Urdu book · عظمتِ اسلام

قرآن خدا کی کتاب

Urdu book, p. 60

By Maulana Wahiduddin Khan

قرآن خدا کی کتاب اللہ تعالیٰ نے قرآن میں اُس کی بابت یہ اعلان کیا تھا کہ ــــــــ جن لوگوں نے نصیحت کی اس کتاب کا انکار کیا جب کہ وہ اُن کے پاس آگئی ، اور بے شک یہ ایک زبردست کتاب ہے۔ اس میں باطل نہ اس کے آگے سے آسکتا ہے اور نہ اس کے پیچھے سے۔ یہ حکیم و حمید کی طرف سے اتاری گئی ہے (حم السجدہ ۴۱-۴۲) تقریباً ڈیڑھ ہزار سال پہلے جب قرآن اترا، اس وقت ان الفاظ کی حیثیت ایک پیشین گوئی کی تھی۔ آج یہ پیشین گوئی ایک تاریخی واقعہ بن چکی ہے۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ کتاب ایک استثنائی نوعیت کی کتاب ہے ۔ وہ ایک ایسے خدا کی طرف سے بھیجی گئی ہے جو تمام طاقتوں سے زیادہ بڑی طاقت کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر قسم کے مخالفانہ حالات کے باوجود یہ ممکن نہ ہو سکا کہ اس میں کوئی دخل اندازی یا بگاڑ واقع ہو ، نہ براہ راست اور نہ بالواسطہ ۔ یہ کوئی سادہ سی بات نہیں، یہ ایک انتہائی غیر معمولی بات ہے ۔ اس قسم کے ایک واقعہ کو اسباب کی دنیا میں ظہور میں لانے کے لیے کائناتی طاقتیں درکار ہیں ۔ اس کو صرف خداوند عالم ہی ظہور میں لاسکتا ہے۔ اور یہی اس بات کا ثبوت ہے کہ قرآن خدا وند عالم کی کتاب ہے ۔ اس پیشین گوئی کو عالم اسباب میں واقعہ بننے کے لیے ضروری تھا کہ ایک طاقتور انسانی گروہ مستقل طور پر اس کی پشت پر موجود رہے۔ پچھلے نبیوں کی تعلیمات اور اس کی تعلیمات میں غیر مطابقت پیدا نہ ہو۔ کوئی ادیب یا مفکر قرآن کا جواب لکھنے پر قادر نہ ہو۔ کوئی نئی نبوت نبوت محمدی کی حریف بن کر نہ ابھر سکے۔ علوم انسانی کا ارتقا، اس کی کسی بات کو کبھی غلط ثابت نہ کرے ۔ تاریخ کا آثار پڑھاؤ کبھی اس پر اثر انداز نہ ہونے پائے ۔ قرآن کی زبان (عربی) ہمیشہ ایک زندہ زبان کی حیثیت سے باقی رہے۔ وغیرہ قرآن کے نزول کے بعد سے اب تک کی لمبی تاریخ بتاتی ہے کہ یہ تمام اسباب حیرت انگیز طور پر اس کے حق میں جمع رہے ہیں۔ قرآن کے سوا کوئی بھی دوسری کتاب ایسی نہیں جس کے حق میں یہ غیر معمولی واقعہ پیش آیا ہو۔ قرآن کا یہ استثنائی معاملہ اس بات کا یقینی ثبوت ہے کہ قرآن خدا کی کتاب ہے ، وہ کسی جن یا کسی انسان کی تصنیف نہیں ۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page