Tazkirul Quran, Qur’an 18:29
The Cave (Al-Kahf)
By Maulana Wahiduddin Khan
Commentary
جو حق خدا کی طرف سے آتا ہے وہ آخری حد تک صداقت ہوتا ہے۔ اس لیے لوگوں کی رعایت سے اس میں کسی قسم کی ترمیم نہیں کی جاسکتی۔ خدائی حق میں ترمیم کرنا گویا اس معیار کو تبدیل کرنا ہے۔جس پر جانچ کر ہر شخص کی حیثیت متعین کی جانے والی ہے۔
انسان کو موجودہ دنیا میں آزمائش کے لیے رکھا گیا ہے ۔ آزمائش لازمی طور پر آزادی چاہتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انسان کو کائنات کے بقیہ اجزاء کی طرح مجبور نہیں کیا گیا ۔ اس کو اختیار ہے کہ چاہے تو اپنے آپ کو نظامِ خداوندی کے مطابق بنائے۔ اور چاہے تو اس سے منحرف ہوجائے۔ مگر یہ آزادی صرف عمل کے لیے ہے، نہ کہ انجام کے لیے ۔انسان کاآخری انجام بہر حال وہی ہو نا ہے جو خدا کے محکم قانون کے مطابق اس کا ہونا چاہیے۔
جو لوگ یہ چاہتے ہیں کہ خدائی حق میں ایسی ترمیم کی جائے کہ اس سے ان کی غلط روش کا جواز نکل آئے وہ گمراہی پر سرکشی کا اضافہ کررہے ہیں۔ ایسے لوگوں کو اپنے لیے صرف سخت ترین سزا کا انتظار کرنا چاہیے۔