اللہ سے مانگنے کی سب سے بڑی چیز مغفرت ہے
Al-Risala, October 1978, p. 9
By Maulana Wahiduddin Khan
انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں۔ انصار کے پاس سنجائی کے اونٹوں کی تنگی ہوئی۔ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے تاکہ آپ ان کے اونٹوں کا انتظام کر دیں یا خوب بہنے والی نہر کھدوا دیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو دیکھ کر فرمایا: انصار کے لئے مرحبا، انصار کے لئے مرحبا، انصار کے لئے مرحبا۔ آج تم مجھ سے جس چیز کا بھی سوال کرو گے میں تمھیں ضرور دوں گا اور تمہارے لئے اللہ سے جو چیز بھی مانگوں گا وہ ضرور عطا فرمائے گا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان سے یہ کلمات سن کر انصار کا دل پھر گیا۔ انھوں نے سوچا کہ مانگنے کی زیادہ بڑی چیز تو آخرت ہے پھر ایسے قیمتی موقع پر آپ سے دنیا کیوں مانگیں۔ انھوں نے ایک دوسرے سے کہا: اس موقع کو غنیمت جانو اور آپ سے مغفرت کا سوال کرو اغتنموها وسلوه المغفرة انھوں نے کہا: اے خدا کے رسول ہمارے لئے مغفرت کی دعا فرمائیں ۔ آپ نے فوراً کہا: اے اللہ! مغفرت فرما، ان کے لڑکوں کی مغفرت فرما، ان کی عورتوں کی مغفرت فرما (احمد)