Al-Risala · February 1981

سیاسی انقلاب کی نوعیت

Al-Risala, February 1981, pp. 26–27

By Maulana Wahiduddin Khan

سیاسی انقلاب کی اہمیت اسلام میں کیا ہے۔ اسلامی نقطہ نظر سے سیاسی انقلاب دراصل اس کا نام ہے کہ اہل حق کو اہل باطل پر غلبہ حاصل ہو جائے (صفت) قرآن کی صراحت کے مطابق یہ غلبہ خدا کی توفیق اور نصرت سے حاصل ہوتا ہے (وما النصر الا من عند الله) اور خدا کی نصرت کا استحقاق حاصل کرنے کی واحد لازمی شرط اہل حق جب دعوت کے عمل کو اس کی تمام صالح شرائط کے ساتھ شروع کریں اور اس کو کرتے ہوئے اتمام حجت کے قریب پہنچادیں تو اس وقت اس دعوتی عمل کی تکمیل کے نتیجہ میں ایک طرف اہل حق انعام کے مستحق ہوجاتے ہیں اور دوسری طرف اہل باطل سزا کے مستحق۔ اس وقت خدائی منصوبہ کے تحت حالات میں تبدیلی

شروع ہو جاتی ہے۔ اہل حق خدائی طاقت سے مسلح ہو کر اہل باطل پر غالب آتے ہیں۔ دعوت حق اور اتمام حجت کے بغیر محض سیاسی کارروائیوں سے کبھی کسی مسلم گروہ کو غیر مسلم طاقتوں پر غلبہ حاصل نہیں ہو سکتا۔ یہ خدا کی سنت ہے اور خدا کی سنت میں کبھی تبدیلی نہیں ہوتی (انعام ۱۳۱)

غیر مسلم اقوام کے لئے غلبہ کا فیصلہ خدا کے عام قانون امتحان کے تحت ہوتا ہے (یونس ۱۴) مگر اہل ایمان کے لئے غلبہ کا فیصلہ قانون اتمام حجت کے تحت ہوتا ہے۔ اگر ہم غیر مسلم گروہ پر دعوتی عمل کو انجام نہ دیں تو ہم کو یہ امید بھی نہ کرنی چاہئے کہ غیر مسلم گروہ پر ہمیں غلبہ عطا کیا جائے گا۔ دعوتی عمل ہی تو غیر مسلم گروہ پر غلبہ کی قیمت ہے۔ پھر جب قیمت ادا نہ کی گئی ہو تو متاع مطلوب آخر کس طرح حاصل ہوگی۔

Printed page