عید مبارک
Al-Risala, March 2022, p. 29
By Maulana Wahiduddin Khan
عید آغازِ حیات کا دن ہے۔ روزہ کی حقیقت یہ ہے کہ آدمی دنیا سے اور دنیا کی چیزوں سے ایک محدود مدت کے لیے کٹ کر بالکل اللہ کی طرف متوجہ ہو جائے ۔ عید ایک خوش خبری ہے۔ اس بات کی خوش خبری کہ ہم خدا کو پاسکتے ہیں، ہم جنت کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ تزکیۂ نفس اور صبر اور تعلق باللہ کی جو دولت ہم نے رمضان کے دنوں میں پائی ہے، اس کو ساری زندگی میں پھیلا سکتے ہیں۔
جس طرح روزہ محض بھوک پیاس کا نام نہیں ہے۔ اسی طرح عید محض کھیل تماشے کا نام نہیں ہے۔ روزہ کا مہینہ اللہ سے قربت حاصل کرنے کی خصوصی کوشش اور تربیت کا مہینہ ہے اور عید اس دور کا آغاز ہے جو روزہ کی تربیت کی بنیاد پر جاری ہونا چاہیے۔ کسی بزرگ کا قول ہے ــــ عید اس کی نہیں ہے، جو نیا کپڑا پہنے، بلکہ حقیقی عید اس کی ہے، جو قیامت کے دن خدا کی گرفت سے محفوظ ہو: لَيْسَ الْعِيْدُ لِمَنْ لَبِسَ الْجَدِيدَ إِنَّمَا الْعِيْدُ لِمَنْ أَمِنَ الْوَعِيدُ عید کا دن چاہتا ہے کہ ہم نئی ایمانی قوت اور نئے ذوق یقین کے ساتھ زندگی کی جدوجہد میں داخل ہمارے دل خدا کے نور سے منور ہوں ــــ روزہ نے صبر اور تعلق باللہ کی جو طاقت دی ہے اس کو بھر پور طور پر استعمال کیجیے، تاکہ آخرت کی ابدی خوشی آپ کی منزل ہو۔