Al-Risala · April 2012

کامیاب زندگی کا اصول

Al-Risala, April 2012, p. 33

By Maulana Wahiduddin Khan

کامیاب زندگی کا ایک اصول یہ ہے کہ آدمی اپنے عمل کے لیے کسی ایسے میدانِ کار کا انتخاب نہ کرے جس کے لیے وہ صرف جزئی طور پر اہل (competent) ہو ۔ آدمی کو چاہئے کہ وہ سب سے پہلے اپنے بارے میں یہ دریافت کرے کہ وہ کس کام کی زیادہ تر صلاحیت رکھتا ہے اور پھر وہ اُسی کام کو اپنے عمل کا میدان بنائے۔ کسی کام میں حقیقی کامیابی کے لیے کلی اہلیت درکار ہوتی ہے۔ کے ذریعے کوئی شخص کوئی بڑا کام نہیں کر سکتا۔

یہ زندگی کا ایک اہم اصول ہے ، مگر عجیب بات ہے کہ بہت کم ایسے افراد ہیں جو اس اصول کے مطابق ، اپنی زندگی کی تعمیر کریں۔ بیش تر لوگوں کا حال یہ ہے کہ وہ محض شوق کے تحت ایک ایسے میدان میں داخل ہوجاتے ہیں جس کے لیے وہ پوری طرح اہل نہیں ہوتے۔ یہی وجہ ہے کہ بیش تر لوگوں کا یہ حال ہے کہ وہ اپنے عمل کا آغاز حوصلہ مندی کے ساتھ کرتے ہیں ، مگر آخر کار وہ مایوسی کا شکار ہوتے ہیں اور پھر وہ اسی حال میں مرجاتے ہیں۔ ہر آدمی کا یہ معاملہ ہے کہ اس کے اندر فطری طور پر بعض صلاحیت زیادہ ہوتی ہے۔ آدمی کو چاہئے کہ وہ اپنی زندگی کے اس پہلو کو دریافت کرے۔ وہ صرف اُس کام میں اپنے آپ کو لگائے جس کے لیے وہ اپنی صلاحیت اور اپنے حالات کے اعتبار سے زیادہ اہلیت (competence) رکھتا ہو۔

کسی بھی عورت یا مرد کو یہ غلطی نہیں کرنی چاہئے کہ وہ ایسے میدان میں کود پڑے جس میں وہ بہتر کارکردگی کا ثبوت نہ دے سکتا ہو۔ مثال کے طور پر اگر ایک شخص کے اندر تعلیمی کام کی صلاحیت ہے تو اس کو سیاست کے میدان میں نہیں کودنا چاہئے۔ اگر ایک شخص کے اندر علمی کام کی صلاحیت ہے تو اس کو بزنس نہیں کرنا چاہئے۔ اگر ایک شخص کے اندر روایتی کام کی صلاحیت ہے تو اس کو چاہئے کہ وہ غیر روایتی کام کو اپنا میدانِ کار نہ بنائے ، وغیرہ۔ اسی کا نام منصوبہ بندی (planning) ہے ، اور منصوبہ بہ بندی کے بغیر اس دنیا میں کوئی اعلیٰ کامیابی حاصل نہیں ہوسکتی۔

Printed page