آسمانوں اور زمین میں
Al-Risala, October 1982, pp. 15–17
By Maulana Wahiduddin Khan
پس تسبیح کرو اللہ کی جب کہ تم شام کرتے ہو اور جب کہ تم صبح کرتے ہو اور اسی کے لئے حمد ہے آسمانوں میں اور زمین میں ۔ اور اس کی تسبیح کرو تیسرے پہر اور جب کہ تم پر ظہر کا وقت آتا ہے ۔ خدا زندہ میں سے مردہ کو نکالتا ہے اور مردہ میں سے زندہ کو نکالتا ہے اور زمین کو اس کی موت کے بعد زندگی بخشتا ہے ، اسی طرح تم لوگ بھی نکالے جاؤ گے۔ اس کی نشانیوں میں سے یہ ہے کہ اس نے تم کو مٹی سے پیدا کیا۔ پھر یکایک تم بشر ہو کر زمین میں پھیل گئے اور اس کی نشانیوں میں سے یہ ہے کہ اس نے تمھارے لئے تمھاری ہی جنس سے بیویاں بنائیں تاکہ تم ان کے پاس سکون حاصل کرو اور اس نے تمھارے درمیان محبت اور رحمت پیدا کردی ، یقیناً اس میں نشانیاں ہیں ان لوگوں کے لئے جو غور کرتے ہیں۔ اور اس کی نشانیوں میں سے ہے آسمانوں اور زمین کی پیدائش اور تمھاری زبانوں اور تمھارے رنگوں کا اختلاف ، یقیناً اس میں نشانیاں ہیں علم
والوں کے لئے۔ اور اس کی نشانیوں میں سے ہے تمھارا رات اور دن کا سونا اور تمھارا اس کے فضل کو تلاش کرنا، یقیناً اس میں نشانیاں ہیں ان لوگوں کے لئے جو سنتے ہیں ۔ اور اس کی نشانیوں میں سے یہ ہے کہ وہ تم کو بجلی کی چمک دکھاتا ہے خوف اور لالچ کے ساتھ، اور آسمان سے پانی برساتا ہے پھر اس کے ذریعہ سے زمین کو اس کی موت کے بعد زندگی بخشتا ہے، یقیناً اس میں نشانیاں ہیں ان لوگوں کے لئے جو عقل والے ہیں۔ اور اس کی نشانیوں میں سے یہ ہے کہ آسمان اور زمین اس کے حکم سے قائم ہیں، پھر جیسے ہی اس نے تم کو پکارا، تم اچانک زمین سے نکل آؤ گے ۔ آسمانوں اور زمین میں جو بھی ہیں سب اس کے بندے ہیں، سب اسی کے تابع ہیں۔ اور وہی ہے جو پیدائش کی ابتدا کرتا ہے پھر وہی ہے جو اس کا اعادہ کرے گا، اور یہ اس کے لئے بہت آسان ہے۔ اور آسمانوں اور زمین میں اس کی صفت سب سے برتر ہے اور وہ زبردست اور حکیم ہے (الروم، ۲۷-۱۷) کائنات کی پکار بے شک اللہ دانہ اور گٹھلی کو پھاڑنے والا ہے۔ وہ زندہ کو مردہ سے نکالتا ہے۔ اور وہی مردہ کو زندہ سے نکالنے والا ہے، پھر تم کدھر بہکے جارہے ہو۔ وہی صبح کو نکالتا ہے ۔ اس نے رات کو سکون کا وقت بنایا ہے۔ اس نے سورج اور چاند کا حساب مقرر کیا ہے۔ یہ سب عزیز و علیم کا ٹھہرایا ہوا اندازہ ہے۔ اور وہی ہے جس نے تمھارے لئے ستاروں کو بنایا تا کہ تم اس سے خشکی اور سمندر میں راستہ معلوم کرو۔ ہم نے نشانیاں کھول کر بیان کر دی ہیں ان لوگوں کے لئے جو علم اور وہی ہے جس نے تم کو ایک جان سے پیدا کیا۔ پھر ہر ایک کے لئے ایک جائے قرار ہے اور ایک اس کے سونپے جانے کی جگہ۔ ہم نے نشانیاں کھول کر بیان کردی ہیں ان لوگوں کے لئے جو سمجھ رکھتے ہیں۔ اور وہی ہے جس نے آسمان سے پانی برسایا۔ پھر ہم نے اس کے ذریعہ سے ہر قسم کی نباتات اگائی۔ پھر ہم نے اس سے ہریالی پیدا کی جس سے ہم تہ بہ تہ چڑھے ہوئے دانے اور کھجور کے شگوفوں سے پھلوں کے گچھے جو بوجھ سے جھکے پڑتے ہیں اور انگور اور زیتون اور انار کے باغ جن کے پھل ایک دوسرے سے ملتے جلتے بھی ہیں اور پھر ایک دوسرے سے جدا جدا بھی۔ اس کے پھل کو دیکھو جب وہ پھلتا ہے اور اس کے پکنے کو، ان میں نشانیاں ہیں ان لوگوں کے لئے جو ایمان لاتے ہیں۔ اور لوگوں نے جنوں کو اللہ کا شریک بنایا۔ حالانکہ خدا نے ان کو پیدا کیا ہے ۔
اور انھوں نے خدا کے لئے بیٹے بیٹیاں گھڑ لیں بغیر علم کے، حالانکہ وہ پاک اور برتر ہے ان باتوں سے جو یہ لوگ کہتے ہیں۔ وہ آسمانوں اور زمین کا موجد ہے۔ اس کا کوئی بیٹا کیسے ہو سکتا ہے حالانکہ کوئی اس کی شریک زندگی نہیں۔ اس نے ہر چیز کو پیدا کیا ہے اور وہ ہر چیز کا علم رکھتا ہے ۔ یہ ہے اللہ تمھارا رب۔ اس کے سوا کوئی الہ نہیں۔ وہ ہر چیز کا خالق ہے لہٰذا تم اسی کی عبادت اور وہ ہر چیز کا کفیل ہے۔ نگاہیں اس کو نہیں پاسکتیں اور وہ نگاہوں کو پالیتا ہے اور وہ باریک بین اور باخبر ہے (الانعام ۱۰۲ - ۹۶)