موافق اسلام دور
Al-Risala, April 2013
By Maulana Wahiduddin Khan
موجودہ زمانے میں جو تبدیلیاں ظہور میں آئی ہیں، وہ اتنی زیادہ ہیں کہ کوئی انسائیکلو پیڈیا بھی ان کا احاطہ نہیں کر سکتی۔ ان کے بیان کے لیے ایک پوری لائبریری کی ضرورت ہے۔ تاہم مختصر طور پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ ان تبدیلیوں کی بنا پر تاریخ انسانی میں پہلی بار ایک نیا دور پیدا ہوا، ایک ایسا دور جس کا تصور قدیم انسان نہیں کر سکتا تھا۔ یہ دور اپنی حقیقت کے اعتبار سے ، مکمل طور پر ایک موافق اسلام دور ہے۔ مزید یہ کہ دورِ جدید کے یہ عظیم امکانات تمام تر امن کے تصور پر مبنی ہیں۔ ان امکانات کو استعمال کرنے کے لیے نہ جنگ کی ضرورت ہے اور نہ کوئی سیاسی ایمپائر قائم کرنے کی ۔ ان جدید مواقع کا یہ ایک حیرت انگیز پہلو ہے کہ ان کو مکمل طور پر پرامن ذرائع (peaceful means) کے تحت استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ان جدید مواقع کو استعمال کرنے کے لیے کسی بھی مرحلے میں نہ جنگ کی ضرورت ہے اور نہ پولیٹکل پاور کی۔