Al-Risala · January 2026

ذکر جاری

Al-Risala, January 2026, p. 34

By Maulana Wahiduddin Khan

صوفیوں کے یہاں خدا کے لیے ذکر جاری کا تصور ہے۔ یعنی دوامی طور پر ذکر کی حالت ذکر جاری کا تصور بجائے خود صحیح ہے۔ مگر صوفیا نے اس کو ضرب جاری کے معنی میں لے لیا ہے، یہ ذکر جاری کی غلط تعبیر ہے۔

ذکر جاری لفظی طور پر مطلوب نہیں، بلکہ اس کا معنی مطلوب ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ خدا کی معرفت آدمی کے ذہن میں اتنا زیادہ سما جائے کہ اس کو ہمیشہ خدا یاد آتا ہر واقعے، ہر لمحے کے حوالے سے اس کے لیے ہمیشہ خداوند ذوالجلال کی یاد تازہ ہوتی رہے۔

اس دنیا میں جو کچھ ہے، وہ سب خدا کا انعام ہے۔ ذرہ سے لے کر آفتاب تک ہر چیز براہ راست خدا کا یک طرفہ عطیہ ہے۔ جب بھی آپ کوئی چیز دیکھتے ہیں، کسی چیز کا تجربہ کرتے ہیں تو وہ خدا کے انعام کا ایک تجربہ ہوتا ہے۔ انعام کے اس تجربہ میں منعم (giver) کا اعتراف کرتے رہنا، یہی ذکر جاری ہے۔

Printed page