Al-Risala · December 2014

ایک آزمائش

Al-Risala, December 2014, p. 12

By Maulana Wahiduddin Khan

قرآن کی سورہ نمبر 29 میں آزمائش کے ایک معاملہ کو ان الفاظ میں بیان کیا گیا ہے: وَمِنَ النَّاسِ مَنْ يَقُولُ آمَنَّا بِاللَّهِ فَإِذَا أُوذِيَ فِي اللَّهِ جَعَلَ فِتْنَةَ النَّاسِ كَعَذَابِ اللَّهِ وَلَئِنْ جَاءَ نَصْرٌ مِنْ رَبِّكَ لَيَقُولُنَّ إِنَّا كُنَّا مَعَكُمْ ۚ أَوَلَيْسَ اللَّهُ بِأَعْلَمَ بِمَا فِي صُدُورِ الْعَالَمِينَ (العنکبوت: 10) یعنی لوگوں میں کوئی ایسا ہے جو کہتا ہے کہ ہم اللہ پر ایمان لائے۔ پھر اللہ کی راہ میں اُس کو جب کوئی آزمائش پیش آتی ہے تو وہ انسانی آزمائش کو اللہ کے عذاب کی طرح سمجھ لیتا ہے۔ اور اگر تمھارے رب کی طرف سے کوئی مدد آ جائے تو وہ کہیں گے کہ ہم تو تمھارے ساتھ تھے۔ کیا اللہ اس سے اچھی طرح باخبر نہیں جو لوگوں کے دلوں میں ہے۔ قرآن کی اس آیت میں ایسے لوگوں کا ذکر ہے، جو اپنے آپ کو مومن اور مسلم تو سمجھتے ہیں لیکن شعوری اعتبار سے وہ زیادہ پختہ نہیں ہوئے۔ اُن کا ذہنی ارتقا اس درجہ کا نہیں ہوتا کہ وہ پیش آمدہ صورت حال کو کتاب اللہ کی روشنی میں جانچیں۔ وہ شبہہ پیدا کرنے والے واقعہ کا تجزیہ (analysis) کر کے اُس کی اصل نوعیت کو سمجھیں اور اپنے یقین کو بدستور برقرار رکھیں۔ داعی کے ذریعہ دین کی دعوت اٹھے اور ایک شخص ابتدائی طور پر اس کو حق سمجھ کر اُس کا ساتھی بن تب بھی قانون فطرت کے مطابق التباس کا عنصر (element of doubt) کا امکان باقی مثلاً اجتماعی زندگی کی بنا پر شکایت کے مواقع پیدا ہوں گے، دوسروں کی طرف سے بربنائے غلط فہمی مخالفتیں کی جائیں گی، حالات کے تحت آزمائش کی صورتیں پیدا ہوں گی ، وقت کے بڑے اُس کے دشمن بن جائیں گے۔ ایسی صورت میں اگر آدمی کے اندر شعوری پختگی موجود ہو تو وہ انسانی آزمائشوں کا کتاب اللہ کی روشنی میں تجزیہ کر سکے گا، اور اس طرح اپنے یقین کو برقرار رکھنے میں کامیاب ہوگا۔ اس کے برعکس، اگر آدمی کے اندر شعوری پختگی نہ ہو تو وہ حالات کو دیکھ کر مشتبہ ہو جائے گا۔ غلط طور پر یہ سمجھنے لگے گا کہ آزمائش کی جو صورت پیش آرہی ہے، اُس کی نوعیت انسان کی آزمائش کی نہیں ہے، بلکہ وہ اللہ کی تنبیہہ ہے، اور اس بنا پر ہے کہ میں نے شاید ایک ایسے راستے کو اختیار کر لیا ہے، جو اللہ کا مطلوب راستہ نہیں۔ اس طرح وہ شبہہ میں پڑ کر داعی حق کا ساتھ چھوڑ دے گا۔

Printed page