دریافت کی لذت
Urdu book, p. 98
By Maulana Wahiduddin Khan
دریافت کی لذت سورج ہماری زمین سے بارہ لاکھ گنا بڑا اور اس سے ساڑھے نو کروڑ میل دور ہے۔ پھر بھی سورج کی روشنی اور حرارت بے پناہ مقدار میں ہم تک پہنچ رہی ہے۔ یہ سورج کائنات کا نسبتاً ایک چھوٹا ستارہ جو قریب ہونے کی وجہ سے ہم کو بڑا دکھائی دیتا ہے۔ اکثر ستارے سورج سے بہت زیادہ بڑے ہیں اور اس سے بہت روشن بھی۔ روشنی اور حرارت کی یہ عظیم دنیا ئیں جن کو ستارہ کہا جاتا ہے بے شمار تعداد میں خلا میں پھیلی ہوئی ہیں۔ کھرب ہا کھرب سال سے دہکنے کے باوجود ان کا حرارتی بھنڈار ختم نہیں ہوتا۔ ستاروں میں یہ بے پناہ قوت (Energy) کیسے پیدا ہوتی ہے۔ ہنس بیٹے (2005-1906) نے فلکیاتی طبیعیات کے میدان میں لمبی تحقیق کے بعد بتایا کہ اس کا راز کاربن سائیکل (Carbon Cycle) ہے۔ اسی تحقیق پر 1967 میں موصوف کو طبیعیات کا نوبل انعام دیا گیا۔ ڈاکٹر بیٹے (Hans Bethe) نے جس دن کاربن سائیکل کی یہ سائنسی دریافت کی، وہ ان کے لیے جوش ومسرت کا ایک ناقابل بیان لمحہ تھا۔ ان کی بیوی روز بیٹے ( Rose Bethe) کہتی ہیں کہ رات کا وقت تھا۔ ہم نیو میکسیکو کے صحرا میں تھے۔ صحرائی ماحول میں آسمان کے ستارے عجیب شان کے ساتھ چمک رہے تھے۔ روز بیٹے نے اوپر نگاہ کی اور حیران ہو کر کہا" آکاش کے ستارے کتنا زیادہ چمک رہے ہیں"، ڈاکٹر بیٹے نے جواب دیا ۔ کیا تم کو خبر ہے کہ اس وقت تم اس واحد انسان کے عین قریب کھڑی ہو جو یہ جانتا ہے کہ یہ ستارے آخر چمکتے کیوں ہیں: Do you realize, just now you are standing next to the only human who knows why they shine at all.

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader