Al-Risala · September 2013

جنتی شخصیت کی تعمیر

Al-Risala, September 2013

By Maulana Wahiduddin Khan

مذکورہ اعلی ربانی صفات پیدا کرنے کے لیے سب سے زیادہ جس چیز کی ضرورت ہے، وہ صبر ہے۔ صبر کے ذریعے آدمی اس قابل بنتا ہے کہ وہ مختلف قسم کے غیر موافق احوال کے درمیان رہتے ہوئے بھی اپنے اندر جنتی شخصیت کی تعمیر کرے۔ وہ منفی اسباب کے اندر اپنی مثبت سوچ کو مستقل طور پر برقرار رکھے۔ وہ مسائل کو عذر (excuse) نہ بناتے ہوئے اپنا ربانی سفر جاری رکھے۔ اسی بنا پر قرآن میں کہا گیا ہے کہ صبر کرنے والے جنت کے اعلی مقامات میں جگہ پائیں گے۔

صبر کی اسی اہمیت کی بنا پر صبر کو اعلی ترین انعام کا ذریعہ بتایا گیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ صبر ہر عملِ خیر کی لازمی بنیاد ہے۔ اسی لیے قرآن میں صبر کرنے والوں کے بارے میں یہ الفاظ آئے ہیں : اِنَّمَا يُوَفَّی الصّٰبِرُوْنَ اَجْرَهُمْ بِغَيْرِ حِسَابٍ (39:10) یعنی بے شک صبر کرنے والوں کو اُن کا اجر بے حساب دیا جائے گا۔

Printed page