Urdu book · دین کامل

حکمت اسلام

Urdu book, p. 124

By Maulana Wahiduddin Khan

تدرّج کی ضرورت اگر یہ سوال کیا جائے کہ گھر کیا ہوتا ہے تو گھر کی پوری تصویر اس کے تمام اجزا سمیت بیک وقت آدمی کے سامنے رکھ دی جائے گی ۔ لیکن اگر سوال یہ ہو کہ گھر کیسے بنتا ہے تو جواب کی شکل دوسری ہوگی ۔ اب کہا جائے گا کہ پہلے زمین کی فراہمی، پھر بنیاد، اس کے بعد دیواریں، اس کے بعد چھت وغیرہ۔ اسی طرح اگر سوال کیا جائے کہ درخت کیا ہے تو جواب دینے والا بیک وقت پورے درخت کا تعارف کرائے گا۔ لیکن اگر سوال یہ ہو کہ درخت کیسے وجود میں آتا ہے تو جواب دینے والا دوبارہ ایک ترتیب کے ساتھ اجزاے درخت کا ذکر کرے گا ۔ پہلے زمین ، اس کے بعد بیج ، پھر پانی اور حفاظت ، یہاں تک کہ دھیرے دھیرے پورا درخت ۔ یہی معاملہ اسلام کا بھی ہے۔ اگر سوال یہ ہو کہ " اسلام کے احکام کیا کیا ہیں " تو اس کا جواب یہ ہوگا کہ قرآن وحدیث میں جن احکام کا ذکر ہے ، ان سب کی فہرست تیار کر کے رکھ دی جائے لیکن اگر سوال کرنے والا یہ سوال کرے کہ " اسلام کی اشاعت کیسے کی جائے " تو جواب کی شکل بدل جائے گی ۔ اب " الا قدم فالاقدم " کے اصول پر جواب دیا جائے گا۔ اب بتایا جائے گا کہ اسلام میں بہت سے احکام ہیں مگر اس کے کچھ اجزا نہ پہلے مرحلہ میں مطلوب ہیں اور کچھ اجزا بعد کے مرحلہ میں ۔ بیان احکام میں فہرست مطلوب ہوتی ہے اور اشاعت احکام میں ترتیب ۔ ایک صورت میں تمام احکام بیک وقت بتانے ہوتے ہیں ، جب کہ دوسری صورت کا تقاضا ہوتا ہے کہ احکام کو تدرّج کے ساتھ ایک کے بعد ایک سامنے لایا جائے ۔ تمام کتب فقہ " بیان احکام " کے اسلوب پر لکھی گئی ہیں ، اس لیے ان میں ایک ہی کتاب میں تمام احکام کی تفصیل دینے کی کوشش کی جاتی ہے ۔ مگر دعوت واشاعت کے مصالح اس سے الگ ہیں ۔ فقہ میں اگر فہرست بندی کی اہمیت ہے تو دعوت واشاعت میں ترتیب و تدّرج کی ۔ دعوت واشاعت کے کام کی یہی حکمت ہے جو اس حدیث میں بیان ہوئی ہے جو صحاح ستہ کی تمام کتابوں میں مختلف طریقوں سے منقول ہوئی ہے : قال البخاری : حد ثنا حبان، اخبر نا عبد الله ، عن زكريا بن ابی اسحاق ، عن يحيى بن

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page