Al-Risala · August 1982

ٹکراؤ کرنے سے پہلے اپنی طاقت کا جائزہ لو

Al-Risala, August 1982, p. 20

By Maulana Wahiduddin Khan

حضرت عبداللہ بن عمر کہتے ہیں کہ میں نے حجاج کو خطبہ دیتے ہوئے سنا۔ اس نے ایک ایسی بات کہی جو مجھے اچھی نہ لگی۔ میں نے چاہا کہ اس کی تردید کروں۔ مگر مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا قول یاد آگیا کہ مومن کے لئے مناسب نہیں کہ اپنے آپ کو ذلیل کرے۔ حضرت ابن عمر کہتے ہیں کہ میں نے کہا اے خدا کے رسول، کوئی شخص کس طرح اپنے آپ کو ذلیل کرتا ہے، آپ نے فرمایا کہ ایسی آفت سے چھیڑ کرے جس سے مقابلے کی طاقت نہ رکھتا ہو۔ (لا ینبغی للمؤمن ان یذل نفسه قال قلت یا رسول الله، كيف يذل نفسه - قال يتعرض من البلاء لما لا يطيق . رواه البزار والطبرانی) مومن کی زبان کیسی زبان ہوتی ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مومن نہ کسی کو طعنہ دیتا ہے، نہ وہ کسی کو لعنت کرتا ہے، نہ وہ فحش گوئی کرتا ہے اور نہ وہ بدزبانی کرنے والا ہوتا ہے (لیس المومن بالطعّان ولا اللّعان ولا الفاحش ولا البذی - ترمذی)

Printed page