Al-Risala · July 2010

ایک قانونِ فطرت

Al-Risala, July 2010, p. 8

By Maulana Wahiduddin Khan

ایک روایتِ حدیث کی مختلف کتابوں میں آئی ہے۔ اس روایت میں امتِ محمدی کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ بعد کے زمانے میں وہ زوال کا شکار ہوگی۔ اس روایت کے الفاظ یہ ہیں: لتتبعن سنن من کان قبلکم، شبراً بشراً وذراعاً بذراعاً، حتى لو دخلوا جُحر ضب تبعتموهم (صحيح البخاري، کتاب الاعتصام ) یعنی تم ضرور پچھلی امتوں (یہودونصاری) کی پیروی کروگے، قدم بہ قدم، یہاں تک کہ اگر وہ کسی گوہ کے بل میں داخل ہوئے ہیں تو تم بھی ضرور اس میں داخل ہوجاؤگے۔ یہ حدیث سادہ طور پر صرف ایک پراسرار پیشین گوئی نہیں ہے، بلکہ اُس میں ایک قانونِ فطرت کا اظہار کیا گیا ہے۔ یہ قانونِ فطرت وہی ہے جس کو ڈی جنریشن (degeneration) کہا جاتا ہے۔ افراد کا جسمانی ڈی جنریشن (physical degeneration) ہوتا ہے، اُسی طرح قوموں کا روحانی ڈی جنریشن (spiritual degeneration) لازمی طور پر ہوتا ہے۔ اس میں کسی امت کا کوئی استثنا نہیں۔ مشاہدہ بتاتا ہے کہ یہودونصاری کے اندر بعد کے زمانے میں جو ڈی جنریشن (زوال) آیا تھا، وہ سب موجودہ زمانے میں امتِ مسلمہ کے اندر پوری طرح آچکا ہے۔ اس کی چند مثالیں یہ ہیں۔ امتِ مسلمہ کے لیے قرآن میں خیر امت (آل عمران: 110) کا لفظ آیا ہے۔ اس کو موجودہ زمانے کے مسلمانوں نے ٹائٹل آف آنر (title of honor) کا درجہ دے دیا، حالاں کہ وہ اُن کے لیے صرف ٹائٹل آف ڈیوٹی (title of duty) تھا۔ اِسی طرح ایمان اپنی حقیقت کے اعتبار سے معرفت (المائدة: 83) کے ہم معنی تھا، مگر موجودہ زمانے میں اس کو کلمہ گوئی کے ہم معنی سمجھ لیا گیا ہے۔ طرح نماز اپنی حقیقت کے اعتبار سے خاشعانہ عبادت (المؤمنون: 2) کے ہم معنی تھی، لیکن موجودہ زمانے میں اس کو صرف اعضاء و جوارح کے ذریعے ادا کی جانے والی ایک رسمی عبادت کے ہم معنی بنا دیا گیا ہے۔ قرآن کو اللہ تعالیٰ نے کتاب تدبر (ص: 29) کے طور پر نازل کیا تھا، لیکن موجودہ زمانے کے مسلمانوں میں اس کی حیثیت صرف کتاب تلاوت بن کر رہ گئی ہے، وغیرہ۔

Printed page