کون سا مذہب
Urdu book, p. 22
By Maulana Wahiduddin Khan
کون سا مذہب ڈاکٹر رادھا کرشن (۱۹۷۵ - ۱۸۸۸) ہندوستان کے مشہور مصنف اور فلسفی تھے۔ ان کی ایک کتاب وہ ہے جس کا نام مذہب اور کلچر (Religion and Culture) ہے ۔ اس کتاب میں انھوں نے دکھایا ہے کہ مذہب انسان کے لیے لازمی طور پر ضروری ہے ۔ مذہب کے بغیر انسان زندہ نہیں رہ سکتا ۔ اس سلسلہ میں وہ کہتے ہیں کہ سوال مذہب یا بے مذہب کا نہیں بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ کس قسم کا مذہب : ڈاکٹر رادھا کرشنن نے جس قسم کے مذہب کی وکالت کی ہے ، وہ مذہب وہ ہے جو وحدت ادیان پر عقیدہ رکھتا ہو۔ یعنی یہ تصور کہ ایک ہی آفاقی حقیقت ہے جو ہر مذہب میں ظاہری فرق کے ساتھ پائی جاتی ہے ۔ یہ نظریہ در اصل جز پر کل کو قیاس کر کے وضع کیا گیا ہے ۔ یہ صحیح ہے کہ دو مختلف سچائیوں میں جزئی فرق ہو سکتے ہیں، تاہم اس جزئی فرق کے باوجود دونوں سچائیاں ایک مانی جائیں گی ۔ مگر جب فرق کل کی نوعیت کا ہو، مثلاً ایک مذہب کہے کہ خدا ہے ، اور دوسرا مذہب کہے کہ مستقل بالذات حیثیت سے خدا کا کوئی وجود نہیں ، اس طرح کے فرق جہاں پائے جائیں وہاں کوئی ایک ہی مذہب سچا ہوگا نہ کہ دونوں مذہب ۔ مذہب کی ایک قسم وہ ہے جو ذاتی تجربات کو مذہب کی بنیاد بتاتی ہے ۔ اس قسم کا مذہب سراسر ناقابل قبول ہے۔ کیوں کہ اصل سوال استناد کا ہے ۔ ذاتی تجربہ کی بنیاد پر جو مذہب بنے ، اس کو مستند نہیں کہا جا سکتا ، اس لیے وہ قابل قبول بھی نہیں ہو سکتا ۔ وہ کون سا مذہب ہے جس کو اختیار کیا جائے ۔ خالص علمی اعتبار سے اس کا جواب یہ ہے کہ وہ مذہب جو ثابت شدہ ہو۔ یعنی وہ مذہب جو تاریخ کے معیار پر مستند ثابت ہو ۔ وہ مذہب جس کا پیغمبر تاریخی پیغمبر ہو، جس کی دی ہوئی کتاب اپنی اصل صورت میں محفوظ ہو۔ جو تاریخ کی کسوٹی پر پوری طرح معتبر قرار پاتا ہو۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader