Urdu book · اسفارِ ہند

تمہید

Urdu book, p. 4

By Maulana Wahiduddin Khan

تمهيد اس مجموعہ میں راقم الحروف کے وہ ملکی سفر نامے شامل کیے گئے ہیں جو خاص طور پر غیر مسلموں کے جلسوں اور کانفرنسوں میں شرکت کے بعد لکھے گئے۔ اس قسم کے ملکی اسفار کی تعداد بہت زیادہ ہے تاہم ان کا ایک ضروری حصہ اس مجموعہ میں شامل کیا جارہا ہے۔ یہ سفر نامے سادہ طور پر سفر نامے نہیں ہیں بلکہ وہ وسیع تر ہندوستان کا مطالعہ ہیں۔ ان میں دوسرے فرقوں اور مذہبوں کے بارے میں تفصیلی معلومات جمع کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ یہ گویا سفر نامہ کی صورت میں ملک کی تاریخ کا ایک مطالعہ ہے۔ راقم الحروف کا مقصد ہمیشہ سے یہ رہا ہے کہ اس ملک میں مختلف فرقے مل جل کر امن کے ساتھ رہیں۔ تاکہ ملک ترقی کرے کیوں کہ امن ہر ترقی کے لیے بالکل لازمی ہے۔ امن کے بغیر کسی بھی قسم کی ترقی نہیں ہوسکتی۔ اسی کے ساتھ راقم الحروف کا ایک مستقل مشن یہ رہا ہے کہ وہ اسلام کے خلاف غلط فہمیوں کو دور کرے اور اسلام کا مثبت تعارف لوگوں تک پہنچائے۔ اس کے نمونے بھی زیر نظر مجموعہ میں قاری کے سامنے آئیں گے۔ یہ سفر نامے بظاہر وقتی ہیں۔ مگر ان میں جن باتوں کو شامل کیا گیا ہے وہ اپنی نوعیت کے اعتبار سے دائمی ہیں۔ یہ وقتی حالات کی زبان میں ابدی قدروں کا بیان ہے۔ اس کی افادیت کسی زمانہ کے ساتھ بندھی ہوئی نہیں۔ وحید الدین ۱۱ / ۹ / ۱۹۹۶ء

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page