Al-Risala · September 2025

نیشنل کیریکٹر

Al-Risala, September 2025, p. 40

By Maulana Wahiduddin Khan

بھارتیہ ودیا بھون ہندوستان کا ایک بہت بڑا تعلیمی اور اشاعتی ادارہ ہے۔ اس کی دعوت پر نومبر 1993 میں میرا ایک سفر بمبئی ( موجودہ ممبئی ) کے لیے ہوا۔ اس سفر کا مقصد یہ تھا کہ بھارتیہ ودیا بھون نے ایک خصوصی جلسہ منعقد کیا تھا، جس میں مجھے شرکت اور خطاب کی دعوت دی گئی تھی۔ جلسے میں، میں نے اپنی آدھ گھنٹے کی تقریر میں دو باتوں پر خاص طور پر زور دیا۔ ایک، ہندو مسلم اور دوسرے، نیشنل کیریکٹر۔ ہندو مسلم ملاپ کی اہمیت کو بتاتے ہوئے میں نے کہا کہ اسی اتحاد کی خاطر مہاتما گاندھی نواکھلی ( بنگلہ دیش ) چلے گئے تھے۔ وہاں کے قیام کے دوران 5 دسمبر 1946ء کو انھوں نے لکھا کہ میرا موجودہ مشن میری زندگی کا بہت مشکل اور بہت پیچیدہ مشن ہے۔ میں اس کی خاطر سب کچھ جھیلنے کے لیے تیار ہوں۔ یہ کرو یا مرو کا امتحان ہے۔ اس وقت کرنے کا مطلب یہ ہے کہ ہندو اور مسلمان دونوں امن کے ساتھ رہنا سیکھیں۔ ورنہ میں اسی راہ میں مر جاؤں گا: نیشنل کیریکٹر کے سلسلہ میں میں نے کہا کہ نیشنل کیریکٹر یہ ہے کہ نیشن ( ملک ) کے ان ٹرسٹ کو سپریم بنایا جائے۔ جہاں ملک کا انٹرسٹ آجائے وہاں ذاتی ان ٹرسٹ کو سکینڈری بنا دیا جائے۔ ( بمبئی کا سفر، نومبر 1993 )

Printed page