نقصان میں فائدہ
Al-Risala, September 1998, p. 26
By Maulana Wahiduddin Khan
دنیا کا نظام اس طرح بنایا گیا ہے کہ یہاں نقصان میں بھی فائدہ ہے۔ یہاں منفی واقعہ میں بھی مثبت پہلو چھپے ہوئے ہیں، اس کی ایک انوکھی مثال حال میں سامنے آئی ہے۔ انسان کے سر میں چوٹ لگنا بظاہر ایک بھیانک واقعہ ہے۔ امریکہ میں ہر قسم کی باتوں پر ریسرچ ہوتی رہتی ہے۔ کچھ ماہرین نے اس پر ریسرچ کی تو معلوم ہوا کہ چوٹ اگر قابل برداشت دائرہ میں ہو تو وہ انسانی دماغ کو متحرک کر کے اس کے اندر نئی زندگی پیدا کر دیتی ہے۔
جب دماغ کو کوئی صدمہ پہنچتا ہے تو وہ اس کی صلاحیتوں کو جگا دیتا ہے۔ دماغی خلل کی ایک انوکھی قسم جو دماغ کے بعض عمل کے لئے نقصان کا باعث ہوتی ہے وہ فنکارانہ صلاحیت میں اضافے کا باعث بھی ہو سکتی یہ بات ایک حالیہ مطالعہ سے معلوم ہوئی ہے۔ دماغ کے ایک حصہ کو صدمہ پہنچنا بعض دوسرے دماغی عمل کو زندہ کر سکتا ہے۔ یہ بات امریکی ڈاکٹر بروس ملر (Bruce Miller) نے بتائی جو امریکہ کی کیلی فورنیا یونیورسٹی میں ماہر علم الاعصاب کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ وہ اس تحقیقی ٹیم کے ناظم تھے جس نے اس موضوع کا علمی سروے کیا۔