Al-Risala · June 1989

جدید اسلامی لٹریچر

Al-Risala, June 1989, pp. 9–10

By Maulana Wahiduddin Khan

موجودہ زمانہ میں ہم دیکھتے ہیں کہ سلمان رشدی جیسے لوگ جب کوئی شر پھیلاتے ہیں تو وہ ہمارے لیے صرف شر بن کر رہ جاتا ہے، وہ ہمارے لیے خیر کی صورت اختیار نہیں کرتا۔ بنیادی وجہ یہ ہے کہ مسلمانوں کے امام اور مفکر ایسے لوگوں کے سامنے اسلام کا جو تعارف پیش کر رہے ہیں، وہ صرف شور و غل ہے، اور شور و غل آج کے انسان کو صرف متنفر کر سکتا ہے۔ وہ کسی بھی درجہ میں اس کو متاثر کر نے والا نہیں۔

ایسے مواقع پر فطری طور پر اسلام کے مطالعہ کی فضا بنتی ہے۔ لوگوں کے اندر اسلام کے بارہ میں تجسس پیدا ہوتا ہے، وہ زیادہ گہرائی کے ساتھ اسلام کو جاننے کے خواہش مند ہو جاتے ہیں۔ پاتے ہیں کہ موجودہ کتب خانوں میں ایسا لٹریچر موجود نہیں جو ان کی قابل فہم زبان میں اسلام کی اعلیٰ تعلیمات کو پیش کر رہا ہو۔ جس کے اندر اتنی جاذبیت ہو کہ وہ اس کو دلچسپی اور شوق کے ساتھ پڑھ سکیں۔ آج کے انسان کے ارد گرد مخالف اسلام لٹریچر کا انبار موجود ہے، مگر مؤثر اسلوب میں تیار کیا ہوا موافق اسلام لٹریچر کا کہیں وجود نہیں۔

راقم الحروف نے چالیس سال پہلے عصر حاضر کی اس ضرورت کا احساس کیا تھا۔ اس کے مطابق میں نے اسلام کا تفصیلی مطالعہ کیا، اور اسی کے ساتھ جدید علوم کو اس کے مختلف پہلوؤں کے اعتبار سے گہرائی کے ساتھ سمجھنے کی کوشش کی۔ اس کے بعد میں نے عصری تقاضوں کے تحت ایسا اسلامی لٹریچر تیار کرنا شروع کیا جو آج کے انسان کے ذہن پر اسلام کی عظمت قائم کر سکے۔ میری تمام کتابیں کسی نہ کسی پہلو سے اسی خاص موضوع سے تعلق رکھتی ہیں۔ اس کام میں اگر چہ مجھے ملت کا مطلوبہ تعاون حاصل نہ ہو سکا۔ تاہم اپنی حد تک میں نے اپنی پوری طاقت اسی ایک کام میں لگا رکھی ہے۔ اسی خاص ضرورت کے تحت حال میں، میں نے ایک نئی کتاب مرتب کی ہے جس کا نام ہے ۔ " اسلام دور جدید کا خالق " یہ کتاب ایک سو سے زائد صفحات پر مشتمل ہے۔ اور عنقریب ان شاء اللہ

اسلامی مرکز کے تحت چھپ کر شائع ہو جائے گی ۔ اس تازہ کتاب میں واقعات و حقائق کی روشنی میں دکھایا گیا ہے کہ جدید سائنس اور موجودہ ترقی یافتہ دور جس پر آج کا انسان فخر کرتا ہے ، وہ تمام تر اسلام کا عطیہ ہے یہ رسول اور اصحاب رسول کے ذریعہ لایا جانے والا اسلامی انقلاب ہے جس نے تاریخ انسانی میں پہلی بار وہ عمل جاری کیا جس کے نتیجہ میں بالآخر دور جدید کی تمام ترقیاں ظہور میں آئیں ۔ یہ کتاب اولاً ان شاء اللہ اُردو زبان میں شائع کی جائے گی ، اور اس کے بعد انگریزی اور دوسری زبانوں میں ۔ وبہ التوفيق ۔

الرسالہ اردو اور انگریزی ایک ، ایک سال کی فائل مجلد کروائی گئی ہے۔ فی الحال الرسالة اردو ۱۹۸۰ء سے ۱۹۸۸ء تک تیار ہے اور الرسالہ انگریزی کی مکمل فائل ۱۹۸۴ء سے ۱۹۸۸ تک تیار ہے ۔ ہدیہ فی جلد ۶۰ روپیہ

Printed page