کامیابی کا اصول
Al-Risala, January 2014
By Maulana Wahiduddin Khan
کچھ نو جوانوں سے بات کرتے ہوئے میں نے کہا کہ— زندگی کا نظام آپ کی خواہش پر نہیں چلتا، زندگی کا نظام فطرت کے قانون (law of nature) پر چلتا ہے۔ زندگی میں ’’میں‘‘ کا حصہ صرف ایک فی صد ہے اور ’’تم‘‘ کا حصہ ننانوے فی صد:
In life, 'I' works 1 percent, and 'You' works 99 percent. میں نے کہا کہ جب آپ سماج میں داخل ہوتے ہیں تو وہاں آپ اکیلے نہیں ہوتے، بلکہ آپ کو بے شمار دوسرے لوگوں کے درمیان کام کرنا ہوتا ہے۔ ہر جگہ یہی تناسب ہوتا ہے کہ آپ صرف ایک فی صد ہوتے ہیں اور بقیہ لوگ ننانوے فی صد۔ اگر آپ اجتماعی زندگی کے اس راز کو جانیں تو آپ کامیاب ہوں گے، اور اگر آپ اس راز کو نہ جانیں تو آپ کا انجام صرف یہ ہوگا کہ ساری زندگی ٹینشن میں جئیں گے اور ٹینشن میں مر جائیں گے۔
میں نے کہا کہ زندگی کی اس نوعیت کی بنا پر یہ کہنا صحیح ہوگا کہ زندگی میں کامیابی کا اہم ترین اصول صرف ایک ہے، اور وہ ایڈجسٹمنٹ (adjustment) ہے، یعنی دوسروں سے موافقت کر کے زندگی گزارنا۔ ایڈی جسٹ منٹ کوئی مقدس عقیدہ نہیں، وہ صرف ایک عملی اصول ہے جس کو پریکٹیکل وزڈم (practical wisdom) کہا جاتا ہے۔
میں نے کہا کہ آپ لوگوں کو میری نصیحت ہے کہ آپ اپنی ذاتی زندگی اپنے اختیار کردہ اصول کی بنیاد پر گزاریے، لیکن جب آپ لوگوں کے درمیان ہوں تو مکمل طور پر دوسروں کے ساتھ ایڈی جسٹمنٹ کرتے ہوئے اپنا کام کیجیے، یعنی اپنی ذات کی نسبت سے با اصول (man of principle) اور دوسروں کی نسبت سے پریکٹیکل (practical)—کا کامیابی کا کوئی رومانٹک فارمولا (romantic formula) نہیں ہے۔ اس دنیا میں کامیابی کا صرف ایک اصول ہے، اور وہ ہے— حقائق کی رعایت کرنا، اپنے منصوبے کو دوسروں کی رعایت کرتے ہوئے بنانا۔