اسلام کی برکت
Urdu book, p. 171
By Maulana Wahiduddin Khan
اسلام آدمی کی زندگی کو با معنی زندگی بناتا ہے۔ اسلام کے اندر ہر آدمی کے لیے افادیت ہے۔ اسلام ہر آدمی کی تلاش کا صحیح ترین جواب ہے۔ ڈاکٹر جارودی (Roger Garaudy) فرانس میں ۱۹۱۳ ء میں پیدا ہوئے۔ وہ عیسائی خاندان سے تعلق رکھتے تھے ، ۱۹۳۳ ء کے مشہور اقتصادی بحران نے ان کے ذہن پر اثر ڈالا ۔ وہ فرانس کی کمیونسٹ پارٹی میں شامل ہوگئے، تاہم ان کو ذہنی اطمینان نہ مروجۂ مسیحیت میں ملا اور نہ کمیونزم میں۔ بعد کو انھوں نے اسلام کا مطالعہ کیا اور ۱۹۸۲ ء میں اسلام قبول کر لیا۔ ڈاکٹر جارودی کو ۱۹۸۶ء میں شاہ فیصل فاؤنڈیشن کے تحت خدمتِ اسلام کا نصف ایوارڈ دیا گیا ۔ اس موقع پر ریاض میں ایک تقریب ہوئی جس میں ڈاکٹر جارودی نے اپنے حالات کے بارہ میں مفصل تقریر کی۔ یہ تقریر انھوں نے فرانسیسی زبان میں کی تھی ۔ اس کا مکمل عربی ترجمہ سعودی اخبار الرياض ( ۲ رجب ۱۴۰۶ ھ ، ۱۲ مارچ ۱۹۸۶ ء) میں شائع ہوا۔ ڈاکٹر جارودی کا ذہن جب کمیونزم سے ہٹا اور وہ مذہب کی جانب مائل ہوئے تو ابتداً ان کا میلان مسیحیت کی طرف ہوا۔ اس کے بعد انھوں نے باقاعدہ طور پر اسلام قبول کر لیا۔ اسلام میں انھوں نے اپنے پورے ذہنی اطمینان کو پالیا۔ الحاد سے اسلام کی طرف اپنے اس سفر کو بتاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میں نے ایسا اس لیے کیا تا کہ کر کے گار ڈ (Kierkegaard) کے الفاظ میں ، اپنی زندگی کو با معنی بنا سکوں (حتی اعطی لحیاتی معنی) زندگی میں معنویت کی تلاش ایک فطری جذبہ ہے ۔ وہ ہر آدمی کے اندر لازمی طور پر اور پیدائشی طور پر پایا جاتا ہے۔ اپنی اس اندرونی تلاش کا جواب پانے کے لیے وہ ہر طرف دوڑتا ہے ۔ مگر دوسری تمام چیزوں میں اس کا جواب یا تو سرے سے موجود نہیں ہے یا اگر ہے تو جزئی طور پر ہے ۔ اس لیے دوسری چیزوں میں انسان کو یہ تسکین نہیں ملتی کہ اس نے اپنی تلاش کا صحیح اور کامل جواب پا لیا ہے۔ اس تلاش کا صحیح اور مکمل جواب صرف خدا کے محفوظ دین _____________ اسلام میں موجود ہے۔ اسلام کی یہ امتیازی صفت اس کی دعوتی کامیابی کی سب سے بڑی ضمانت ہے۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader