Al-Risala · July 1982 · page 10

اختلاف نہیں

الرسالہ، جولائی ۱۹۸۲، صفحہ ۱۰

اختلاف نہیں

سب سے بڑی طاقت اتحاد ہے اور سب سے بڑی کمزوری اختلاف ۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام میں ہر قیمت پر اتحاد کو باقی رکھنے کا حکم ہے، خواہ اس کی خاطر کسی دوسری بڑی چیز کو قربان کر دینا پڑے۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام فرعون سے نجات پانے کے بعد چالیس دن کے لئے کوہ طور پر گئے ۔ اس درمیان میں سامری نے بنی اسرائیل کو گو سالہ پرستی میں مبتلا کر دیا۔ یہ کھلا ہوا شرک تھا۔ حضرت ہارون حضرت موسیٰ کی غیر موجودگی میں، بنی اسرائیل کے ذمہ دار تھے۔ انھوں نے بنی اسرائیل کو کافی سمجھایا مگر وہ نہ رکے۔ جب حضرت موسیٰ کوہ طور سے واپس آئے اور قوم کو شرک میں مبتلا دیکھا تو قرآن کے بیان کے مطابق، انھوں نے حضرت ہارون سے سخت باز پرس کی۔ انھوں نے کہا کہ اے ہارون، جب تم نے دیکھا کہ قوم کے لوگ بہک گئے ہیں تو تم کو ان کی اصلاح سے کس چیز نے روکا۔ کیا تم میرے راستہ سے ہٹ گئے ۔ حضرت ہارون نے کہا، اے میرے بھائی، میری داڑھی اور میرا سر نہ پکڑئے۔ میں نے بہت کوشش کی ۔ مگر مجھ کو اندیشہ ہوا کہ آپ یہ کہیں کہ تم نے بنی اسرائیل کے درمیان پھوٹ ڈال دی اور میری بات یاد نہ رکھی (طہ ۹۳-۹۲)

حضرت موسیٰ کے پیچھے پیچھے حضرت ہارون بنی اسرائیل کے نگراں تھے۔ انھوں نے جب دیکھا کہ بنی اسرائیل ایک شخص کے فریب میں آ کر شرک کر رہے ہیں تو انھوں نے زبانی نصیحت کی حد تک انھیں روکنے کی پوری کوشش کی مگر وہ نہ رکے۔ حضرت ہارون، جو شریک نبوت تھے، انھوں نے حضرت موسیٰ کو جواب دیا کہ اگر میں زبانی نصیحت سے آگے بڑھ کر عملی مقابلہ کی حد تک جاتا تو مجھے ڈر تھا کہ برائی تو ختم نہ ہوگی البتہ بنی اسرائیل دو ٹکڑوں میں بٹ جائیں گے۔ کچھ لوگ میرا ساتھ دیں گے اور کچھ سامری کا۔ اور پھر دونوں کے درمیان ٹکراؤ شروع ہو جائے گا۔ اس پھوٹ سے بچنے کے لئے میں نے ایسا کیا کہ برائی کے خلاف عملی اقدام نہ کر کے اس وقت کا انتظار کرتا رہا جب کہ آپ واپس آئیں اور پھوٹ کا خطرہ مول لئے بغیر مسئلہ کو حل کیا جا سکے۔ حضرت موسیٰ نے ان کے اس عذر کو تسلیم کر لیا۔ اس سے معلوم ہوا کہ اہلِ ایمان کے درمیان باہمی تفریق اتنی بری ہے کہ اس سے بچنے کی خاطر بڑی سے بڑی چیز بھی گوارا کی جاسکتی ہے۔ اجتماعی زندگی میں ہر دوسری چیز کی اہمیت اتحاد کے بعد ہے۔ ہر اہم چیز اس وقت غیر اہم بن جاتی ہے جب کہ اس کو حاصل کرنے کے لئے اتحاد و اتفاق کی قیمت دینی پڑے۔

‹ Previous page Next page › Contents of July 1982 All issues

Printed page