حدیث معیارِ حق
Al-Risala, December 2013, pp. 37–38
By Maulana Wahiduddin Khan
زندگی کی ایک اہم ضرورت وہ ہے جس کو معیار (criterion) کہا جاتا ہے۔ معاملات میں ہمیشہ یہ ضرورت ہوتی ہے کہ کوئی معیار ہو جس کے حوالے سے معاملے کا فیصلہ کیا جاسکے۔ دین میں یہ حیثیت مستند طور پر صرف دو چیزوں کو حاصل ہے ــــ قرآن اور حدیث۔ یہی وہ بات ہے جو قرآن کی ایک آیت میں اس طرح بیان کی گئی ہے: فَإِنْ تَنَازَعْتُمْ فِي شَيْءٍ فَرُدُّوهُ إِلَى اللَّهِ
وَالرَّسُولِ (4:59) یعنی (اے ایمان والو) اگر تمھارے درمیان کسی چیز میں اختلاف ہو جائے تو تم اس کو اللہ اور رسول کی طرف لوٹاؤ، اگر تم اللہ پر اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتے ہو۔ قرآن میں دین کی اساسی تعلیمات بتائی گئی ہیں اور تفصیل کے اعتبار سے زندگی کے بہت سے معاملات ہیں جن کے بارے میں ہم کو احادیث سے رہنمائی ملتی ہے۔ اس طرح قرآن اور حدیث کی صورت میں ایک ایسا مستند معیار مل جاتا ہے جو لوگوں کو اس سے بچاتا ہے کہ لوگ خود اپنے ذہن (mindset) سے رائے قائم کریں۔ اس طرح یہ اصول حاصل ہوتا ہے کہ ہر نزاعی موقع پر قرآن اور حدیث کے حوالے سے لوگوں کو صحیح طریقے کی رہنمائی دی جاسکے۔ اگر قرآن اور حدیث کا معیار موجود نہ ہو تو کوئی ایسی چیز نہ ہوگی جس کے حوالے سے لوگوں کو مستند طور پر کوئی رہنمائی دی جاسکے۔ اس معاملے کی ایک مثال یہ ہے کہ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ جب کوئی غیر موافق بات نظر آتی ہے تو لوگ فوراً اس کے خلاف ٹکراؤ کرنے کے لیے تیار ہوجاتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ اس طرح کے معاملے میں کارروائی نہ کرنا بز دلی ہے۔ یہ ذہن لوگوں کے اندر بہت زیادہ عام ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ اس معاملے میں فیصلہ کن رہنمائی کہاں سے حاصل کی جائے۔ اس کا جواب ہمیں ایک حدیث میں ملتا ہے۔ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: لا ينبغي للمؤمن أن يُذل نفسه قالوا: و كيف يذل نفسه؟ يتعرض من البلاء لما لا يطيق (الترمذي، رقم الحديث (2254) یعنی مومن کے لیے سزاوار نہیں کہ وہ اپنے آپ کو ذلیل کرے۔ لوگوں نے پوچھا کہ کوئی شخص اپنے آپ کو کس طرح ذلیل کرے گا۔ آپ نے فرمایا کہ وہ ایسی آزمائش کا سامنا کرے جس سے نمٹنے کی اس کے اندر طاقت نہ ہو۔ اس حدیث رسول سے اجتماعی زندگی کے لیے ایک اہم اصول ملتا ہے۔ وہ یہ کہ اجتماعی زندگی میں کوئی اقدام کرنا صرف اُس وقت جائز ہے جب کہ اقدام سے کوئی مثبت نتیجہ (positive result) نکلنے والا ہو۔ جس اقدام کا نتیجہ منفی صورت میں نکلنے والا ہو، ایسا اقدام کرنا مومن کا طریقہ نہیں۔ دوسرے لفظوں میں یہ کہ جو اقدام کا ؤنٹر پروڈکٹیو (counterproductive) ثابت ہونے والا ہو، اُس سے مومن کو اُسی طرح بچنا چاہیے جس طرح کسی حرام فعل سے بچا جاتا ہے۔