Urdu book · عقلیات اسلام

اسپیچ ٹیکنالوجی

Urdu book, p. 48

By Maulana Wahiduddin Khan

امریکا کے بازار میں ایسے ٹیلی فون فروخت ہورہے ہیں کہ آپ زبانی طور پر کہیں کہ فلاں جگہ کا نمبر ملاؤ اور وہ اپنے آپ وہاں کا نمبر ملا دے گا۔ شکاگو ائیر پورٹ پر مختلف مقامات کے لگیج کی تقسیم اس طرح کی جارہی ہے کہ آدمی زبان سے جگہ کا نام لیتا ہے اور کمپیوٹر فوراً اس کو مذکورہ جگہ کے خانہ میں پہنچا دیتا ہے۔ تاہم اس قسم کی مشینیں ابھی اتنا زیادہ قیمتی ہیں کہ عام آدمی ان کی خریداری کا تحمل نہیں کر سکتا۔ صرف حکومتیں یا بڑے بڑے تجارتی ادارے ہی ان کو خرید کر اپنے یہاں رکھ سکتے ہیں (ٹائمز آف انڈیا، 6 ستمبر (1985ء۔ قرآن میں ارشاد ہوا ہے کہ اللہ جب کسی کام کو کرنا چاہتا ہے تو صرف یہ کہہ دیتا ہے کہ ہو جا اور وہ ہو جاتا ہے (16:40)۔ قدیم زمانہ کے انسان کو یہ بات قابل فہم نظر نہیں آتی تھی کہ لفظ بولنے سے کس طرح عملی واقعات ظہور میں آئیں گے۔ مگر آج اسپیچ ٹکنالوجی نے اس کو بالکل قابل فہم بنا دیا ہے۔ یہ خدا کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ہے جو ایک بڑی حقیقت کا چھوٹی سطح پر مظاہرہ کر رہی ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page