Al-Risala · December 1987

آج کی ضرورت

Al-Risala, December 1987, p. 30

By Maulana Wahiduddin Khan

اس قسم کے واقعات جو آج کی دنیا میں پیش آرہے ہیں وہ بتاتے ہیں کہ آج ہمارے لیے اسلامی دعوت کے نئے امکانات کھل گئے ہیں ۔ آج اس کا امکان پیدا ہوگیا ہے کہ کسی روک ٹوک کے بغیر کھلی فضا میں خدا کا پیغام خدا کے بندوں تک پہنچایا جاسکے ۔ دورِ قدیم کے داعیوں نے جو کام مذہبی پابندی کے ماحول میں انجام دیا تھا وہ کام آج مذہبی آزادی کے ماحول میں انجام دیا جاسکتا ہے ۔ جس دعوتی کام کو انہوں نے متعصبانہ رکاوٹوں کے درمیان انجام دیا تھا ، اس کو آج رواداری اور غیر جانب داری کی فضا میں انجام دیا جاسکتا ہے ۔ جس کام کو انہوں نے ہٹ دھرمی کے حالات میں انجام دیا تھا اس کو آج معقولیت پسندی کے حالات میں انجام دیا جاسکتا ہے ۔

حقیقت یہ ہے کہ موجودہ زمانے کے فکری انقلاب نے اسلامی دعوت کے لیے بالکل نئے دروازے کھول دیئے ہیں ۔ اب دعوت کے لیے ایسے موافق امکانات پیدا ہو گئے ہیں جو اس سے پہلے کبھی دنیا میں موجود نہ تھے ۔ ضرورت صرف یہ ہے کہ ہم ان امکانات کو جانیں اور انہیں ہوش مندی کے ساتھ اسلامی دعوت کے لیے استعمال کریں ۔

موجودہ زمانے میں کسی فکر کی تبلیغ واشاعت کے لیے جو نئے مواقع کھلے ہیں ان پر سب سے زیادہ حق خدا کے دین کا ہے اور ان کو سب سے زیادہ خدا کے دین کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے ۔

Printed page