جنت کی پہچان
Al-Risala, September 2009, p. 4
By Maulana Wahiduddin Khan
قرآن کی سورہ نمبر 47 میں اہلِ جنت کے بارے میں آیا ہے کہ: ویدخلھم الجنۃ عرفھا لھم (محمد: 6)۔ اِس آیت کا لفظی ترجمہ یہ ہے: "اور اللہ اُن کو جنت میں داخل کرے گا جس کی انھیں پہچان کرا دی ہے۔ " اِس آیت کا مطلب یہ ہے کہ جنت اُن اہلِ معرفت کے لیے ہے جن کے لیے موجودہ دنیا جنت کی پہچان بن جائے۔
قرآن سے معلوم ہوتا ہے کہ موجودہ دنیا اپنی حقیقت کے اعتبار سے مثل جنت ہے۔ جو چیزیں اعلیٰ معیار پر پائی جاتی ہیں، وہی موجودہ دنیا میں غیر معیاری صورت میں موجود ہیں جس آدمی کو معرفت کے درجے میں ایمان ملا ہو، وہ اِس معاملے میں اتنا زیادہ حساس ہو جائے گا کہ دنیا کی ہر چیز میں اٗس کو جنت کی جھلک دکھائی دے گی، دنیا کی ہر چیز اٗس کے لیے جنت کی پہچان بن جائے گی:
Everything in this world serves as an introduction to Paradise. قرآن میں آیا ہے کہ اہلِ جنت کو جب کوئی جنتی چیز دی جائے گی تو وہ کہیں گے کہ: ھذا الذی رزقنا من قبل (البقرۃ: 25) یعنی یہ تو وہی ہے جیسا کہ اِس سے پہلے ہم کو دیا گیا تھا۔ حدیث میں آیا ہے کہ: اِنّ شدۃ الحرّ من فیح جھنم (صحیح البخاری، کتاب المواقیت) یعنی گرمی کی شدت جہنم کی پھونک کی وجہ سے ہے۔
اِس آیت اور اِس حدیث کو لے کر غور کیجیے تو معلوم ہوتا ہے کہ موجودہ دنیا اِس طرح بنائی گئی ہے کہ وہ انسان کے لیے جنت اور جہنم کی یاد دہانی کا ذریعہ بن جائے۔ یہاں آدمی کو کوئی نعمت ملے تو اٗس کے اندر اِس کو جنت کی جھلک دکھائی دے۔ اِسی طرح یہاں کوئی مصیبت پیش آئے تو وہ اِس کے تجربے سے جہنم کو یاد کرنے لگے۔ جو آدمی موجودہ دنیا میں اِس طرح رہے، اٗس کے اندر بیک وقت دو صفات پیدا ہوں گی— جہنم کا ڈر، اور جنت کا اشتیاق۔