Urdu book · آخری سفر

پانچ سیکنڈ کا فاصلہ

Urdu book, p. 27

By Maulana Wahiduddin Khan

پانچ سیکنڈ کا فاصلہ ۳ جون ۱۹۷۹ء کو راقم الحروف میرٹھ میں تھا۔ شام کا وقت تھا۔ میں اور مولانا شکیل احمد قاسمی صدر بازار کی سڑک پر ایک ساتھ جا رہے تھے۔ اس کے بعد اچانک ایک واقعہ ہوا۔ ہمارے سامنے ایک مکان کے آگے دھماکہ کے ساتھ گر پڑا۔ اینٹ اور پتھر سڑک پر ڈھیر ہوگئے ۔ اس وقت ہم دونوں جائے حادثہ سے بمشکل پانچ سیکنڈ کی مسافت پر تھے۔ اگر ہم پانچ سیکنڈ آگے ہوتے یا مکان پانچ سیکنڈ بعد گرتا تو یقیناً ہم دونوں اس کی زد میں آجاتے ۔ ہمارا سفر شاید درمیانی ہی میں ختم ہوجاتا جس کی منزل ہم نے بہت آگے سمجھ رکھی تھی۔ میں نے سوچا ۔ آدمی اور اس کی موت کے درمیان صرف پانچ سیکنڈ کا فاصلہ ہے۔ کسی بھی آدمی کے لئے ہر آن یہ اندیشہ ہے کہ اس کا پانچ سیکنڈ کا سفر پورا ہو جائے اور اچانک وہ اپنے آپ کو دوسری دنیا میں پائے۔ آدمی اگر اچھی طرح اس بات کو جان لے کہ اس کے اور موت کے درمیان صرف پانچ سیکنڈ کا فاصلہ ہے تو اس کی دنیا بالکل بدل جائے ۔ وہ ایک اور ہی قسم کا انسان بن جائے ۔ وہ دنیا میں رہتے ہوئے آخرت میں جینے لگے۔ زندگی کا راز یہ ہے کہ آدمی اس بات کو جان لے کہ وہ ہر وقت موت کے کنارے کھڑا ہوا ہے۔ ایسی موت جس کے مابعد آدمی ، حدیث کے الفاظ میں، یا تو جنت کے باغوں میں سے ایک باغ میں داخل ہو جاتا ہے ، یا دوزخ کے گڑھوں میں سے ایک گڑھے میں جا گرتا ہے۔ آدمی کا ہر قدم اس کو دو انتہائی انجام میں سے کسی ایک انجام کے قریب پہنچا رہا ہے۔ مگر انسان اتنا بے حس بنا ہوا ہے کہ اس کو اس کی خبر نہیں۔ لوگ جھوٹی خدا پرستی پر بھروسہ کئے ہوئے ہیں ۔ حالانکہ آخرت میں صرف حقیقی خدا پرستی کسی شخص کے کام آئے گی ۔ حقیقی خدا پرستی یہ ہے کہ آدمی اس طرح اللہ سے ڈرنے لگے کہ وہ اس کے ذہن پر چھا جائے ، وہ اس کے صبح و شام کا نگراں بن جائے۔ وہ جو کچھ کرے یہ سمجھ کر کرے کہ وہ خدا کے سامنے ایسا کر رہا ہے۔ اس کو دنیا سے زیادہ آخرت کی فکر ستانے لگے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page