رمضان کا روزہ
Urdu book, p. 236
By Maulana Wahiduddin Khan
روزہ کا مقصد آدمی کی روحانیت کو جگانا اور اس کو ربانی انسان بنانا ہے۔ قرآن میں یہ تعلیم دی گئی ہے کہ ۔۔۔ تم لوگ ربانی بنو ( آل عمران ۷۹) اس کا مطلب کیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ رب والے یا اللہ والے بن کر زندگی گزارو ۔ خود پرستی کی زندگی کو چھوڑ کر خدا پرستی کی زندگی اختیار کرو ۔ دنیا میں زندگی کی دو قسمیں ہیں۔ ایک ہے اپنی خواہشوں کے زیر اثر زندگی گزارنا۔ اور دوسرا ہے خدا کی مرضی کے زیر اثر زندگی گزارنا ۔ ربانی انسان وہ ہے جو خدا کو اپنا سب کچھ بنالے ۔ وہ اسی کی یاد میں جئیے۔ وہ ہر معاملہ میں خدا کی مرضی کو جاننے کی کوشش کرے اور جو خدا کی مرضی ہو اس پر اپنی زندگی کو ڈھال لے۔ اس کے برعکس غیر ربانی انسان وہ ہے جو اپنے آپ میں جیتا ہو۔ جس کے لئے اس کی خواہشیں ہی سب کچھ ہوں۔ جو اپنی خواہشوں کی تکمیل کو اپنی زندگی کا مقصد بنائے ہوئے ہو۔ رمضان کے مہینے کا روزہ کسی آدمی کو ربانی انسان بنانے کی تربیت ہے۔ روزہ آدمی کی ذاتی خواہشوں پر پابندی لگاتا ہے ۔ روزہ یہ سبق دیتا ہے کہ اپنی ذات کے لئے جینے کے بجائے خدا کے لئے جیو۔ اپنی خواہشوں کو سب کچھ سمجھنے کے بجائے صرف خدا کو اپنا سب کچھ بنالو ۔ روزہ آدمی کو ربانی انسان بنانے کی ایک سالانہ تربیت ہے۔ اور یہی وہ لوگ ہیں جن کے لئے دنیا اور آخرت کی کامیابیاں مقدر کی گئی ہیں۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader