Tazkirul Quran (Urdu) · Victory (Al-Fath)

Tazkirul Quran, Qur’an 48:8–10

Victory (Al-Fath)

By Maulana Wahiduddin Khan

Commentary

شاہ ولی اللہ صاحب نے شاہد کا ترجمہ اظہار حق کنندہ (حق کا اظہار کرنے والا) کیا ہے۔ یہی اس لفظ کا صحیح ترین مفہوم ہے۔ پیغمبر کا اصل کام یہ ہوتا ہے کہ وہ حقیقت کا اعلان و اظہار کردے۔ وہ واضح طور پر بتا دے کہ موت کے بعد کی ابدی زندگی میں کن لوگوں کے لیے خدا کا انعام ہے اور کن لوگوں کے لیے خدا کی سزا۔

ایسے ایک شاہد حق کا کھڑا ہونا اس کے مخاطبین کے لیے سب سے زیادہ سخت امتحان ہوتا ہے۔ ان کو ایک بشر کی آوازمیں خدا کی آواز کو سننا پڑتا ہے۔ ایک بظاہر انسان کو خدا کے نمائندہ کے روپ میں دیکھنا پڑتا ہے۔ ایک انسان کے ہاتھ میں اپنا ہاتھ دیتے ہوئے یہ سمجھنا پڑتا ہے کہ وہ اپنا ہاتھ خدا کے ہاتھ میں دے رہے ہیں۔ جو لوگ اس اعلیٰ معرفت کا ثبوت دیں ان کے لیے خدا کے یہاں بہت بڑا اجر ہے اور جو لوگ اس امتحان میں ناکام رہیں ان کے لیے سخت ترین سزا۔

‹ Previous passage Next passage › Open in the reader

Printed page