Tazkirul Quran, Qur’an 24:30
Light (Al-Nur)
By Maulana Wahiduddin Khan
Commentary
عورت اور مرد گھر میں اور معاشرہ میں کس طرح رہیں، اس سلسلہ میں یہاں دو اصولی ہدایتیں دی گئی ہیں۔ ایک ہے ستر کو ڈھانکنا۔ اور دوسرے نگاہ کو نیچی رکھنا۔
مرد کے جسم کا وہ حصہ جو اس کو ہر حال میں چھپائے رکھنا ہے وہ ناف سے لے کر گھٹنے تک ہے۔ یہ ستر ہے اور اس کو اپنی بیوی کے سوا کسی اور کے سامنے کھولنا جائز نہیں۔ اِلاّ یہ کہ اس نوعیت کی کوئی ضرورت پیش آجائے جب کہ حرام بھی حلال ہوجاتا ہے۔ مثلاً طبی معائنہ کے لیے۔
دوسری ضروری چیز یہ ہے کہ جب مرد اور عورت کا سامنا ہو تو مردوں کو چاہیے کہ وہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں۔ مرد اور عورت کی ملاقات اس طرح بے تکلف انداز میں نہیں ہونی چاہیے جس طرح مرد اور مرد ایک دوسرے سے ملتے ہیں۔ مرد اور عورت کی ملاقات میں مرد کی نگاہیں نیچی رہنی چاہئیں۔ اگر اتفاقاً مرد کی نگاہ کسی اجنبی عورت پر پڑ جائے تو وہ فوراً اپنی نظر اس سے ہٹا لے۔ وہ بالقصد دوسری بار اس کی طرف نہ دیکھے۔
غض بصر اور حفاظت فروج کا جو حکم مردوں کے لیے ہے وہی حکم عورتوں کے لیے بھی ہے، جیسا کہ اگلی آیت 31 سے واضح ہے۔