Urdu book · دینی تعلیم

دینی تعلیم

Urdu book, p. 3

By Maulana Wahiduddin Khan

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم زیرِ نظر رسالہ دین کے ابتدائی تعارف کے لئے تیار کیا گیا ہے۔ جلی قلم، سادہ انداز اور مختصر مضامین کے ساتھ یہ عمومی مطالعہ کے لئے بھی کارآمد ہے اور اسی کے ساتھ مدرسوں اور اسکولوں کے دینی نصاب میں بھی بخوبی طور پر شامل کیا جا سکتا ہے۔ عمومی تعارف یا ابتدائی نصاب میں استعمال کے لئے جو دینی رسالے اب تک ہمارے یہاں تیار کئے گئے ہیں وہ زیادہ تر عملی آداب (مینول) کے طرز پر لکھے گئے ہیں۔ ان کتابوں کو پڑھنے والا اسلام کے مسائل یا اس کے مقررہ طریقے تو جان لیتا ہے مگر وہ دین کی روح اور اسلام کی حقیقت سے آشنا نہیں ہوتا۔ ان کے علاوہ کچھ رسالے جو رسمی طریقے سے ہٹ کر لکھے گئے ہیں وہ بھی زیادہ تر اسلوب بیان کی حد تک اول الذکر سے مختلف ہیں۔ ایک اگر فقہی زبان میں ہے تو دوسرا ادبی زبان میں۔ اس میں شک نہیں کہ ان رسالوں کی اپنی افادیت ہے اور وہ بجائے خود ضرور بھی ہیں۔ تاہم ایک ایسی کتاب کی ضرورت تھی جس میں اسلام کی تعلیمات کو نفسیاتی انداز میں بیان کیا گیا ہو جو کہ قرآن کا عام انداز ہے۔ تاکہ آدمی جب اسلامی تعلیمات کو پڑھے تو اسی کے ساتھ وہ اس سے متاثر بھی ہوتا چلا جائے۔ اسلام کا تعارف حاصل کرنے کے ساتھ وہ اس کو اپنے قلب میں بھی اتار رہا ہو۔ اسلام کا تعارف صرف ایک قانون کا تعارف نہیں، وہ خالقِ کائنات کا تعارف ہے۔ اس لئے اسلام کو پڑھتے ہوئے آدمی کے اندر وہ ہلچل پیدا ہونی چاہئے جو کائنات کے خالق ومالک کی قربت سے ایک شخص کے اندر پیدا ہوتی ہے۔ اسلام کے تعارف کے لئے ایک ایسی کتاب درکار ہے جس میں صرف عقیدۂ خدا کی تشریح نہ ہو بلکہ خدا کے ساتھ تعلق کی خوراک بھی اس کے اندر موجود ہو۔ اس میں صرف آخرت کا بیان نہ ہو بلکہ اسی کے ساتھ آخرت کا خوف بھی اس میں رچابسا ہوا ہو۔ اس میں صرف عبادت کے احکام نہ ہوں بلکہ عبادت کی روح بھی اس کے اندر سموٹی ہوئی ہو۔ اس میں بندوں کے حقوق کا صرف تذکرہ نہ ہو بلکہ ظلم کی کراہت اور انصاف کی چاشنی بھی اس کے ساتھ لپٹی ہوئی ہو۔ زیرِ نظر رسالہ اسی ضرورت کو پورا کرنے کی ایک کوشش ہے۔ اللہ تعالیٰ اسے قبول فرمائے۔ وحیدالدین

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page