امریکا کا سفر
Al-Risala, January 2012
By Maulana Wahiduddin Khan
امریکا(USA) کے لیے میرا پہلا سفر نومبر 1983 میں ہوا تھا۔ اس کے بعد بار بار امریکہ کا سفر ان سفروں کی روداد ماہ نامہ الرسالہ میں شائع ہو چکی ہے۔ موجودہ سفر جون 2011 میں ہوا۔ اس سفر میں میرے کئی ساتھی میرے ہم راہ تھے۔ اس سفر کی مختصر روداد ذیل میں درج کی جاتی ہے۔ یہ سفر امریکہ میں مقیم الرسالہ مشن سے وابستہ گروپ کی دعوت پر ہوا۔ اس گروپ کے صدر خواجہ کلیم الدین صاحب ہیں۔ اس سفر کے لیے تقریباً ایک سال سے کلیم الدین صاحب کا اصرار تھا۔ 15 جون 2011 کو یہ سفر شروع ہوا، اور 6 جولائی 2011 کو سفر سے واپسی ہوئی۔ 15 جون 2011 کی شام کو ہم لوگ دہلی ایئر پورٹ پر پہنچے۔ میں وہاں ایک کرسی پر بیٹھ گیا۔ میرے ساتھی فوراً ہی دعوتی سرگرمیوں میں مشغول ہو گئے۔ انھوں نے ایئر پورٹ کے عملہ (staff) کو قرآن کا انگریزی ترجمہ اور دعوتی لٹریچر دیا۔ اُن کا طریقہ یہ تھا کہ وہ اپنے ہاتھ میں کتاب لے کر یہ کہتے ہوئے لوگوں کو پیش کرتے۔ یہ آپ کے لیے ایک اسپرپچول گفٹ ہے: