ایمانی برکتیں
Urdu book, p. 36
By Maulana Wahiduddin Khan
ان کو بتایا کہ اسلام کا اصل پیغام یہ ہے ۔ اس طرح اچانک اسلام کا رفع ذکر ہو گیا۔ مسلمانوں کی اپنی کوشش سے برسوں میں جتنا اسلام پھیلا تھا، دشمنوں کی مخالفت کے بعد وہ اس سے کئی گنا زیادہ مقدار میں تھوڑے دنوں میں پھیل گیا ۔ تاخیر نعمت بن گئی قدیم مکہ کے لوگوں نے اسلام کے خلاف جو تدبیریں کیں ان میں سے ایک تدبیر یہ تھی کہ انھوں نے اپنے دو خاص آدمی ، نضر بن حارث اور عقبہ بن ابی معیط مدینہ بھیجے ۔ وہ وہاں یہودی علماء سے ملے اور ان سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا حال بیان کیا۔ انھوں نے کہا کہ تم لوگ اہلِ تورات ہو ، ہم تمھارے پاس آئے ہیں تاکہ تم ہمارے آدمی کے بارہ میں بتاؤ ۔ یہود نے کہا کہ تم لوگ ان سے چند چیزوں کی بابت سوال کرو۔ اگر وہ ان کے بارہ میں بتا دیں تو وہ واقعی خدا کے پیغمبر ہیں اور اگر وہ نہ بتا سکیں تو وہ صرف باتیں بنانے والے ہیں ۔ ( فان أخبر کم بهن فھو نبی مرسل والا فَرَجُل متقول) ان باتوں میں سے ایک سوال اس شخص کے بارے میں تھا جو مشرق سے لے کر مغرب تک پہنچا۔ دوسرا سوال ان نوجوانوں کے بارے میں تھا جو غار میں جاکر سو گئے ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سوالات کو سنا تو فرمایا : اخباركم غدا عما سألتم عنہ ۔ جن چیزوں کے بارے میں تم نے پوچھا ہے ان کے بارے میں تم کو میں کل بتاؤں گا ۔ روایات میں آتا ہے کہ آپ نے یہ فرمایا مگر انشا ء اللہ نہ کہا ۔ آپ کو خیال تھا کہ حضرت جبریل کل آئیں گے تو ان سے پوچھ کر بتا دوں گا۔ مگر خلافِ معمول حضرت جبریل کل کے دن نہ آئے ۔ حتی کہ پندرہ دن گزر گیے اور حضرت جبریل نہ آئے ۔ یہ بے حد نازک معاملہ تھا ۔ یہودی علماء نے جن شخصیتوں کی بابت سوال کیا تھا وہ اس وقت عام لوگوں کے لیے سراسر نامعلوم شخصیتیں تھیں ۔ ان کا ذکر صرف یہود کے بعض نوشتوں میں تھا۔ چونکہ اس وقت تک پریس کا دور نہیں آیا تھا ، یہ نوشتے صرف بعض یہودی علماء کے پاس تھے ۔ عام لوگوں کو ان کی مطلق کوئی خبر نہ تھی ۔ چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی ان کی بابت اس وقت کسی قسم کی کوئی اطلاع نہ تھی ۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader