Tazkirul Quran (Urdu) · The Pilgrimage (Al-Hajj)
Tazkirul Quran, Qur’an 22:63–64
The Pilgrimage (Al-Hajj)
By Maulana Wahiduddin Khan
Commentary
دنیا میں جب ایک آدمی حق کے اوپر اپنی زندگی کھڑی کرتاہے تو اس کو طرح طرح کی مشکلیں پیش آتی ہیں۔ شیطان لوگوں کو ورغلاتا ہے اور وہ اس کوستانے کے لیے جری ہو جاتے ہیں۔ یہ صورت حال بڑی سخت ہوتی ہے۔ اس کو دیکھ کر حق پرست آدمی مایوسی میں مبتلا ہونے لگتا ہے۔
مگر کائنات زبان حال سے کہتی ہے کہ یہاں کسی بندۂ خدا کے لیے مایوسی کا کوئی سوال نہیں۔ خدا ہر سال یہ منظر دکھاتاہے کہ زمین کا سبزہ گرمی کی شدت سے جھلس جاتا ہے۔ مٹی خشک ویران نظرآنے لگتی ہے۔ بظاہر اس میں زندگی کا کوئی امکان نہیں ہوتا۔ اس کے بعد بارش برستی ہے۔ اور خشک مٹی میں سبزہ لہلہا اٹھتاہے۔
یہ خدا کی قدرت کا ایک نمونہ ہے جو ہر سال مادی سطح پر دکھایا جاتاہے۔ پھر خدا کے لیے کیا مشکل ہے کہ وہ انسانی سطح پر بھی اپنا یہی کرشمہ دکھا دے۔