Al-Risala · July 2024

کوالٹی کی اہمیت

Al-Risala, July 2024, p. 29

By Maulana Wahiduddin Khan

فارسی زبان کا ایک ضرب المثل ہے— جو شمشیر زنی کرتا ہے، اُسی کا سکہ چلتا ہے: ہر کہ شمشیر زند، سکہ بنامش خوانند یہ مثل قدیم زمانے کا مثل ہے، جب کہ دنیا میں فیصلے کی بنیاد جنگ ہوا کرتی تھی۔ مگر اب سائنس کا زمانہ ہے۔ اب دنیا میں سب سے زیادہ اہمیت اعلیٰ کوالٹی (quality) کی ہوگئی ہے۔ انھیں لوگوں کی اہمیت ہے، جن کے پاس دوسروں کو دینے کے لیے اعلیٰ کوالٹی کا پروڈکٹ ہو— کوالٹی ایجوکیشن، کوالٹی انڈسٹری، کوالٹی علاج، کوالٹی مینجمنٹ، کوالٹی سپلائی، کوالٹی بیہیویئر، موجودہ زمانے میں اعلیٰ کوالٹی کی اہمیت اتنی زیادہ ہے کہ آپ خواہ جس شعبے میں ہوں، اگر آپ اعلیٰ کوالٹی کا ثبوت دیں، تو یقینی طور پر آپ کامیاب رہیں گے۔

موجودہ زمانے میں آپ کو حقوق طلبی کی مہم چلانے کی ضرورت نہیں۔ آپ کو نہ ظلم اور سازش پر احتجاج کرنا ہے، اور نہ رائٹ ایکٹوزم کی مہم چلانا ہے۔ آج کی دنیا ایک کھلا بازار ہے۔ آپ کسی بھی شعبہ میں لوگوں کو اعلیٰ کوالٹی کا رزلٹ دینا شروع کر دیں، تو آپ کی کامیابی اتنی زیادہ یقینی ہو جائے گی کہ جس کو کوئی چیلنج نہ کر سکے۔ مجھے ایک شخص کا قصہ معلوم ہے، وہ یوپی کے ایک گاؤں میں پیدا پھر وہ گھر کے حالات سے تنگ آکر بمبئی چلا گیا۔ بمبئی میں اس نے معمولی مزدور کی حیثیت سے گھروں کی پینٹنگ کا کام شروع کیا۔ دھیرے دھیرے اس کا کام اتنا زیادہ بڑھا کہ پورے بمبئی میں پھیل گیا۔ اس کی کامیابی کا راز صرف ایک تھا، اور وہ ہے اعلیٰ کوالٹی پینٹنگ۔ موجودہ زمانے میں اعلیٰ کوالٹی کامیابی کا واحد راز ہے۔ ناخن کٹر (nail cutter) سے لے کر کار تک، ہر چیز میں کامیابی کا راز یہ ہے کہ آپ لوگوں کو اعلیٰ کوالٹی کا پروڈکٹ مثلاً آپ کی ڈیلنگ اعلیٰ کوالٹی کی ڈیلنگ ہو۔ آپ کا کردار ہر معاملے میں قابل پیشین گوئی کردار (predictable character) ہو۔

Printed page