Tazkirul Quran (Urdu) · The Prophets (Al-Anbiya’)

Tazkirul Quran, Qur’an 21:98–103

The Prophets (Al-Anbiya’)

By Maulana Wahiduddin Khan

Commentary

عبد اللہ بن الزبعری قدیم عرب کا ایک مشہور شاعر تھا۔ یہ آیت اتری تو اس نے لوگوں سے کہا کہ محمد ؐ سے پوچھو کہ آپ کے خیال میں خدا کے سوا جتنے معبود ہیں اور جو ان کے عابد ہیں، سب کے سب جہنم میں جائیں گے، تو ہم تو فرشتوں کی عبادت کرتے ہیں۔ یہود عزیر پیغمبر کی عبادت کرتے ہیں۔ نصاریٰ مسیح پیغمبر کی عبادت کرتے ہیں۔ مشرکین اس نکتہ کو پاکر بہت خوش ہوئے اور آپ سے جاکر سوال کیا۔ آپ نے فرمایا کہ ہر ایک جس نے پسند کیا کہ وہ خدا کے سوا پوجا جائے تو وہ اس کے ساتھ ہوگا جس نے اسے پوجا (كُلَّ مَنْ أَحَبَّ أَنْ يُعْبَدَ مِنْ دُونِ اللهِ فَهُوَ مَعَ مَنْ عَبَدَهُ) سیرت ابن ہشام، جلد 1، صفحہ 359 ۔اس جواب کے بعد عبد اللہ بن الزبعری نے مزید بحث نہیں کی۔ بعد میں اس نے فتح ِمكه کے موقع پر اسلام قبول کرلیا (تفسیر ابن کثیر، الجزء الثالث، صفحہ 199)۔

اس سے معلوم ہوا کہ اِس آیت کے مصداق یا تو پتھر وغیرہ کے بت ہیں یا وہ معبود جو خود بھی اپنے معبود بنائے جانے پر راضی رہا ہو۔ جس نے خدا کے سوا کسی کو معبود بنایا اور جس نے اپنے معبود بننے کو پسند کیا، دونوں ایک ساتھ اس لیے جہنم میں ڈالے جائیں گے تاکہ لوگوں کو عبرت ہو۔

قیامت کا دن انتہائی ہولناک دن ہوگا۔ مگر جن لوگوں کو یہ توفیق ملی کہ وہ قیامت کے آنے سے پہلے قیامت سے ڈرے وہ اس دن کی دہشت سے محفوظ رہیں گے۔ وہ جنت کی راحتوں سے بھری ہوئی دنیا میں داخل کردئے جائیں گے۔

‹ Previous passage Next passage › Open in the reader

Printed page