Al-Risala · January 2024

گزر راہِ زمانہ

Al-Risala, January 2024, pp. 6–7

By Maulana Wahiduddin Khan

قرآن کی سورہ عصر کا ترجمہ یہ ہے: قسم ہے زمانہ کی۔ بے شک انسان بڑے خسارہ میں ہے، سوا ان لوگوں کے جو ایمان لائے اور انھوں نے نیک عمل کیا اور ایک دوسرے کو حق کی نصیحت کی اور ایک دوسرے کو صبر کی نصیحت کی (103:1-3)۔

عصر کا مطلب ہے گزرا ہوا زمانہ۔ ’’گزرتے ہوئے‘‘ زمانہ میں انسان ایک ’’ٹھہری ہوئی‘‘ مخلوق ہے۔ وہ بقیہ کائنات کے سرگرم قافلہ کے ساتھ لازمی طور پر بندھا ہوا نہیں ہے۔ زندگی کی یہ آزاد نوعیت بتاتی ہے کہ اس دنیا میں کامیابی کے لیے آدمی کو بالارادہ کوشش کرنا ہے، جب کہ نا کامی اس کی طرف اپنے آپ چلی آ رہی ہے۔

ایک بزرگ نے کہا کہ سورہ عصر کا مطلب میں نے ایک برف بیچنے والے سے سمجھا جو بازار میں آواز لگا رہا تھا کہ لوگو، اس شخص پر رحم کرو جس کا اثاثہ گھل رہا ہے۔ لوگو، اس شخص پر رحم کرو جس کا اثاثہ گھل رہا ہے۔ اس کی پکار کو سن کر میں نے اپنے دل میں کہا کہ جس طرح برف پگھل کر کم ہوتا رہتا ہے، اسی طرح انسان کو ملی ہوئی عمر بھی تیزی سے گزر رہی ہے۔ عمر کا موقع اگر بے عملی یا برے کاموں میں کھودیا جائے تو یہی انسان کا گھاٹا ہے (تفسیر رازی، جلد 32، ص 278)۔ انسان اپنی گزرتی ہوئی عمر کے ساتھ آخرت کے ابدی انجام کی طرف چلا جا رہا ہے۔ فیصلہ کن مستقبل کی طرف بڑھ رہا ہے جہاں کامیابی صرف اس شخص کے لیے ہے جس نے اپنے عمل سے اس کا استحقاق پیدا کیا ہو۔ جو شخص عملی استحقاق کے بغیر وہاں پہونچے اس کے لیے آخرت کے دن ابدی بربادی کے سوا اور کچھ نہیں۔

موجودہ دنیا ایک انتہائی مکمل دنیا ہے۔ یہاں انتہائی با معنی قسم کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ یہ سب کچھ ایک پابند نظام کے تحت ہورہا ہے۔ وسیع کائنات اپنے بے شمار اجزاء کے ساتھ ایک زبردست خدائی قانون میں جکڑی ہوئی ہے ۔ ہر چیز ٹھیک وہی کرنے پر مجبور ہے جس کے لیے اس کو بنایا گیا ہے۔ مگر انسان کا معاملہ بالکل مختلف ہے۔ انسان ، دوسری تمام چیزوں کے برعکس،

بالکل آزاد ہے۔ یعنی انسان کی فلاح بھی تمام تر اسی میں ہے کہ وہ بقیہ کائنات کا ہم سفر بن جائے۔ تاہم اللہ کے منصوبۂ تخلیق کے مطابق، کائناتی طریقہ کو اختیار کرنے یا نہ کرنے کا معاملہ تمام تر اس کی اپنی مرضی پر منحصر ہے، وہ چاہے تو اس کو اپنائے اور چاہے تو نہ اپنائے۔

کائنات کے مقابلہ میں انسان کی مثال ایسی ہے جیسے ٹرین کے مقابلہ میں اسٹیشن پر کھڑے ہوئے مسافر کی۔ ٹرین اپنے تمام اجزاء سمیت انجن کے ساتھ بھاگی چلی جارہی ہے۔ ٹرین کا ہر ڈبہ انجن سے بندھا ہوا ریل کی پٹری پر دوڑ رہا ہے۔ مگر مسافر اور ڈبہ میں یہ فرق ہے کہ ڈبہ تو انجن سے بندھا ہوا اپنے آپ چلا جا رہا ہے۔ مگر انسان اس وقت ٹرین کا مسافر بنتا ہے جب کہ وہ بالقصد اپنے آپ کو اس کے اندر داخل کرکے اس کا شریک سفر بننے پر راضی ہوجائے۔ گویا انسان کو ٹرین کا ہم سفر بننے کے لیے تو ارادی عمل کی ضرورت ہے مگر ٹرین سے بچھڑنے کے لیے کسی عمل کی ضرورت نہیں۔ بچھڑنے کا واقعہ اپنے آپ ہورہا ہے، ٹھیک ویسے ہی جیسے برف پگھل کر ختم ہونے کا واقعہ اپنے آپ مگر اس کو بیچ کر اس سے نفع حاصل کرنے کے لیے بالقصد عمل کی ضرورت ہے۔ کسی طالب علم کے امتحان میں ناکام ہونے کے لیے تو صرف اتنی بات کافی ہے کہ وہ کچھ نہ کرے۔ لیکن اگر وہ کامیاب ہونا چاہتا ہے تو ضروری ہے کہ وہ امتحان کے نظام میں اپنے آپ کو شریک کرے اور ان تقاضوں کو پورا کرے جو تعلیم کے ذمہ داروں نے مقرر کیا ہے۔

انسان کی زندگی کا زیادہ بڑا حصہ وہ ہے جو موت کے بعد شروع ہونے والا ہے۔ پہلے کی زندگی اس کے پورے عرصہ حیات کا محض ایک ابتدائی وقفہ ہے۔ یہی مختصر وقت انسان کا اصل کیوں کہ اسی پر اس کی آئندہ آنے والی طویل تر زندگی کا فیصلہ ہونا ہے۔ اس محدود مدت کو صحیح طور پر استعمال کرنا انتہائی ضروری ہے۔ اس میں معمولی غفلت بھی ناقابل تلافی نقصان کی صورت میں انسان کو بھگتنی پڑے گی۔ اس کو صحیح استعمال کرنے والا کون ہے۔ یہ وہ شخص ہے جو موجودہ دنیا میں تین باتوں کا ثبوت دے سکے۔ ایک وہ جس کو ایمان کہا جاتا ہے۔ یعنی حقیقت کا شعور اور اس کا اعتراف۔ دوسرے عمل صالح۔ یعنی وہی کرنا جو خالق کی اسکیم آف تھنگس کے مطابق درست ہو اور وہ نہ کرنا جو خالق کی اسکیم آف تھنگس کے مطابق درست نہ ہو۔ تیسرے حق و صبر کی تواصی۔ یعنی سچائی کا ادراک اتنا گہرا ہو کہ آدمی اس کا داعی اور مبلغ بن جائے۔

Printed page