زندہ قومیں کس طرح کام کرتی ہیں
Al-Risala, August 2015, pp. 45–46
By Maulana Wahiduddin Khan
اسٹیٹس مین (یکم ستمبر 1967) کی ایک رپورٹ کو بہت کم اخباروں نے اہمیت دی۔ امریکی خاتون ڈاکٹر سارہ سی۔ گڈ شنسکی (Sarah C. Gudschinsky) کی ہندوستان میں آمد کی دراصل بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ یہ مشنری خاتون کس عظیم مگر خاموش ادارہ کی رکن ہیں اور کس خاص مقصد کے تحت ہندوستان آئی ہیں۔
ڈاکٹر گڈ شنسکی اوکلا ہوما یو نیورسٹی میں سمر انسٹی ٹیوٹ آف لنگسٹکس (اختصار SIL) کی فیکلٹی کی ممبر ہیں۔ اس مسیحی ادارہ نے تبلیغ کی دنیا میں ایک بالکل نیا میدان کھولا ہے— وہ اپنے کام کا آغاز ان قدیم قبائل میں کرتے ہیں جو نہایت پس ماندہ ہیں اور جن کی بولیاں ابھی تک پڑھنے لکھنے کی زبانیں نہیں بنی ہیں۔
یہ نہایت متمدن اور اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگ دنیا کی انتہائی غیر مہذب قوموں میں جا کر برسہا برس رہتے ہیں، ان کی بولیوں کو سیکھتے ہیں، پھر ان کے حروف تہجی بناتے ہیں، قواعد مرتب کرتے ہیں، نصابی کتابیں لکھتے ہیں، پریس قائم کرتے ہیں اور اس طرح ان کی زبانوں کو تحریری زبان بنا کر اور ان میں کتابیں تیار کر کے انھیں پڑھانا شروع کرتے ہیں۔ ان کی نصابی کتب میں بائبل کا ترجمہ بھی ضروری جزو ہوتا ہے۔
یہ ان کی خدمت کے لئے ان کی بستیوں میں جدید طرز کے اسپتال کھولتے ہیں۔ اس تعلیم اور اخلاقی اثر کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ جب یہ قبائل تعلیم یافتہ ہو جاتے ہیں تو وہ صرف تعلیم یافتہ نہیں ہوتے بلکہ اسی کے ساتھ عیسائی مذہب کو بھی قبول کر چکے ہوتے ہیں۔
اس ادارہ کا سب سے زیادہ نمایاں کام پیرو کے وسیع جنگلوں میں ہو رہا ہے جہاں کثرت سے قدیم وحشی قبائل بستے ہیں اور جن کے درمیان رابطہ کا ذریعہ صرف ہوائی جہاز اور کشتیاں ہیں۔ یہ مسیحی مبلغین ان لق ودق جنگلوں کے اوپر ہوائی جہاز سے اڑتے ہیں اور ریڈیو اور ٹرانسمیٹر لے کر عین وحشی قبائل کی بستیوں
میں اتر جاتے ہیں جو نہ صرف مہذب انسانوں کے جانی دشمن ہیں بلکہ ان کی بولیاں اتنی مختلف ہیں کہ مہینوں تک ان کو سیکھنے کی صبر آزما جدوجہد کئے بغیر ان سے کوئی بات بھی نہیں کی جاسکتی۔ یہ جدوجہد تقریباً آدھی صدی سے جاری ہے اور اس کا نتیجہ یہ ہے کہ آج ان گھنے جنگلوں کے اندر اسکول، اسپتال، گرجا، ہوائی میدان، ریڈیو اسٹیشن اور نہیں معلوم کیا کیا قائم ہیں اور تیرہ مختلف زبانیں بولنے والے وحشی قبائل کی بہت بڑی تعداد مہذب اور تعلیم یافتہ ہو کر عیسائی ہو چکی ہے۔ جو ابتداء شمالی امریکہ کے جنگلوں میں شروع کیا گیا تھا، اب دنیا کے اٹھارہ ملکوں میں پھیلا ہوا ہندوستان میں بھی مہاراشٹر اور مدھیہ پردیش میں دو ایسے ادارے قائم کئے جا رہے ہیں اور یہی اس وقت ڈاکٹر گڈ شنسکی کی یہاں آمد کا باعث ہے۔
آج کی زندہ قومیں کتنی اونچی سطح سے کام کر رہی ہیں۔ انھوں نے اپنے عمل اور جدوجہد کے ذریعہ دنیا سے زندگی کا حق وصول کیا ہے۔ اس کے برعکس ہمارا کیا حال ہے۔ سمجھ رکھا ہے کہ سطحی تدبیروں اور جذباتی تقریروں سے سارا میدان فتح ہو جائے گا۔ (ہفت روزہ الجمعیۃ، 15 ستمبر 1967)
مالیا گؤں (مہاراشٹر) میں الرسالہ اور مطبوعات الرسالہ حسب ذیل پتے پر دستیاب ہیں : Goodword Books (Distributor)
71/1, Plot No. 11, Ansar Colony, Near Maharashtra Sizing, Malegaon, Dist. Nashik, Maharashtra -423203, Mob. 08983759678 نوٹ: ہر جمعہ کو مذکورہ مقام پر بعد مغرب الرسالہ کے ممبران کی میٹنگ بھی ہوتی ہے۔ بھوپال میں ماہ نامہ الرسالہ اور مطبوعات الرسالہ کے لیے حسب ذیل پتے پر رابطہ قائم فرمائیں : 48, Aamwali Masjid, Jahangirabad, Bhopal (M.P.)