام کی ذمہ داری قرار دیا، اور اہل مغرب کو اس معاملے میں، حدیث کے الفاظ میں تائید کا رول عطا فرمایا(المعجم الکبیر للطبرانی، حدیث نمبر14640)۔"
        },
        {
          "para_id": "C12P04",
          "text": "دین خداوندی کی اشاعت کے معاملے میں اہل اسلام کا رول براہ راست رول ہے،اور اہل مغرب کا رول بالواسطہ رول۔ مگر بعض اسباب سے مسلمانوںنے اہل مغرب کو اپنا دشمن سمجھ لیا، اور ان کے خلاف مسلح یا غیر مسلح جنگ چھیڑ دیا۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ دین کی دعوت و اشاعت کا کام انجام پانے سے رہ گیا۔ دین کی دعوت و اشاعت کے لیے جن مادی چیزوں کی ضرورت تھی، ان سب کو اہل مغرب نے جدید صنعت اور جدید ٹکنالوجی کے ذریعہ فراہم کیا۔ اب اہل اسلام کے لیے ضروری ہے کہ وہ اہل مغرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان ذرائع کو دین خداوندی کی تائید کے لیے استعمال کریں۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C13",
      "chapter_title": "اجماع کی حقیقت",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C13P01",
          "text": "پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے آخری زمانے میں فرمایا تھا:ترکت فیکم أمرین، لن تضلوا ما تمسکتم بہما:کتاب اللہ وسنة نبیہ(موطا امام مالک، حدیث نمبر 2618)۔ یعنی میں تمھارے درمیان دو چیزیں چھوڑرہا ہوں، تم ہرگز گمراہ نہ ہوگے جب تک تم ان دونوں کو پکڑے رہو گے، اللہ کی کتاب اور اس کے نبی کی سنت۔ اس قولِ رسول سے یہ ثابت ہوا کہ مصدر شریعت صرف دوہیں۔ کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ اس تعداد میں اضافہ کرکے ان کو تین یا چار بنالے۔"
        },
        {
          "para_id": "C13P02",
          "text": "صحابہ اور تابعین کے زمانے میں دین کے بارے میں یہی تصور پایا جاتا تھا۔ اس زمانے میں یہی دو چیزیں مصادر شریعت کی حیثیت رکھتی تھیں۔ لیکن عباسی خلافت کے زمانے میں فقہاء کا دور آیا۔ اس وقت یہ مان لیا گیا کہ قرآن و سنت کے علاوہ ایک اور مصدر شریعت بھی ہے، اور وہ مسلم علماء کا اجماع ہے۔فقہاء کے اس اضافے کو عام طور پر مسلمانوں کے درمیان تسلیم کرلیا گیا۔علماء کے اجماع کو مصدر شریعت کا درجہ دینا، کلی طور پر غلط نہ تھا۔ تاہم اس اجماع کی حیثیت صرف وقتی معنی میں تھی، نہ کہ ابدی معنی میں۔ یعنی اگر مسلمانوں کے درمیان ایک مسئلہ پیدا ہو، اس پر کوئی واضح حکم پہلے سے موجود نہ ہو تو وہ علماءکی مجلس میں زیر بحث آئے گا۔ اس مباحثے کے بعد اگر علما ءکے اتفاق رائے سے ایک بات طے ہوجائے تو اس کو اجماع امت کہا جاسکتا ہے۔ لیکن شریعت کے ابدی مصدر کی حیثیت سے نہیں، بلکہ ایک پیش آمدہ مسئلہ میں وقتی اعتبار سےشریعت کےعملی موقف کو متعین کرنے کے لیے۔"
        },
        {
          "para_id": "C13P03",
          "text": "یہ پیش آمدہ مسئلے کا ایک وقتی حل ہے، وہ شریعت اسلامی کا ابدی حصہ نہیں۔ پیش آمدہ مسئلےمیں اس قسم کے’’اجماع یا اتفاق رائے‘‘ کو وقتی معنی میں قابل اتباع سمجھا جاسکتا ہے۔ لیکن یہ گنجائش یقیناً باقی رہے گی کہ بعد کو نئے حالات میں علماء کوئی نیا فیصلہ دیں ۔ اس معاملے میں علماء کسی’’سابق اجماع‘‘کے پابند نہ ہوں گے۔گویا کہ اس قسم کا اجماع پیش آمدہ مسئلہ کو حل کرنے کی ایک وقتی تدبیر ہے ، نہ یہ کہ اس کوہمیشہ کے لیے شریعت کا ایک مستقل مصدر (source)مان لیا جائے۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C14",
      "chapter_title": "اجتہاد کیا ہے",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C14P01",
          "text": "اجتہاد کا لفظی مطلب ہےپوری کوشش کرنا (to strive)۔ اجتہاد کا لفظ حدیث کی دو روایتوں میں آیا ہے۔ان دونوں حدیثوں میں اجتہاد کا مطلب ہے، کسی معاملہ میں امر شرعی معلوم کرنے کی کوشش کرنا۔ قرآن میں اس کے ہم معنی لفظ استنباط (النساء83:)آیا ہے۔ اس کا مطلب ہے، نتیجہ اخذ کرنا (to infer)۔"
        },
        {
          "para_id": "C14P02",
          "text": "اجتہاد یا استنباط کی کوئی لازمی شرط (condition)نہیں ہے۔ ہر آدمی اجتہاد اور استنباط کا عمل کرسکتا ہے۔ اس کی شرط صرف یہ ہے کہ کسی اجتہاد یا استنباط کو مطلق نہ سمجھا جائے، بلکہ اس کو نظر ثانی کا موضوع (subject to re-examination) سمجھا جائے۔ حدیث میں آیا ہے : إذا حکم الحاکم فاجتہد ثم أصاب فلہ أجران، وإذا حکم فاجتہد ثم أخطأ فلہ أجر(صحیح البخاری، حدیث نمبر 7352)۔ یعنی جب کوئی حاکم فیصلہ دے اور وہ اجتہاد کرے اور اس کا وہ حکم درست ہو تو اس کو دوہرا اجر ملے گااور اگر اس نے کوئی ایسا حکم دیا جس میں اس نے اجتہاد کیا لیکن وہ خطا کر گیا تو اس کو ایک اجر ملے گا۔"
        },
        {
          "para_id": "C14P03",
          "text": "اس کا مطلب یہ ہے کہ کسی کا اجتہاد مطلق اجتہاد نہیں ہے۔ ہر شخص کا اجتہاد نظر ثانی کا موضوع (subject to re-examination) ہے۔اجتہاد کے حق ہونے یا نہ ہونے کی بنیاد پر کسی کے اجتہاد کو جانچا نہیں جائے گا۔ بلکہ اس اعتبار سے جانچا جائے گا کہ بحث و تحقیق کے بعد اس کا اجتہاد درست ثابت ہوا ہےیا وہ ایک غلط اجتہاد تھا۔ اجتہادی خطا پر ایک اجر کا وعدہ ، یہ معنی رکھتا ہے کہ اجتہاد کا دروازہ کسی حال میں بند نہیں۔ بلکہ جو دروازہ بند ہے، وہ صرف یہ کہ کسی کے اجتہاد کو تنقید سے بالاتر سمجھ لیا جائے، اور یہ عقیدہ بنا لیا جائے کہ فلاں شخص امام برحق یا مجتہد مطلق ہے، اور اس کے اجتہاد کو کسی مزید تحقیق کے بغیر تسلیم کرنا چاہیے۔ گویا کہ خود اجتہاد کا دروازہ بند نہیں ہے، بلکہ نبی کے سوا کسی اور کو مطلق شارع سمجھنے کا دروازہ بند ہے۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C15",
      "chapter_title": "منسوخ، موقوف",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C15P01",
          "text": "دین کے احکام ممکن طور پر دو قسم کے ہوسکتے ہیں۔ ایک وہ جو قابل تنسیخ ہوں، اور دوسرا وہ جن کو منسوخ تو نہ کیا جاسکتا ہو، لیکن ان کو وقتی طور پر موقوف کرنا درست ہو۔ کسی شرعی حکم کو منسوخ (abrogate) کرنا ایک ا صولی معاملہ ہے۔ اور اصولی معاملہ میں تغیر کا حق صرف شارع کو ہے، اور جہاں تک موقوف (suspend) کرنے کا معاملہ ہے، وہ ایک اجتہادی معاملہ ہے، اور امت کے علماء دلائل شرعیہ کے ذریعہ بطور اجتہاد ایسا کرسکتے ہیں۔مثلاً رسول اللہ کے مدنی دور میں وقتی طور پر قبلۂ یہود کو قبلہ مسلمین قرار دے دیا گیا، لیکن بعد کو یہ حکم متروک ہوگیا (البقرۃ:   143-144)۔ یعنی کعبہ ابدی طور پر اہل اسلام کا قبلہ قرار پایا۔ اب کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ اس حکم میں تغیر کرے۔"
        },
        {
          "para_id": "C15P02",
          "text": "کسی حکم کو موقوف قرار دینے کا معاملہ ایک اجتہادی معاملہ ہے۔ مثلاً اعداد قوت کے بارے میں حدیث میں آیا ہے کہ اس سے مراد تیر اندازی ہے۔پیغمبر اسلام نے قرآن (8:60)کی آیت پڑھی:وأعدوا لہم ما استطعتم من قوة ، اور کہا:ألا إن القوة الرمی، ألا إن القوة الرمی، ألا إن القوة الرمی (صحیح مسلم، حدیث نمبر167) ۔موجودہ زمانے میں اس حکم کی حیثیت ایک موقوف حکم کی ہے، لیکن اگر کسی وقت حالات کا تقاضا ہو کہ رمی کے طریقے کو دوبارہ اختیار کیا جائے، تو اس طریقے کو اختیارکیا جاسکتا ہے۔ گویا کہ کسی حکم کا موقوف ہونا،ہمیشہ مشروط معنی میں ہوتا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C15P03",
          "text": "کسی حکم کو منسوخ قرار دینے کا اختیار صرف شارع کو ہے، یعنی اللہ اور اللہ کے رسول کو ، اور جہاں تک موقوف قرار دینے کا معاملہ ہے، یہ ایک اجتہادی فعل ہے۔ امت کے علماء کو یہ حق ہے کہ وہ قانون ضرورت (law of necessity)کے تحت کسی حکم کو وقتی طور پر موقوف قرار دے دیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C15P04",
          "text": "اسی کی ایک مثال یہ ہے کہ اصحاب رسول کے زمانے میں اہل فتنہ سے قتال کا حکم دیا گیا تھا۔ یہ حکم چوں کہ شریعت کے متن میں موجود ہے، اس لیے کوئی شخص اس کو منسوخ نہیں قرار دے سکتا، البتہ ضرورت شرعیہ کے تحت بطور اجتہاد اس حکم کو موقوف قرار دیا جاسکتا ہے۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C16",
      "chapter_title": "انٹلکچول ٹریپ",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C16P01",
          "text": "قرآن میں ایک حقیقت کو ان الفاظ میں بیان کیا گیا ہے:وَقَالَتِ الْیَہُودُ وَالنَّصَارَى نَحْنُ أَبْنَاءُ اللَّہِ وَأَحِبَّاؤُہُ قُلْ فَلِمَ یُعَذِّبُکُمْ بِذُنُوبِکُمْ بَلْ أَنْتُمْ بَشَرٌ مِمَّنْ خَلَقَ (5:18)۔ یعنی اور یہود و نصاریٰ کہتے ہیں کہ ہم خدا کے بیٹے اور اس کے محبوب ہیں۔ تم کہو کہ پھر وہ تمہارے گنا ہوں پر تم کو سزا کیوں دیتا ہے۔ نہیں، بلکہ تم بھی اللہ کی پیدا کی ہوئی مخلوق میں سے ایک فرد ہو۔"
        },
        {
          "para_id": "C16P02",
          "text": "انسان کا یہ مزاج ہے کہ وہ کسی خود ساختہ نظریہ کے تحت شعوری یا غیر شعوری طور پر اپنے آپ کو اسپیشل سمجھنے لگتا ہے۔ کبھی نسل کی بنیاد پر، کبھی مذہب کی بنیاد پر، کبھی کلچر کی بنیاد پر، کبھی اپنے علاقے کی بنیاد پر، کبھی کسی اور بنیاد پر۔ جو لوگ اس طرح اپنے آپ کو اسپیشل سمجھ لیں، وہ عملاً ایک قسم کے ذہنی شکنجہ (intellectual trap) میں پھنس جاتے ہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C16P03",
          "text": "ایسے لوگوں کا حال یہ ہوتا ہے کہ وہ ذہنی جمود (intellectual stagnation) میں مبتلا ہوجاتے ہیں، ان کے اندر تخلیقی سوچ ختم ہوجاتی ہے۔ وہ اپنے آپ کو اس سے اوپر سمجھ لیتے ہیں کہ وہ اپنے بارے میں نظر ثانی کریں۔ اپنی غلطی کو ماننا ان کے مزاج میں باقی نہیں رہتا۔ وہ اپنے آپ کو دوسروں سے افضل سمجھ لیتے ہیں۔ ان کے نزدیک ان کے اپنے رہنما ، رہنمائے اعظم بن جاتے ہیں۔ وہ اپنے اہل علم کو مفکر اعظم سمجھ لیتے ہیں۔ ان کی اپنی شخصیتیں، عہد ساز شخصیتوں کا درجہ حاصل کرلیتی ہیں۔ وہ شعوری یا غیر شعوری طور پر سمجھ لیتے ہیں کہ غلطی دوسروں کی ہے، نہ کہ ہماری۔ ایسے لوگ موضوعی سوچ (objective thinking) سے محروم ہوجاتے ہیں۔ وہ اس قابل نہیں رہتے کہ وہ اپنے معاملات کی حقیقت پسندانہ منصوبہ بندی (realistic planning) کریں۔ ترقی کا سب سے بڑا راز یہ ہے کہ لوگوں میں خود اپنے آپ پر تنقید (self criticism) کا مزاج ہو، اور ایسے لوگوں میں یہ مزاج مکمل طور پر ختم ہوجاتا ہے۔ وہ تعریف کرنے والے کو اپنا دوست اور تنقید کرنے والے کو اپنا دشمن سمجھ لیتے ہیں۔ ایسے لوگوں کے لیے ترقی کا راز یہ ہے کہ وہ اپنی اس کمزوری سے باہر آئیں۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C17",
      "chapter_title": "ملت ابراہیم",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C17P01",
          "text": "ایک صاحب نے لکھا ہے کہ قرآن میں ایک سے زیادہ بار اتباع ملت ابراہیم کا حکم دیا گیاہے۔ یہ ملت ابراہیم کیا ہے؟ براہ کرم واضح کریں(ایک قاری الرسالہ، لکھنؤ)۔"
        },
        {
          "para_id": "C17P02",
          "text": "اس سوال کا جواب یہ ہے کہ وہ چیز جس کو ہم ملت ابراہیم یا ابراہیمی ملت کہتے ہیں، وہ وہی ہے جس کا دوسرا نام اسلام ہے۔ اصل یہ ہے کہ اس وقت دنیا میں تین بڑے آسمانی مذاہب ہیں — دین یہود، دین نصاریٰ، اور دین محمد۔ان تینوں مذاہب کے مورث اعلیٰ حضرت ابراہیم تھے۔اسی لیے حضرت ابراہیم کوقرآن میں امام الناس (البقرۃ، 2:124) کہا گیا ہے۔ تینوں مذاہب کے بانی حضرت ابراہیم کی نسل سے تعلق رکھتے ہیں۔ حضرت ابراہیم کی اسی جامعیت کی بنا پر قرآن میں ان کو امۃ (النحل، 16:120)کہا گیا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C17P03",
          "text": "حضرت ابراہیم تقریباًچار ہزار سال پہلے قدیم عراق میں پیدا ہوئے۔حضرت ابراہیم ایک صاحب کتاب پیغمبر تھے(الاعلیٰ، 87:19)۔ اگرچہ ان کی کتاب آج محفوظ نہیں۔ اسی طرح بقیہ تینوں مذاہب کے انبیاءمیں سے حضرت موسی، اور حضرت مسیح صاحب کتاب پیغمبر تھے۔ تاہم ان کی کتابیں بھی آج پوری طرح محفوظ حالت میں نہیں ہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C17P04",
          "text": "حضرت محمد نے اسی بارے میں یہ کہا کہ میں اسی دین کو لے کر آیا ہوں جس دین کو لے کر حضرت ابراہیم آئے تھے(النحل، 16:123)۔ اس اعتبار سے رسول اللہ کا مشن دین ابراہیم کی تجدید کا مشن تھا۔ رسول اللہ کو یہ خصوصیت حاصل ہوئی کہ آپ کا لایا ہوا دین ہر اعتبار سے محفوظ دین تھا، اور اب حق کے متلاشی کو اسی دین محمدی کی طرف رجوع کرنا ہے۔ کیوں کہ اب اللہ کا دین اپنی محفوظ حالت میں صرف دین محمدی میں پایا جاتا ہے۔مکہ کے قریش اگرچہ عملاً شرک پر قائم تھے، لیکن وہ اپنے مذہب کو حضرت ابراہیم کے ساتھ وابستہ کرتے تھے۔ اس لیے وسیع تر پہلو سے قریش بھی اس خطاب میں شامل ہیں۔یہود و نصاریٰ اس خطاب میں براہ راست طور پر شامل تھے، اور قریش بالواسطہ طور پر۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C18",
      "chapter_title": "خدا کا وجود",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C18P01",
          "text": "خدا اپنی ذات کے اعتبار سے انسان کو دکھائی نہیں دیتا۔ لیکن اپنی صفات کے اعتبار سے وہ مکمل طور پر دکھائی دینےوالی حقیقت ہے۔ جو لوگ خدا کو اس کی صفات کے اعتبار سے دیکھ لیں، وہی آنکھ والے لوگ ہیں۔ اس کے برعکس، جو لوگ یہ کہیں کہ خدا کو اپنی ذات کے اعتبار سے ہمیں دکھاؤ، وہ بلاشبہ اندھے لوگ ہیں۔وہ بظاہر آنکھ والے لوگ ہیں، لیکن اپنی حقیقت کے اعتبار سے وہ بے آنکھ والے ہیں۔ کیوں کہ وہ عقل رکھتے ہوئے اپنی عقل کو استعمال نہیں کرسکے۔ وہ اپنی ظاہری آنکھ کو تو کھولتے ہیں، لیکن وہ اپنی عقل کی آنکھ کو بند رکھتے ہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C18P02",
          "text": "موجودہ زمانے میں یہ بات ہر حقیقت سے زیادہ بڑی حقیقت بن چکی ہے۔ موجودہ زمانے میںجس چیز کو سائنس کہا جاتا ہے، وہ کیا ہے۔ سائنس انسان کی عقلی آنکھ ہے۔ اس عقلی آنکھ نے موجودہ زمانے میں انسان کو وہ چیزیں دکھادی ہیں، جس کو اس سے پہلے انسان نہیں دیکھ سکتا تھا۔ اب انسان اس قابل ہوچکا ہے کہ وہ عالم اصغر (micro world) کو مائکرو اسکوپ کے ذریعہ دیکھے۔ جب کہ اس سے پہلے وہ انسا ن کے لیے مکمل طور پر ناقابل مشاہدہ تھا۔ اسی طرح انسان کے لیے اب یہ ممکن ہوگیا ہے کہ وہ عالم کبیر (macro world)کو عقل کی آنکھ سے دیکھے۔ وہ ٹیلسکوپ کے ذریعہ ایسی چیزوں کو دیکھ سکے، جو پہلے اس کے لیے ناقابل مشاہدہ بنی ہوئی تھیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C18P03",
          "text": "آج مائکرواسکوپ نے ان چیزوں کو انسان کے لیے قابل مشاہدہ بنادیا ہے، جو پچھلے زمانے میں ناقابل مشاہدہ سمجھی جاتی تھیں۔ اسی طرح ٹیلسکوپ نے وہ چیزیں انسان کو دکھادی ہیں، جو پچھلے زمانے میں انسان کے لیے ناقابل مشاہدہ بنی ہوئی تھیں۔ یہ واقعہ ایک سراغ (clue)کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ سراغ بتاتا ہے کہ یہ معاملہ خدا کو نہ دیکھنے کا نہیں ہے، بلکہ یہ اپنی عقل کے کم تر استعمال  کا ہے۔ اگر انسان اپنی عقل کا بر تر استعمال جان لے تو خدا اس کے لیے مشاہدہ کے درجے میں قابل دریافت بن جائے گا۔ وہ خدا کو اس طرح جان لےگا جیسے کہ وہ اس کو دیکھ رہا ہے۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C19",
      "chapter_title": "کامیاب منصوبہ بندی",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C19P01",
          "text": "پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے سن 6 ہجری کے آخر میں مکہ کے لیڈروں سے ایک معاہدہ کیا تھا۔ جو حدیبیہ کے نام سے مشہور ہے۔ عام طور پر حدیبیہ کو غزوۃ الحدیبیہ کہاجاتا ہے۔ مگر یہ درست نہیں۔ کیوں کہ حدیبیہ کے موقع پر فریقین کے درمیان کوئی لڑائی نہیں ہوئی۔ اس کے برعکس، جو ہوا وہ یہ تھا کہ دونوں فریقوں کے درمیان باہمی امن کا معاہدہ ہوا۔"
        },
        {
          "para_id": "C19P02",
          "text": "الحدیبیہ عرب کے ایک علاقہ کا نام ہے، جو مدینہ اور مکہ کے تقریباً درمیانی مقام پر واقع ہے۔پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نےایک پروگرام کے تحت یہاں دوہفتہ قیام کیا۔ یہاں آپ نے مکہ کے لیڈروں سے گفت و شنید (negotiation) کی۔ اس کے بعد فریقَین کے درمیان دس سال کے لیےایک ناجنگ معاہدہ (no-war pact) ہوا۔ اس معاہدہ کی تکمیل کے بعد مدینہ پہنچنے سے پہلے وہ سورہ نازل ہوئی جو الفتح کے نام سے قرآن میں شامل ہے۔ اس سورہ میں حدیبیہ کے واقعہ کو فتح مبین (clear victory) بتایا گیا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C19P03",
          "text": "جب حدیبیہ کا واقعہ پیش آیا، اس وقت اہل اسلام کو کوئی فتح حاصل نہیں ہوئی تھی۔ صرف یہ ہوا تھا کہ فریقَین کے درمیان امن کا معاہدہ ( peace treaty)عمل میں آیا تھا۔ ایسی حالت میں اس واقعہ کو فتح مبین کہنے کا مطلب یہ ہے کہ یہ لفظ حال کی نسبت سے نہیں، بلکہ مستقبل کی نسبت سے تھا۔ اس اعتبار سے فتح مبین کا مطلب گویا فاتحانہ منصوبہ (victorious planning) کے ہم معنی ہے۔ رسول اللہ کی سنتوں میں سےایک اہم سنت وہ ہے جس کو فاتحانہ منصوبہ بندی کہا جاسکتا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C19P04",
          "text": "مگر سوال یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے اصحاب مدینہ سے نکلے تھے، مکہ جانے کے لیے ۔ لیکن وہ معاہدہ کے مطابق حدیبیہ سے واپس مدینہ آگیے۔ اس لحاظ سےحدیبیہ کا واقعہ بظاہر ایک پسپائی کا واقعہ تھا۔ پھر اس کو فتح مبین کیوں کہا گیا۔ وہ اس لیے تھا کہ حدیبیہ کی بظاہر پسپائی اپنے نتیجے کے اعتبار سے فتح مبین تھی۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C20",
      "chapter_title": "قیام لیل",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C20P01",
          "text": "پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کو قیامِ لیل کا حکم دیتے ہوئے قرآن میں یہ آیات آئی ہیں:وَرَتِّلِ الْقُرْآنَ تَرْتِیلًا ۔ إِنَّا سَنُلْقِی عَلَیْکَ قَوْلًا ثَقِیلًا۔ إِنَّ نَاشِئَةَ اللَّیْلِ ہِیَ أَشَدُّ وَطْئًا وَأَقْوَمُ قِیلًا (73:4-6)۔ یعنی قرآن کو ٹھہر ٹھہر کر پڑھو۔ ہم تم پر ایک بھاری بات ڈالنے والے ہیں۔ بیشک رات کا اٹھنا سخت روندنے والا ہے اور فہم کلام کے لئے نہایت خوب ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C20P02",
          "text": "اس آیت میں أشد وطأ   کا لفظ قیامِ لیل کی نسبت سے آیا ہے۔ یعنی اس سے نفس روندا جاتا ہے، اور اقوم قیلا کا تعلق فہم کلام سے ہے۔ یعنی اس سے آدمی اس قابل بنتا ہے کہ وہ کلام کو زیادہ بہتر طریقے پر سمجھ سکے۔یہ بات بظاہر پیغمبر اسلام کے بارے میں آئی ہے۔ تاہم پیغمبر کی اتباع کے اعتبار سے اس کا تعلق پوری امت سے ہے۔ اس میں پیغمبر کے حوالے سے پوری امت کے لیے رزق کا سامان موجود ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C20P03",
          "text": "قرآن کی اس آیت میں وطأ شدید کا مطلب یہ ہے کہ پیغمبر اسلام رات کے وقت دیر تک کھڑے ہوکر عبادت کرتے تھے، اس سے آپ کو شدید بوجھ پڑتا تھا، گویا کہ آپ کا جسم روندا جارہا ہے۔ اس وطأ شدید کا فائدہ یہ بتایا گیا ہے کہ اس سے آپ کے اندر قول اقوم کی صلاحیت پیدا ہوتی تھی۔ اس کا مطلب غالباً یہ ہے کہ جسمانی تعب آدمی کے لیے ایک قسم کا زحمت میں رحمت (blessing in disguise) ہوتا ہے۔ اس سے آدمی کی سوچ بیدار ہوتی ہے۔ اس سے آدمی کے دماغ کی کھڑکیاں کھلتی ہیں۔ اس سے آدمی کے اندر زیادہ گہرائی کے ساتھ سوچنے کی صلاحیت جاگتی ہے۔ غالباً اس وطأ شدید میں دوسرے وہ دینی اعمال بھی شامل ہیں، جن میں آدمی کو شدید تعب کا تجربہ ہو۔ جو گویا آدمی کی شخصیت کو روند ڈالے۔ جس میں آدمی کا یہ حال ہو کہ اس کی شخصیت گویا چکی کے دو پاٹ کے درمیان پس گئی ہے۔ اگر ایسا ہو تو وہ آدمی کے اندر اعلیٰ فہم کی صلاحیت پیدا کرنے کا ذریعہ بن جائے گا۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C21",
      "chapter_title": "جہاد کا حکم",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C21P01",
          "text": "جہاد بمعنی قتال ایک خصوصی حکم ہے۔ جہاد بمعنی قتال کی ضرورت اس وقت پیش آتی ہے، جب کہ مسلمانوں کی باقاعدہ حکومت قائم ہو، اور اس کی سرحدوں پر کھلی جارحیت کی جائے۔ اس وقت ذمہ داران سلطنت کی طرف سے جارح سے گفت و شنید کی جائے گی۔ اگر گفت و شنید ناکام ہوجائے تو بقدر ضرورت مسلمانوں کی طرف سے منظم دفاع کیا جائے گا۔ یہی شرعی جہاد ہے۔ اس دفاع کے معاملے میں افراد کا کوئی آزادانہ رول نہیںہے۔ افراد کو صرف یہ کرنا ہے کہ امیر سلطنت کے حکم کے مطابق، دفاع میں منظم حصہ لیں۔ یہاں اس سلسلے میں ایک حوالہ درج کیا جاتا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C21P02",
          "text": "ابو محمد موفق الدین عبد اللہ بن احمد بن محمدبن قدامہ المقدسی حنبلی (1147-1223 ء) محدث، فقہ حنبلی کے عالم اور قاضی اور مفکر تھے۔انھوں نےفقہ حنبلی کے فقہی مسائل پر بیشتر کتب تصنیف کیں ۔ وہ حنابلہ کے عظیم فقہاء میں سے ایک ہیں۔ ابن قدامہ کی تصنیف المغنی کا شمار فقہ حنبلی کی بنیادی کتابوں میںہوتا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C21P03",
          "text": "اس کتاب کا ایک باب ہے: فصل وأمر الجہاد موکول إلى الإمام واجتہادہ۔ اس باب کے تحت مصنف لکھتے ہیں: وَأَمْرُ الْجِہَادِ مَوْکُولٌ إلَى الْإِمَامِ وَاجْتِہَادِہِ، وَیَلْزَمُ الرَّعِیَّةَ طَاعَتُہُ فِیمَا یَرَاہُ مِنْ ذَلِکَ (المغنی، 9/202/7423)۔ یعنی جہاد اور اس کے اجتہاد کا معاملہ امام کے ذمہ (assigned)ہے، اور رعیت پر لازم ہے کہ وہ اس معاملے میں جو حاکم کی رائے ہو، اس کی اطاعت کرے۔"
        },
        {
          "para_id": "C21P04",
          "text": "جہاد بمعنی قتال ایک منظم دفاعی امر ہے۔ جہاد کو شروع کرنا، اور اس کو ختم کرنا، دونوں باقاعدہ طور پر قائم شدہ حکومت کا کام ہے۔ اس معاملے میں افراد کا رول صرف حاکم کی اطاعت ہے، نہ کہ بطور خود جارح کے خلاف کوئی کارروائی کرنا۔ نماز بغیر امیر کے بھی ہوسکتی ہے، لیکن جہاد بمعنی قتال امیر کے بغیر سر تاسر ناجائز ہے۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C22",
      "chapter_title": "دعوت کا اسلوب",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C22P01",
          "text": "قرآن کا ایک حکم ان الفاظ میں آیا ہے: فَأَعْرِضْ عَنْہُمْ وَعِظْہُمْ وَقُلْ لَہُمْ فِی أَنْفُسِہِمْ قَوْلًا بَلِیغًا (4:63)۔ یعنی پس تم ان سے اعراض کرو اور ان کو نصیحت کرو اور ان سے ایسی بات کہو جو ان کے دلوں میں اتر جائے۔"
        },
        {
          "para_id": "C22P02",
          "text": "اس آیت میں قول بلیغ کے الفاظ استعمال ہوئے ہیں۔ ان کی تفسیر میںقاضی محمد ثناء اللہ پانی پتی (وفات1810ء)نے لکھا ہے: ای فى حق أنفسہم قَوْلًا بَلِیغاً یبلغ صمیم قلوبہم بالتأثیر (تفسیر المظہری، 2/157)۔ یعنی اپنی بات ایسے اسلوب میں کہو جس کی تاثیر ان کے دلوں کی گہرائیوں میں اترجائےہو۔ دوسرے الفاظ میں یہ کہ ایسا اسلوب جو ان کے ذہن کو ایڈریس (address)کرنے والا ہو۔ یہاںاسلوب بلیغ کی یہ بات بظاہر مدعو کی نسبت سے ہے، لیکن اپنی حقیقت کے اعتبار سے وہ داعی کی نسبت سے ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C22P03",
          "text": "اس سے معلوم ہوا کہ داعی کو چاہیے کہ وہ مدعو سے خطاب کرنے سے پہلے مدعو کے ذہن کا مطالعہ کرے۔ وہ جانے کہ مدعو کا مائنڈ سٹ (mindset)کیا ہے، اور پھر مدعو کے مائنڈ سٹ کے مطابق، دعوت کا اسلوب اختیار کرے۔ دعوت یک طرفہ اعلان (one-sided announcement) کا نام نہیں ، بلکہ وہ ایک منصوبہ بند عمل کا نام ہے۔ داعی کو چاہیے کہ وہ مدعو کے لیے قابلِ فہم (understandable) انداز کو سمجھے، پھر اس کے بعد اپنے آپ کو اس کے مطابق تیار کرے۔"
        },
        {
          "para_id": "C22P04",
          "text": "مثلاً زمانہ اگر بدل جائے، اور مدعو اگر نئے اسلوب میں سوچنے والا بن گیا ہو تو اس کو قدیم طرز کے متروک اسلوب میں خطاب کرنا، دعوت کا مطلوب طرز نہ ہوگا۔مدعو اگر حقائق کی زبان میں سوچنے والا ہو تو اس کو قیاس و مثال کے ذریعہ خطاب کرنا، دعوت کا مطلوب انداز نہ ہوگا۔ مدعو اگر عقلی تجزیہ (rational analysis) کے انداز میں سوچتا ہو تو اس کو جذباتی انداز میں کلام کرنا ، مطلوب اسلوب کلام نہ ہوگا، وغیرہ۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C23",
      "chapter_title": "خلاق علیم",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C23P01",
          "text": "اللہ رب العالمین کی ایک صفت خلاق علیم ہے۔ اس سلسلے میں قرآن کی ایک آیت یہ ہے: أَوَلَیْسَ الَّذِی خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ بِقَادِرٍ عَلَى أَنْ یَخْلُقَ مِثْلَہُمْ بَلَى وَہُوَ الْخَلَّاقُ الْعَلِیمُ (36:81)۔ یعنی کیا جس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا، وہ اس پر قادر نہیں کہ ان جیسوں کو پیدا کردے۔ ہاں وہ قادر ہے۔ اور وہی ہے بڑاپیدا کرنے والا، جاننے والا۔"
        },
        {
          "para_id": "C23P02",
          "text": "اس آیت میں جس طرح خلّاق (the Great Creator) آیا ہے، اسی طرح اس میں علیم سے مراد علّام (the Great Knower) ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اللہ رب العالمین خلّاق اور علّام ہے۔ اللہ کی پیدا کی ہوئی کائنات اپنے آپ میں ا س کا ثبوت ہے۔ اس حقیقت کی طرف قرآن کی ایک آیت میں اس طرح اشارہ کیا گیا ہے:أَوَلَمْ یَرَ الَّذِینَ کَفَرُوا أَنَّ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ کَانَتَا رَتْقًا فَفَتَقْنَاہُمَا وَجَعَلْنَا مِنَ الْمَاءِ کُلَّ شَیْءٍ حَیٍّ أَفَلَا یُؤْمِنُونَ (21:30)۔ یعنی کیا انکار کرنے والوں نے نہیں دیکھا کہ آسمان اور زمین دونوںرَتق کی حالت میں تھے، پھر ہم نے ان کو فتق کیا۔ اور ہم نے پانی سے ہر جاندار چیز کو بنایا۔ کیا پھر بھی وہ ایمان نہیں لاتے۔"
        },
        {
          "para_id": "C23P03",
          "text": "رتق کا مطلب ہے منضم الاجزاء (joined together)، اور فتق کا مطلب ہےپھاڑنا (to tear apart)۔ اس آیت کی ابتدا میں أَوَلَمْ یَرَ الَّذِینَ کَفَرُوا (کیا انکار کرنے والوں نے نہیں دیکھا ) کے الفاظ آئے ہیں۔ اس میں یہ اشارہ ہے کہ رتق اور فتق کا یہ واقعہ انسان کے لیے مشاہدہ کے درجے میں ایک معلوم واقعہ ہے۔ بیسویں صدی عیسوی میں یہ واقعہ سائنسی دریافتوں کے نتیجے میں علمی طور پر ایک معلوم واقعہ بن چکا ہے۔ جس کو عام زبان میں بگ بینگ (Big Bang) کہا جاتا ہے۔سائنسی دریافت کے مطابق، بگ بینگ کا واقعہ تقریبا تیرہ بلین سال پہلے خلا (space) میں پیش آیا۔ اس واقعہ کی جو تفصیلات سائنس نے دریافت کی ہے، وہ قرآن کے بیان کی تصدیق کرتے ہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C23P04",
          "text": "اس دریافت کے مطابق، بگ بینگ کا فلکیاتی واقعہ حیرت انگیز طور پر اس بات کا سائنسی ثبوت ہے کہ کائنات کا پیدا کرنے والا خلّاق بھی ہے اور علّام بھی۔ یعنی وہ عظیم خالق بھی ہے اور عظیم جاننے والا بھی۔ کائنات کا پیدا کرنے والا اگر خلًاق (بڑا پیدا کرنے والا) اور علّام (بڑا علم والا) نہ ہو تو کائنات کا وجود میں آنا ہی ناممکن ہوجاتا۔ خلّاق اور علّام کے الفاظ صرف پیدائش کی خبر نہیں ہے، بلکہ وہ پیدائش کے واقعہ کی دلیل بھی ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C23P05",
          "text": "سائنس نے جس کائناتی واقعہ کو دریافت کیا ہے، وہ یہ ہے کہ تقریبا تیرہ بلین سال پہلے اچانک خلا میں ایک بہت بڑا ایٹم ظاہر ہوا اس سوپر ایٹم (super atom)کے اندر وہ تمام پارٹکل موجود تھے، جن کے مجموعے سے موجودہ کائنات بنی ہے۔ پھر اچانک اس سوپر ایٹم میں بہت بڑا دھماکہ ہوا۔ اس عظیم دھماکے کے بعد سوپر ایٹم کے تمام پارٹکل غیر معمولی تیزی کے ساتھ خلا میں دوڑنے لگے۔ان کی رفتار (speed)بے حد تیز تھی۔ اگر پارٹکل کا یہ انتشار اسی تیزی کے ساتھ جاری رہتا تو موجودہ کائنات کا بننا ناممکن تھا۔ کیوں کہ اس کے تمام پارٹکل بے حد تیزی کے ساتھ خلا میں منتشر ہوجاتے۔ ان کا اجتماع ناممکن ہوجاتا۔ اس لیے کائنات کا بننا بھی ناممکن ہوجاتا۔"
        },
        {
          "para_id": "C23P06",
          "text": "سائنسی دریافت بتاتی ہے کہ سوپر ایٹم کے پھٹنے کے بعد کچھ سیکنڈوں کے اندر پارٹکل کے انتشار کی رفتار اچانک کم ہوگئی۔ رفتار کا یہ کم ہوجانا بے حد اہم تھا۔ کیوں کہ اسی کی وجہ سے منتشر پارٹکل دوبارہ مجتمع ہونے لگے، اور ان کے اجتماع سے تمام ستارے اور کہکشائیں، اور شمسی نظام، وغیرہ، وجود میں آئے۔"
        },
        {
          "para_id": "C23P07",
          "text": "یہ واقعہ بتاتا ہے کہ جس ہستی نے سوپر ایٹم میں یہ انفجار برپا کیا، وہ سب سے زیادہ طاقت ور ہونے کے ساتھ سب سے بڑا جاننے والا بھی تھا۔ اس واقعہ کا اس کےخالق کو پیشگی علم تھا۔ اس علم کے مطابق اس نے اس معاملے کی پلاننگ کی۔ سیکنڈ کے فریکشن میں ہونے والے اس واقعہ کا اس کو پیشگی علم نہ ہوتا تو ساری پلاننگ عبث ہوجاتی، اور کائنات کاوجود میں آنا ناممکن ہوجاتا۔ یہ سائنسی دریافت رب العالمین کے خلّاق وعلّام ہونے کا ایک یقینی ثبوت ہے۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C24",
      "chapter_title": "مسجد کا مسئلہ",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C24P01",
          "text": "عام طو رپر یہ سمجھا جاتاہے کہ مسجد کی تعمیر ایک ابدی تعمیر ہے۔ جس مقام پر ایک بار مسجد بن جائے ، وہاں وہ مسجد ہمیشہ قائم رہے گی، اُس کا وہا ں سے ہٹانا جائز نہیں ۔ مسجد کے بارے میں یہ مسئلہ اسلام کے بعد کے زمانے میں عباسی دور میں کچھ فقہا نے وضع کیا۔ لیکن قرآن یا حدیث میں مسجد کے بارے میں ایسا کوئی مسئلہ ہرگز موجود نہیں۔موجودہ زمانے کے بعض علما نے اس مسئلہ کو اجتہادی مسئلہ بتایا ہے۔ یعنی ضرورت کے تحت مسجد کو اس کے سابق مقام سے ہٹایا جاسکتا ہے، او ر اس میں کوئی شرعی قباحت نہیں ہے۔ حنبلی فقہ واضح طور پر اس مسئلے کی تائید کرتی ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C24P02",
          "text": "مشہور حنبلی عالم ابن قدامہ (1147-1223ء) نے اپنی کتاب المغنی میں لکھا ہے : ولو جاز جعل أسفل المسجد سقایة وحوانیت لہذہ الحاجة، لجاز تخریب المسجد وجعلہ سقایة وحوانیت ویجعل بدلہ مسجدا فی موضع آخر(المغنی لابن قدامہ، 6/30)۔ یعنی اگر ضرورت کے تحت مسجد کے نچلے حصہ کو سقایہ(پانی کا حوض) اور دکان بنانا جائز ہے، تو مسجد کو ڈھانا اور اس کو سقایہ اور دکان بنانا بھی جائز ہے، اور اس کے بدلے میں دوسری جگہ ایک مسجد بنائی جائے گی۔"
        },
        {
          "para_id": "C24P03",
          "text": "اسلام میں مسجد کی عمارت کا مسئلہ ضرورت کی بنیاد پر ہے، نہ کہ تقدس کی بنیاد پر۔ جدید دورمیں جب سٹی پلاننگ کا زمانہ آیا تو مسلم شہروں مثلاً مکہ ،مدینہ ،وغیرہ، میں بڑی تعداد میں قدیم مسجدیں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل (relocate)کی گئیں۔ کیوں کہ یہ قدیم مسجدیں سٹی پلاننگ (city planning) میں رکاوٹ ثابت ہورہی تھیں۔ مثلاً اگر ایک مسجد بلال کے نام پر کہیں واقع تھی، تو اسی نام سے دوسری مسجد پہلے مقام سے ہٹاکر دوسری جگہ پر بنا دی گئی، اور مسجد کے مقام پر شہری منصوبہ کے مطابق نئی تعمیر کی گئی۔مسجد کی عمارت بلاشبہ ایک قابل احترام عمارت ہے۔ لیکن ضرورت کے تحت کسی مسجد کی عمارت کے مقام کو تبدیل کرنا بلاشبہ جائز ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C24P04",
          "text": "آج کا نوجوان"
        },
        {
          "para_id": "C24P05",
          "text": "پاکستان کے مشہور تعلیمی ادارہ ، لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز(LUMS) میں’’یک روزہ بک فیر‘‘کا پروگرام تھا۔ ہمارے ایک ساتھی، مسٹر طارق بدر نے وہاں بک اسٹال لگایا۔ یہ بک اسٹال بہت زیادہ کامیاب رہا۔مسٹر طارق بدر نے بک فیر کے اختتام پر اپنا تاثر ان الفاظ میں لکھا ہے:"
        },
        {
          "para_id": "C24P06",
          "text": "LUMS Book Fair is going great. Students are taking copies of the English Quran and giving such comments: “I was looking for it”, ـ“I need it” and “Can I have one for my friend”. An important learning I had was that today we need to work among the youth, as they are pure seekers and want to understand the true religion. Unfortunately, all other Islamic literature does not address their minds. How our stock of 350 English Qurans finished was a great surprise and students’ excitement after receiving their free copies was unbelievable. Another book which was sold in good amount was Leading A Spiritual Life. Let’s pray that we spread this message to all universities here. We are thankful for Affan, who is doing PhD from LUMS and is part of our team.This was his initiative."
        },
        {
          "para_id": "C24P07",
          "text": "برٹش دور میں جب غیر منقسم انڈیا میں ماڈرن ایجوکیشن کا آغاز ہوا تو تقریباً تمام مذہبی طبقہ، اور اسلامی تحریکیں ان کے خلاف ہو گئیں۔ اکبر الہ آبادی نے اس تعلیم کے بارے میں کہا تھا:"
        },
        {
          "para_id": "C24P08",
          "text": "یوں قتل سے بچوں کے وہ بدنام نہ ہوتا  افسوس کہ فرعون کو کالج کی نہ سوجھی"
        },
        {
          "para_id": "C24P09",
          "text": "سید ابوالاعلی مودودی نے اس زمانے میں کالج اور یونیورسٹی کے بارے میں لکھا تھا کہ یہ تعلیم گاہیں نہیں ہیں، بلکہ وہ قتل گاہیں ہیں۔ یہی حال تقریباً تمام ان لوگوں کا تھا، جو اسلام پسند کہے جاتے تھے، اور احیائے اسلام کا جھنڈا بلند کیے ہوئے تھے۔ مگر تجربے نے بتایا کہ یہ تعلیم ہمارے نوجوانوں کے لیے ڈی کنڈیشننگ کا ذریعہ تھی۔ اس تعلیمی نظام میں جو لوگ پڑھ کر نکلے، وہ ’’قتل ‘‘ نہیں ہوئے، بلکہ جدید تعلیم نے ان کے اندر نئی اسلامی بیداری پیدا کردی— وقت کی ضرورت یہ ہے کہ سیکولر تعلیم یافتہ لوگوں پر فتوی لگانے کے بجائے، ان کے مائنڈ کو ایڈریس کرنے والا لٹریچر تیا ر کیا جائے۔"
        },
        {
          "para_id": "C24P10",
          "text": "خوف کی نفسیات"
        },
        {
          "para_id": "C24P11",
          "text": "بیسویں صدی عیسوی مسلم دنیا کے لیے تحریکوں کی صدی (the century of milli activities) ہے۔ اس پوری صدی کے اندر مسلم دنیا کے ہر حصے میں کوئی نہ کوئی بڑا مسلم رہنما سرگرم عمل نظر آتا ہے۔ ان تحریکوں کا خلاصہ کیا جائے تو سب کا قدر مشترک ایک ہوگا۔ وہ ہے خوف کی نفسیات۔ ہر مسلم رہنما کسی نہ کسی دشمن کے خوف کو لے کر مسلمانوں کو اس کے خلاف عمل پر ابھاررہا تھا۔کہیں نو آبادیاتی طاقتوں کے خلاف، کہیں اسرائیل کے خلاف، کہیں ہندو اکثریت کے خلاف، کہیں ظالم قوم کے خلاف، کہیں مغربی طاقتوں کے خلاف، کہیں صہیونیت کے خلاف، وغیرہ۔"
        },
        {
          "para_id": "C24P12",
          "text": "یہ ایک عام تجربہ ہے کہ لوگوں کو محبت انسانی کے اوپر اٹھایا جائے تو کبھی ایسی تحریک کو عوامی تائید حاصل نہیں ہوتی۔ اس کے برعکس، جو لیڈر لوگوں کو خوف کی نفسیات پر ابھارے، اس کے جھنڈے کے نیچے بےشمار لوگوں کی بھیڑ اکٹھا ہوجاتی ہے۔ اس کا سبب یہ ہے کہ انسان کے اندر اپنے خالق و منعم کا خوف پیدائشی طور پر موجود ہے۔ انسان فطری طور پر اس احساس میں جیتا ہے کہ جس خالق نے ہم کو تمام نعمتیں دی ہیں، اگر وہ ان نعمتوں کو چھین لے تو ہمارا کیا انجام ہوگا۔ یہ نفسیات انسان کے اندر خالق کی نسبت سے رکھی گئی ہے، تاکہ ہر انسان ذمہ دار انسان بن کر دنیا میں رہے۔ مگر غیردانش مند لیڈر اپنے انٹرسٹ کے لیے اس نفسیات کو مفروضہ انسانی دشمنوں کے خلاف استعمال کرتے ہیں۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ پوری انسانی تاریخ ایک عظیم نقصان سے دو چار ہورہی ہے۔ خوف کی نفسیات جو انسان کے اندر خدا کی نسبت سے رکھی گئی تھی، وہ انسان کی نسبت سے استعمال ہونے لگی۔ جس نفسیات کا نتیجہ یہ ہونا چاہیے کہ انسان کے اندر خدا رخی مزاج بنے، وہ انسان کے خلاف منفی مزاج پیدا کرنے کا ذریعہ بن گیا۔ انسان خالق سے ڈرے تو اس کے نتیجے میں اس کے اندر یہ نفسیات جاگتی ہے کہ وہ اپنے آپ کو انسان درست آدمی بنائے۔ اس کے برعکس، جب یہ نفسیات انسان کی نسبت سے استعمال ہونے لگے تو ہر آدمی دوسرے کو اپنا دشمن سمجھ کر اس سے نفرت کرنے لگتا ہے۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C25",
      "chapter_title": "سیاسی کنڈیشننگ میں جینا",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C25P01",
          "text": "انیسویں صدی اور بیسویں صدی میں مسلمانوں کے اندر بہت سی تحریکیں اٹھیں۔ ان تحریکوں کے ٹائٹل الگ الگ تھے، لیکن حقیقت کے اعتبار سے سب کا نشانہ ایک تھا— مسلمانوں کی سیاسی عظمت کو دوبارہ زندہ کرنا۔ ان میں سے کسی تحریک کا ٹائٹل حکومت الہیہ تھا اور کسی کا اقامت دین، کسی کا ٹائٹل امامت کبریٰ تھا اور کسی کا ٹائٹل خلافت اسلامیہ، کسی کا ٹائٹل اسلامی نظام تھا اور کسی کا ٹائٹل اسلامی عدل، کسی کا ٹائٹل تہذیب اسلامی کا احیا تھا اور کسی کا ٹائٹل امت کی نشاۃ ثانیہ، کسی کا ٹائٹل شریعت کا نفاذ تھا اور کسی کا ٹائٹل خلافت علیٰ منہاج النبوۃ، وغیرہ۔ لیکن اگر ان کو عملی سرگرمیوں کے اعتبار سے دیکھا جائے تو ہر ایک دین کے نام پر سیاسی سرگرمیوں میں مبتلا نظر آئے گا۔ اصل یہ ہے کہ بعد کے زمانے میں مسلمانوں کو لمبے عرصے تک سیاسی عظمت حاصل ہوئی۔ حالات نے ان کو موقع دیا کہ وہ زمین کے بڑے حصے میں اپنا ایمپائر قائم کرلیں۔ اس کے بعد جب جدید دور آیا تو دوبارہ حالات کے تقاضے کے تحت ان کی سلطنتیں ٹوٹ گئیں، اور دھیرے دھیرے ہر جگہ جمہوری سلطنتیں قائم ہوگئیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C25P02",
          "text": "یہ سیاسی واقعہ جو پیش آیا، وہ قرآن میں بیان کردہ اس قانون کے تحت ہوا :وَتِلْکَ الْأَیَّامُ نُدَاوِلُہَا بَیْنَ النَّاسِ َ (3:140)۔یعنی اور ہم ان ایام کو لوگوں کے درمیان بدلتے رہتے ہیں۔ لیکن مسلم رہنماؤں نے شعوری یا غیر شعور ی طور پر سیاسی عظمت کو اپنا قومی حق سمجھ لیا۔ وہ اپنی سیاسی عظمت کو واپس لانے کے لیے کوششیں کرنے لگے، اور غلط طور پر ان کوششوں کو جہاد کا نام دے دیا۔ اب ایسا معلوم ہوتا ہے کہ پوری مسلم قوم کے لیے یہ معاملہ سیاسی کنڈیشننگ (political conditioning) کا معاملہ بن گیا ہے۔ اب پولیٹکل پیٹرن کے سوا کوششوں کا کوئی دوسرا پیٹرن ان کو درست پیٹرن نظر نہیں آتا۔ ان کو صرف ایک بات معلوم ہے— جس قوم کو اپنا حریف سمجھیں، اس پر بم مارنا، اور جب اس غلط پلاننگ کا الٹا نتیجہ نکلے تو اپنے آپ کو مظلوم بتا کر ظلم کی شکایت کرنا۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C26",
      "chapter_title": "مشکل حالات",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C26P01",
          "text": "فطرت کا ایک اصول قرآن میں ان الفاظ میں بیا ن کیا گیاہے: سَیَجْعَلُ اللَّہُ بَعْدَ عُسْرٍ یُسْرًا (65:7)۔ یعنی اللہ عُسر کے بعد عنقریب یسر پیدا کردے گا۔ عسر کا مطلب ہے مشکل (difficulty)، اور یُسر کا مطلب ہے آسانی (ease)۔قرآن کی یہ آیت طلاق کے حکم کے دوران آئی ہے۔ لیکن یہ فطرت کا اصول ہے، اور اس اعتبار سے اس اصول کا تعلق پوری انسانی زندگی سے ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C26P02",
          "text": "اس اصول کے اندر ایک حکمت چھپی ہوئی ہے۔ جب آدمی کے اوپر مشکل حالات آتے ہیں، تو اس کے ذہن میں ایک دباؤ (pressure) پیدا ہوتا ہے۔ اس دباؤ کے تحت وہ زیادہ سوچنے کے قابل ہوجاتا ہے۔ معاملے کے نئے نئے پہلو اس کی سمجھ میں آنے لگتے ہیں۔ مشکل سے پہلے اگر وہ ایک غیر تخلیقی ذہن تھا، تو مشکل کے بعد وہ ایک تخلیقی ذہن (creative mind) بن جاتا ہے۔ اس طرح وہ اس قابل ہوجاتا ہے کہ زیادہ اہلیت کے ساتھ صورت حال کا سامنا کرے۔وہ زیادہ بہتر طور پر مواقع (opportunities) کو دریافت کرسکے۔"
        },
        {
          "para_id": "C26P03",
          "text": "اس اصول کا تعلق انسان کی پوری زندگی سے ہے۔ گھر کی زندگی، سماج کی زندگی، اور وسیع تر معنوں میں قومی اور بین اقوامی زندگی۔ حقیقت یہ ہے کہ مشکل کی حیثیت انسانی زندگی میں معلّم کی ہے۔ کسی نے درست طور پر کہا ہے کہ مشکل انسان کو انسان بناتی ہے:"
        },
        {
          "para_id": "C26P04",
          "text": "It is not ease but effort, not facility but difficulty that makes men."
        },
        {
          "para_id": "C26P05",
          "text": "فطرت کا نظام اس طرح بنا ہے کہ انسان کو کبھی اپنی مرضی کے مطابق بالکل آسان حالات نہ ملیں ، اس کو مشکلات کی جھاڑیوں سے گزرنا پڑے۔ یہ صورت حال انسان کی شخصیت کی تعمیر کرنے کے لیے ہے۔ یہ صورتِ حال ایک انسان کو غیر پختہ شخصیت (immature personality)کے بجائے پختہ شخصیت (mature personality)بنا دیتی ہے۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C27",
      "chapter_title": "ختم نبوت کا عقیدہ",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C27P01",
          "text": "ختم نبو ت کا عقیدہ فضیلت کا عقیدہ نہیں ہے۔ اسی طرح ختم نبوت کا عقیدہ عدد (number) کی تکمیل کا نام نہیں ہے۔ ختم نبوت کے عقیدہ کا مطلب یہ ہے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت باعتبار رہنمائی قیامت تک جاری رہے گی۔ نبوت محمدی کا تسلسل باعتبار رہنمائی غیرمنقطع طور پر اور مسلسل طور پر قیامت تک قائم رہے گا۔ یہ تسلسل ختم نبوت کا لازمی تقاضا ہے۔ اگر پیغمبرانہ رہنمائی کا تسلسل ٹوٹ جائے تو اللہ کے قانون کے مطابق نئے پیغمبر کا آنا لازم ہوجائے گا، اور اب کوئی نیا پیغمبر آنے والا نہیں ۔"
        },
        {
          "para_id": "C27P02",
          "text": "البتہ ایک چیز کی ضرورت ہمیشہ باقی رہے گی، اور وہ ہے مخاطب کی نسبت سے پیغمبرانہ رہنمائی کی تفہیم۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ زمانہ میں تبدیلیاں آتی ہیں۔ لوگوں کا فکری اسلوب بدلتا رہتا ہے۔اس بنا پر ضرورت ہوتی ہے کہ ہر زمانہ کے مخاطبین کے لیے پیغمبرانہ رہنمائی کو قابل فہم بنایا جائے تاکہ ان کا ذہن ایڈریس ہو۔ یہ کام تفہیم و تشریح کا کام ہے، نہ کہ کسی قسم کے اضافہ کا کام ۔"
        },
        {
          "para_id": "C27P03",
          "text": "مثال کے طور پر پیغمبرانہ ہدایت میں ایک تصور توبہ (repentance) کاہے۔ توبہ کا لفظی مطلب ہےلوٹنا، رجوع کرنا۔ دوسرے لفظوں میںپٹری سے اترنے (derailment) کے بعد دوبارہ پٹری پر واپس لانا۔ اگر کوئی شخص اس معاملے کو ان الفاظ میں بیان کرے کہ توبہ کا مطلب ہےفرسٹ چانس کھوئے جانے کے بعد سیکنڈ چانس کو اویل (avail) کرنا۔ تو یہ ایک تفہیم کے اسلوب کی بات ہو گی۔اس کا مقصد یہ ہوگا کہ مخاطب کا ذہن ایڈریس ہو، اور اس کے اندر عمل کی آمادگی پیدا ہو۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہوگا کہ کسی گم شدہ کڑی سے لوگوں کودوبارہ باخبر کیا جائے۔"
        },
        {
          "para_id": "C27P04",
          "text": "یہی دین کی تجدید ہے۔ تجدید کا مطلب ہے نیا کرنا۔ نیا کرنے کا یہ عمل ریفارمیشن (reformation) کا عمل ہے ۔ یہ دین کی وضاحت کرنے کا عمل ہے۔ تجدید دین سے مراد تفہیم دین کی تجدید ہے، نہ کہ خود دین کی تجدید۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C28",
      "chapter_title": "بڑھاپا رمائنڈر کا زمانہ",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C28P01",
          "text": "بڑھاپے کا زمانہ یاد دلاتا ہے کہ اب انسان کے لیے موت کا وقت قریب آچکا ہے۔ بڑھاپے کا زمانہ یاددلاتا ہے کہ پہلا دور حیات ختم ہوا، اور اب دوسرا دور حیات شروع ہونے والا ہے۔ بڑھاپے کا زمانہ یاددلاتا ہے کہ وہ وقت قریب آچکا ہے ، جس کو قرآن میں یَوْمَ یَقُومُ النَّاسُ لِرَبِّ الْعَالَمِینَ (83:6) کے الفاظ میں بیان کیا گیا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C28P02",
          "text": "بڑھاپا یاددلاتا ہے کہ انسان کے لیے عمل کا زمانہ ختم ہوچکا ہے، اور اب عمل کے مطابق محاسبہ کا وقت آگیا۔ بڑھاپے کا زمانہ یاددلاتا ہے کہ عارضی دور حیات سے گزر کر ابدی دور حیات میں داخل ہونے کا وقت قریب آچکا ہے۔بڑھاپے کا زمانہ یاددلاتا ہے کہ اب اس کا سامنا اس رب العالمین سے ہونے والا ہے جس سے اس کی کوئی چیز چھپی ہوئی نہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C28P03",
          "text": "بڑھاپے کا زمانہ یاددلاتا ہے کہ انسان کے لیے وہ وقت قریب آچکا ہے، جس کو قرآن میں یوم التغابن (التغابن، 64:9)کہا گیا ہے۔ یعنی کسی کے لیے ہار کا دن اور کسی کے لیے جیت کا دن۔ بڑھاپے کا زمانہ یاددلاتا ہے کہ عنقریب اس کا داخلہ یا تو ابدی جنت میں ہونے والا ہے، یا اس کے لیے ابدی حسرت (البقرۃ، 2:167) ہوگی۔ بڑھاپے کا زمانہ یاددلاتا ہے کہ آخری توبہ کا وقت قریب آچکا ہے۔ بڑھاپے کا زمانہ یاددلاتا ہے کہ آخری فیصلہ کا وقت قریب آچکا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C28P04",
          "text": "بڑھاپے کا زمانہ آدمی کے لیے گویا فائنل کال (final call)ہے کہ اب تمھارے لیے تلافی ما فات کا آخری لمحہ ہے۔ جو کام ماضی میں نہ ہوسکا اس کو اب انجام دینے کی کوشش کرو۔ اب تمھارے لیے آخری وقت ہے کہ تم ماضی کی غلطی کی اصلاح کرلو۔ اب تمھاری زندگی میں جو تھوڑا سا وقت باقی ہے، وہ تمھارے لیے آخری وقت ہے۔ اس کو استعمال کرلو، کیوں کہ اب یہ وقت دوبارہ تمھارے لیے آنے والا نہیں۔پچھلا زمانہ اگر تم نے سونے میں گزاردیا تو اب جاگ اٹھو۔ کیوں کہ بیداری کا وقت اب دوبارہ آنے والا نہیں۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C29",
      "chapter_title": "غیر متحقق بات کا چرچا",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C29P01",
          "text": "انسان کی ایک کمزوری ہے ———غیر ثابت شدہ بات کا چرچا کرنا۔ یعنی سنی ہوئی بات کو بلاتحقیق لوگوں سے بیان کرنا۔ اللہ کی نظر میں یہ عادت اتنی زیادہ غلط ہے کہ اس کو اشاعت فاحشہ (النور، 24:19) کہا گیا ہے۔ اشاعت فاحشہ یہ ہے کہ آدمی کسی کے بارے میں کوئی بری بات سنے تو فوراً اس کو دوسروں سے بیان کرنے لگے۔یہ عادت بے حد مذموم عادت ہے۔ اس قسم کی عادت یقینی طور پر اللہ کے یہاں قابل مواخذہ ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C29P02",
          "text": "سماجی زندگی میں ہمیشہ ایسا ہوتا ہے کہ طرح طرح کی خبریں پھیلتی ہیں۔ لوگوں کا عام مزاج یہ ہے کہ وہ جب بھی کوئی ایسی بات سنتے ہیں تو وہ فوراً ہی ا س کا چرچا شروع کردیتے ہیں۔ یہ نہایت غیرذمہ دارانہ طریقہ ہے۔ سنی ہوئی بات کو بلا تحقیق بیان کرنا، ایک ایسا فعل ہے جو آدمی کے لیے ایک بڑی ہلاکت کا سبب بن سکتا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C29P03",
          "text": "اس طرح کے معاملے میں آدمی کے لیے صرف دواختیار (options) ہیں۔ ایک یہ کہ خبر کو سن کر اس کو نظر انداز کردیا جائے، اور اپنے کام میں لگا رہے۔ اگر آدمی ایسا کرے تو اس پر کوئی مواخذہ نہیں۔ اس کے لیے نہ دنیا میں اس کی پکڑ ہے، اور نہ آخرت میں ۔"
        },
        {
          "para_id": "C29P04",
          "text": "لیکن اگر وہ سنی ہوئی خبر کو بطور واقعہ تسلیم کرنا چاہتا ہے تو اس کے لیے انتہائی طور پر ضروری ہے کہ وہ مستند ذرائع سے اس کی تحقیق کرے، اس وقت تک اس خبر کو نہ مانے جب تک ناقابل تردید شواہد سے اس کی تصدیق نہ ہوچکی ہو۔"
        },
        {
          "para_id": "C29P05",
          "text": "بے بنیاد خبر کو پھیلانا کوئی سادہ بات نہیں۔ اس کا براہ راست تعلق خود آپ کی اپنی شخصیت سے ہے۔ اگر آپ خبر کو بلاتحقیق بیان کریں تو اس سے آپ کے اندر کمزور شخصیت (weak personality) بنے گی، اور کمزور شخصیت ہی کا دوسرا نام منافقت ہے۔ آپ کے لیے ضروری ہے کہ آپ اپنے اندر اس مزاج کو بننے نہ دیں۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C30",
      "chapter_title": "اپنے خلاف",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C30P01",
          "text": "اکثر ایسا ہوتا ہے کہ آدمی بظاہر دوسرے کے خلاف بولتا ہے۔ لیکن اس کی بات خود اپنے خلاف ہوتی ہے۔ اکثر آدمی’’وہ‘‘ کی زبان بولتا ہے۔ مگر جو بات وہ کہتا ہے، وہ عملاً ’’میں‘‘ کی زبان میں ہوتی ہے۔ یعنی آدمی ایک ایسی بات کہتا ہے، جس میں اس کی زد بظاہر ڈائریکٹ یا ان ڈائریکٹ دوسرے کے خلاف ہوتی ہے۔ مگر اپنی حقیقت کے اعتبار سے وہ صرف اس کے اپنے خلاف ہوتی ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C30P02",
          "text": "ایسا اس لیے ہے کہ اللہ کے نزدیک ہر معاملے میں انسان کی نیت کو دیکھا جاتا ہے۔ ہر معاملے میں یہ دیکھا جاتا ہے کہ آدمی نے بولنے سے پہلے کیا سوچا۔ اس کی کون سی سوچ تھی، جس کے تحت اس کی زبان سے وہ الفاظ نکلے جن میں اس نے کوئی بات کہی تھی۔ اسی بات کو ایک فارسی شاعر نے ان الفاظ میں کہا ہے: کجا میں نماید، کجا میں زند۔"
        },
        {
          "para_id": "C30P03",
          "text": "یعنی تیر چلانے والا بظاہر کسی اور طرف نشانہ لگاتا ہے، لیکن وہ اپنے تیر سے جس کو مارنا چاہتا ہے، وہ کوئی اور ہوتا ہے۔انسان کو چاہیے کہ وہ اس حقیقت کو جانے کہ آدمی جب بھی کوئی بات کہتا ہے تو اس سے پہلے وہ سوچتا ہے۔ سوچنا پہلے ہوتا ہے، اور بولنا اس کے بعد۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہر بات جو آدمی بولتا ہے، اس کے ذریعہ وہ خود اپنا کردار بنا رہا ہوتا ہے۔ آدمی کو چاہیے کہ وہ یہ جانے کہ ہر بولنا ایک عمل ہے۔ بولنے کے دوران آدمی اپنی شخصیت کی تعمیر کر رہا ہوتا ہے، مثبت تعمیر یا منفی تعمیر، کبھی شعوری طور پر اور کبھی غیر شعوری طور پر۔"
        },
        {
          "para_id": "C30P04",
          "text": "ہر عورت اور مرد کی پہلی ذمہ داری یہ ہے کہ وہ اپنے آپ کو مثبت بنیادوں پر تعمیر کرے۔ مثبت بنیاد پر تعمیر وہ ہے جس میں انسان کی نفسیات یا تو اللہ رب العالمین سے تعلق کی بنیاد پر بن رہی ہو، یا انسان سے محبت کی بنیاد پر۔ تعمیر خویش کی یہی اصل بنیادیں ہیں۔ آدمی کو ہمیشہ اپنا محاسبہ کرکے یہ دیکھنا چاہیے کہ وہ اللہ سے تعلق کی بنیاد پر اپنی تعمیر کررہا ہے یا انسان سے خیر خواہی کی بنیاد پر۔ ہر عورت اور ہر مرد کو انھیں دو بنیادوں پر اپنا جائزہ لیتے رہنا چاہیے۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C31",
      "chapter_title": "منفی تجربہ",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C31P01",
          "text": "منفی تجربہ (negative experience) صرف منفی تجربہ نہیں ہے۔ اپنی حقیقت کے اعتبار سے وہ ایک صدمہ (shock)ہے۔ صدمہ کا تجربہ انسانی ذہن کے لیے ایک فکری طوفان (storm) کے ہم معنی ہوتا ہے، کبھی چھوٹا اسٹارم اور کبھی بڑا اسٹارم۔ منفی تجربہ کے وقت انسان کے ذہن میں طوفان (storm) پیدا ہوتا ہے۔ وہ در حقیقت ایک توانائی (energy) کے اخراج (release) کا واقعہ ہے۔ یہ صدمہ انسان کے لیے مطلق معنوں میں کوئی برائی نہیں ہے۔ اس کا استعمال اس کو اچھا یا برا بناتا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C31P02",
          "text": "اگر آپ اس صدماتی انرجی (shocking energy) کو مثبت رخ پر موڑ سکیں تو ہر صدمہ آپ کے لیے انٹلکچول ڈیولپمنٹ کا ذریعہ بن جائے گا۔ آپ کے سوچنے کی طاقت، آپ کے تجزیہ (analysis)کی طاقت کچھ بڑھ جائے گی۔ آپ کا ذہن غیر تخلیقی ذہن سے بڑھ کر تخلیقی ذہن (creative mind) ہوجائے گا۔ آپ کے ذہن کی ایسی کھڑکیاں کھل جائیں گی، جو اس سے پہلے بند پڑی تھیں۔آپ کسی بھی وقت اس حقیقت کا تجربہ کرسکتے ہیں۔ مثلاً آپ نے کسی سے ایک بات کہی۔ وہ آدمی آپ کی بات کو سن کر غصہ ہوگیا۔ اس نے آپ کو اس کا سخت جواب دیا۔ اس وقت آپ جوابی غصہ نہ کریں، اور ٹھنڈے طریقے سے مثبت انداز میں غور کریں۔ آپ بہت جلد محسوس کریں گے کہ آپ کی قوت تفکیر بڑھ گئی ہے۔ آپ کے ذہن میں نئے نئے پوائنٹ آرہے ہیں۔ آپ کی بات خود آپ کے لیے زیادہ قابل فہم بن رہی ہے۔ آپ کے ذہن کی تخلیقیت میں اضافہ ہورہا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C31P03",
          "text": "جب بھی آپ کو کسی بات سے صدمہ پہنچے تو آپ صرف یہ کیجیے کہ آپ چپ ہوجایئے۔ آپ ری ایکشن کے بجائے، خاموشی کا طریقہ اختیار کیجیے۔ آپ ایک شخص پر سوچنے کے بجائے اصل ایشو پر سوچنا شروع کردیجیے، اور پھر جلد آپ کو ایسا محسوس ہوگا جیسے آپ کی سوچ کے بند دروازے اچانک کھل گئے ہیں۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C32",
      "chapter_title": "لرننگ اسپرٹ",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C32P01",
          "text": "زندگی میں سب سے بڑی چیز یہ ہے کہ آدمی کے اندر سیکھنے کا جذبہ (learning spirit) ہو۔ جس آدمی کے اندر سیکھنے کا جذبہ ہو، وہ برابر ترقی کرتا رہتا ہے۔ اس کا ذہنی ارتقا (intellectual development) کبھی رکتا نہیں۔اس کے ذہنی سفر میںہمیشہ کاما (comma) آتا ہے، نہ کہ فل اسٹاپ(full stop)۔ ذہنی سفر میں رکاوٹ صرف ایک چیز سے آتی ہے۔ وہ یہ کہ آپ کے اندر غلطی کے اعتراف کا مادہ نہ پایا جائے۔ اپنی غلطی کا اعتراف آدمی کے ارتقائی سفر کو برابر جاری رکھتا ہے۔ اس کے برعکس، جس آدمی کے اندر یہ کہنے کی ہمت نہ ہو کہ میں غلطی پر تھا (I was wrong)، وہ کبھی ذہنی ارتقا کا تجربہ نہیں کرسکتا۔"
        },
        {
          "para_id": "C32P02",
          "text": "آدمی کو چاہیے کہ وہ اپنے ذہن کی کھڑکیاں ہمیشہ کھلی رکھے۔ وہ ہر لمحہ نئی چیز سیکھنے کا طالب بنا ہوا ہو۔ اس قسم کی طلب آدمی کو ذہنی ترقی کے سفر میں آگے بڑھاتی رہتی ہے۔ اس کے برعکس، جب آدمی کے اندر سیکھنے کی یہ طلب باقی نہ رہے تو اس کے اندر جمود (stagnation)پیدا ہوجاتا ہے۔ بظاہر وہ زندہ ہوتا ہے، لیکن اس کی زندگی ایک قسم کی حیوانی زندگی بن جاتی ہے، نہ کہ صحیح معنوںمیں انسان کی زندگی۔"
        },
        {
          "para_id": "C32P03",
          "text": "جو آدمی یہ چاہتا ہو کہ اس کے ذہنی ارتقا کا سفر بلاروک ٹوک برابر جاری رہے۔ ا س کو اپنے ذہن کا دروازہ ہمیشہ کھلا رکھنا چاہیے۔ اس کو اسپرٹ آف لرننگ میں جینا چاہیے۔ اس کو کسی نئی بات کو لینے میں کبھی ہچکچانا نہیں چاہیے۔ خواہ وہ بات اپنی ذات کے خلاف ہی کیوں نہ ہو۔"
        },
        {
          "para_id": "C32P04",
          "text": "اسپرٹ آف لرننگ کی ایک پہچان یہ ہے کہ آدمی کم بولے اور زیادہ سنے ۔ وہ مونو لاگ (monologue) نہ ہو، بلکہ وہ ڈائیلاگر (dialoguer) ہو۔ وہ جب کوئی نئی بات سنے تو وہ اس کو رد کرنے کے جذبے سے نہ سنے، بلکہ اس کو سننے کے بعد وہ اس پرکھلے ذہن کے ساتھ غور کرے۔ ایسے آدمی کی پہچان یہ ہے کہ وہ بولے کم ، اور سوچے زیادہ۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C33",
      "chapter_title": "اسٹیج کا فتنہ",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C33P01",
          "text": "موجودہ زمانے میں ایک نیا فتنہ پیدا ہوا ہے، جس کو اسٹیج کا فتنہ کہا جا سکتا ہے۔ جس آدمی کے اندر شاندار شخصیت ہو، جو اچھا بولنے کی صلاحیت رکھتاہو، جو لوگوں کو خوش کرنے کا فن جانتا ہو، جو عوام پسند لہجہ میں بول سکے، اس کو فوراً اسٹیج مل جاتا ہے۔ اسٹیج ملتے ہی آدمی کی انا (ego) بوسٹ (boost) ہونے لگتی ہے۔ یہاں تک کہ وہ وقت آتا ہے جب کہ واپس لوٹنا اس کے لیے ممکن نہیں رہتا۔"
        },
        {
          "para_id": "C33P02",
          "text": "اسٹیج ایکٹوزم کے بظاہر دوسرے بہت سے فائدے ہیں— عوامی مقبولیت، ہر جگہ پذیرائی،ہر قسم کے دنیوی ساز و سامان، وغیرہ۔ یہ چیزیں اس کے اندر مصنوعی شخصیت بنانے لگتی ہیں۔ یہاں تک کہ وہ اسی میں کنڈیشنڈ ہوجاتا ہے۔ جب یہ درجہ آجائے تو اس کے اندر محاسبہ کا ذہن ختم ہوجاتا ہے۔ اس کے بعد شعوری یا غیر شعوری طور پر وہ سمجھنے لگتا ہے کہ میں درست راستے پر ہوں۔ مجھے اپنے اندر کوئی تبدیلی لانے کی ضرورت نہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C33P03",
          "text": "جو آدمی مین آف اسٹیج (man of stage)بن جائے، وہ بظاہر کامیاب نظر آتا ہے، لیکن حقیقت کے اعتبار سے وہ سب سے زیادہ ناکام انسان ہوتا ہے۔ اس کے اندر تنقید سننے کامزاج ختم ہوجاتاہے۔ اس کے اندر ذہنی ارتقا کا عمل رک جاتا ہے۔ وہ تخلیقی فکر(creative thinking) کے قابل نہیں رہتا۔ وہ صرف آج (today) میں جینے لگتا ہے، کل (tomorrow) کی سوچ اس کے اندر ختم ہوجاتی ہے۔ وہ دوسروں کے اندر جینے لگتا ہے، خود اپنے آپ میں جینا کیا ہے، وہ اس سے نا آشنا ہوجاتاہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C33P04",
          "text": "ایسا آدمی بظاہر پاتا ہے، لیکن حقیقت کے اعتبار سے وہ ایک محروم انسان ہوتا ہے۔ اس کو ہر جگہ انسانوںکی بھیڑ ملنے لگتی ہے، لیکن فرشتوں کی صحبت اس کو حاصل نہیں ہوتی۔ وہ مادی اعتبار سے بھر پور ہوتا ہے، لیکن روحانی (spiritual) اعتبار سے وہ ایک خالی انسان ہوتا ہے۔ وہ بظاہر سب کچھ ہونے کے باوجود حقیقت میں کچھ نہیں ہوتا۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C34",
      "chapter_title": "کام کی قیمت",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C34P01",
          "text": "اگر آپ ایک بائیسکل خریدنے کے لیے بازار میں جائیں، تو اس کی ایک قیمت ہے۔ وہ ضروری قیمت ادا کیے بغیر وہ بائیسکل آپ کو نہیں ملے گی۔ اسی طرح موٹر کار کی ایک قیمت ہے۔ اگر آپ موٹر کار خریدنا چاہتے ہوں۔ لیکن آپ کی جیب میں ا س کی ضروری قیمت نہ ہو، تو کوئی بازار آپ کو موٹر کار دینے والا نہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C34P02",
          "text": "اسی طرح مشن کی ایک قیمت ہوتی ہے۔ اگر آپ ایک مشن لے کر اٹھیںتو صرف بڑے بڑے الفاظ بولنے سے آپ مین آف مشن نہیں بن سکتے۔ مشن ایک بے حد سنجیدہ منصوبہ ہے۔ مشن کی صرف ایک قیمت ہوتی ہے۔ اور وہ ہے، مشن کو ترجیح (priority) کی سطح پر اختیار کرنا۔ اگر آپ ایک مشن شروع کریں۔ لیکن آپ نے اس کو اپنی واحد ترجیح نہ بنایا ہو،بلکہ عملاً آپ اولاد کو اپنی ترجیح بنائے ہوئے ہوں تو آپ کے لیے ضروری ہے کہ آپ مشن کے لیے کھڑے نہ ہوں۔ ساگ سبزی کی دکان کھولنا، اس سے بہتر ہے کہ ایسا آدمی مین آف مشن بننے کا دعویٰ کرے۔"
        },
        {
          "para_id": "C34P03",
          "text": "یونیورسٹی کے ایک استاد نے کہا کہ ہم لوگ حیوان کاسب (earning animal) ہیں۔ ہم لوگوں کا کنسرن تو صرف پرسنل انٹرسٹ ہوتا ہے، لیکن ہم لوگ غلط طور پر اپنے آپ کو علم کا کیس بتاتے ہیں۔ یہ منافقت ہے۔ آدمی کو چاہیے کہ وہ کچھ اور بنے، لیکن وہ منافق نہ بنے۔ لوگ عام طور پر حرام و حلال کو جانتے ہیں۔ لیکن اس کے سوا ایک اور چیز ہے، جس کو نفسیات کی اصطلاح میں کمزور شخصیت (weak personality) کہا جاتا ہے، اس کو کوئی نہیں جانتا۔ کمزور شخصیت اور منافق شخصیت میں صرف نام کے اعتبار سے فرق ہے۔ حقیقت کے اعتبار سے دونوں میں کوئی فرق نہیں۔ اللہ کی نظر میں کمزور شخصیت والا انسان بھی وہی درجہ رکھتا ہے، جو منافق انسان کا درجہ ہوتا ہے۔اعلیٰ انسان وہ ہے جس کے قول اور عمل میں کوئی تضاد نہ ہو۔ جو قابل پیشین گوئی کردار (predictable character) کا حامل انسان ہو۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C35",
      "chapter_title": "کامیاب شادی",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C35P01",
          "text": "ہر شادی کامیاب شادی ہے، کوئی شادی ناکام شادی نہیں۔ شرط یہ ہے کہ آدمی فطرت کے قانون کو جانے، اور اس کو اپنی شادی شدہ زندگی میں استعمال کرے، خواہ یہ قانون اس کی مرضی کے مطابق ہو یا اس کی مرضی کے خلاف ہو۔ ہر عورت اور ہر مرد کو ایک ہی خالق نے پیدا کیا ہے، اور خالق کا اعلان ہے کہ وہ ہر انسان کو احسن تقویم (التین،95:4) پر پیدا کرتا ہے۔ اگر آدمی اس حقیقت کو جان لے تو کسی کی شادی کبھی ناکام شادی نہ بنے۔قرآن میں آیا ہے :إِنَّ سَعْیَکُمْ لَشَتَّى (94:4) یعنی تمھاری کوششیں مختلف ہیں (Indeed your striving is different)۔ اس آیت میں ڈفرنٹ کا لفظ کوششوں کے اختلاف کے لیے آیا ہے۔سعی کا لفظ نتیجہ کو بتاتا ہے، مگر وہ یہاں سبب نتیجہ کے معنٰی میں ہے۔لیکن سوال یہ ہے کہ لوگوں کی کوششیں مختلف کیوں ہوتی ہیں۔ اس کا سبب یہ ہے کہ ہر عورت اور مرد کا مزاج دوسرے سے مختلف ہوتا ہے۔ ہر عورت اور مرد کا کیس ہمیشہ مختلف کیس (different case) ہوتا ہے۔ یہ اختلاف اس لیے ہے تاکہ لوگ اپنی کوششوں کو مختلف اعتبار سے استعمال کریں، اور زندگی میں ہر پہلو سے ترقی کا عمل جاری ہو۔"
        },
        {
          "para_id": "C35P02",
          "text": "اسی فطری حقیقت کو جاننا شادی شدہ زندگی کی کامیابی کا راز ہے۔ مرد اور عورت دونوں اگر اس حقیقت کو جانیں تو وہ دریافت کریں گے کہ شتیّٰ (اختلاف) کا یہ معاملہ فطرت کی زبان میں ایک پیغام دے رہا ہے۔ وہ یہ کہ لوگ فطرت سے ٹکرانے کے بجائے اس سے موافقت کریں۔ وہ اس معاملے میں ٹکراؤ کا طریقہ اختیارنہ کریں، بلکہ مینجمنٹ کا طریقہ اختیار کریں:"
        },
        {
          "para_id": "C35P03",
          "text": "They have to adopt the art of difference management in this regard"
        },
        {
          "para_id": "C35P04",
          "text": "اس معاملے میں ٹکراؤ کا طریقہ سر تاسر بے فائدہ ہے۔ کیوں کہ کوئی بھی شخص فطرت کے قانون سے لڑ کر جیت نہیں سکتا۔ جب ٹکراؤ انسان اور فطرت کے قانون کے درمیان ہو تو ہار ہمیشہ انسان کو ہوگی، فطرت کے قانون کو نہیں۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C36",
      "chapter_title": "مس ایڈونچرزم",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C36P01",
          "text": "انسان فطری طور پر باہمت (adventurist) پیدا ہوا ہے۔ اگر آدمی ہمت والا نہ ہو تو وہ کوئی اقدام نہیں کرے گا، اور نتیجہ یہ ہوگا کہ وہ کوئی کام اپنی زندگی میں نہیں کرپائے گا۔ فطرت (nature) آدمی کو ابھارتی ہے کہ وہ اپنی زندگی کو کسی کام میں لگائے۔ وہ کچھ کرنے والا بنے۔ وہ اپنی صلاحیتوں کو مفید کام میں لگائے۔"
        },
        {
          "para_id": "C36P02",
          "text": "اس جذبہ کی بنا پر آدمی فطری طور پر ایڈونچرسٹ (adventurist) بن جاتا ہے۔ وہ اقدام کا طریقہ اختیارکرتا ہے۔ لیکن تجربہ بتاتا ہے کہ ایڈونچرزم بہت آسانی سے مس ایڈوینچرزم بن جاتی ہے، اور پھرآدمی کے حصہ میں فائدہ کے بجائے نقصان آتا ہے۔ ایڈونچر اور مس ایڈونچر کے درمیان ایک باریک لائن (thin line) ہے، جو ایک دوسرے کو جدا کرتی ہے۔وہ یہ کہ ایڈونچرزم ہمیشہ ویل کیلکولیٹیڈ (well-calculated) ہونا چاہیے، نہ کہ محض جوش کے تحت کیا ہوا اقدام عمل ۔ جوش کے تحت کیا ہوا اقدام ہمیشہ ناکام ہوتا ہے، اور ویل کیلکولیٹیڈ (well-calculated) اقدام ہمیشہ کامیاب ہوتا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C36P03",
          "text": "ضروری ہے کہ آدمی کے اندر جوش کے ساتھ عقل بھی ہو۔ وہ اقدام کے جذبے کے تحت یہ بھی جانے کہ کیا چیز اس کے لیے قابل حصول ہے، اور کیا چیز اس کے لیے قابل حصول نہیں۔ کیا چیز اس کے بس کی ہے، اور کیا چیز عملاً اس کے بس سے باہر ہے۔ کسی بھی کام میں پیشگی طور پر یہ دیکھنا ضروری ہے کہ کیا چیز آدمی کے لیے ممکن العمل (possible) ہے، اور کیا چیز نہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C36P04",
          "text": "کسی آدمی کے لیے بہترین عقل مندی یہ ہے کہ وہ ایسا کام کرے، جو اس کے بس کا کام ہو۔ جو کام اس کے بس کا نہ ہو، اس کو کرنے سےبہتر ہے کہ آدمی سرے سے کام ہی نہ کرے۔ کام نہ کرنے سے جو چیز پیش آتی ہے، وہ صرف کمی ہے۔ لیکن جوش کے تحت کود پڑنا، اس سے زیادہ غلط ہے، اور وہ ہے  —ناقابل تلافی نقصان ۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C37",
      "chapter_title": "سوال و جواب",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C37P01",
          "text": "ایک سوال یہ ہے کہ آج کے اس پر فتن دور میں جبکہ مسلمان فرقوں میں بٹ گئے ہیں اور ہر فرقہ اپنے کو حق پر ہونے کا دعوٰی کرتا ہے ہمیں کس منہج پر چلنا چاہیے؟ (محمد عمر خالد)"
        },
        {
          "para_id": "C37P02",
          "text": "اس سوال کا جواب راقم الحروف کی کتاب تجدید دین میں دیکھا جاسکتا ہے۔ یہاں مختصراً اس سوال کا جواب درج کیا جاتا ہے۔فرقہ بندی کا سبب کیا ہے۔ اس کا سبب مبنی برفارم انتہا پسندی ہے۔ دین، مثلاً نماز کا ایک فارم ہے۔ اسی کے ساتھ اس کی ایک اسپرٹ ہے۔ اسپرٹ ایک ہے، اور وہ ہمیشہ ایک رہے گی۔ یہ اسپرٹ تقویٰ اور خشوع ہے۔ جیسا کہ حدیث میں آیا ہے: التقوى ہاہنا (صحیح مسلم، حدیث نمبر 2564)۔ یعنی تقویٰ دل میں ہے۔ اسی طرح قرآن میں آیا ہے: الَّذِینَ ہُمْ فِی صَلَاتِہِمْ خَاشِعُونَ (23:2)۔ عبادت میں اگر اسپرٹ پر زور دیا جائے تو کبھی فرقہ بندی پیش نہیں آئے گی۔ کیوں کہ اسپرٹ ایک ہے، وہ ہمیشہ ایک ہی رہے گی۔"
        },
        {
          "para_id": "C37P03",
          "text": "اس کے برعکس، فارم میں تعدد ہے۔ یعنی روایتوں میں کسی عبادت کے کئی فارم بتائے گئے ہیں۔ یہ تعدد سب کے سب جزئی امور میں ہیں۔ اس لیے فارم میں زور دینے سے ہمیشہ تعدد پیدا ہوجائے گا۔ اس بنا پر فارم کے معاملے میں صحیح طریقہ یہ ہے کہ اس معاملے میں تنوع کو درست سمجھا جائے۔ مثلاً کوئی شخص نمازمیں آمین بالسر کا طریقہ اختیار کرے تب بھی درست، اور کوئی شخص نماز میں آمین بالجہر کا طریقہ اختیار کرے تب بھی درست۔"
        },
        {
          "para_id": "C37P04",
          "text": "فرقہ بندی فارم پر زور دینے کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے۔ کوئی ایک فارم کو درست سمجھتا ہے، کوئی دوسرے فارم کو ۔ اس طرح عبادت کے کئی طریقے بن جاتے ہیں۔ اس لیے صحیح طریقہ یہ ہے کہ عبادت کے معاملے میں بنیادی فارم میں توحد کا طریقہ اختیار کیا جائے، اور عبادت کے فروعی اجزاء میں تنوع کا طریقہ۔مثلاً نماز کی رکعت میں توحد، اور حالت قیام میں ہاتھ باندھنے میں تنوع۔"
        },
        {
          "para_id": "C37P05",
          "text": "کسی کی تعبیر کی غلطی کو واضح کرنا، اور تکفیر و تفسیق کا حکم لگانا، ان دونوں میں کیا فرق ہے؟ (حافظ سید اقبال احمد عمری، عمر آباد،تامل ناڈو)"
        },
        {
          "para_id": "C37P06",
          "text": "تعبیر کی غلطی کو واضح کرنا، زیر بحث موضوع کا علمی تجزیہ ہے۔ اس کے برعکس، تکفیر و تفسیق کا حکم لگانا، تنقیص کا فعل ہے۔ پہلی صورت میں زیر بحث موضوع کا علمی پہلو واضح ہوتا ہے۔ جب کہ دوسری صورت میں عملاً کسی شخص کی شخصی عیب زنی کا فعل انجام پاتا ہے۔ پہلی صورت علمی ارتقا کا ذریعہ ہے، اور دوسری صورت کا حاصل صرف یہ ہے کہ ایک شخص کے خلاف نفرت کے جذبات کو فروغ ملے۔"
        },
        {
          "para_id": "C37P07",
          "text": "مثلاً اٰیک شخص جہاد کے موضوع پر ایک مضمون شائع کرتا ہے،ا ور اس میں لکھتا ہے کہ جہاد بمعنی قتال حسن لغیرہ ہے، حسن لذاتہ نہیں۔ یعنی وہ کوئی عقیدہ کا مسئلہ نہیں، وہ ایک طریقہ کار (method) کا مسئلہ ہے۔ جہاد بمعنی قتال صرف ضرورت (necessity)کے تحت مطلوب ہوتاہے، نہ کہ اس اعتبار سے کہ وہ بذات خود کوئی دینی فریضہ ہے ۔ اس نقطہ نظر پر کوئی شخص قرآن و حدیث کی روشنی میں تنقید کرے ، اور علمی زبان میں اس کے صحت یا سقم کو واضح کرے تو وہ ایک جائز فعل ہوگا۔ لیکن اگر کوئی شخص یہ کہے کہ ایک شخص اسلام دشمن طاقتوں کا ایجنٹ ہے، وہ مسلمانوں کو فریضۂ جہاد سے ہٹانا چاہتا ہے۔ تو یہ صرف تنقیص یا الزام تراشی ہوگی۔ ایسی تنقید بلاشبہ ایک ناجائز فعل ہے۔ اسلام میں اس کا کوئی جواز نہیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C37P08",
          "text": "اگر آپ کو ایسا لگتا ہے کہ کسی نے کچھ غلط لکھا یا کہا ہے تو آپ صرف یہ کیجیے کہ اس کی غلطی کو علمی طور پر واضح کیجیے۔ کیوں کہ اگر آپ الزام تراشی یا تنقیص کی زبان بولیں تو وہ سب و شتم ہوگا، جو اسلام میں جائز نہیں— حقیقت پسندانسان وہ ہے جو باتوں کو دلائل کے اعتبار سے دیکھے۔ جو بات دلائل سے درست ثابت ہو اس کو مانے، اور جو بات دلائل سے درست ثابت نہ ہو اس کو رد کردے۔"
        }
      ]
    },
    {
      "chapter_id": "C38",
      "chapter_title": "خبرنامہ اسلامی مرکز — 258",
      "sub_chapter": "",
      "paragraphs": [
        {
          "para_id": "C38P01",
          "text": "■  ویب سائٹ: صدر اسلامی مرکز نے 21 جنوری  2018کو تامل زبان میں سی پی ایس کا ویب سائٹ لانچ کیا، اور  18 فروری 2018 کو کنڑا زبان کا ویب سائٹ لانچ کیا ۔تامل ویب سائٹ سی پی ایس چنئی کے زیر اہتمام چلے گا، اور کنڑا ویب سائٹ بنگلورو ٹیم کی نگرانی میں چلے گا۔ ان دونوں ویب سائٹس کا ایڈریس یہ ہے:"
        },
        {
          "para_id": "C38P02",
          "text": "www.peaceandspiritualityintamil.com"
        },
        {
          "para_id": "C38P03",
          "text": "www.peaceandspiritualityinkannada.com"
        },
        {
          "para_id": "C38P04",
          "text": "ث کتاب میلہ : سی پی ایس کی مختلف ٹیموں نے نیشنل اور انٹرنیشنل پیمانے پرمنعقد ہونے والے بک فیرس میں حصہ لیا اور زائرین کے درمیان ترجمہ قرآن اور دیگر دعوتی لٹریچرتقسیم کیا۔ مثلاً سی پی ایس چنئی نے گڈورڈ بکس کی جانب سے کولمبو بک فیر (15-24 ستمبر 2017) میں حصہ لیا، جن لوگوں کو قرآن دیا گیا، ان میں ایک اہم نام سری لنکا کے صدر مسٹر میتھری پالا سری سینا کا بھی ہے۔ اس کے علاوہ گڈورڈ بکس نے دوحہ بک فیر (29 نومبر تا 5 دسمبر 2017)، جدہ بک فیر (14-24 دسمبر 2017) میں حصہ لیا، سی پی ایس (چنئی) نے شولاپور اردو بک فیر (31-23 دسمبر 2017) میں حصہ لیا، ڈاکٹر ثانی اثنین خان ڈائریکٹر گڈورڈ ورڈ بکس نے شارجہ بک فیر (11-1 نومبر 2017) میں حصہ لیا، دلی فیلڈ ٹیم نے دہلی انٹرنیشنل بک فیر (14- 6 جنوری 2018) میں حصہ لیا، کولکاتا ٹیم نے کولکاتا اردو بک میلہ (28-20 جنوری 2018) اور کولکاتا انٹرنیشنل بک فیر (30 جنوری تا 11 فروری 2018) میں حصہ لیا، پاکستان سی پی ایس ٹیم نے لاہور بک فیر (5-1 فروری2018) میں حصہ لیا، اور گیا ٹیم نے گیا بک فیر(18-10 فروری 2018) میں حصہ لیا، سی پی ایس پاکستان نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنس (LUMS) منعقدہ یک روزہ بک فیر (21 فروری 2018) میں حصہ لیا (اس پر صدر اسلامی مرکز کا ایک مضمون اسی شمارہ میں شامل ہے)۔ ان تمام کتاب میلے میں ہزاروں کی تعداد میں خدا کے بندوں کو خدا کا پیغام پہنچایا گیا۔ نیز دہلی فیلڈ ٹیم نے جے پور لٹریچر فیسٹیول (24 تا 29 جنوری 2018) اور جودھپور ٹیم کے مسٹر وقاص صاحب نے صوفی فیسٹیول، جودھپور (18-15 فروری 2018) میں متلاشیان حق (seekers) کے درمیان قرآن کے تراجم تقسیم کیے۔ ان بک فیرس میں مختلف قسم کے حیرت انگیز تجربات پیش آتے رہے ہیں۔ مسٹر طارق بدر صاحب (پاکستان) نے اس سلسلے میں ذیل کا تاثر لکھا ہے:"
        },
        {
          "para_id": "C38P05",
          "text": "Lahore Book Fair 2018, ended this Monday. It was a great success and our sale was doubled compared to last year. This simply shows that our readers’ base has been established. Most of the readers were bringing their friends and recommending to them Maulana's books they have read.This made our work very easy. Two important things to mention: first, this success is related to Quran distribution. With one of our team member's contribution we sold Quran copies at Rs. 300.   This news spread like wild fire, and we received many calls from people who wanted to buy and give it as a gift. The sale was so rapid that we had to stop it as we were afraid that our stock would finish. Even small English and Urdu translations of the Quran were finished. Second, one of our readers from Qasoor requested to distribute 200 copies of Kitab-e-Marefat for free, which was also very helpful to introduce Maulana's literature to new readers.The previous book fair in Karachi and this one gave us confidence that this literature is the need of the time and with God’s help we will be able to show to people the true face of Islam. Our mission is to make Maulana's Tazkeerul Quran and other books reach every home in Pakistan. Two of our readers also contributed for giving stall charges and asked their children to volunteer with us in the next book fair. There were lots of interesting incidents about how readers were coming to our stall and sharing their stories of how these books had changed their lives. How these people approached us and got connected to us was miraculous. Apart from Saifullah and Abdul Latif Sb’s hard work and dedication, it was Mrs. Saifullah’s tireless efforts that were behind this success. One scholar at the book fair said that now most of the ulema had already accepted Maulana’s approach. Another interesting incident was that when I saw a lady standing away from our stall, I invited her and told her about Maulana's books. She was happy and told me that articles from Maualna's books on personality development were shared during their Dars at Jamat-e-Islami. I was very surprised to hear that.  (Tariq Badar, CPS Pakistan)"
        },
        {
          "para_id": "C38P06",
          "text": "ث  خواتین کا رول : مس شبینہ علی کولکاتا سی پی ایس کی نہات متحرک خاتون ممبر ہیں۔ وہ کولکاتا شہر میں ہونے والے مختلف پروگراموں میں جاکر وہاں موجود لوگوں کو ترجمۂ قرآن اور دعوتی لٹریچر دیتی ہیں۔ مثلاً 4 ستمبر 2017 کو راما کرشنا مشن انسٹی ٹیوٹ آف کلچر(کولکاتا) میں یونیسکو(UNESCO) کے تعاون سے ہونے والا پروگرام ، جس کا عنوان تھا :عالمی مفاہمت برائے انسانی اتحاد۔ خواتین کے ذریعہ جو دعوتی کام ہو رہا ہے، اس کی نسبت سے یہ سمندر میں تیرتے ہوئے آئس برگ کا ٹپ (tip of the iceberg)ہے ۔ سی پی ایس انٹرنیشنل کے تحت دعوت کو پھیلانے میں خواتین کی ایک بڑی تعداد لگی ہوئی ہیں۔ مثلاً ڈاکٹر فریدہ خانم (چیر پرسن سی پی ایس انٹرنیشنل، دہلی)، انھوں نے سی پی ایس کے مشن کو اردو سے انگریزی زبان میں منتقل کیا ہے، اور حالیہ دنوں میں آپ نے جو پروگرام اٹینڈ کیے وہ یہ ہیں: انڈیا انٹرنیشنل سینٹر، نئی دہلی میں 12 جنوری 2018کو لوٹس ٹیمپل اینڈ بہائی کمیونٹی نے چائلڈ رائٹ اور مذہب کے عنوان سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا تھا۔ اس موقع پر ڈاکٹر صاحبہ نے شرکت کی اور اسلام میں بچوں کے حقوق پر ایک لکچر دیا۔ اس کے بعد اوپی جندل گلوبل یونیورسٹی، سونی پت ہریانہ میں 23 جنوری 2018 کو ایک انٹرنیشنل سمینار ہوا۔ اس میں مس شبینہ علی (کولکاتا ٹیم) نے ڈاکٹر فریدہ خانم کے ساتھ شرکت کی۔ یہاں مس شبینہ علی نے ایک پیپر پیش کیا، جس کا عنوان تھا، معاصر سیاسی اقدار اسلامی روحانیت کی روشنی میں (Present-day political values in the light of Islamic Spirituality) ۔ پروگرام کے بعد تمام نیشنل و انٹرنیشنل مشارکین کو ترجمہ قرآن اور دعوتی لٹریچر دیا گیا۔ اس کے بعد 28 جنوری 2018 کو واردھا (مہاراشٹر)میں انسٹی ٹیوٹ آف گاندھی اسٹڈیز کے زیر اہتمام ایک پروگرام میں اسلام کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈاکٹر فریدہ خانم نے شرکت کی۔ اس موقع پر مس شماز انصاری (میرٹھ ) ڈاکٹر صاحبہ کے ساتھ ہمراہ موجود تھیں۔اس پروگرام کا عنوان تھا، بڑے مذاہب میں انفرادی اور اجتماعی سطح پر عدم تشدد کا تصور، اصول اور عمل:"
        },
        {
          "para_id": "C38P07",
          "text": "Concept, Principles and Practice of Non-violence at the individual and the societal level in major religious faiths."
        },
        {
          "para_id": "C38P08",
          "text": "ان کے علاوہ جو خواتین اس دعوتی مشن کو آگے لے جارہی ہیں ، وہ یہ ہیں: ڈاکٹر مسلمہ صدیقی، ڈاکٹر سعدیہ خان، ڈاکٹر نغمہ صدیقی، ڈاکٹر نجمہ صدیقی، مز ماریہ خان، مز راضیہ صدیقی، مز صوفیہ خان، مز استتھی ملہوترا، مز آنکھی چٹرجی، مز حمامہ فرقان ( دہلی)، مز شماز انصاری (میرٹھ)، مز سارہ فاطمہ، (انگلش میگزین اسپرٹ آف اسلام، بنگلور)، مز مظہر النساء، مز فاطمہ اسریٰ (بنگلور)، مز صالحہ پروین (ہاسن)، مز قرۃ العین (کشمیر)، مز عصمت خانم، مز شیاما دیوی، مز سلطانہ بیگم ، ڈاکٹر سفینہ تبسم (سہارن پور، یوپی)، مز شبانہ خاتون، مز یاسمین مہتاب (کولکاتا) مز امۃ المعز بشریٰ (سعودی عربیہ)، مسز نسیم نصرت (تھانہ، ممبئی)، مز ثمینہ خان(بودھن، مہاراشٹر)،مز مسعودہ خاتون (پٹنہ)، مز فوزیہ خان (پھلواری،بہار)، ڈاکٹر عالیہ، ڈاکٹر فوزیہ، مسز اختر، مز سلمی عون، مز شبانہ انصاری (پاکستان)، مز گل زیبا احمد(میری لینڈ ،امریکا)، مز کوثر اظہار(نیو جرسی، امریکا)، مز بشری کوثر (پیٹس برگ، امریکا)مز ایویٹ فرانسین گرے ([Yuvette Francine Gray]مسی سپی، امریکا)، مسزفرحانہ طاہر،مسز نصیرہ یونس، مز شہناز علوی ، (ٹکساس، امریکا)،اشرف النساء کلیم (پنسلوانیا، امریکا)، ڈاکٹر حنا (یوکے)، مزسیما جلال (دبئی)۔ اس کے علاوہ بڑی تعداد ان خواتین کی ہے جو خود براہ راست دعوتی کام نہیں کرتی ہیں، لیکن فیملی میں جو لوگ کام کرتے ہیں ان کو وہ بھر پور طور پر سپورٹ کرتی ہیں، ان میں ایک اہم نام مز زرین خان (اہلیہ ڈاکٹر ثانی اثنین خان) کا ہے۔"
        },
        {
          "para_id": "C38P09",
          "text": "■ کولکاتا ٹیم کا دعوتی دورہ12: ستمبر2017 کو سی پی ایس ٹیم کولکاتا نے جمشید پور کا دورہ کیا۔ وہاںعیاض صاحب کی سربراہی میں الرسالہ ریڈرس سے ان کی ملاقاتیں ہوئیں۔ پھر الحرا لائبریری میں ایک خصوصی نشست کے ذریعہ لائبریری کے ممبران سے ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر محمد عبداللہ (کولکاتا ٹیم)نے سی پی ایس مشن کے حوالے سے کئی باتیں رکھیں اور انٹرایکشن بھی ہوا۔ اس نشست میں کئی برادران وطن بھی موجود تھے۔اس دورے کا دوسرا پروگرام کلب ہاوس میں ہوا، جس میں جناب اروند کمار مینیجر جسکو (ٹاٹاا سٹیل) اوردیگر سرآوردہ لوگوں نے شرکت کی ، یہاں پیس اور اسپریچولٹی کے موضوع پر باتیں ہوئیں ، اورسی پی ایس کا تفصیلی تعارف کروایا گیا۔اس پروگرام کو عیاض صاحب نے آرگنائز کیا تھا۔ پروگرام میں موجود لوگوں نے سی پی ایس کے کام کوکافی پسند کیا۔"
        },
        {
          "para_id": "C38P10",
          "text": "ث دعوہ میٹ 25:-23 دسمبر2017 کو ناگپور میں سی پی ایس ٹیم کی نیشنل دعوہ میٹ ہوئی۔ اس میں ہندوستان میں موجود تقریباً تمام ٹیموں نے حصہ لیا۔ اس دوران انھوں نے اپنا احتساب کیا، اور نئے عزم کے ساتھ دعوتی کام کو آگے بڑھانے کا عزم کیا۔"
        },
        {
          "para_id": "C38P11",
          "text": "■  ملاء قوم میں دعوت: ڈاکٹر محمد اسلم خان (سہارن پور)، سی پی ایس کے بہت ہی متحرک داعی ہیں۔ کوئی بھی موقع ہو وہ دعوتی کام کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ مثلاً16 ستمبر 2017 کو انھیں ہوٹل تاج، نئی دہلی میں رورل ہیلتھ کیر کے لیے امراجالا ایکسلنس ایوارڈ 2017 سے نوازا گیا۔ اس موقع پر چار مرکزی وزراء مسٹر سریش پربھو، مسٹر مختار عباس نقوی، مز انوپریا پٹیل، اور شری ستپال سنگھ موجود تھے۔ سامعین کی بڑی تعداد ملاء قوم سے تعلق رکھتی تھی۔ان تمام کو انھوں نے ترجمہ قرآن اور پیس لٹریچر دیا۔ اس کے علاوہ 9 نومبر 2017 کو اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ، شری ترویندر سنگھ راوت نے انھیں ادے شری ایوارڈ دیا، اور 20 دسمبر 2017کو انھیں اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ مسٹر یوگی ناتھ ادتیہ نے ہیلتھ کیر کے لیے ایوارڈ سے نوازا تھا۔ ان دونوں موقعوں پر انھوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ تمام لوگوں کو، بشمول وزراء، ترجمہ قرآن اور پیس لٹریچر دیا۔ نیز اسی درمیان 21 ستمبر 2017کو انھوں نے اپنی فیملی اور مشن کے ساتھیوں کے ساتھ جاکر مظفر نگر سینٹرل جیل میں جیل سپرٹنڈنٹ، جیلر اور قیدیوں کے درمیان خدا کی کتاب کو تقسیم کیا۔"
        },
        {
          "para_id": "C38P12",
          "text": "■  بہار اور جھارکھنڈ سے ملی خبر کے مطابق، 21،نومبر2017کومولاناسعیدخان ندوی(شیرگھاٹی،گیا،بہار) کی ہمشیرہ کا نکاح مولانا محمد یاسین ندوی کے ساتھ ہوا۔حافظ ابوالحکم محمد دانیال(صدر، سینٹر فار پیس اینڈ آبجیکٹو سٹڈیز، بہار و جھارکھنڈ ) نے اپنے رفقاء کے ساتھ اس تقریب میں شرکت کی۔یہاں ندوی فضلاء اور دوسرے اعلی تعلیم یافتہ لوگوں کے ساتھ کئی علمی و دعوتی نشستیں ہوئیں۔ مثلاً ظہر تا عصر ’’ہندوستان میں دعوتی کام کے امکانات ‘‘کے موضوع پراور پھر مغرب سے  رات ۱۰ بجے تک مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال ہوتا رہا۔مولانا خالد ندوی(امام محمد رفیع مسجد،باندرہ،ممبئی) نے کہا کہ آج میرے بہت سارے سوالوں کا جواب مل گیا اور آپ نے جو اپنے دعوتی تجربات بتائے اس سے بہت حوصلہ ملا۔بزرگ عالم دین اور کئی کتابوں کے مصنف مولانا عبیداللہ ندوی نے کہا کہ آپ بہت اچھا کام کر رہے ہیں عملی طور پر اسی کام کی ضرورت ہے۔مجھے آپ کا کام اور کام کرنے کے طریقے سے بہت خوشی ہوئی ۔ اس کے بعد 26نومبر2017 کو جاگرن نیوز گروپ نے پورنیہ میں مدرسہ کے فارغین کے لیے ایک سیمینار The Significance and Role of Education in Nation Building کا انعقاد کیا تھا۔اس سیمینار میں حافظ ابو الحکم محمد دانیال نے اپنی ٹیم کے ساتھ شرکت کی اور موضوع پرتقریر کی۔ اس موقع پراعلی نمبروں سے پاس ہونے والے طلبہ کو انعام سے نوازا گیا۔اختتام پر تمام حاضرین کو قرآن کا ترجمہ اور سیرت کی کتابیں تحفہ میں دی گئیں۔نیز 1 دسمبر 2017 کو دلسنگھ سرائے ،سمستی پور کے مولوی چک میں ربیع الاول کے موقع پر سیرت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے عنوان سے ایک پروگرام ہوا۔ اس مناسبت سے سینٹر فار پیس اینڈ آبجیکٹو سٹڈیز کی ٹیم نے دلسنگھ سرائے کا دو روزہ دعوتی سفر کیا۔ پروگرام میں حافظ ابو الحکم محمد دانیال نے سیرت کے موضوع پر خصوصی خطاب پیش کیا۔ خطاب کے بعد تمام لوگوں کو سیرت کی کتاب تحفہ میں دی گئیں ۔دوسرے دن سینٹر کی ٹیم نے علاقے کے مختلف لوگوں سے میٹنگ کی اور انہیں مشن سے متعارف کیا ۔اس سفر میں حافظ ابوالحکم محمد دانیال کے علاوہ جناب عزیز الرحمن،محمد ثناءاللہ،محمد مشتاق اور دلسنگھ سرائے ٹیم کے حاجی ادریس ،محمد نفیس،محمد انعام،محمد نصیر الدین ،مولانا شعیب اور محمد شاہ جہاں صاحبان شامل تھے۔"
        },
        {
          "para_id": "C38P13",
          "text": "■ بہار کا گیا ضلع بدھ مذہب کے ماننے والوں کا مرکز ہے۔ اس لیے وہاںپوری دنیا کے لوگوں کا آنا جانا لگا رہتا ہے۔ یہاں الرسالہ مشن سے تعلق رکھنے والے دعاۃ مانو کلیان سمیتی (Mobile: 8122773742)نامی این جی او کے ذریعہ دعوتی کام کرتے رہتے ہیں۔ مثلاً انھوں نے 17 تا 28 جنوری 2018 کو نگما ٹیمپل (Nigma Temple) بودھ گیا میں 29th  ورلڈ پیس پرےیر (Prayer for world peace) کے موقع پر بڑی تعداد میں ترجمہ قرآن اور دعوتی لٹریچر تقسیم کیا۔ قرآن جن زبانوں میں تقسیم کیا گیا، وہ یہ ہیں: انگریزی، ہندی، جرمن، پرتگیز، اسپینش، ڈچ، رشین، اٹالین، چائنیز، پنجابی، مراٹھی، تیلگو، تمل، ملیالم، گجراتی، وغیرہ۔ اس کے علاوہ ہندوستان کے مختلف علاقوں میں دعوتی کام سے دلچسپی رکھنے والے، یہاں سے ترجمہ قرآن و دعوتی لٹریچر منگواکر تقسیم کرتے ہیں۔ جیسے رانچی، اورنگ آباد، جئے پور، ناگپور، ہاپوڑ(یوپی)، وغیرہ۔"
        },
        {
          "para_id": "C38P14",
          "text": "■  جناب ثناء اللہ صاحب اکولہ (Mobile: 9579733042) سے لکھتے ہیں کہ 18 جنوری  2018 کو میری دکان میں دو ہندو بھا ئی آئے۔ میرے کاریگر گنیش والوکر نےان دونوں کو مراٹھی ترجمہ ٔقرآن اور دیگر کتابیں دیں، اور ان سے پندرہ منٹ تک بات کی۔ دوران گفتگو گنیش نے ان سے کہا کہ قرآن کو کسی لیکھک (مصنف)کی کتاب سمجھ کر مت پڑھنا ،اگر تم اس کو کسی لیکھک کی کتاب سمجھ کر پڑھوگے تو تم اس کو نہیں سمجھو گے اور اگر تم اس کو ایشور کی کتاب سمجھ کر پڑھوگے تو تم کو یہ کتاب سمجھ میں آئے گی۔ ان لوگوں نے یہ کتابیں بڑے شوق سے حاصل کی۔ اسی طرح 13فروری 2018کو سابق مقامی کونسلر صبح کے وقت میرے پاس آئے اور آتے ہی کہاکہ مولانا وحیدالدین خاں صاحب کی جتنی کتابیں آپ کے پاس ہیں ،وہ آپ مجھے دیں، کسی دوسرے لیکھک کی کتاب نہیں چاہئے۔ اس سے پہلے میں نےان کو پرافٹ آف پیس کا مراٹھی ترجمہ ’’شانتی چے پروشت محمد‘‘ دی تھی، جس سے وہ بہت متاثر ہوئے، اور کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ کوئی مسلمان ہی نظر نہیں آتا، جو اسلام کی ان باتوں پر عمل کرتا ہو، ِایسا لگتا ہے جیسے ہر مسلمان اپنی مرضی سے جی رہا ہے۔ اسی طرح کچھ عرصے پہلے مقامی پولیس اسٹیشن سے دو پولیس والے آئے اور کہا کہ پولیس اسٹیشن میں آپ کی چرچا ہوتی ہے کہ آپ شانتی اور بھائی چارہ (peace and harmony) کے لیے کام کرتے ہیں۔ ہمیں اس قسم کی کچھ کتابوں کی ضرورت ہے، آپ مجھے وہ کتابیں مہیا کریں۔ جو ان کو دی گئی۔ انھوں نے بھی یہ کتابیں بڑی شوق سے لیں۔"
        },
        {
          "para_id": "C38P15",
          "text": "■  ناگپور و کامٹی CPS ٹیم کے ایک ممبر محمد اکرم صاحب ( Mobile: 8983218667) اکثر سفر کرتے ہیں اور اس دوران وہ دعوہ ورک بھی کرتے ہیں۔ بروز بدھ، مورخہ 17 جنوری 2018 وہ ناگپور سے وردھا کا سفر بذریعہ ٹرین کر رہے تھے ۔سفر کے دوران انہوں نے مولانا وحید الدین خان صاحب کی کتاب، اسلام کیا ہے، کا مطالعہ شروع کر دیا۔ ان کے ہم سفر ایک کشمیری مسلمان بھی تھے ۔انھوں نے اکرم صاحب کو کتاب پڑھتے ہوئے دیکھا تو کہا کہ مجھے بھی کوئی کتاب دیجیے ۔اکرم صاحب کے بیگ میں اس کتاب کی مزید کاپیاں تھیں، انھوں نے اس کتاب کے ساتھ اردو ترجمہ قرآن، انسان اپنے آپ کو پہچان بھی انھیںدے دیا۔ ڈبے میں بیٹھے چند اور مسلم حضرات نے بھی مطالبہ کیا، انھیں بھی کتابیں دے دی گئیں ۔یہ دیکھ کر ایک ہندو بھائی نے پوچھا کیا آپ کے پاس مراٹھی قرآن بھی ہے ۔ اکرم صاحب نے ان کو مراٹھی قرآن، مرتیو چے اسمرن، اسلام پریچے، جیونا چا واستو، کتابیں دی ۔وہ بہت زیادہ خوش ہوئے ۔ یہ دیکھ کرپاس میںبیٹھے ہوئے چار ہندو بھائیوں نے بھی مطالبہ کیا۔ انہیں بھی یہ کتابیں دے دی گئیں ۔سبھی لوگوںنے خوشی کے ساتھ اسے قبول کیا، اور کہا کہ اصل کام آپ کر رہے ہیں ۔اس کی آج بہت ضرورت ہے ۔ میں نے سوچا الحمدللہ دعوت کا کام کرنا کتنا آسان ہے ۔ کاش یہ بات ہر مسلمان مرد و عورت کی سمجھ میں آجائے۔ (محمد عرفان رشیدی، کامٹی ،ناگپور)"
        },
        {
          "para_id": "C38P16",
          "text": "■  I have completed reading Maulana’s Mutala-e-Seerat. By the Grace of Allah, I understood as to why Allah asked us to follow the Prophet's life pattern. A Muslim can never feel that he has no purpose to live at any point of time, as there is a continuous task of self-purification and the task of sharing the message with others until his death. My conviction for both the tasks has increased many folds. My conviction about the Hereafter and Islam as the true revealed religion of God Almighty is also getting deeper. All these years, I was reading only those kinds of books that contained dos and don’ts, but after reading this book, I felt that being a born Muslim, knowing some history about Islam is not enough for true conviction or belief. Maulana's way of writing is God’s greatest blessing for this generation.   Spirit of Islam, the English Magazine, also has articles which are also very inspirational for personality development. (Mrs. Asra, Bangalore)"
        }
      ]
    }
  ]
}