Al-Risala · May 1985

بہت سے لوگ

Al-Risala, May 1985, p. 21

By Maulana Wahiduddin Khan

بہت سے لوگ جو اعلان کرتے ہیں کہ سونے اور چاندی کے سکوں میں ان کی قیمت نہیں لگ سکتی وہ اس وقت بازار میں بکنے والا مال بن جاتے ہیں جب کہ عزت اور شہرت کے سکوں میں ان کی قیمت ادا کردی جائے۔

بہت سے لوگ جو بتوں کو توڑنے کی مہم کے امام بنے ہوئے ہیں وہ اس وقت سب سے بڑے بت پرست ثابت ہوئے ہیں جب کہ ان کو خود اپنا بت ٹوٹتا ہوا نظر آئے۔ بہت سے لوگ جو اسلام کو اپنی عظمت کا پر فخر نشان بنائے ہوئے ہیں وہ اس وقت اسلام کو نظر انداز کر دیتے ہیں جب کہ اسلام ان سے اپنے آپ کو بے عظمت کرنے کا مطالبہ

بہت سے لوگ جو خدا کی بڑائی کے نام پر دوسروں کو چھوٹا کرنے کا جھنڈا اٹھائے ہوئے ہیں وہ اس وقت اپنی تردید آپ بن جاتے ہیں جب کہ انھیں خدا کی بڑائی کے لئے خود اپنے آپ کو چھوٹا کرنا پڑے۔

بہت سے لوگ جو مکمل اسلامی حکومت سے کم کسی چیز پر راضی ہونے کے لئے تیار نہیں ہیں وہ اس وقت اپنے دعوے کے برعکس ثابت ہوتے ہیں جب کہ اسلامی حکومت کی حدود کو ان کی اپنی ذات تک وسیع کیا جائے۔

بہت سے لوگ جو دوسروں کے بچوں کو میدان جہاد میں بھیجنے کے لئے بہادر بنے ہوتے ہیں وہ اس وقت غیر بہادر ثابت ہوتے ہیں جب کہ انھیں خود اپنے بچوں کو میدان جہاد میں ذبح ہونے کے لئے بھیجنا پڑے۔

بہت سے لوگ جو احتساب عالم سے کم کوئی لفظ بولنے کو اسلام کی تصغیر سمجھتے ہیں وہ اس وقت بالکل دوسرے انسان ثابت ہوتے ہیں جب کہ اس احتساب عالم کی فہرست میں خود ان کی ذات کے احتساب کو بھی شامل کر لیا جائے۔

بہت سے لوگ جو ملت کے احیاء کےلیے مرد ان کار کا انتظار کر رہے ہیں۔ وہ اس وقت ان کے سب سے بڑے دشمن بن جاتے ہیں جب کہ خدا مطلوبہ مردان کار پیدا کر کے انھیں ان کے سامنے کھڑا کر دے۔

Printed page