Urdu book · حکمتِ اسلام

خدا کا کریشن پلان

Urdu book, p. 258

By Maulana Wahiduddin Khan

اسی اعتبار سے وہ اس میں پورا اترنے کی کوشش کرے۔ قرآن کے مطابق، دنیا کی مادی ترقی کسی کو ملتی ہے تو وہ اُس کو نعمت کے طور پر نہیں ملتی بلکہ وہ صرف اس لیے ہوتی ہے کہ اُس کے ذریعہ آدمی کو جانچا جائے (الکہف ۷) اسی طرح جب کسی کو سیاسی اقتدار ملے تو وہ بھی اُس کو انعام کے طور پر نہیں ملتا بلکہ وہ اُس کے لیے صرف اس بات کی آزمائش ہوتی ہے کہ وہ اقتدار پا کر سرکش بنتا ہے یا وہ خدا کی وفاداری پر قائم رہتا ہے (النمل ۲۰) اسی طرح دنیا کی ہر چیز خواہ وہ خوش گوار ہو یا ناخوشگوار، ہر حال میں وہ امتحان کا ایک پرچہ ہوتی ہے۔ اس دنیا میں ہر تجربہ جو انسان پر گزرتا ہے وہ صرف اس لیے ہوتا ہے کہ آدمی کے جنتی یا غیر جنتی ہونے کا فیصلہ کرے۔ موجودہ دنیا کی فلسفیانہ توجیہہ کا بنیادی نکتہ یہی ہے۔ موجودہ دنیا کو خدا کے تخلیقی نقشہ کی روشنی میں دیکھا جائے تو اُس کا ہر جزء اپنی فکری توجیہہ پا لیتا ہے۔ اور اگر اس تخلیقی نقشہ کو سامنے رکھے بغیر دنیا کی توجیہہ کرنے کی کوشش کی جائے تو یقینی طور پر ایسی کوشش ناکام رہے گی۔ خدا کے تخلیقی نقشہ کی روشنی میں دنیا کو سمجھنا آدمی کو یقین کی طرف لے جاتا ہے۔ جو لوگ اس تخلیقی نقشہ کورہنما بنائے بغیر دنیا کی توجیہہ کرنا چاہیں وہ صرف ذہنی انتشار (confusions) کا شکار رہیں گے، وہ اپنی تلاش کا اطمینان بخش جواب کبھی نہ پاسکیں گے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page