Al-Risala · January 2015

دشمن میں دوست

Al-Risala, January 2015, p. 19

By Maulana Wahiduddin Khan

قرآن کی سورہ فصلت میں زندگی کا ایک قانون ان الفاظ میں بیان کیا گیا ہے: وَلا تَسْتَوِی الْحَسَنَةُ وَلا السَّيِّئَةُ ٭ اِدْفَعْ بِالَّتِی ہِىَ اَحْسَنُ فَإِذَا الَّذِی بَيْنَكَ وَبَيْنَهُ عَدَاوَةٌ كَأَنَّهُ وَلِیٌّ حَمِيمٌ (41:34) یعنی اور بھلائی اور برائی دونوں برابر نہیں تم جواب میں وہ کرو جو اس سے بہتر ہو پھر تم دیکھو گے کہ تم میں اور جس میں دشمنی تھی ، وہ ایسا ہو گیا جیسے کوئی قریبی دوست۔ قرآن کی اس آیت کے مطابق کوئی انسان پیدائشی طور پر دوست یا دشمن نہیں ہوتا، بلکہ حالات کے تحت وہ کسی کا دوست اور کسی کا دشمن بن جاتا ہے۔ دوستی اور دشمنی سب حالات پر منحصر ہے، اور حالات کو بنانے والا انسان ہے۔ کوئی آدمی اپنے گرد جیسے حالات بنائے گا، اس کے مطابق دوسروں کے ساتھ اس کے تعلقات قائم ہوں گے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جو شخص بظاہر آپ کا دشمن ہے، وہ امکانی طور پر آپ کا دوست ہے۔ انسان کو صرف یہ کرنا ہے کہ وہ ایک موجود امکان کو واقعے بنائے۔ کے بعد وہ دیکھے گا کہ جس شخص کو وہ اپنا دشمن سمجھے ہوئے تھا، وہ اس کا قریبی دوست بن گیا ہے۔ Every enemy is your potential friend, you have to turn this potential into actual. لوگوں کو اپنا دشمن سمجھنے کا سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ آدمی نفرت اور شکایت میں جینے لگتا اس کے ذہن میں منفی سوچ (negative thinking) آجاتی ہے۔ آخر کار یہ ہوتا ہے کہ وہ مثبت سوچ (positive thinking) سے محروم ہو جاتا ہے، جب کہ مثبت سوچ ہر قسم کی انسانی ترقیوں کے لیے پہلی شرط ہے۔ اس دنیا میں اعلیٰ ترقی صرف اس انسان کو ملتی ہے، جو دوسروں کے بارے میں خیر خواہی (well wishing) کی نفسیات میں جیتا ہو۔ جو دوسروں کو اپنا سمجھے نہ کہ غیر، جو دوسروں کو اپنی قوم کا حصہ سمجھے نہ کہ غیر قوم کا حصہ، جو دوسروں کے لیے وہی چاہے جو وہ خود اپنے لیے چاہتا ہے، اور یہ تمام چیزیں صرف مثبت ذہن کے نتیجہ میں پیدا ہوتی ہیں۔

Printed page