Al-Risala · March 2002

Islam has not reduced God to a corner.

Al-Risala, March 2002

By Maulana Wahiduddin Khan

میں نے ان سے پوچھا کہ اسلام کے بارے میں لوگوں میں کس قسم کی غلط فہمی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خاص طور پر جہاد کے بارے میں۔ اس کی وجہ سے عام طور پر لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ اسلام تشدد کا مذہب ہے۔ میں نے کہا کہ موجودہ زمانہ میں سب سے بڑا جہاد یہ ہے کہ اسلام کے بارے میں غلط فہمی کو دور کیا جائے۔ یہ کام دو طریقوں سے کیا جانا چاہئے ایک یہ کہ اسلام کو اس کی صحیح صورت میں پیش کیا جائے اور دوسرے یہ کہ مسلمان اپنی ان متشددانہ کارروائیوں کو بند کر دیں جو وہ اسلامی جہاد کے نام پر کر رہے ہیں۔

۳۰ جولائی کی شام کو دوبارہ ہم لوگ اپنے ہوٹل میں واپس آگئے ۔ رات ہوٹل میں گزاری۔ ۳۱ جولائی ۲۰۰۱ کو واپسی تھی۔ صبح کو ساڑھے سات بجے کینڈراسٹک کے ہوٹل سے روانہ ہوئے۔ روڈ کے ذریعہ ڈھائی گھنٹہ کا سفر تھا۔ پورا راستہ اس طرح طے ہوا جیسے ہم لوگ ایک بہت بڑے بجے ہوئے پارک سے گزر رہے ہیں۔ سارے راستہ میں ہمیں کہیں پولیس یا فوج کی گاڑی نہیں ملی۔ سڑک کے دونوں طرف دور دور بکھرے ہوئے مکانات نظر آئے ۔ ہر مکان پھولوں اور پودوں سے گھرا ہوا دکھائی دیا۔ پورا سفر اس طرح طے ہوا جیسے کہ ہم لوگ خواب کی وادی سے گزر رہے ہوں۔ اس طرح سفر کرتے ہوئے ہم لوگ زیورک ائر پورٹ پہنچے۔ یہاں کا ائر پورٹ بھی دہلی کے ائر پورٹ سے بہت مختلف تھا۔ ایک طرف وہ نہایت خوبصورت اور منظم تھا اور دوسری طرف وہ مسافروں کے لئے

بالکل کھلا ہوا تھا۔ دہلی ائر پورٹ پر کثرت سے باوردی پولیس موجود رہتی ہے۔ مگر یہاں سارے ائر پورٹ میں پولیس کا کوئی آدمی دکھائی نہیں دیا۔ ہم کو پہنچانے والے آزادی کے ساتھ ائر پورٹ کے اندر آئے اور انہوں نے سارے مراحل کی تکمیل کی۔ جب کہ دہلی کا حال یہ ہے کہ وہاں پہنچانے والوں کو گیٹ کے باہر ہی روک دیا جاتا ہے جہاں ان کے بیٹھنے کی بھی جگہ نہیں۔

نیویارک سے دہلی کا سفر دوبارہ سوئس ائر سے ہوا، جہاز اپنے ٹھیک وقت پر روانہ ہوا۔ بہت سے اخبارات پڑھنے کے لئے موجود تھے۔ ٹائمز آف انڈیا (۳۱ جولائی) کے پہلے صفحہ پر ایک تصویر تھی جس میں ایک ہیلی کاپٹر بہار کے علاقہ میں سیلاب سے گھیرے ہوئے لوگوں کے لئے کھانے کے پیکٹ گرارہا تھا۔ تصویر کے نیچے ایک کیپشن تھا۔ اس کا مطلب یہ تھا کہ قدیم زمانہ میں بنی اسرائیل کے اوپر آسمان سے من و سلوئ اتراتھا۔ موجودہ زمانہ میں یہ کام انسانی کارخانہ میں بنا ہوا ہیلی کاپٹر انجام دے رہا ہے۔

جہاز تقریباً ۱۲ بجے دہلی ائر پورٹ پر اتر گیا۔ ائر پورٹ کی ضروری کارروائیوں سے فارغ ہو کر باہر آئے تو رات کے ایک بج چکے تھے۔ گویا واپسی کے اس سفر کا آغاز جولائی کے مہینہ کی آخری تاریخ کو ہوا تھا اور سفر کا خاتمہ اگست کی پہلی تاریخ کو ہوا۔

Printed page