ایک پیغمبرانہ اسوہ
Al-Risala, March 2014, pp. 59–60
By Maulana Wahiduddin Khan
رسول اور اصحابِ رسول کی تاریخ اپنے مختلف پہلوؤں کے ساتھ انسان کے لیے ایک ابدی گائیڈ کی حیثیت رکھتی ہے۔ انھیں اصولوں میں سے ایک اصول وہ ہے جو پیغمبرِ اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد پیش آنے والے ایک واقعے سے ملتا ہے۔
پیغمبرِ اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات مدینہ میں 632 عیسوی میں ہوئی۔ اس کے بعد وہاں وہی مسئلہ پیدا ہوا جو عام طور پر کسی بڑے لیڈر کی وفات کے بعد پیدا ہوتا ہے، یعنی یہ سوال کہ۔ لیڈر کے بعد کون۔ جیسا کہ معلوم ہے، پیغمبرِ اسلام کی وفات کی خبر سننے کے بعد مسلمانوں میں عام طور پر سراسیمگی پیدا ہوگئی۔ اس بحران (crisis) کے موقع پر خلیفہ اول حضرت ابو بکر صدیق وہاں آئے۔ انھوں نے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: من كان يعبد محمدا فإن محمد ا قدمات، ومن كان يعبد الله فإن الله حي لا يموت (صحيح البخاري، رقم الحديث : 3668) یعنی جو شخص محمد کو پوجتا تھا تو محمد پر موت آچکی ، اور جو شخص اللہ کو پوجتا ہے، تو اللہ زندہ ہے اور اس پر موت آنے والی نہیں۔ خلیفہ اول حضرت ابو بکر صدیق کا جملہ ایک اہم ترین حقیقت کو بتا رہا ہے، وہ یہ کہ تاریخ کو مسلسل کنٹرول کرنے والا اللہ ہے، نہ کہ کوئی انسان۔ ایک قائد جب تاریخ کی قیادت کر رہا تھا، اُس وقت بھی اس کی پشت پر اللہ تھا اور قائد کے رخصت ہو جانے کے بعد یہ اللہ ہی ہے جو تاریخ کے نظم کو سنبھالنے والا ہے (هو الأول والآخر)۔
خلیفہ اول حضرت ابو بکر صدیق کے مذکورہ الفاظ نے اہل ایمان کو ایک نیا حوصلہ دے دیا۔ نئے عزم کے ساتھ پیغمبرانہ مشن کی تکمیل میں سرگرم ہو گئے۔
پیغمبرِ اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد اُسی سال اہلِ یمن کی بغاو ت کا واقعہ پیش آیا۔ یہ ایک انتہائی نازک معاملہ تھا۔ مختلف اسباب سے لوگ اس بغاوت کے خلاف اقدام کے معاملے میں سخت متردد تھے۔ اُس وقت دوبارہ حضرت ابو بکر صدیق نے لوگوں کے سامنے ایک تقریر کی۔
انھوں نے یہ مشہور تاریخی جملہ کہا: أينقص الدين وأنا حي (هداية الرواة لابن حجر العسقلاني، رقم الحديث: 3031) یعنی کیا دین میں کمی کی جائے گی، حالاں کہ میں زندہ ہوں۔ یہ قول بظاہر ایک انفرادی قول تھا، مگر اپنی حقیقت کے اعتبار سے، وہ ایک اجتماعی قول تھا۔ گویا پوری جماعت صحابہ کے دل کی آواز تھی۔ حضرت ابوبکر صدیق نے گویا اپنے اس تاریخی قول کے ذریعے لوگوں کو یاد دلا یا کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے اصحاب کی صورت میں جو ٹیم چھوڑی ہے، اُن میں سے ہر شخص اس اسپرٹ کا حامل ہے کہ میں اس کام کو کروں گا: