Al-Risala · November 1979
جنت کے باشندے کون ہوں گے
Al-Risala, November 1979, p. 11
By Maulana Wahiduddin Khan
قرآن کے مطابق، جنت کی فضا الحمد للہ رب العالمین کے کلمات سے معمور ہوگی۔ یعنی جنت کی دنیا وہ آئیڈیل دنیا ہے جہاں صرف اللہ کی بڑائی کے چرچے ہوں گے۔ قرآن میں بتایا گیا ہے کہ جنت میں ہر طرف " سلام سلام " کا ماحول ہوگا۔ یعنی جنت میں جو لوگ آباد کئے جائیں گے ان کا حال یہ ہوگا کہ ایک انسان کے دل میں دوسرے انسان کے لئے سلامتی کے سوا اور کچھ نہ ہوگا۔ پھر جنت میں وہ روح کیونکر داخلہ پائے گی جس کے اندر حمد الہی کے نغمے نہ جاگے ہوں۔ وہاں وہ شخص کس طرح بسایا جائے گا جس کے دل میں انسان کے لئے سلامتی کے چشمے نہ پھوٹے ہوں۔