Al-Risala · December 2013

Exceptionally, the greatest man of history.

Al-Risala, December 2013, pp. 42–43

By Maulana Wahiduddin Khan

یہ اللہ کا ایک منصوبہ تھا جو اس لیے تھا کہ خاتم النبیین کو خدا کے پیغمبر کی حیثیت سے پہچاننا لوگوں کے لیے مشکل نہ رہے۔ چناں چہ اللہ کے مخصوص منصوبے کے تحت پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں ایک ایسا تاریخی عمل (historical process) جاری ہوا کہ رسول اللہ کی ذات بطور ایک تاریخی واقعہ کے پوری انسانی نسل کی نمایاں ترین شخصیت بن گئی۔ یہ ایک ایسا معلوم واقعہ ہے کہ سیکولر مبصرین نے بھی عام طور پر اس کو تسلیم کیا ہے۔ یہاں اس سلسلے میں صرف دو حوالے نقل کیے جاتے ہیں۔ مشہور کمیونسٹ رائٹر ایم این رائے (وفات: 1954) کی ایک کتاب ہے جو 1939 میں پہلی بار دہلی سے شائع ہوئی۔ یہ کتاب تقریباً 100 صفحات پر مشتمل ہے۔ اس کتاب کا نام یہ ہے: The Historical Role of Islam مصنف نے اپنی اس کتاب میں دور اول میں پیش آنے والے اسلامی انقلاب کے بارے میں یہ الفاظ لکھے ہیں اسلام کا پھیلاؤ تمام معجزاتی واقعات میں سب سے بڑا معجزاتی واقعہ تھا: The expansion of Islam is the most miraculous of all miracles. (p. 4)

یہ سب سے بڑا معجزاتی واقعہ تھا۔ یہ دراصل رسول اور اصحاب رسول کے ذریعے پیش آنے والا وہ فکری انقلاب تھا جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر ایک عظیم تاریخی عمل (great historical process) شروع ہوا، جو مختلف مراحل سے گزرتا ہوا اس نقطہ انتہا پر پہنچا کہ پیغمبر اسلام کی ذات مسلمہ طور پر پوری نسل انسانی کے درمیان ممتاز ترین شخصیت بن گئی۔ یہی وہ تاریخی واقعہ ہے جس کو پیغمبر اسلام نے ’سید ولد آدم‘ کے الفاظ میں بیان کیا ہے۔

ایم این رائے نے اپنی کتاب میں جس واقعے کا ذکر غیر معمولی معجزہ کے طور پر کیا ہے، وہ اس معاملے کے اُس پہلو سے تعلق رکھتا ہے جس کو عالمی انقلابی عمل کہا جاسکتا ہے، جس کے نتیجے کے طور پر پیغمبر اسلام کی شخصیت پوری نسل آدم میں ممتاز ترین شخصیت بن گئی۔

اس انقلابی واقعے کا دوسرا پہلو وہ ہے جو پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی اسی ممتاز حیثیت سے تعلق رکھتا ہے۔ اس موضوع پر ایک مشہور کتاب وہ ہے جو امریکا کے ایک مسیحی مصنف ڈاکٹر مائیکل ہارٹ نے شائع کی ہے۔ مصنف نے اپنی اس کتاب میں پوری انسانی تاریخ کے ایک سو ممتاز ترین افراد کی لسٹ تیار کی ہے۔ یہ افراد مختلف شعبوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس کتاب میں انھوں نے ان تمام افراد کا ترتیب وار ذکر کیا ہے۔ اس فہرست میں سب سے پہلا نام پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کا ہے۔ مصنف نے پیغمبر اسلام کے بارے میں یہ الفاظ لکھے ہیں— آپ تاریخ کے تنہا شخص ہیں جو انتہائی حد تک کامیاب رہے، مذہبی سطح پر بھی اور دنیوی سطح پر بھی:

Printed page