دعوت کا میدان
الرسالہ، جولائی ۱۹۸۲، صفحہ ۸
دعوت کا میدان
دوسری جنگ عظیم میں جرمنی اور جاپان ایک فوجی اتحاد میں شامل تھے جس کو محوری طاقتیں (Axis Powers) کہا جاتا تھا۔ ۱۹۴۰ میں اس اتحاد کا نعرہ تھا۔ آج یورپ ، کل دنیا : Today Europe, tomorrow the world اس مقصد کے لئے جرمنی اور جاپان نے وہ خوفناک جنگ چھیڑی جس کو دوسری جنگ عظیم کہا جاتا ہے۔ مگر ہم جانتے ہیں کہ فوجی طاقت کے ذریعہ دنیا پر اپنی بالا دستی قائم کرنے کا یہ منصوبہ سراسر نا کام رہا۔ تاہم جنگ میں ناکامی نے جرمنی اور جاپان کو سبق دیا۔ انہوں نے اپنے فوجی منصوبہ کو ترک کرکے اپنی ساری توجہ صنعتی اور اقتصادی منصوبوں پر لگادی۔ طریق عمل کی اس تبدیلی کا شاندار نتیجہ برآمد ہوا خاموش عمل نے ان ملکوں کو اقتصادی ترقی کے بلند ترین مقام پر پہنچا دیا۔ آج جرمنی اور خاص طور پر جاپان نے ساری دنیا میں صنعتی بالا دستی کا مقام حاصل کر لیا ہے۔ دنیا کے بازار ان کی صنعتی پیداواروں سے پٹے ہوئے ہیں۔ اس واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے لندن کا ایک ہفتہ وار میگزین "نیو سوسائٹی" (۵ فروری ۱۹۸۱) یہ معنی خیز جملہ لکھتا ہے کہ ان قوموں نے اپنے اس خواب کو امن سے پورا کر لیا جو ان کو ۴۰ سال پہلے جنگ کے میدان میں لے گیا تھا :
They have fulfilled in peace the visions which took them to war 40 years ago. جدید صنعتی قوموں کے اس واقعہ میں مسلمانوں کے لئے بہت بڑا سبق ہے ، مسلمان پچھلے سوسال سے اپنے حریفوں کے مقابلہ میں سیاسی اور فوجی لڑائی چھیڑے ہوئے ہیں۔ ان لڑائیوں میں جان و مال کا اتنا زیادہ نقصان ہوا جس کا شمار نہیں کیا جاسکتا۔ تاہم بے پناہ قربانیوں کے باوجود ان کا کوئی فائدہ مسلمانوں کو نہیں ملا۔ اب وقت آ گیا ہے کہ مسلمان اپنی جدید تاریخ پر نظر ثانی کریں اور اپنے طریق عمل کو بدل دیں۔ مسلمان کے پاس قرآن اور دین حق کی صورت میں اس سے زیادہ بڑی طاقت موجود ہے جس کو جرمنی اور جاپان نے سائنس اور ٹیکنالوجی کی صورت میں پایا ہے۔ مسلمان اگر سیاسی ہنگاموں اور فوجی مقابلہ آرائیوں کو چھوڑ دیں اور اپنی ساری قوت دیگر اقوام میں اسلام کی اشاعت پر لگائیں تو یقینی طور پر وہ اپنے ان حوصلوں کی تکمیل کر سکتے ہیں جن کی تکمیل میں وہ اب تک ناکام رہے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ مسلمان جس چیز کو ”جنگ“ کے میدان میں ناکام طور پر تلاش کر رہے ہیں وہ ”دعوت“ کے میدان میں کامیاب طور پر موجود ہے۔ بشرطیکہ وہ اس کو جانیں اور اس کو صحیح طور پر استعمال کریں۔
‹ Previous page Next page › Contents of July 1982 All issues